لذیذہ کھانے اور پکوان

بیف کے پسندے

سامان
پسندے آدھ سیر۔پسا ہوا گرم مسالہ دو تولے بھونے ہوئے چنے آدھی چھٹانک خشخاس ڈھائی تولہ گھی آدھ پاؤ پسی ہوئی لال مرچ اور نمک حسب ذائقہ ہرا دھنیہ ایک چھوٹی گڈی۔دہی ایک پاؤ سوکھی کچری ایک عدد۔
ترکیب
پسندوں کو پانی میں دھو کر ایک طرف رکھ لیجئے پھر گرم مسالہ چنے خشخاس سوکھی کچری نمک اور مرچوں کو یک جا پیس کر دہی میں ملانے کے بعد اس مرکب میں تھوڑا پانی ڈال کر سب چیزوں کو خوب اچھی طرح گھونٹ دیں۔
یہ مرکب ہر پسندے پر لگائیں اور اسے دہی لگی حالت میں کافی دیر تک پڑا رہنے دیں۔اگر ریفریجریٹر ہو تو اس میں رکھ دیں اگر نہ ہو تو کسی سایہ دار ٹھنڈی جگہ میں کپڑے سے ڈھانک کر رکھا رہنے دیں۔
پھر گھی پتیلی میں ڈال کر اسے چولہے پر چڑھائیں اور خوب کڑ کڑائیں۔پھر دہی لگے پسندے اس میں ڈال کر ہلکی آنچ پر بیس منٹ تک پکائیں دہی کا پانی پسندوں کو بہت جلد گلا دے گا۔جب یہ خشک ہوجائے تو سمجھ لیجئے کہ پسندے گل گئے۔اگر وہ دہی کے پانی سے نہ گلیں تو تھوڑاسا پانی ڈال دیں۔
پھر پتیلی چولہے سے اتار کر اس میں ہرا دھنیہ کتر کر چھڑک دیں۔