تعبیرخواب

حجامت کردن(سینگی لگانا)

حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے ۔ اگر دیکھے کہ اس کو پچھنے کسی بیگانے نے کسی بیگانی جگہ میں لگا ئے ہیں تو دلیل ہے کہ امانت اپنی گردن پر لے گا ۔ اوراگر دیکھے کہ پچھنے کسی دوست نے لگائے ہیں ۔ تو دلیل ہے کہ امانت اس کو واپس کرے گا اور دشمن کی شرارت سے امن میں رہے گا اور غم سے نجات پائے گا ۔ اگر جوان یہ خواب دیکھے تو یہی تاویل ہے ار اگر بوڑھا دیکھے تو بزرگی پائے گا ۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر دیکھے کہ کسی بوڑھے کو اس نے پچھنے لگائے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کا کام عمدہ ہو گا ۔ اور اگر دیکھے کہ با دشاہ کو سینگی لگائی ہے ۔ تو دلیل ہے کہ بادشاہ کا مقرب ہو گا ۔ اور اگر دیکھے کہ سینگی لگانے سے خون نہیں نکلا ہے ۔ تو دلیل ہے کہ متصدی یا بادشاہ کا منشی ہو گا ۔ اور اگر جاہل ہے تو قرض میں غرق ہو گا ۔
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں پچھنے لگانا سات وجہ پر ہے ۔ اول امانت ادا کرنا،دوم شرط کرنا ، سوم ولایت پانا ، چہارم عزت و بزرگی ،پنجم مرتبہ ، ششم سنت پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم ، ہفتم اگر حاکم ہے تو کام سے معزول ہو گا ۔
اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ اگر سینگی لگانے والا جوان ہے ۔ تو دلیل ہے کہ خرچ کا محاسب ہو گا ۔یا چیزوں کا اندازہ کرنے والا اور لوگوں کے کام اس کے ہاتھ پر کشادہ ہوں گے ۔