لذیذہ کھانے اور پکوان

سالم مرغ کا کباب

سامان
مرغ ایک عدد گھی آدھی پیالی۔پیاز دو ڈلی۔ہلدی آدھا چھوٹا چمچہ۔نمک دو چھوٹے چمچے یا حسب پسند پسی ہوئی سرخ مرچ دو چھوٹے چمچے۔
ترکیب
مرغ صاف کر کے اس کے پیٹ کی آلائش نکال دیں اور اسے خوب اچھی طرح دھولیں۔کانٹے سے مرغ کو اچھی طرح سے گودیں۔سارے مسالے پیس کر مرغ کو لگا دیں۔ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز بادامی رنگ کا کر لیں۔مرغ اس میں چھوڑ دیں اگر مرغ بڑا ہو تو ڈیڑھ پیالی پانی ڈالیں ورنہ ایک پیالی کافی ہو گا جب پانی خشک ہونے لگے تو یہ دیکھیں کہ مرغ گل گیا ہو اور مسالے کی بوبھی جاتی رہی ہے اس کو بھون کر لال کرلیں پھر دم کے لئے دھیمی آنچ پر چھوڑ دیں چند منٹ بعد چولہے سے اتار لیں۔
ہم نے دہی اس کباب کے سامان میں دانستہ درج نہیں کیا ہے کیونکہ گو اس کباب کے ساتھ دہی کاا ستعمال ضروری ہے مگر بعض لوگ دہی پسند نہیں کرتے یا انہیں کھانے پر دہی استعمال کرنے سے نزلہ وغیرہ ہوجاتا ہے۔بہرحال جو لوگ پسند کریں وہ دہی استعمال کر سکتے ہیں مگر اسے رئی سے گھوٹ لیں اورتھوڑا سا نمک ملا لیں۔