تعبیرخواب

خیو(تھوک)

خیو۔آب دہن ،تھوک، حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس نے تھوکا ہے ۔ دلیل ہے کہ ناجائز بات بولے گا ۔ اور اگر دیکھے کہ مسجد میں تھوکا ہے ۔ دلیل ہے کہ دین کے با رے میں بات کہے گا اور اسی طرح جس جگہ میں کہ تھوکا ہے دلیل ہے کہ اس جگہ والوں کی بابت بات کہے گا ۔ اور اگر دیکھے کہ دیوار پر تھوکا ہے ۔ دلیل ہے کہ اسی جگہ مال خرچ کرے گا جس میں کہ حق تعالیٰ کی نا خوشی ہو گی ۔ اور اگر دیکھے کہ زمین پر تھوکا ہے تو اپنا نقصان دیکھے گا ۔ اور اگر دیکھے کہ درخت پر تھوکا ہے ۔ دلیل ہے کہ عہد شکنی کرے گا اور جھوٹی قسم کھائے گا ۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ گرم تھوک درازی عمر کی دلیل ہے اور سرد تھوک موت پر دلیل ہے اور الٹ کا الٹ ہے ۔ اور سیاہ تھوک غم واندوہ پردلیل ہے اور زرد تھوک بیماری پر دلیل ہے اور اگر تھوک منہ سے نکلے اور کپڑا آلودہ نہ کرے ۔ دلیل ہے کہ باطل اور جھوٹے علم تقریر کرے گا ۔ اور اگر اس کا اہل نہیں ہے ، تو جھوٹ بولے گا ۔ اور اگر دیکھے کہ بلغم گلو سے نکال کر آستین میں لی ہے ۔ دلیل ہے کہ اپنا مال عیال پر خرچ کرے گا ۔
حضرت جابر مغربی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے ۔ اگر دیکھے کہ کسی نے خون والا تھوک اس کے چہرے پر ڈالا ہے دلیل ہے کہ اس کے اہل میں طعنہ ماریں گے ۔ اور اگر دیکھے کہ خون تھوک سے ملا ہوا تھا ۔ دلیل ہے کہ حرام کھائے گا اور جھوٹ بولے گا اور وعدہ پورانہ کرے گا ۔