لذیذہ کھانے اور پکوان

مہابت خانی پسندے

پسندے پکانے کی یہ ترکیب مع سامان دور مغلیہ کے ایک نامی گرامی امیر نواب مہابت خاں کی سوانح عمری سے لے کر درج کی جارہی ہے۔
سامان
گوشت ایک سیر جو ران کا ہو اور اس کے پتلے دل کے پارچے کٹوا کر ان پر چھری کے دھار سے چوٹیں لگوائی گئی ہوں۔خشک دھنیہ دو تولہ لہسن ایک پوتھی کے پورے جوئے ثابت لال مرچ پندرہ عدد گھی ڈیڑھ پاؤ پیاز کی دو گٹھیاں۔دہی ایک پاؤ گرم مسالہ چھ ماشہ نمک دو تولہ۔
ترکیب
پسندوں کو صاف پانی سے خوب اچھی طرح دھوئیے پیاز باریک کا ٹیے دھنیہ لہسن اور مرچیں دو تولہ پانی کے ساتھ باریک پیسئے پھر گھی پتیلی میں ڈال کر چولہے پر چڑھائیے۔اور اس میں پیاز گلابی کر لیجئے اب پسے ہوئے مسالے گھی میں ڈالئے۔اور انہیں خوب اچھی طرح بھونئے جب وہ سرخ ہوجانے کے بعد گھی چھوڑنے لگیں تو پسندے پتیلی میں چھوڑ دیجئے۔ابھی پانی نہ ڈالیے پسندوں کو پیسے ہوئے مسالے کی رطوبت کے ساتھ بھونتے رہئے۔جب یہ رطوبت خشک ہوجائے تو دہی ڈال کر پتیلی کو ڈھانک دیجئے۔جب دیکھیں کہ پانی بالکل خشک ہوچکا ہے تو گرم مسالہ ڈال دیں اور گلنے کے لئے پانی دے دیں جب گوشت گل جائے اور گھی چھوڑنے لگے تو سمجھ لیجئے کہ سالن تیار رہے۔پتیلی چولہے سے اتار کر نوش فرمائیے۔