آپ کا ہفتہ کیسا گزرے گا

January 23, 2013 - January 29, 2013

حمل

اساتذہ اور عمر میں بڑے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملے گا اور کافی کچھ نیا سیکھنے کو بھی ملے گا۔ذاتی کاروبار سے منسلک افراد کو کام میں پریشانی کا سامنا ہو گا۔ کاروبار سے حاصل ہونے والے فائدہ میں کمی آئے گی۔ آپ کے تعلقات اپنے بہن بھائیوں اور رشتے داروں کے ساتھ بہتر نہ رہیں گے۔ نیز ان سے وابستہ کام کے حل میں دشواری کا سامنا بھی ہو گا۔ قانونی نوعیت کے مسائل درپیش ہیں تو رواں عرصے میں کوشش کریں، حل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ ملازمت پیشہ افراد کو چند ایک پریشانیوں کا سامنا ہو گا۔ آپ کی خواہشات آسانی سے پوری ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں بہت زیادہ محنت کرنا ہو گی۔

ثور

اولاد جوان ہے یا قابو سے باہر ہے تو ان سے معاملہ کرتے وقت دھیان کریں، ورنہ بات بڑھ جائے گی اور بدمزگی میں اضافہ ہو گا۔ حکومتی عہدیداروں کو خوش رکھیں اور ان سے ملنا جلنا رکھیں، کیونکہ آپ کو ان سے اس ہفتہ میں کام پڑے گا۔ انعامی سکیمیں، میچ اور بانڈ وغیرہ میں اپنا وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں، کیونکہ آپ کوئی بڑا انعام حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں گے۔ پرانے دوست سے ملاقات کے امکانات ہیں اور نئے دوست بھی بنائیں گے۔ شادی بیاہ میں شرکت کم رہے گی جس کی وجہ سے خاندان کے لوگ گرمی کھائیں گے۔ انشورنش کے اُمور میں آپ کی دلچسپی رہے گی اور آپ اپنی کئی قیمتی اشیاء کی انشورنش بھی کرواسکتے ہیں۔ سواری یا گھر خریدنے کے حوالے سے یہ وقت مناسب نہیں ہے۔

جوزا

سکون کی تلاش میں رہیں گے۔ مالی حالات مستحکم رہیں گے۔ عمر میں بڑے لوگوں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو وہ حل ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ دعوتوں اور فنکشن میں جانا ہو گا۔ زمین و جائیداد، گاڑی وغیرہ کی خریدوفروخت کے لیے موزوں وقت نہیں۔ کاروبار سے منسلک افراد کے کام میں تیزی نظر نہیں آتی۔ معاملات عشق و محبت کی طرف آپ کا رحجان رہے گا۔ یار دوستوں سے ملنا جلنا ہو گا۔اندرون ملک سفر کے لیے جانا ہو گا۔یہ سفر نوکری کے سلسلے میں یا دفتر کے کام کے سلسلے میں بھی ہو سکتا ہے۔ مذہبی معاملات میں آپ کی دلچسپی کم رہے گی۔ اساتذہ اور عمر میں بڑے لوگوں کے ساتھ بداخلاق کرتے نظر آ رہے ہیں۔

سرطان

قرضہ لینا چاہتے ہیں تو وہ آپ کو ملتا نظر نہیں آ رہا۔ وراثت وغیرہ جیسے مسائل کا شکار ہیں تو اس کا فیصلہ آپ کے حق میں ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی توجہ تعلیم کی طرف رہے گی۔ چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں تھوڑی بہت اونچ نیچ رہے گی۔ نیز آپ کے ان پر اخراجات بھی ہوں گے۔ اگر پہلے کبھی کسی خطرناک بیماری کا سامنا کر چکے ہیں تو دوبارہ اس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہو گا۔ ملازمت پیشہ افراد کو نوکری میں اگر کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو وہ مسئلہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ننھیالی رشتے داروں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو وہ حل ہو جائیں گے۔ شریک حیات کے ساتھ تعلقات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔وہ افراد جو رشتے کی تلاش میں ہیں،رواں دنوں میں اچھا رشتہ ملنے کی توقع نہیں ہے۔

اسد

رواں عرصے میں انعامی سکیمیں بانڈ وغیرہ کھیلنا آپ کے لیے فائدہ مند رہے گا۔ آپ کو اپنی خواہشات کی تکمیل میں چند ایک پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ کے اپنے بڑے بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔ بہن بھائیوں، رشتے داروں اور یار دوستوں کے ساتھ ملنا جلنا کم رہے گا۔ قانونی نوعیت کے درپیش مسائل کا شکارہیں تو ان کا فیصلہ اس عرصے میں ہوناآپ کے لیے فائدہ مند رہے گا۔صحت کے حوالے سے بے احتیاطی مت برتیں، طبیعت خراب ہونے کے امکانات ہیں۔ ملازمت پیشہ افراد کے لیے یہ وقت کچھ مشکلات لے کر آ رہا ہے۔ عمر میں بڑے لوگوں سے وابستہ کام حل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ طالب علموں کی توجہ تعلیم کی طرف ضرورت کے مطابق رہے گی۔عبادات کی طرف رحجان رہے گا۔

سنبلہ

انعامی سکیمیں، لاٹری وغیرہ کھیلتے ہیں تو اس سے کوئی خاص فائدہ ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ملازمت پیشہ افراد کو کام میں چند ایک پریشانیوں کا سامنا ہو گا۔ بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری آتی نظر آ رہی ہے۔ اندرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں تو سفر ممکن ہے۔ حکومتی عہدیداروں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو وہ حل نہ ہو سکیں گے۔ معاشرے میں آپ کی عزت میں کمی آتی نظر آ رہی ہے۔ کاروبار سے وابستہ افراد کو کام میں اونچ نیچ کا سامنا رہے گا۔ یار دوستوں اور رشتے داروں سے ملنا جلنا رہے گا۔ آپ کار جحان مذہبی کاموں کی طرف رہے گا۔ نیز آپ اپنا مال رفاعی کاموں میں بھی خرچ کریں گے۔ زمین و جائیداد ، زیورات وغیرہ کی خرید و فروخت کرنا آپ کے لیے فائدہ مند رہے گا۔ ننھیالی رشتے داروں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو وہ حل نہ ہو سکیں گے۔

میزان

کاروباری افرادکو کام کے حوالے سے مسائل یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو اب معاملات میں آسانی آتی نظر آرہی ہے۔یاردوستوں کے ساتھ سیروتفریح کا پلان بناتے ہیں تو جانا نہ ہو گا۔ داماد سے ملاقات ہو گی۔ خواہشات کو پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو چند ایک کے پورے ہونے کے امکانات ہیں۔ شریک حیات کے ساتھ اچھا وقت گزرے گا۔ دوسری شادی کے خواہش مند افراد کی خواہش پوری ہونے کا امکان نہیں ہے۔ اندرون ملک سفر اور معاملات کو طے کرنے کے لیے موثر وقت ہے۔ خفیہ دشمن آپ کے خلاف سازش کرتے نظر آ رہے ہیں اور ان کو اپنے مقصد میں کامیابی ملتی نظر آ رہی ہے۔ عمر میں بڑے لوگوں سے وابستہ اگرکوئی کام درپیش ہیں تو وہ آپ کی اُمید کے مطابق حل نہ ہو سکیں گے۔ انعامی سکیمیں، لاٹری، بانڈ وغیرہ کھیلتے ہیں تو آپ کو اس سے فائدہ حاصل نہ ہو سکے گا۔

عقرب

کاروباری افراد کو چاہیے کہ کام کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں خاص طور پر رواں دنوں میں سوچ سمجھ کر کریں۔ عمر میں بڑے لوگوں سے وابستہ کوئی کام درپیش ہیں تو وہ حل ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ قرضہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کو کامیابی ملتی نظر نہیں آ رہی۔ مشروبات اور عطریات کا استعمال کریں گے۔ اولاد کے ساتھ ناراضگی تھی تو وہ دور ہو جائے گی اور تعلقات میں بہتری آئے گی۔سفر کے لیے موزوں وقت نہیں۔ دوران سفر حادثہ اور سامان چوری ہونے کا اندیشہ ہے۔ذہنی پریشانی ہے تو وہ دور ہو جائے گی۔ اپنی ذات پر خاصی توجہ دیں گے۔ سواری اور مکان کی مرمت کروانی پڑ سکتی ہے۔انعامی سکیمیں اور بانڈ نمبر وغیرہ کے شوقین افراد کا رواں دنوں میں انعام نکلنے کی توقع ہے۔

قوس

چھوٹے بہن بھائیوں اور قریبی رشتے داروں کے ساتھ تعلقات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔اندرون ملک سفر کرنا آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔ مذہبی مقامات کی زیارتیں اندرون شہر ممکن ہیں لیکن بیرون شہر ممکن نہیں۔عمر میں بڑے لوگوں سے وابستہ اگر کوئی کام درپیش ہیں تو وہ حل ہو جائیں گے۔ کاروبار سے وابستہ افراد کو کام میں چند ایک پریشانیوں کا سامنا ہو گا۔ حکومتی اداروں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو وہ مقررہ وقت پر حل نہ ہو سکیں گے۔ قرضہ لینا چاہتے ہیں تو کوشش کریں آپ کوکامیابی ملتی نظر آ رہی ہے۔ وراثت وغیرہ کا مسئلہ اگر قانونی نوعیت کی شکل اختیار نہیں کر چکا تو وہ حل ہو جائے گا۔ خاندانی یا ذاتی زمینیں ہیں تو اِن سے بھی آپ کوفائدہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔

جدی

آپ کی توجہ اپنی ذات کی طرف کم رہے گی۔ مالی حالات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔ ملازمت سے وابستہ افراد کو کام میں چند ایک مسائل کا سامنا ہو گا۔ آپ کا انداز گفتگو لوگوں کے ساتھ سخت رہے گا۔ قرضہ لینا چاہتے ہیں یا کوشش کر رہے تھے تو رواں عرصے میں آپ کو کامیابی ملتی نظر آ رہی ہے۔ شریک حیات کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ساس کے ساتھ اگر ناراضگی تھی تو وہ بھی دور ہو جائے گی۔ آپ کا رجحان مذہبی کاموں کی طرف کم رہے گا۔ کاروباری حضرات کو کام میں منافع حاصل ہو گا، لیکن ان کو اس کے لیے محنت زیادہ کرنا ہو گی۔ اعلیٰ درجے کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی توجہ تعلیم کی طرف ضرورت کے مطابق نہ ہو گی۔منگی اور نکاح جیسی رسومات کی ادائیگی کے لیے اچھاوقت ہے۔

دلو

قیمتی اشیاء کی خریداری کرنے کے لیے جانا ہو گا۔اولاد کے ساتھ تعلقات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔ خفیہ دشمنوں کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بہن بھائیوں کے ساتھ ناراضگی تھی تو وہ دور ہو جائے گی اور تعلقات میں بہتری آئے گی۔انعامی سکیمیں،لاٹری وغیرہ کھیلنا آپ کے لیے فائدہ مند نہ رہے گا۔ رشتے داروں اور یار دوستوں کے ساتھ ملنا جلنا رہے گا۔ آپ کے اپنے شریک حیات کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی، نیز ان کے ساتھ سیروتفریح کے لیے بھی جائیں گے۔ آپ کی توجہ اپنی ذات پر کم رہے گی۔ آپ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ قرضہ لینا چاہتے ہیں یا کوشش کر رہے ہیں تو آپ کو کامیابی ملتی نظر نہیں آ رہی۔

حوت

بڑے بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں خرابی آتی نظر آ رہی ہے۔ یار دوستوں اور بڑے بہن بھائیوں کے ساتھ ملنا جلنا بھی کم رہے گا۔ انعامی سکیمیں، لاٹری، بانڈ وغیرہ کھیلتے ہیں تو آپ کو اس سے فائدہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اولاد کے ساتھ ناراضگی ہے تو وہ دور ہو جائے گی اور تعلقات میں بہتری آئے گی اور وہ آپ کے حکم کی تکمیل بھی کریں گے۔ شریک حیات کے ساتھ تعلقات میں خرابی آئے گی، معاملات پر قابو پانے کی کوشش کریں۔ کاروبار سے وابستہ افراد کو کام میں پریشانیوں کا سامنا ہو گا۔ آپ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ملازمت پیشہ افراد کو کام میں اگر کسی پریشانی کا سامنا ہے تو وہ دور ہو جائے گی۔ حکومتی اداروں سے وابستہ اگر کوئی کام ہیں تو کوشش کریں وہ حل ہو جائیں گے۔

دعا گو عبدالحی راٹھور