مکمل راستہ
برج
ثور
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 21؍ اپریل تا 21 ؍ مئی نشان ۔۔۔۔۔۔ بیل حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ عنصر ۔۔۔۔۔۔ مٹی موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ اور ہفتہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ عقیق، مرجان ، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا، اورنج اور گلابی موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 4 موافق دھات ۔۔۔۔۔۔ پیتل اور تانبہ
برج ثور سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات
دوسروں کے معاملات
تفصیل
ثور افراد ذہین اور معاملہ فہم ہونے کے باوجود اکثر اس خامی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ یہ بلا ارادہ دوسروں کے معاملات میں ٹانگ اڑا دیتے ہیں، اس طرح یہ خود کو اس معاملہ میں ملوث کر کے کئی نقصانات کر لیتے ہیں۔ مثلاً اگر کہیں دو افراد کا جھگڑا ہو رہا ہے تو وہاں موجود ثور فرد سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ اس جھگڑے میں کود پڑے گا، اس کی اولین کوشش تو یہ ہو گی کہ کسی طرح جھگڑے کو ختم کروا دیا جائے اور اگر وہ اس معاملے میں کامیاب نہیں ہوا تو کم سے کم یہ ضرور کرے گا کہ مظلوم کی مدد شروع کر دے چاہے اسے بعد میں یہ علم ہو کہ جسے وہ مظلوم سمجھ رہا تھا، زیادتی اسی کی تھی۔ اس طرح ثور افراد کو ایسے معاملات میں خود کو ملوث کرتے ہوئے بہت محتاط رویہ اختیار کرنا چاہئے۔
متعلقہ صفحات
70 صفحاتسست اور کاہل
ان میں سے اکثر مرد خاصے سست اور کاہل ہوتے ہیں۔ ان کا دل اگر کسی کام میں لگ جائے یا ان کے سامنے کوئی مقصد ہو تو ان کی سستی اور کاہلی دور ہو جاتی ہے اور یہ بڑے جوش و جذبے سے کام کرتے ہیں۔ ایسے میں ان کے بارے میں ان لوگوں کی رائے بدل جاتی ہے جو ان سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ پر جوش انداز میں کوئی کام نہیں کر سکتے لیکن عام حالات میں یہ اکثر اس حد تک سست اور کاہل ہو جاتے ہیں کہ انہیں ٹس سے مس کرنا انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔
ضدی اور ہٹ دھرم
یہ لوگ ضدی اور ہٹ دھرم ہوتے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ یہ بات بات پرہٹ دھرمی یا ضد کرتے ہیں لیکن اگر یہ کسی بات پر اڑ جائیں تو انہیں اپنے مؤقف سے ہٹانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ اپنی ضد کی وجہ سے اپنا بڑا نقصان کر سکتے ہیں۔ ان کے قریبی لوگ جانتے ہیں کہ اگر یہ ضدیں کریں تو ان کی بات مستقل طور پر نہ سہی کم عارضی طور پر ضرور مان لینی چاہئے۔ انداز زندگی ان لوگوں کا اپنا انداز زندگی ہوتاہے اور یہ اپنے لئے خود ہی کچھ اصول وضع کر لیتے ہیں اور ان اصولوں کے مطابق نہ صرف خود زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں بلکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان سے متعلقہ لوگ بھی ان کے اصولوں کے مطابق زندگی گزاریں جبکہ یہ خاصا مشکل ہوتا ہے کیونکہ ہر کوئی تو ان کی بات مان نہیں سکتا۔ یہ اپنے اصولوں پر لوگوں سے عمل کروانے کی خاطر اکثر سخت رویہ بھی اختیار کرتے ہیں اور ایسا رویہ ان کے لئے جہاں کئی طرح سے نقصان دہ ہوتا ہے وہیں ان کی کئی لوگوں سے دشمنی بھی ہو جاتی ہے ان کے لئے ضروری ہے کہ اپنے اس رویے کو بدلیں تا کہ چھوٹے بڑے نقصانات سے محفوظ رہ سکیں۔
حقیقت پسند
ان میں اکثریت حقیقت پسند افراد کی ہوتی ہے۔ یہ لوگ خواب و خیالوں کی دنیا میں نہیں رہتے بلکہ حقائق پر ان کی نظر ہوتی ہے۔ ان کا فلسفہ یہ ہوتا ہے کہ انسان جتنی محنت کرے گا اتنا ہی اس کا پھل پائے گا، اس طرح یہ لوگ نہ صرف خوب محنت کرتے ہیں بلکہ اکثر اپنا مقصد حاصل کرنے کے لئے دروغ گوئی اور چال بازی کا سہارا بھی لیتے ہیں۔ یہ ایسے لوگوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں جو خوابوں اور خیالوں کے باسی ہوں، یہ با عمل لوگوں سے دوستی رکھتے ہیں، یہ پر جوش اور عزم و ہمت والوں کے ساتھ رہتے ہیں اور باتیں کرنے والوں سے ان کا واسطہ نہیں ہوتا۔
کھانا پینا
یہ لوگ کھانے پینے سے بھی بڑی رغبت رکھتے ہیں۔ یہ اچھی غذاؤں کے شوقین ہوتے ہیں اور معمولی چیزیں نہیں کھاتے۔ اکثر زیادہ کھانے کی وجہ سے یہ فربہی مائل ہو جاتے ہیں اور شروع میں تو اس جانب خاص توجہ نہیں دیتے لیکن جب پانی سر سے اونچا ہونے لگتاہے تو یہ فکر مند ہو جاتے ہیں اور فوراً موٹاپے کو ختم کرنے کی کوشش شروع کر دیتے ہیں۔
پر جوش
ہم ان کے بارے میں یہ لکھ چکے ہیں کہ عام حالات میں یہ سست و کاہل ہوتے ہیں لیکن ان کی اس عادت سے یہ اندازہ قائم نہیں کر لینا چاہئے کہ ان کا جوش اور ولولے سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ بہت پر جوش لوگ ہوتے ہیں لیکن جب یہ چاہتے ہیں تب ہی ان کا جوش سامنے آتا ہے، جب یہ کسی کام کی ٹھان لیں تو یہ بہت پر جوش ہوتے ہیں۔
خوب صورتی
یہ لوگ زندگی کے تمام معاملات میں خوب صورتی چاہتے ہیں۔ یوں کہنا چاہئے کہ خوب صورتی ان کی کمزوری ہوتی ہے۔ کوئی خوب صورت تصویر دیکھ کر یہ مچل جاتے ہیں اور اس کی تعریف کئے بغیر رہ نہیں سکتے، اسی طرح کوئی خوب صورت پھول، کوئی خوب صورت نظارہ یا کوئی اور خوب صورت چیز دیکھ کر یہ اس سے ضرور متاثر ہوتے ہیں۔ بد صورت چیزوں سے انہیں شدید نفرت ہوتی ہے، اسی طرح خوب صورت چہرے بھی انہیں اپنی جانب مائل کر لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ اکثر دل پھینک ہو جاتے ہیں۔ ایک کے بعد جب دوسرا خوب صورت چہرہ انہیں نظر آتا ہے اور پھر لگاتار یہ کئی خوب صورت چہرے دیکھتے ہیں تو ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کس کی تعریف کریں اور کسے اپنانے کی خواہش کریں کیونکہ ہر چہرہ اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔
تخلیقی ذہن
یہ تخلیقی ذہن کے لوگ ہوتے ہیں، مصوری، شاعری، اداکاری، گلوکاری اور دیگر تخلیقی کاموں میں بڑی دلچسپی لیتے ہیں۔ یہ جس شعبے کا بھی انتخاب کریں، اس میں بہت محنت کرتے ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی شاہکار پیش کریں۔ یہ عام طرح کا کام نہیں کرتے بلکہ خاص کام کرنے کے قائل ہوتے ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ یہ عام اور دوسرے خاص کاموں کا جائزہ ضرور لیتے ہیں۔
رحم دل
یہ بہت رحم دل ہوتے ہیں۔ کسی کو دکھی دیکھ کر خود بھی دکھی ہو جاتے ہیں اور دوسروں کی ہر ممکن مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی اس فطرت کی وجہ سے یہ سوشل ورکنگ، نرسنگ، ڈاکٹر، حکمت اور دیگر ایسے شعبوں کی جانب مائل ہوتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی دکھ انسان نہ ہو، یہ ہر کسی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے کے قائل ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ ان کی اس عادت کی وجہ سے ناجائز فائدہ بھی اٹھاتے ہیں، وہ انہیں دکھی بن کر دکھاتے ہیں اور خود کو پریشانیوں میں مبتلا دکھاتے ہیں، یوں یہ لوگ ان کی مدد کرتے ہیں لیکن جب یہ ان لوگوں کو پہچان لیتے ہیں تو پھر ان کی بالکل مدد نہیں کرتے اور ان سے قطع تعلق کر لیتے ہیں اور بعد میں وہ اگر واقعی پریشان ہوں تب بھی یہ ان پر یقین نہیں کرتے۔
نرم مزاج
عام حالات میں یہ لوگ بہت نرم مزاج ہوتے ہیں۔ ہر کسی سے نہایت شائستگی کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں اور اپنی اس عادت کی وجہ سے لوگوں میں پسندیدگی کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔ یہ در گزر کرنے والے ہوتے ہیں، کئی ایسی باتوں کو ہنس کر ٹال دیتے ہیں جس پر دوسرے لوگ چراغ پا ہو جاتے ہیں۔ ان کی نرم مزاجی کو لوگ کبھی کبھار بز دلی کا نام دیتے ہیں لیکن یہ حقیقت نہیں ہے کیونکہ یہ یہ جہاں کئی باتوں کو در گزر کر
خوش باش
یہ بہت خوش باش لوگ ہوتے ہیں۔ یہ ہر حال میں خوش رہنا جانتے ہیں۔ یا یوں کہنا چاہئے کہ فطری طور پر خوش رہتے ہیں۔ یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ زندگی کے تلخ حالات ان پر اثر انداز نہیں ہوتے لیکن یہ جانتے ہیں کہ المیوں اور حادثوں پر رنجیدہ ہونے سے کوئی فائدہ نہیں ہے اور ان کا مقابلہ کرنا چاہئے اس لئے بہت سے تلخ واقعات پر یہ خود کو قابو میں رکھتے ہیں بہر حال ہر انسان کی خاص قوت برداشت ہوتی ہے، اس لئے جب کوئی بڑا واقعہ ہو جائے تو یہ لوگ بھی ملول اور رنجیدہ ہو جاتے ہیں۔
سرکش
ہم ان لوگوں کے بارے میں یہ تو لکھ ہی چکے ہیں کہ یہ ضدی اور ہٹ دھرم ہوتے ہیں اور اگر کسی بات پر اڑ جائیں تو انہیں اپنے مؤقف سے ہٹانا بہت مشکل ہوتا ہے، اس طرح یہ لوگ کبھی کبھار سر کش ہو جاتے ہیں اور کسی سے دشمنی لینے سے بھی نہیں ڈرتے، ایسے میں یہ سوچتے نہیں ہیں کہ ان کا کتنا بڑا نقصان ہو جائے گا اور جہاں یہ اپنے نقصان کے بارے میں نہیں سوچتے اسی طرح دوسروں کے نقصان کے بارے میں بھی نہیں سوچتے۔ اگر معاملہ بگڑ رہا ہو اور بہت سنگین ہو رہا تبھ بھی یہ پیچھے نہیں ہٹتے ہیں۔ ان لوگوں کو اپنی اس عادت پر قابو پانا چاہئے تا کہ یہ خود بھی چھوٹے بڑے نقصانات سے محفوظ رہ سکیں اور دوسرے بھی ان سے بچ سکیں۔
قوت ارادی
یہ لوگ بہت مضبوط قوت ارادی کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کے بارے میں ہم یہ لکھ چکے ہیں کہ یہ بہت سست او رکاہل ہوتے ہیں، کسی ایسے شخص کے بارے میں یہ کہنا حیرت ناک بات ہے کہ وہ مضبوط قوت ارادی کا مالک ہو سکتا ہے لیکن یہ حقیقت ہے۔ عام حالات میں سست اور کاہل نظر آنے والے ثور افراد مضبوط قوت ارادی رکھتے ہیں۔ یہ بہت سوچ سمجھ کر کسی کام کا ارادہ کرتے ہیں اور جب ارادہ کر لیتے ہیں تو یہ ارادہ بے انتہا مضبوط ہوتا ہے، انہیں کسی بھی طرح متزلزل کرنا آسان کام نہیں ہوتا، یہ جس کام کا ارادہ کر لیں وہ پورا کر کے ہی دم لیتے ہیں۔
گفتگو
ان لوگوں کی گفتگو بہت سحر انگیز ہوتی ہے۔ جو لوگ ان سے بات چیت کرتے ہیں۔ وہ ان سے متاثر ہوئے بغیر رہ ہی نہیں سکتے اور ان سے بار بار ملنے اور گفتگو کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ اگر یہ کسی سے ایک یا دو بار اچھی طرح بات چیت کر لیں تو اس سے ہر بار اسی طرح بات کرتے ہیں، اس سے بور یا بیزار نہیں ہوتے، یہ لوگ جب ایسے شعبوں میں جاتے ہیں جس میں پبلک ڈیلنگ ہو تو یہ بہت کامیاب رہتے ہیں، اس کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ یہ اچھی گفتگو کا فن جانتے ہیں اور اس طرح ہر کسی کو متاثر کر لیتے ہیں اور انہیں دوست بنا لیتے ہیں۔
آسائش پسند
یہ آسائش پسند لوگ ہوتے ہیں لیکن اکثر آسائشیں حاصل کرنے کی خواہش کو پورا نہیں کر پاتے کیونکہ یہ عام حالات میں سستی اور کاہلی کا شکار رہتے ہیں، یہ سوچتے تو بہت کچھ ہیں لیکن کر کچھ نہیں پاتے۔ لیکن تمام ثور افراد ایسے نہیں ہوتے بلکہ ان میں سے کئی ایسے ہوتے ہیں جو جن آسائشوں کی خواہش کرتے ہیں ان کے حصول کے لئے محنت اور عملی جدوجہد کرتے ہیں اور انہیں حاصل کر کے ہی دم لیتے ہیں۔
عشق و محبت
یہ لوگ عشق و محبت کرتے ہیں لیکن سسی پنوں اور لیلیٰ مجنوں جیسے عشق پر یقین نہیں رکھتے بلکہ یہ اس معاملے کو بھی حقیقت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ یہ مرد اگر کسی عورت کو پسند کرنے لگیں تو اس سے لفظوں میں اظہار محبت کرنے کی بجائے اس کے بڑوں سے بات کرنا پسند کرتے ہیں اور اس کا ہاتھ مانگتے ہیں۔ اس دوران یہ ان لوگوں کو اپنی مالی حیثیت بتاتے ہیں، ساتھ ہی یہ بھی بتاتے ہیں کہ وہ ان کی لڑکی کو کس طرح خوش اور مالی طور پر مستحکم رکھ سکتے ہیں
مخلص
یہ مخلص لوگ ہوتے ہیں۔ یہ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں وغیرہ کے لئے ہمیشہ اچھا ہی سوچتے ہیں۔ ان کے لئے ہر قربانی دے سکتے ہیں لیکن مثل مشہور ہے کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، اسی طرح یہ جب کسی کے لئے قربانی دیں تو اس سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی ان کے لئے ویسی ہی قربانی دے گا، اگر کوئی ان کی توقعات پر پورا نہ اترے تو یہ دل برداشتہ ہو جاتے ہیں، اس سے کوئی شکایت تو نہیں کرتے لیکن اسے اپنے پسندیدہ افراد کی فہرست سے نکال دیتے ہیں، ان کے احباب کو یہ یقین ہوتا ہے کہ یہ ان کے ہر برے وقت میں کام آئیں گے اور ان لوگوں کو کبھی مایوسی نہیں ہو گی۔
با وقار
یہ لوگ زندگی کے تمام شعبوں میں خود کو با وقار دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ اچھا لباس پہنتے ہیں۔ ان کے جوتے چمک رہے ہوتے ہیں اور بال بڑی ترتیب سے ہوتے ہیں، ان کے اٹھنے بیٹھنے کا انداز بہت اچھا ہوتا ہے، یہ بولنے میں احتیاط رکھتے ہیں اور ایسے الفاظ منہ سے نہیں نکالتے جو ان کی تذلیل کا سبب بنیں۔ ان کا رکھ رکھاؤ بھی بڑا با وقار ہوتا ہے۔ یہ ہمیشہ با وقار ہی نظر آنا پسند کرتے ہیں۔
میزبان
یہ لوگ بہت اچھے میزبان ہوتے ہیں۔ جب ان کے پاس کوئی مہمان آتا ہے تو یہ ہر طرح سے اس کا خیال رکھتے ہیں۔ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جب کبھی ایک یا دو بار سے زیادہ کوئی مہمان بن کر آ جائے تومیزبان کا رویہ بدل جاتا ہے اور وہ بے زار ہو جاتا ہے۔ اس کا روکھا رویہ دیکھ کر مہمان خود ہی آنا چھوڑ دیتے ہیں لیکن ثور افراد کے ساتھ ایسا معاملہ نہیں ہے۔ یہ چونکہ اپنے احباب سے بہت محبت کرتے ہیں اور ان سے بہت مخلص ہوتے ہیں اس لئے وہ جتنی بار بھی مہمان بن کر آئیں ان کی میزبانی میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
مستقل مزاج
دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں یہ خامی پائی جاتی ہے کہ وہ مستقل مزاج نہیں ہوتے، کئی کاموں کو ادھورا چھوڑ دیتے ہیں، اگر ایک کام شروع کریں تو اس سے جلد ہی بور ہو جاتے ہیں لیکن ثور افراد بہت مستقل مزاج ہوتے ہیں۔ یہ ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں اور اگر ایک بار کوئی کام شروع کر دیں تو اسے ادھورا نہیں چھوڑتے۔ اس طرح یہ اپنے لئے جن شعبوں کا انتخاب کرتے ہیں، ان میں بھی مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہیں اس طرح یہ وقت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور کامیابیاں ان کے قدم چومتی ہیں
جھجک
ان لوگوں میں جہاں بہت سی خوبیاں ہیں، وہیں کئی خامیاں بھی ہیں اور ان ہی میں سے ایک خامی یہ بھی ہے کہ ان میں جھجک بہت ہوتی ہے لیکن عام زندگی میں ان کی یہ فطری جھجک ان کے ساتھ رہتی ہے لیکن اس وقت ان کی یہ جھجک بالکل غائب ہو جاتی ہے جب یہ ایکشن میں ہوتے ہیں یعنی جب یہ کسی کام کرنے کے ٹھان لیتے ہیں اور ان کے سامنے کوئی ٹارگٹ ہوتا ہے۔ ان لوگوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ جھجک ان کی ایک ایسی خامی ہے جو انہیں کئی ناکامیوں سے دو چار کرتی ہے اس لئے انہیں اپنی اس خامی پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
آرام و سکون
یہ لوگ اپنی زندگی میں آرام و سکون کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ افرا تفری اور بے ترتیبی انہیں بالکل پسند نہیں ہوتی۔ دولت کے حصول کے لئے دوسرے کئی لوگوں کی طرح اندھے ہو جاتے اور غلط راستوں کا انتخاب نہیں کرتے اس لئے کہ اس طرح انہیں زندگی میں بے سکونی کا امکان نظر آتا ہے۔ یہ ایسے شعبوں کا انتخاب کرتے ہیں جن میں چاہے دولت کم ہو لیکن سکون زیادہ ہو۔ یہ ایسے ہی لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو ان کی طرح سکون اور آرام پسند کرتے ہوں۔ تیز طرار اور منفی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں سے یہ دور رہتے ہیں اور انہیں کسی قیمت پر دوست نہیں بناتے۔
ایمان دار
یہ لوگ ایمان دار ہوتے ہیں۔ یہ جو بات کر لیں اسے پورا کرتے ہیں اور کسی کے ساتھ اگر ان کا مالی لین دین ہو تو اس میں کوئی بے ایمانی نہیں کرتے۔ اگر ان کے پاس کسی کی امانت ہو تو اس میں خیانت نہیں کرتے اور ہر حال میں امانت واپس کرتے ہیں۔ ان کی ایسی خوبیوں کی وجہ سے لوگ ان پر بھرپور اعتبار کرتے ہیں۔ اگر کسی کاروبار میں ان سے کوئی شراکت کر لے تو اسے بے فکر ہو جانا چاہئے، یہ اس کے اعتماد کو کسی بھی طرح ٹھیس نہیں پہنچاتے ہیں، یہ کاروبار کو زیادہ سے زیادہ ترقی دینے کے لئے اپنے حصے سے زیادہ بڑھ کر کام کرتے ہیں اور ہر مرحلے پر اپنے پارٹنر کو اعتماد میں لئے رکھتے ہیں
صحت
ان لوگوں کی صحت عموماً بہت اچھی رہتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ اپنی صحت کے معاملے میں بہت حساس ہوتے ہیں اور اس کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ مناسب غذا لیتے ہیں اور ورزش کو بھی اپنا معمول بناتے ہیں۔ اگر یہ کبھی بیمار ہو جائیں تو صحت کو واپس مناسب کرنے کے لئے مکمل احتیاط کرتے ہیں۔ اکثر یہ زیادہ کھانے کی طرف راغب ہو کر فربہ مائل ہو جاتے ہیں لیکن یہ فوراً کھانے پینے میں احتیاط شروع کر دیتے ہیں اور جب تک ان کی صحت مناسب نہ ہو جائے یہ چین سے نہیں بیٹھتے۔
آزاد طبع
یہ لوگ آزاد طبع ہوتے ہیں اور کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کرتے۔ انہیں اپنی آزادی بہت عزیز ہوتی ہے اور یہ اس کی خاطر اپنا مالی نقصان بھی کر لیتے ہیں۔ مثلاً اگر یہ کسی ایسی جگہ جاب کر رہے ہوں جہاں ان پر افسران وغیرہ کا کافی دباؤ ہو تو یہ پہلے کوشش کریں گے کہ دباؤ کو ختم کر دیں لیکن اگر اس میں کامیاب نہ ہو پائیں تو اس جاب کو چھوڑ دیں گے، ایسے میں یہ لوگ یہ نہیں سوچیں گے کہ جاب چھوڑنے کا بندوبست کئے بغیر ہی اپنی جاب چھوڑ دیں۔ ان لوگوں میں ایک خوبی یہ ہوتی ہے کہ یہ کامیابی کے خواہش مند ہوتے ہیں اور ناکامی سے انہیں سخت نفرت ہوتی ہے۔ یہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں لیکن دیکھا یہ گیا ہے کہ دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کامیابی حاصل کرنے کے لئے غلط راستوں کا بھی انتخاب کر لیتے ہیں لیکن ثور افراد ایسے راستوں سے اجتناب کرتے ہیں، ان کا اصول ہے کہ کامیابی کا مزہ محنت کر کے ہی لیا جا سکتا ہے۔
خود نمائی
یہ لوگ خود نمائی کے بہت خواہش مند ہوتے ہیں۔ یہ ہر جگہ خود کو نمایاں رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ یہ صلاحیت بھی رکھتے ہیں کہ خود کو کس طرح نمایاں رکھنا ہے۔ ماحول پر منحصر ہوتا ہے کہ اب انہیں اپنا مقصد حاصل کرنے کے لئے کیا کرنا ہے۔ اگر کوئی تقریب ہو تو یہ لوگ جان لیتے ہیں کہ یہاں کس طرح کے لوگ موجود ہیں، ان کی نفسیات کیا ہیں اور یہ جان لینے کے بعد وہ ایسی باتیں شروع کر دیتے ہیں جو لوگوں کو ان کی جانب متوجہ کرتی ہیں، اس طرح ذرا دیر میں ہی یہ خود کو پوری تقریب میں نمایاں کر لیتے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ ان کے پاس معلومات کا خزانہ ہے جس سے یہ بھرپور استفادہ کرتے ہیں، اس کے علاوہ بولنے کے فن سے بھی یہ لوگ خوب واقف ہوتے ہیں۔ زندگی کے تمام مراحل پر ان کا ایسا ہی رویہ ہوتا ہے۔
محتاط
زندگی کے تمام شعبوں میں ان کا رویہ بہت محتاط ہوتا ہے۔ ہر قدم پھونک پھونک کر اٹھانا ان کی عادت ہوتی ہے۔ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ یہ لوگ کسی معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ کریں اور جب کبھی یہ ایسا کرتے ہیں تو انہیں اکثر پچھتانا پڑتا ہے کیونکہ جلد بازی میں کئے گئے ایسے فیصلے نقصان سے دو چار کرتے ہیں۔ یہ ایسے مواقع پر آئندہ کبھی جلد بازی نہ کرنے کا تہیہ تو کر لیتے ہیں لیکن بعد میں یہ بعض اوقات اپنا یہ عہد بھول جاتے ہیں اور کبھی نہ کبھی جلد بازی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ہٹ دھرم
ان میں سے اکثر لوگ ایسے ہوتے ہیں جن پر ہٹ دھرم کا لیبل چسپاں کر دیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ واقعی یہ لوگ اکثر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ ایسے معاملات میں بھی اڑ جاتے ہیں جن میں یہ خود سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ یہ غلط کر رہے ہیں لیکن ہٹ دھرمی ان کی فطرت کا حصہ ہے، اس حوالے سے یہ لوگ کئی بار اپنا بڑا نقصان کر لیتے ہیں جس پر یہ اکثر بعد میں پچھتاتے ہیں لیکن جس وقت یہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہوتے ہیں، اس وقت ان پر عقل سے زیادہ جذبات کا غلبہ ہوتا ہے اور جب بعد میں جذبات کا طوفان تھمتا ہے اور عقل کام کرنے لگتی ہے تو یہ سوچتے ہیں کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ غلط تھا۔
با مقصد زندگی
ان میں سے اکثر لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ایک با مقصد زندگی گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں اور اس کے لئے بہت محنت اور جدو جہد بھی کرتے ہیں۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ زندگی کے ایک ایک لمحے سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ فضولیات میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ یہ مسلسل محنت کرتے رہتے ہیں۔ اگر ایک کام سے فارغ ہو ں تو خود کو کسی دوسرے کام میں مصروف کر لیتے ہیں۔ یہ ایسے لوگوں سے بھی دور رہتے ہیں جو کسی نہ کسی حوالے سے اپنا وقت ضائع کرتے ہیں۔ محنتی لوگ ان کے حلقۂ احباب میں شامل ہوتے ہیں۔
دوست نواز
یہ بڑے دوست نواز ہوتے ہیں۔ اپنے دوستوں کے لئے یہ بڑے مخلص ہوتے ہیں اور ان کے لئے کوئی قربانی دینے سے دریغ بھی نہیں کرتے لیکن یہ اپنے دوستوں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ یہ جسے دوست بنانا چاہیں اس کا پہلے اچھی طرح جائزہ لیتے ہیں، اسے مختلف مراحل پر آزماتے ہیں اور جب وہ ان کے معیار پر پورا اترے تو تب اس کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں اور جو کوئی بھی ان کا دوست بن جائے پھر یہ اس سے دوستی ختم نہیں کرتے، ان کے دوست زندگی بھر ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ یہ ہر دم دوستوں کی بھلائی اور ترقی کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ اکثر لوگ ان کی دوستی سے حسد کرتے ہیں اور ان کے درمیان نفاق ڈلوانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن انہیں اپنی ایسی کوششوں میں بہت کم کامیابی حاصل ہوتی ہے کیونکہ ثور افراد ذہین ہوتے ہیں اور ایسے لوگوں کو جلد ہی پہچان لیتے ہیں۔
ہنسی مذاق
ہنسی مذاق کرنا اکثر ثور افراد کا وصف ہوتا ہے۔ یہ لوگوں سے ہنسے ہنسانے والی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ خاص طور پر یہ ایسی جگہوں پر اپنی اس خوبی کا استعمال کرتے ہیں جہاں ماحول کشیدہ ، بور اور بے مزہ ہو، وہاں یہ اپنی خوش کلامی سے ماحول کو خوشگوار بنا دیتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے ذخیرہ معلومات میں بے شمار لطیفے اور مزاحیہ باتیں رکھتے ہیں جن کا یہ ماحول کے حساب سے استعمال کرتے ہیں
چاپلوس لوگ
یہ چاپلوس اور مکار نہیں ہوتے اس لئے ایسے لوگوں کو پسند بھی نہیں کرتے جو چاپلوس ہوں۔ یہ سچے لوگوں کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے بارے میں ہم یہ تو لکھ چکے ہیں کہ یہ بہت ذہین ہوتے ہیں اس لئے یہ لوگوں کا گہری نظروں سے جائزہ لیتے رہتے ہیں۔ یہ ان افراد کو بھی پہچان لیتے ہیں جو کسی بھی طرح ان کے ساتھ چاپلوسی کر رہے ہوتے ہیں، یہ ان سے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ قطع تعلق کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اپنی اس کوشش میں اکثر کامیاب بھی ہو جاتے ہیں اور جو لوگ آسانی سے ان کی جان نہ چھوڑیں ان کے ساتھ یہ سخت رویہ بھی اختیار کرتے ہیں۔
لا تعلقی
ثور افراد اگر آپ کو بظاہرلا تعلقی نظر آ رہے ہوں اور یوں محسوس ہو رہا ہو کہ انہیں آس پاس کے ماحول سے کوئی دلچسپی نہیں ہے تو یہ آپ کی بھول ہے کیونکہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ یہ افراد کسی بھی وقت ماحول سے بے خبر رہیں، ہاں یہ ضرور ہے کہ یہ اپنے رویے سے یہ ظاہر کر رہے ہوں کہ انہیں کسی بات سے کوئی دلچسی نہیں ہے۔ ایسا رویہ خاص طور پر اس وقت اختیار کرتے ہیں جب یہ کوئی خاص بات معلوم کرنا چاہ رہے ہوں، یہ جانتے ہیں کہ دلچسپی لے کر تو یہ اپنا مقصد پوری طرح حاصل نہیں کر سکتے جبکہ لا تعلق رہ کر وہ اپنا مقصد آسانی سے حاصل کر لیتے ہیں۔
اچھے منتظم
یہ اچھے منتظم ہوتے ہیں۔ یہ لوگ کوشش کرتے ہیں کہ انہیں انتظامی امور مل جائیں کیونکہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح یہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ جب یہ کسی بھی حوالے سے انتظامی امور سنبھال لیتے ہیں تو اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔ ایسے میں یہ اپنے ماتحتوں سے کوئی رعایت نہیں کرتے۔ اگر ان کے ماتحت ان کا دوست بھی ہو تو فرائض کی ادائیگی میں اس کی کوتاہی برداشت نہیں کرتے۔ جبکہ یہ ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ماحول سے محبت
ان لوگوں کو اپنے ماحول سے بہت محبت ہوتی ہے۔ یہ جہاں پیدا ہوتے ہیں، وہاں کے ماحول اور روایات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں جہاں بھی گھوم پھر لیں، پھر واپس اپنے اصولی ماحول کی طرف آنا پسند کرتے ہیں، ساتھ ہی کہیں بھی رہیں، اپنی روایات کو نہیں چھوڑتے، اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب لوگ دوسرے ممالک میں جا کر رہائش پذیر ہوتے ہیں تو وہاں کے ماحول میں ڈھل جاتے ہیں اور وہیں کے طور طریقے اپنا لیتے ہیں لیکن ثور افراد کے ساتھ ایسا معاملہ نہیں ہوتا، یہ اگر کسی اور جگہ طویل عرصے تک بھی رہیں تو تب بھی اپنی ہی روایات پر قائم رہتے ہیں۔ اگر انہیں ان کی ڈگر سے ہٹانے کی کوشش کی جائے تو یہ ایسی کوشش کو ناکام بنا دیتے ہیں۔
شور شرابے سے نفرت
جہاں ہم نے یہ لکھا ہے کہ ثور افراد خود نمائی کے خواہش مند ہوتے ہیں اور تقریبات وغیرہ میں جانا پسند کرتے ہیں وہیں ہم یہ بھی لکھیں گے کہ یہ لوگ شور شرابے اور افرا تفری سے نفرت کرتے ہیں۔ اگر ماحول خوش گوار اور مہذب ہو تو یہ وہاں رہنا پسند کرتے ہیں اور اگر کسی جگہ پر شور شرابا، افرا تفری اور بے ترتیبی ہو تو یہ لوگ فوراً اس جگہ کو چھوڑ دیتے ہیں۔ ان لوگوں کی نشستیں ایسی ہی جگہوں پر ہوتی ہیں جو پر سکون ہوں اور وہاں پر شور شرابہ نہ ہو۔
مضبوط ارادے
ان لوگوں کے ارادے بہت مضبوط ہوتے ہیں۔ ویسے تو یہ لوگ کوئی بھی ارادہ بڑی مشکل سے کرتے ہیں کیونکہ یہ تمام جزئیات کا گہرے انداز میں جائزہ لیتے ہیں اور اکثر انہیں اپنے سامنے موجود مقصد میں کوئی نہ کوئی خامی نظر آ جاتی ہے اور یہ اسے پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا ارادہ نہیں کرتے لیکن جب یہ کسی بھی کام کا ارادہ کر لیتے ہیں تو پھر یہ اس سے پیچھے نہیں ہٹتے ہیں اور ہر حال میں کام پایۂ تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔
مستقل مزاج
یہ لوگ مستقل مزاج ہوتے ہیں۔ اگر یہ کوئی کام ایک بار شروع کر دیں تو کئی دیگر لوگوں کی طرح اسے ادھورا نہیں چھوڑتے ہیں جبکہ یہ کئی کام نہایت مستقل مزاجی سے کرتے ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ان کاموں میں ان کی دلچسپی بھی ہو۔ یہ ایسے کاموں میں اول تو ہاتھ ہی نہیں ڈالتے ہیں جن میں ان کی دلچسپی نہ ہو یا پھر اگر کسی کے کہنے پر کوئی ایسا کام شروع کر دیں تو اسے ادھورا چھوڑ دیتے ہیں، اس طرح الزام ان پر آ جاتے ہیں کہ یہ غیر مستقل مزاج ہیں اور کوئی کام مکمل نہیں کرتے ہیں۔
مؤقف پر اڑ جانے والے
یہ لوگ اپنے مؤقف پر اڑ جانے والے ہوتے ہیں۔ یہ کسی معاملے میں جب کوئی مؤقف اختیار کر لیتے ہیں تو پھر انہیں اس سے ہٹانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ویسے یہ لوگ اپنی جگہ درست بھی ہوتے ہیں۔ کیونکہ جب یہ کوئی مؤقف اختیار کرتے ہیں تو بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ یہ اپنے معاملے کا بہت غور و خوض سے جائزہ لیتے ہیں۔ اس کے منفی اور مثبت پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہیں اور تب کوئی مؤقف اختیار کرتے ہیں جو کہ درست ہی ہوتا ہے، ایسے میں کچھ لوگ انہیں ضدی اور ہٹ دھرم کہنے لگتے ہیں لیکن جب انہیں حقائق کا پتہ چلتا ہے تو وہ مان لیتے ہیں کہ ثور افراد درست ہیں لیکن کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ یہ کسی غلط مؤقف پر بھی اڑ جاتے ہیں لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔
قوت برداشت
ان لوگوں میں بہت قوت برداشت ہوتی ہے۔ یہ ایسے حالات اور واقعات کا مقابلہ بہت آسانی سے کر لیتے ہیں جو دیگر لوگوں پر بہت زیادہ اثر انداز ہو جاتے ہیں۔ ان لوگوں کی کامیابی کا ایک راز یہ بھی ہوتا ہے کہ ان کی قوت برداشت ہوتی ہے۔ یہ ناکامیوں کو روندتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ ان کی نظر اپنے ٹارگٹ پر ہوتی ہے۔ یہ اس وقت تک آگے بڑھتے رہتے ہیں جب تک کامیابی ان کے قدم نہیں چوم لیتی یہ لوگ نا مساعد حالات کابڑی جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہیں۔
کم گو
ان میں سے بعض افراد ہنسی مذاق کرنا اور بات چیت کرنا پسند کرتے ہیں اور بعض لوگ کم گو ہوتے ہیں۔ یہ اپنے آپ میں مگن رہنا پسند کرتے ہیں لیکن کسی کو ان کی کم گوئی سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کر لینا چاہئے کہ وہ کم گو ہونے کی وجہ سے معاملات سے لاتعلقی رکھتے ہیں بلکہ ان لوگوں کی نظر پوری طرح حالات پر ہوتی ہے۔ یہ تمام معاملات میں بھرپور دلچسپی بھی رکھتے ہیں جس حد تک یہ مناسب سمجھتے ہیں، ضرورت سے زیادہ یہ ان معاملات میں ملوث ہونا پسند نہیں کرتے، ویسے حقیقت یہ ہے کہ یہ ان ثور افراد سے زیادہ ذہین ہوتے ہیں جو زیادہ بولتے ہیں۔
مضبوط جسم
ان لوگوں کے بارے میں ہم یہ لکھ چکے ہیں کہ یہ مضبوط قوت اردای اور قوت برداشت کے مالک ہوتے ہیں، ساتھ ہی ہم یہ بھی ضرور لکھیں گے کہ یہ مضبوط جسم کے بھی مالک ہوتے ہیں۔ اس خوبی کی وجہ سے یہ محنت مشقت کے کام آسانی سے کر لیتے ہیں اور بہت سے امور کو جھیل بھی جاتے ہیں۔ اگر یہ لوگ اپنی صحت کی طرف بھرپور توجہ دیں تو ان کے سامنے ٹھہرنا عام لوگوں کے بس کی بات نہیں ہوتی کیونکہ یہ بہت طاقت ور ہوتے ہیں۔ عقل مند لوگ ایسے وقت میں ان سے دور ہو جانا بہتر سمجھتے ہیں جب یہ غصے میں آ جائیں کیونکہ ایسی حالت میں یہ اگر طاقت کا استعمال کرنے کی ٹھان لیں تو بڑا نقصان کر سکتے ہیں۔
صبر و شکر
یہ لوگ بہت کم ہوس کا شکار ہوتے ہیں۔ عمومی طور پر یہ لوگ صبر و شکر کا مظاہرہ کرتے ہیں، اس کا یہ مطلب بھی نہیں لیا جا سکتا کہ ان میں آگے بڑھنے کی خواہش یا جستجو نہیں ہوتی بلکہ یہ لوگ کامیابی کے حصول کے لئے بہت محنت کرتے ہیں لیکن اس محنت کے بعد جو بھی نتیجہ سامنے آتا ہے یہ اس پر صبر و شکر کرتے ہیں۔ ان کے اندر حسد کا مادہ بھی نہیں ہوتا۔ اگر کوئی مقابلہ ہو اور ان کا حریف جیت جائے تو یہ کسی حسد میں مبتلا نہیں ہوتے بلکہ کھلے دل سے اپنی شکست تسلیم کر لیتے ہیں اور حریف کی تعریف کرتے ہیں لیکن یہ اپنی خامیوں پر ضرور غور کرتے ہیں۔
مستقبل کے لئے فکر مند
بعض لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ثور افراد لا ابالی ہوتے ہیں جو کچھ ان کے پاس ہے اس پر اکتفا کرتے ہیں اور انہیں اپنی زندگی کے بارے میں زیادہ فکر لاحق نہیں ہوتی لیکن ان کے بارے میں یہ خیال غلط ہے کیونکہ یہ لوگ اپنی زندگی اور خاص طور پر مستقبل کے لئے بہت فکر مند ہوتے ہیں، اس سلسلے میں یہ مناسب حکمت عملی بھی طے کرتے ہیں اور خوب محنت بھی کرتے ہیں، ساتھ ہی یہ اچھی خاصی رقم بھی پس انداز کرتے ہیں، یہ ایسے معاملات میں ہاتھ نہیں ڈالتے جن کی وجہ سے کسی بھی طرح ان کے مستقبل کو خطرہ ہو۔
قدرتی مناظر
ان لوگوں کو قدرتی مناظر بہت پسند ہوتے ہیں۔ ہرے بھرے لہلہاتے کھیت یا کھلے سمندر اور وسیع و عریض میدانی علاقے ان لوگوں کے لئے بہت دلچسپ ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس انہیں مصنوعی جگہوں سے کم دلچسپی ہوتی ہے۔ ایک عام آدمی کیس ایسے گھر یا ہوٹل میں بیٹھ کر خوش ہو لیتا ہے جہاں مصنوعی آرائش اور آرام دہ چیزیں موجود ہیں لیکن اس کے مقابلے میں ثور افراد کسی باغ میں یا کسی ساحل پر بیٹھنا پسند کرتے ہیں۔ اگر یہ لوگ مصوری کی طرف آئیں تو ایسے ہی مناظر کو پینٹ کرتے ہیں اور فوٹو گرافر ہوں تو یہی ان کے کیمرے کی زد میں آتے ہیں۔
خوش قسمت
ثور افراد کو دولت کے حوالے سے بہت خوش قسمت کہا جاتا ہے کیونکہ یہ لوگ اکثر دولت مند ہوتے ہیں، اس کے علاوہ ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ لوگ وہ پارس ہوتے ہیں جو کسی چیز کو چھو لیں تو وہ سونے کی بن جاتی ہے یعنی یہ جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اس میں کامیابی ان کے قدم چومتی ہے اور دولت ان پر برستی ہے۔ ا ن میں سے بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اس دولت کی قدر نہیں کرتے اور اسے دونوں ہاتھوں سے لٹاتے ہیں جبکہ اکثر لوگ دولت کو بہت حفاظت سے رکھتے ہیں لیکن ایسے لوگوں کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کنجوس ہوتے ہیں بلکہ یہ نہایت سوچ سمجھ کر دولت خرچ کرتے ہیں اور فضول خرچی پسند نہیں کرتے۔
روایتی کھانے
ان لوگوں کے بارے میں ہم یہ تو لکھ ہی چکے ہیں کہ انہیں اپنی روایات سے بہت محبت ہوتی ہے اور یہ بھی لکھا جا چکا ہے کہ انہیں کھانوں سے بھی بڑی رغبت ہوتی ہے۔ اب ہم آپ کی معلومات کے لئے یہ لکھنا بھی ضروری سمجھتے ہیں کہ یہ کھانے کے معاملے میں بھی بڑے روایتی ہوتے ہیں اور ایسی ہی ڈشز پسند کرتے ہین جن کا تعلق ان کی روایات سے ہو۔ یہ گھروں میں خصوصی طور پر اپنے روایتی کھانے تیار کرواتے ہیں۔
بحیثیت شوہر
بحیثیت شوہر ثور افراد بہت اچھے ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی بیوی سے بہت محبت ہوتی ہے۔ یہ اس کے ساتھ بہت مخلص ہوتے ہیں۔ بہت کم ثور افراد ایسے ہیں جو اپنی بیوی کے علاوہ کسی اور عورت کو اہمیت دیتے ہیں ورنہ اکثر ثور افراد اپنی بیوی پر ہی اکتفا کرتے ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ شادی سے پہلے فلرٹ کر لیتے ہیں لیکن ان کی یہ محبت لیلیٰ مجنوں کی طرح نہیں ہوتی بلکہ یہ حقائق کو مد نظر رکھتے ہیں اور ایسی خواتین سے ان کی دوستی ہوتی ہے جو با عمل ہوں اور ان میں یہ صلاحیت ہو ہو کہ وہ کسی بھی قسم کے برے حالات کا مقابلہ کر سکیں۔ آہیں بھرنے اور خیالی دنیا میں رہنے والی عورتوں کو یہ لوگ پسند نہیں کر سکتے۔
بحیثیت باپ
ثور افراد بحیثیت باپ بہت محتاط اور مشفق ہوتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کو ہر حال میں کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی پرورش و نگہداشت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے، اگر یہ مناسب سمجھیں تو بچوں کے ساتھ بچے بن کر بھی ان کی تربیت کرتے ہیں لیکن یہ کسی بھی موقع پر بچوں کو بگڑنے کا موقع نہیں دیتے، اگر بچے کوئی شرارت یا بدتمیزی کریں تو یہ ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرتے ہیں، اچھے معاملات میں یہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
گھریلو ذمہ داریاں
ویسے تو زندگی کے تمام شعبوں میں یہ لوگ خاصے ذمہ دار ہوتے ہیں جبکہ اپنی گھریلو ذمہ داریوں کے حوالے سے یہ لوگ بہت حساس ہوتے ہیں۔ اپنے گھر کی تمام ضروریات پر نظر رکھتے ہیں اور اہل خانہ کو ہر چیز مناسب وقت پر مہیا کرتے ہیں۔ یہ کسی حال میں یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ ان کے اہل خانہ کسی بھی حوالے سے کسی محرومی کا شکار ہوں اور لوگ ان پر ترس کھائیں۔ یہ اپنی عزت اور اپنے وقار کو ہر حال میں قائم رکھنا چاہتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے اہل خانہ کے ساتھ کوئی ہمدردانہ رویہ اختیار کرے گا تو ان کی بے عزتی ہو گی اور ان کے وقار کو نقصان پہنچے گا۔
عاشق مزاج
بہت سے ثور افراد ایسے ہوتے ہیں جو اپنی جوانی میں بڑے عاشق مزاج ہوتے ہیں، انہیں ہر لڑکی اچھی لگتی ہے اور ہر لڑکی کو دیکھ کر انہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں اسی کی تلاش تھی، یوں یہ ایک جگہ ٹکتے نہیں ہیں اور ایک کے بعد دوسرے عشق میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ اگر یہ لوگ اپنی اس عادت پر قابو نہ پائیں تو یہ بڑی پختہ ہو جاتی ہے اور یہ ان کے لئے اس وقت بڑی تکلیف دہ ہو جاتی ہے جب ان کی شادی ہو جائے۔
ذہنی سکون
یہ لوگ اپنے ذہنی سکون کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور یہ ایسے معاملات اور ماحول سے خود کو زیادہ سے زیادہ دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں جن کی وجہ سے ان کا ذہنی سکون برباد ہو جائے۔ شادی سے پہلے تو یہ ایسا کر سکتے ہیں کہ ایسے ماحول سے خود کو دور رکھیں لیکن شادی کے بعد اگر ان کی بیوی تیز طرار نہ ہو تو ان کے لئے مشکلات کے دور کا آغاز ہوتا ہے۔ ایسے میں ان کی بیوی کا فرض ہے کہ اپنے شوہر کے اطمینان اور سکون کا خیال رکھے تا کہ ان کی کارکردگی پر اثر نہ پڑے ورنہ یہ وہ لوگ ہیں جن کا اگر ذہنی سکون برباد ہو جائے تو زندگی کے کسی شعبے میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہتی۔
کامیاب لوگ
ثور افراد کامیابی کو پسند کرتے ہیں اور ان لوگوں کو بھی پسند کرتے ہیں جو کامیاب ہوتے ہیں یا کامیاب کے لئے کوشاں ہوتے ہیں۔ ان لوگوں کی نگاہیں ان افراد کو تلاش کرتی رہتی ہیں جن میں کامیابی حاصل کرنے کی خواہش ہو، وہ ان لوگوں کو دوست بنا لیتے ہیں اور کامیابی کے سفر میں انہیں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ کاروباری معاملات میں بھی یہ ایسے ہی ہوتے ہیں، یہ ان لوگوں پر نظر رکھتے ہیں جو کاروباری لحاظ سے کامیاب ہوں، یہ انہیں دوست بنا کر انہیں کاروباری فائدے دیتے ہیں اور ان سے کاروباری فائدے لیتے ہیں
مدد گار
بنیادی طور پر یہ لوگ ان لوگوں کی مدد کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جو کسی بھی حوالے سے مستحق ہوں۔ اس طرح ہم ان کے لئے ’’مدد گار‘‘ کا خطاب استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ جب کسی کو بے یارو مدد گار دیکھتے ہیں تو یہ تمام مصلحتوں کر بالائے طاق رکھ کر اس کی مدد پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔ ان کی اس عادت سے اکثر لوگ واقف ہوتے ہیں اور ان سے برے وقت میں مدد طلب کرتے ہیں، یہ مدد مالی طور پر بھی ہو سکتی ہے اور جسمانی یا کسی اور حوالے سے بھی۔ ان لوگوں کی اس عادت کی وجہ سے کئی لوگ ان سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ اگر یہ لوگ انہیں پہچان جائیں تو فوری طور پر ان سے قطع تعلق کر لیتے ہیں
قول کے پکے
یہ لوگ قول کے پکے ہوتے ہیں۔ یہ جو بات کہہ دیں اس پر ہر طرح سے عمل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی اس خوبی کی وجہ سے لوگ ان کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان سے کوئی بھی معاملہ طے کر کے انہیں یہ خدشہ نہیں ہوتا کہ یہ لوگ اپنے قول سے پھر جائیں گے۔ ان لوگوں کی یہ عادت انہیں بہت فائدہ پہنچاتی ہے۔ مثلاً اگر یہ کسی سے کاروباری معاملہ کر رہے ہیں تو قول کا پکا ہونے کی وجہ سے یہ دوسرے فریق سے کیا گیا قول پورا کرتے ہیں جس سے اس کے دل میں ان کی قدر بڑھ جاتی ہے۔
با ذوق
یہ بہت با ذوق لوگ ہوتے ہیں۔ زندگی کا کوئی بھی معاملہ ہو یہ اپنے ذوق کا مظاہرہ کرتے ہیں اور لوگوں میں اس حوالے سے مشہور ہو جاتے ہیں۔ اگر معاملہ کھانے پینے کا ہو تو یہ اعلیٰ غذائیں پسند کرتے ہیں۔ اگر لباس کی بات ہو تو یہ بہت عمدہ لباس کا انتخاب کرتے ہیں اور اگر گھر کا معاملہ ہو تو یہ اچھا گھر چاہتے ہیں۔ غرض زندگی کے تمام شعبوں میںیہ اعلیٰ ذوق رکھتے ہیں۔
دوسروں پر اعتماد
یہ چونکہ پر خلوص اور دیانت دار لوگ ہوتے ہیں اس لئے اکثر اس غلط فہمی کا شکار رہتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی انہی جیسے ہیں اور یہ ان پر بھرپور اعتماد کر لیتے ہیں لیکن جب انہیں کسی کی طرف سے دھوکا ملتا ہے تو ان کی آنکھیں کھلتی ہیں اور یہ محتاط ہو جاتے ہیں
نصیحت
ان لوگوں کو ان افراد سے بہت چڑ ہوتی ہے جو انہیں بلا وجہ نصیحت کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص انہیں اچھی اور مناسب وقت پر نصیحت کرے تو یہ برا نہیں مانتے لیکن جن لوگوں کو بلا وجہ نصیحتیں کرنے کی عادت ہوتی ہے، یہ ان سے قطع تعلق کر لیتے ہیں اور اگر وہ تب بھی ان کی جان نہ چھوڑیں تو ان کے ساتھ برا رویہ اختیار کرتے ہیں اور اس حوالے سے اکثر ان کی لڑائی بھی ہو جاتی ہے۔
مخالفت
ان لوگوں کو کسی بھی حوالے سے اپنی مخالفت پسند نہیں ہوتی۔ اگر کوئی ان کی مخالفت کرے تو یہ اس سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں اور بات اگر ہاتھا پائی پر آ جائے تو یہ اس سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ اس لئے لوگوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ کسی بھی ثور افراد کی مخالفت کر کے انہیں شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور چونکہ ان لوگوں کی زندگی میں بپھرے ہوئے بیل کی خصوصیات شامل ہیں اس لئے ایسے اوقات میں ان کی یہ خصوصیات سامنے آ سکتی ہیں
عجلت پسندی
ثور افراد میں میں سے اکثر ایسے ہوتے ہین جو عجلت پسند نہیں ہوتے جبکہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے جو عجلت پسند ہوتے ہیں جو لوگ عجلت پسند نہیں ہوتے وہ بھی کبھی کبھار کسی کام میں تیزی دکھا جاتے ہیں، اکثر اوقات ان لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور یہ طے کر لیتے ہیں کہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے لیکن بعد میں یہ اپنے اس عہد کو بھول جاتے ہیں۔
با اصول
یہ لوگ بہت با اصول ہوتے ہیں۔ دنیا کے بنائے ہوئے اصولوں سے تو انہیں زیادہ دلچسپی نہیں ہوتی اور نہ ہی یہ ان پر چلنا ضروری سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے اپنی زندگی کے لئے کچھ اپنے ہی اصول و ضوابط طے کر رکھے ہوتے ہیں جن پر پورے طور پر کاربند ہوتے ہیں اور ان کی خلاف ورزی نہیں کرتے۔ مثلاً اگر انہوں نے صبح جلد اٹھنے کا اصول بنا رکھا ہے تو یہ ہر حال میں وقت پر اٹھ جائیں گے اور اگر رات کو سونے کا کوئی وقت متعین کر رکھا ہے تو ہر صورت میں اس وقت سو جانا پسند کرتے ہیں۔ اس طرح ورزش، تفریح دیگر کاموں کے لئے بھی انہوں نے اصول بنا رکھے ہیں۔
ساحرانہ کشش
ان لوگوں میں بڑی ساحرانہ کشش ہوتی ہے جس کوئی خاص نام تو نہیں دیا جا سکتا لیکن اس کی وضاحت اس طرح کی جا سکتی ہے کہ جب کوئی انہیں دیکھتا ہے تو اسے ان میں کوئی ایسی انجانی کشش محسوس ہوتی ہے جو اسے سمجھ نہیں آتی لیکن وہ ان لوگوں کی جانب دیکھنا پسند کرتا ہے۔
محبت بھرا دل
ان کے پاس محبت بھرا دل ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ دنیا میں محبتیں بانٹنا چاہتے ہیں، یہ ہر کسی سے خوش دلی سے بات کرتے ہیں اور ہر دم اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ ان کی کسی بات سے کسی کی دل شکنی نہ ہو۔ ان کے تمام تر اچھے رویوں کے باوجود اگر کوئی ان سے اچھی طرح نہ ملے تو انہیں بہت دکھ ہوتا ہے، یہ اس سے فوری طور پر قطع تعلق نہیں کرتے بلکہ اسے سمجھاتے ہیں، اس کے باوجود اگر اس کا رویہ برقرار رہے تو یہ اسے قطع تعلق کی وارننگ دے دیتے ہیں اور تب بھی اگر اس پر کوئی اثر نہ ہو تو یہ واقعی اس سے تعلقات ختم کر لیتے ہیں۔
آگے بڑھنے کی خواہش
ان لوگوں میں آگے بڑھنے اور ترقی حاصل کرنے کی بڑی خواہش ہوتی ہے، ویسے تو یہ خواہش دنیا کے تقریباً تمام لوگوں میں موجود ہوتی ہے لیکن اکثر لوگ ترقی کے لئے غلط راستوں کا انتخاب کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے یا پھر کئی لوگ جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں جبکہ ثور افراد نہ تو غلط راستوں کا انتخاب کرتے ہیں اور نہ ہی جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں بلکہ یہ اپنی محنت سے ترقی حاصل کرنا چاہتے ہیں اگر انہیں کسی غلط طریقے سے ترقی حاصل کرنے کا موقع مل جائے تب بھی یہ اس موقع سے قطعاً کوئی فائدہ نہیں اٹھاتے۔
خشک مزاج
ان لوگوں کے بارے میں ہم نے اب تک جو لکھا ہے اس میں ان کی اتنی خوبیاں بیان کی گئی ہیں کہ یہ بہت ہی اچھے لوگ ثابت ہوتے ہیں لیکن ان لوگوں میں صرف خوبیاں ہی نہیں ہوتی ہیں بلکہ دیگر لوگوں کی طرح ان کی فطرت کے کئی منفی پہلو بھی ہوتے ہیں جن میں سے اک یہ ہے کہ یہ بڑے خشک مزاجی ہوتے ہیں لیکن ہم یہ ضرور کہیں گے کہ ان کی یہ خشک مزاجی ہر وقت نہیں ہوتی ہے بلکہ کچھ خاص مواقع پر یہ اس کا مظاہرہ کرتے ہیں مثلاً اگر یہ کسی وجہ سے پریشن ہوں، انہیں کوئی ناکامی ہوئی ہو یا یہ کسی صدمے کا شکار ہوئے ہوں۔
سیرو تفریح
یہ لوگ سیرو تفریح کرنا پسند کرتے ہیں۔ یہ قدرتی مناظر کے دلدادہ ہوتے ہیں اور ایسی جگہوں پر جانا پسند کرتے ہیں جہاں فطری مناظر ہوں۔ مثلاً یہ کسی باغ میں جانا پسند کریں گے یا ساحل سمندر پر چلے جائیں گے۔ اس طرح کوئی پہاڑی علاقہ انہیں متاثر کر سکتا ہے یا برف باری میں یہ خوب انجوائے کر سکتے ہیں۔ یہ اپنے شہر، گاؤں یا قصبے وغیرہ کے تفریحی مقامات پر جاتے ہیں، ذرا سہولت ہو تو یہ دوسرے شہروں کا رخ کرتے ہیں اور اگر حالات بہت اچھے ہوں تو یہ دوسرے ممالک میں بھی جاتے ہیں۔
حاکمانہ انداز
اکثر ان لوگوں کا انداز حاکمانہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ خود کو دوسروں سے ذرا اونچا سمجھتے ہیں، حالانکہ یہ ان کی خامی ہے لیکن اپنی اس خامی میں یہ لوگ بہت شدت سے گرفتار ہوتے ہیں، ویسے تو اکثر ثور افراد کو اپنی اس خامی کا ادراک ہی نہیں ہوتا لیکن جن لوگوں کو پتہ چل جائے وہ بھی اس پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوتے۔ اس وجہ سے اکثر انکی تلخ کلامی اور جھگڑے ہوتے رہتے ہیں کیونکہ ہر کوئی ان کے تحکمانہ انداز برداشت نہیں کر سکتا۔ ان لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ اپنی اس خامی پر ہر حال میں قابو پائیں۔
بے صبری
عام حالات میں تو یہ لوگ بہت تحمل مزاج ہوتے ہیں، ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں، عجلت میں کوئی قدم نہیں اٹھاتے لیکن بہرحال انسان ہونے کے ناطے یہ انسانی فطرت سے مبرا نہیں ہوتے، بے صبری ہر انسان میں ہوتی ہے اس لئے ثور افراد بھی اکثر اس کا شکار ہو جاتے ہیں لیکن یہ زیادہ دیر اس کیفیت میں نہیں رہتے بلکہ اس پر جلد از جلد قابو پالیتے ہیں، اس کے باوجود اکثر اپنی بے صبری کے دوران یہ اپنے چھوٹے بڑے نقصانات کر لیتے ہیں لہٰذا ان کے لئے ضروری ہے کہ اپنی اس خامی پر قابو پائیں۔
پیسے کے پجاری
یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ان لوگوں کو اکثر ’’پیسے کا پجاری‘‘ کا خطاب دے دیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ خوب دولت اکٹھی کر رہے ہوتے ہیں اور اسے خرچ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ اس حوالے سے لوگ انہیں مختلف خطابات سے نوازتے رہتے ہیں۔ ان کے لئے ضروری ہے کہ یہ اپنی اس عارضی خامی کو دور کریں۔ عارضی خامی ہم اس طرح کہہ سکتے ہیں کہ دولت کی جانب اس قدر جھکاؤ عارضی ہی ہوتا ہے اور عام حالات میں یہ ایسا نہیں کرتے۔
محاسبہ
یہ لوگ عام طور پر دوسروں کا محاسبہ کرتے رہتے ہیں۔ یہ ان کا بغور جائزہ لیتے ہیں، ان کی خوبیوں اور خامیوں پر نظر رکھتے ہیں، ان کی خوبیوں پر تعریف کریں یا نہ کریں لیکن ان کی خامیوں پر خوب تنقید کرتے ہیں۔ دوسروں کی حد تک تو بات سمجھ میں آتی ہے کیونکہ دنیا کے اکثر انسانوں کو یہی رویہ ہے کہ وہ دوسروں کی خامیوں پر دل کھول کر تنقید کر لیتے ہیں۔ لیکن ثور افراد میں ایک خاصیت یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ اکثر اوقات دوسروں کا محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا محاسبہ بھی شروع کر دیتے ہیں، ایسے میں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ اپنی ذات سے الگ ہو گئے ہوں اور اپنے بارے میں یہ اس طرح فیصلے دیتے ہیں جیسے وہ کوئی اور فریق ہو۔
کیا آپ جانتے ہیں
کیا آپ چاہتے ہیں کہ کسی ثور فرد کو دوست بنا لیں؟ اگر آپ ایسا چاہتے ہیں تو آپ کو مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا ہے۔ * اس کے ساتھ سچ بولیں۔ * اسے دھوکا نہ دیں۔ * کسی بھی طرح اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ * سب کے ساتھ ہمدردی کریں۔ * دوسروں کی مدد کریں۔ * بے وقوفی کا مظاہرہ نہ کریں۔ * خود کو محنتی ثابت کریں۔ * در گزر کریں۔ * معمولی باتوں پر بحث و مباحثہ نہ کریں۔ * دھوکا دہی سے گریز کریں۔ * عجلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ * منفی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ * حسد نہ کریں۔ * منشیات کا استعمال نہ کریں۔ ہوشیار یہ لوگ اس حوالے سے بہت ہوشیار ہوتے ہیں کہ یہ دوسروں کی باتوں میں نہیں آتے، اگر انہیں کوئی ورغلانے کی کوشش کرے تو اکثر ایسا ہوتا ہے کہ یہ فوراً سمجھ جاتے ہیں لیکن اپنی ذہانت کی وجہ سے اسے فوری طور پر نہیں کہتے کہ یہ اسے سمجھ چکے ہیں بلکہ یہ انجان بنے رہتے ہیں اور اسے زیادہ سے زیادہ موقع دیتے ہیں اور جب یہ سمجھتے ہیں کہ اسے زیادہ موقع نہیں دینا چاہئے تو یہ اسے بتا دیتے ہیں کہ اب یہ اسے مزید کچھ کہنے سننے کا موقع نہیں دیں گے اور اس طرح یہ اس سے قطع تعلق کر لیتے ہیں۔ لوگوں سے ملنا ہم ان لوگوں کے بارے میں یہ بھی لکھ چکے ہیں کہ یہ تنہائی پسند ہوتے ہیں اور شور شرابے سے انہیں نفرت ہوتی ہے لیکن اب ہم یہ بھی ضرور لکھیں گے کہ یہ لوگوں سے ملنا جلنا بھی پسند کرتے ہیں بلکہ یہ کہنا مناسب ہے لوگوں سے ملنا جلنا پسند کرتے ہیں۔ یہ لوگوں کے درمیان رہ کر مطۂن رہتے ہیں اور خوشی محسوس کرتے ہیں لیکن ایسے لوگوں اور ماحول میں یہ رہنا پسند کرتے ہیں جو ان کی مرضی کے مطابق ہو۔ پر سکون جگہیں ان کی آئیڈیل ہوتی ہیں۔ پر وقار تقریبات کو یہ پسند کرتے ہیں اور اچھے لوگوں میں رہنا چاہتے ہیں۔ اگر لوگ اور ماحول ان کی مرضی کے خلاف ہوں تو یہ وہاں سے دور ہو جاتے ہیں۔
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
عقرب
عقرب گہری سوچ رکھنے والا، راز اور دوبارہ پیدا ہونے کا کردار ادا کرتا ہے۔
میزان
میزان توازن کا ماہر، حسین منظر اور تعلقات میں ہم آہنگی پسند کرتا ہے۔
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں