تعبیرخواب

سخن(بت)

حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں بات کرنا اور سننا زبانوں کی تاویل پر مختلف ہے ۔ اگر دیکھے کہ عربی زبان میں گفتگو کرتا ہے ۔ دلیل ہے کہ بزرگوں سے عزت اور مرتبہ پائے گا ۔اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث شریف سنے گا ۔ 
اور اگر فارسی زبان میں بات کی ہے یا سنی ہے ۔ دلیل ہے کہ بزرگوں کی صحبت میں رہے گا ۔ اور ان سے نیکی پائے گا ۔
اور اگر عبرانی زبان میں بات کی ہے یاسنی ہے ۔ دلیل ہے کہ مال اور وراثت حاصل کرے گا ۔ اور اگر ہندی زبان میں بات کرے یا سنے ۔ دلیل ہے کہ بے اصل اور کمینے آدمی سے اس کو کام پڑ ے گا ۔ اور اگر ترکی زبان میں بات کرے یا سنے ۔دلیل ہے کہ دیہاتیوں کی صحبت میں رہے گا ۔ اور اگر خوارزمی زبان میں بات کرے ۔ دلیل ہے کہ بری بات سنے گا ۔
اگر مقامابی زبان میں بات کرے یا سنے ۔ دلیل ہے کہ عقلی مشاغل میں مشغول ہو گا ۔ اور اگر رومی زبان میں بات کرے یا سنے ۔ دلیل ہے کہ اس کو کسی نادان کی صحبت سے غم واند وہ پہنچے گا ۔ 
حضرت ابراہیم کرمانی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے ۔اگر دیکھے کہ تمام زبانوں میں بات کرتا ہے اور سنتا ہے ۔ دلیل ہے کہ جس کام کو شروع کرے گا ،اس سے نفع پائے گا ۔ 
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے ۔ اگر دیکھے کہ ہر ایک زبان میں بات کرتا ہے اور سنتا ہے ۔ اگر خواب خیر و صلاح کا ہے تو اس کی تاویل خیر و صلاح ہے ۔ اور اگر شرارت اور فساد کی باتیں کرتا ہے ۔ تو اس کی تاویل شر اور فساد ہے ۔ 
اور اگر دیکھے کہ اپنے اعضاء میں سے کسی سے بات کرتا ہے ۔ دلیل ہے کہ اپنے آپ پر سچی گواہی دے گا ۔ فرمان حق تعالیٰ ہے یوم تشھد علیھم السنتھم واییھم وارجلھم بما کانو ایعلمون (اور جس دن ان کی زبانیں اور ہاتھ اور پاؤں ان کے عملوں کی گواہی دیں گے )
اور جس عضو کے ساتھ بات کرے گا ۔ دلیل ہے کہ بے انصافی اور ظلم پر ہو گا ۔