لذیذہ کھانے اور پکوان

سیخ کے بالائی دار کباب

سامان
ردکھا قیمہ آدھ سیر اس سے مراد ایسا قیمہ ہے جس میں چربی یا چکنائی بالکل نہیں ہوتی۔پسا ہوا گرم مسالہ آدھی چھٹانک ادرک کی ایک چھوٹی گانٹھ۔پیاز کی دو ڈلیاں۔ہری مرچیں دو عدد۔پودینہ تھوڑا سا ہرا دھنیہ نمک اور لال مرچ بقدر ضرورت یا حسب ڈائقہ کچا پپیتا گودے یا خشک چھلکے کی شکل میں تھوڑا سا دودھ کی بالائی آدھ پاؤ۔ آدھ پاؤ گھی۔
ترکیب
سب سے پہلے قیمے کو سل پر پیس اس کا زیادہ سے زیادہ باریک ہونا بے حد ضروری ہے کیونکہ اگر ایسا نہ ہو تو کباب ٹوٹ جائیں گے پھر اس میں سب مسالے ملا دیں۔انہیں بھی بہت باریک پیسا گیا ہو۔اس مرکب میں ادرک پیاز ہری مرچیں،دھنیہ اور پودینہ بھی بہت باریک کاٹ کر ملا دیں۔
دوسرا مرحلہ یہ ہوگا کی قیمے اور مسالے کے آمیزے میں ساری بالائی اور آدھا گھی شامل کر دیں اس کے سب اجزا کو کسی چمچے یا کفگیر سے خوب اچھی طرح ملا دیں اور اسے کافی دیر تک اسے حالت میں پڑا رہنے دیں۔ اس کے بعد اسے ایک بار پھر ملائیں اور آخری مرحلہ یہ ہوگا کہ اسے سیخوں پر چڑھائیں اور دہکتے ہوئے کوئلوں کی آگ پر پکا کر لال کر لیں۔درمیان میں گھی ٹپکاتے جائیں اور ٹماٹر کی چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔بڑا لذیز معلوم ہوگا۔