لذیذہ کھانے اور پکوان

آلو لگے چانپ

سامان
چانپ آدھ سیر ادرک ایک چھوٹی گانٹھ لہسن نو جوے۔انڈے دو عدد ڈبل روٹی کا خشک چورا حسب ضرورت۔ نمک اور پسی ہوئی مرچ حسب ذائقہ گھی آدھ پاؤ۔
ترکیب
ادرک اور لہسن کے جوے پیس کر ان میں نمک اور مرچیں مل لیجئے پھر چانپوں پر اس مرکب کا گاڑھا لیپ کر دیجئے اور انہیں کچھ دیر کھلی فضا میں پڑا رہنے دیجئے پھر فرائی پان میں تھوڑا سا گھی ڈال کر اسے گرم کرنے کے بعد چانپ فرائی پان میں بچھا دیجئے اور انہیں ہلکی آنچ پر سکنے دیجئے کچھ دیر بعد انہیں کفگیر سے پلیٹ کر اس رخ پر بھی کچھ دیر تک سنکئے چانپ اپنا پانی چھوڑیں گے اور اسی پانی میں گل بھی جائیں گے اس لئے آپ کو فرائی پان میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہ ہوگی۔
کسی برتن میں آلو ابالنے کے لئے چولہے پر رکھ دیں اور ان کے نیچے تیز آنچ کریں ۔برتن کا منہ ڈھانک دیں تاکہ آلو بھاپ سے گل سکیں۔
جب آلو گل جائیں تو چولہے سے اتار کر پانی سے نکال لیں اور سل پر پیس کر ان میں نمک اور پسی ہوئی کالی مرچیں ملا دیں۔
اس وقفے میں چانپ گل چکے ہوں گے آپ ان کے دونوں طرف آلو کا یہ بھرتہ لیپ دیں اورانڈوں کی زردی اور سفیدی کو پھینٹ کر چانپوں کو ان میں ڈبوئیں اور اوپر ڈبل روٹی کا چورا لگا لگا کر گھی میں تل لیں ۔ آنچ ہلکی رکھیں۔