مکمل راستہ
برج
ثور
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 21؍ اپریل تا 21 ؍ مئی نشان ۔۔۔۔۔۔ بیل حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ عنصر ۔۔۔۔۔۔ مٹی موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ اور ہفتہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ عقیق، مرجان ، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا، اورنج اور گلابی موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 4 موافق دھات ۔۔۔۔۔۔ پیتل اور تانبہ
ثور افراد کی اپنے اور دوسرے برج والے افراد سے شادیاں
ثور عورت اور جدی مرد
تفصیل
جدی مرد بہت ذہین ، خاموش طبع اور پر سکون زندگی کے خواہش مند ہوتے ہیں یہ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانے کے قائل ہیں۔ جلد بازی کو یہ بالکل پسند نہیں کرتے، یہ اپنے گھر اور اہل خانہ سے بہت محبت کرتاہے، اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر معاشرے میں ممتاز حیثیت رکھتا ہو، اس لئے یہ خود بھی کامیابی کے لئے کوشاں رہتا ہے اور بچوں کو بھی اچھی تعلیم و تربیت دیتا ہے۔ ساتھ ہی اچھے علاقے میں رہنا پسند کرتا ہے، ایسی جگہ جہاں تعلیم یافتہ اور کامیاب لوگ رہتے ہوں۔ جدی مرد ذمہ دار ہوتے ہیں اس لئے اپنے گھر کی تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہیں۔ یہ گھر میں اپنی مرضی چلانا پسند کرتے ہیں لیکن اگر ان کی بیوی اچھے طریقے سے گھر چلا رہی ہو تو یہ اپنے احکامات نہیں دیتے۔ یہ مرد بہت سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتے ہیں اور فضول خرچی بالکل نہیں کرتے، مستحکم زندگی گزارنے کی خواہش رکھنے کے سبب یہ خود کو مالی طور پر مضبوط رکھتے ہیں۔ اس مرد کو گھریلو امور سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی اس لئے گھر کے تمام امور یہ بیوی پر چھوڑ دیتے ہیں لیکن مالی معاملات کو اپنے ہاتھوں میں ہی رکھتے ہیں۔ یہ مرد زیادہ سے زیادہ دولت کمانے کی خواہش رکھتا ہے اور اس کے لئے خوب محنت بھی کرتا ہے۔ بچوں کی تربیت یہ بہت اچھے انداز میں کرتا ہے۔ ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کے علاوہ انہیں مناسب وقت بھی دیتا ہے۔
متعلقہ صفحات
21 صفحاتثور مرد اور حمل عورت
یہ لوگ شادی کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہیں کہ جس سے شادی کی جائے اس سے اختلافات کو زیادہ طویل نہیں کیا جائے۔ لیکن ایسی سوچ پر زیادہ ثور مرد ہی قائم رہتا ہے کیونکہ حمل عورت یہ بات سوچتی تو ہے لیکن اس پر عمل کرنا یا قائم رہنا اس کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ حمل عورت کو اپنے غصے پر قابو نہیں رہتا، ایسے میں اس کے منہ میں جو بھی آتا ہے وہ بک دیتی ہے، اس طرح جھگڑے طویل سے طویل ہوتے جاتے ہیں، باوجود اس کے کہ ثور مرد ایسے جھگڑوں کو طویل نہیں کرنا چاہتے۔ حمل خواتین چاہتی ہیں کہ شوہر سمیت تمام لوگ ان کے اشاروں پر چلیں۔ اس وقت بات چونکہ شادی کی ہو رہی ہے اس لئے ہر شوہر کے حوالے سے یہ کہیں گے کہ ثور مرد یوں تو ٹھنڈے مزاج کے ہوتے ہیں اور لڑائی جھگڑوں سے دور رہنا چاہتے ہیں لیکن ان کی برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور حمل عورت ثور شوہر کو اس حد تک لے آتی ہے جہاں اس کی قوت برداشت ختم ہو جاتی ہے اور وہ لڑائی جھگڑے پرآمادہ ہو جاتاہے۔ حمل خواتین کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ تیز زبان ہونے کے ساتھ ساتھ ہر معاملے میں تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ یہ چاہتی ہیں کہ جو کچھ یہ چاہتی ہیں، اس پر فوراً عمل ہو جائے۔ اگر شوہر ان پر قابو نہ پائے اور نرم مزاجی کا مظاہرہ کرے تو یہ واقعی اسے اشاروں پر نچانا شروع کر دیں۔ یہ خواتین دوسروں پر تو خوب تنقید کرتی ہیں لیکن اگر ان پر کوئی تنقید کر دے تو یہ چراغ پا ہو جاتی ہیں اور جھگڑا بڑھانے میں دیر نہیں لگاتیں۔ جہاں ان خواتین میں بہت سی خامیاں ہوتی ہیں وہیں ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ مستقل مزاج ہوتی ہیں۔ یہ اگر ایک کام کرنے کی ٹھان لیں تو اسے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتی ہیں۔ یہ خواتین حسن کے معاملے میں بڑی حساس ہوتی ہیں، اپنے حسن کو قائم رکھنے کے لئے یہ نہ صرف خوراک اور ورزش کی جانب توجہ دیتی ہیں بلکہ میک اپ کا سہارا بھی لیتی ہیں۔ ان میں حسد کا مادہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ اگرانہیں خود سے زیادہ کوئی حسین عورت نظر آجائے تو یہ اس سے حسد کرنے لگتی ہیں۔ پہلے تو ان کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح خود کو اس سے زیادہ حسین ثابت کریں، اس کے لئے یہ ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتی ہیں اور اگر اپنی ان کوششوں میں ناکام ہو جائیں تو اس عورت سے دور ہو جاتی ہیں۔ اس گھرانے کو قائم رکھنے کی زیادہ ذمہ داری شوہر پر عائد ہوتی ہے۔ وہ اگر زہر کے گھونٹ پی سکتا ہے تو یہ گھرابہی قائم رہے گا۔
ثور مرد اور ثور عورت
یہ جوڑا اگر چاہے تو خوش گوار زندگی گزارنے کے لئے یہ طے کر سکتا ہے کہ انہیں کون کون سے اچھے اصول اپنانے ہیں اور کن باتوں سے گریز کرنا ہے۔ اگر یہ لوگ ایسا نہ کریں تو خاصی الجھنیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ کئی معاملات میں یہ متفق ہوتے ہیں لیکن جب ایک دوسرے کی مخالفت پر آ جائیں تو بڑی مشکل ہو جاتی ہے۔ ان کے بارے میں ہم نے گزشتہ صفحات میں لکھا ہے کہ یہ اپنے مؤقف پر اڑ جانے والے ہوتے ہیں۔ اس لئے جب کوئی ایسی صورت حال آ جائے تو یہ بڑی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ اپنے درمیان خلیج پیدا کر لیتے ہیں اور دونوں ہی اسے ختم نہیں کرنا چاہتے اس سے خاصی تلخی ہو جاتی ہے۔ انکے بارے میں یہ بھی لکھا جا چکا ہے کہ یہ خاصے غصہ ور بھی ہوتے ہیں۔ اس لئے اگر دونوں کو ایک دوسرے پر بیک وقت غصہ آ جائے تو تب بھی مشکل صورت حال پیدا ہو جاتی ہے، ایسے میں ذرا سی تلخی بہت بڑے جھگڑے کا سبب بن جاتی ہے اور جھگڑا اگر ختم نہ کیا جائے تو صورت حال سنگین بھی ہو جاتی ہے۔ عام حالات میں دونوں ہی اپنے گھر کو بہتر بنانے کے خواہش مند ہوتے ہیں اور انہیں اسی ڈگر پر چلنا بھی چاہئے کیونکہ یہ ان کے لئے سب سے بہتر راستہ ہے، انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ ہٹ دھرمی، ضد اور غصے سے یہ خود کو ذرا دیر کے لئے تسکین تو دے لیں گے لیکن انہیں بعد میں کسی پچھتاوے کے سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر یہ دونوں فیصلہ کر لیں کہ انہیں اپنے گھر کو بہت خوش حال بنانا ہے اور مالی لحاظ سے بھی ایک مستحکم زندگی گزارنی ہے تو یہ ان کے لئے بہت اچھا ہو گا۔ اس طرح انہیں اس بات پر بھی متفق ہو جانا چاہئے کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینا ہے اور تلخیوں کو ختم کرنا ہے۔ اگر جھگڑا ہو جائے تو اسے بڑھانا نہیں ہے۔ اس طرح دوسروں کو اپنے معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دینی۔ انہیں یہ سمجھوتا بھی کر لینا چاہئے کہ رقم کو پس انداز کرنا ہے۔ اس طرح کے سمجھوتوں سے یہ خود کو کئی باتوں کا پابند کر لیں گے اور لڑائی جھگڑوں کے امکانات خاصی حد تک ختم ہو جائیں گے۔ ثور خواتین اپنے حسن کے معاملے میں بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے یہ اکثر حسد کا شکار ہو کردوسری خواتین کو نیچا دکھانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگتی ہیں جس میں ان کی جسمانی محنت تو ہوتی ہی ہے لیکن ایسے اوقات میں اکثر یہ میک اپ کا سہارا بھی لیتی ہیں اور میک اپ کے لئے بازار میں موجود قیمتی سے قیمتی اشیاء خریدنے سے بھی گریز نہیں کرتیں، یوں یہ فضول خرچی پر اتر آتی ہیں جس سے ان کے شوہر کو خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ یہ خواتین مہینے بھر کا بجٹ صرف چند دنوں میں برباد کر دیں۔ اس لحاظ سے انہیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہیں سوچ لینا چاہئے کہ میک اپ حسن کو بڑھانے کا سبب نہیں بن سکتا بلکہ در اصل یہ اصلیت کو چھپا دیتا ہے اور اصلیت کو چھپا کر بھلا کس طرح مطأن رہا جا سکتا ہے؟ بچوں کے معاملے میں ان لوگوں کو زیادہ سختی سے کام نہیں لینا چاہئے۔
ثور مرد اور جوزا عورت
جوزا عورتوں کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ انہیں سمجھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ ان کا مزاج پل پل بدلتا رہتا ہے۔ ان کی ایک خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ جو کچھ ان کے دل میں ہوتا ہے، یہ اگر اس کا اظہار کرنا چاہیں تو دوسروں کو معلوم ہو سکتاہے اور اگر یہ اپنا راز دل میں رکھنا چاہیں تو پھر کوئی ان کو نہیں جان سکتا، ویسے یہ خواتین اپنے راز دل ہی میں رکھنا پسند کرتی ہیں۔ شادی سے پہلے جوزا خواتین کئی فلرٹ کر لیتی ہیں۔ در اصل یہ کسی آئیڈیل کی تلاش میں ہوتی ہیں اور ہر مرد کو یہی سمجھتی ہیں کہ وہ ان کا آئیڈیل ہے، وہ جب اس کابغور جائزہ لیتی ہیں تو بے شمار باتیں ان کی توقع کے خلاف سامنے آ جاتی ہیں اور یہ اس مرد سے مایوس ہو جاتی ہیں اور یہ سوچ کر کہ جس مرد کی انہیں تلاش تھی یہ وہ نہیں ہے پھر کسی اور مرد کی جانب متوجہ ہوتی ہیں۔ یہ خواتین بہت ہنسی مذاق کرنے والی ہوتی ہیں اس لئے اکثر مرد اس غلط فہمی میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ وہ انہیں پسند کرنے لگی ہیں، اس طرح جب وہ ان سے اپنے دل کی بات کہتے ہیں یا اظہار محبت کرتے ہیں تو یہ ان کا مذاق اڑاتی ہیں اور اس طرح ان کی دل شکنی کرتی ہیں۔ یہ خواتین ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو ذہین، محنتی اور ہر ماحول میں ڈھل جانے والے ہوں جبکہ ثور مرد بہت زیادہ محنتی نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ ہر طرح کے ماحول میں ڈھل سکتے ہیں اس لئے اگر کسی جوزا عورت کی شادی ثور مرد سے ہو جائے تو ان کی زندگی خوش گوار گزرنے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔ اگر انہیں اپنا گھرانہ قائم رکھنا ہے تو خاتون خانہ کو اپنی کئی عادتیں ترک کرنا ہوں گی کیونکہ ثور مرد بالکل یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ اس کی بیوی غیر مردوں سے ہنس ہنس کر باتیں کرے۔ جوزا خواتین کو امور خانہ داری سے کوئی خاصی دلچسپی نہیں ہوتی ہے، اس حوالے سے بھی شوہر کو خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان خواتین کے لئے ضروری ہے کہ : * شوہر کے جذبات و احساسات کا خیال کریں۔ * امور خانہ داری میں دلچسپی لیں۔ * فضول خرچی نہ کریں۔ * گھر سے باہر کی تمام مصروفیات کو ترک کر دیں۔ * بات بات پر غصہ نہ کریں بلکہ تحمل اور سمجھ داری کا مظاہرہ کریں۔ * اپنے شوہر کی آمدنی کے حساب سے گھر کے معاملات طے کریں۔ * گھر کو صاف ستھرا رکھیں۔ * بچوں کی طرف خاص توجہ رکھیں کیونکہ اگر انہوں نے ان کی جانب توجہ نہ دی تووہ کامیابیاں حاصل نہیں کر سکیں گے۔
ثور مرد اور سرطان عورت
اس جوڑے کی زندگی اچھی گزر سکتی ہے کیونکہ سرطان عورت جس طرح کے مرد کو پسند کرتی ہے وہ کوئی ثور مرد ہو سکتا ہے۔ سرطان عورت نے اپنے ذہن میں جس طرح کا آئیڈیل مرد بنا رکھا ہوتا ہے، ثور مرد ان کی خصوصیات پر مکمل طور پر تو پورا نہیں اترتا لیکن اس کی بے شمار خصوصیات سرطان عورت کو پسند ہوتی ہیں۔ مثلاً سرطان عورت چاہتی ہے کہ : * اس کا شوہر ذہین ہو۔ * وہ بہت زیادہ محنتی بھی ہو۔ * اس کے پاس دولت بھی ہو۔ * ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتا ہو۔ * خوب صورت ہو۔ * مضبوط اور صحت مند جسم کا مالک ہو۔ * خوش مزاج ہو۔ * اسے ہر طرح کا تحفط دے سکے۔ مندرجہ بالا باتوں کو دیکھا جائے تو ان میں سے کئی خصوصیات ثور مرد میں موجود ہوتی ہیں اس لئے سرطان عورت اسے پسند کرنے لگتی ہے۔ سرطان عورت کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ایک انجانے عدم تحفظ کا شکار رہتی ہے۔ اسے یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ اگر اسے کسی نے تحفظ فراہم نہ کیا تو اس کی زندگی نہ جانے کتنے سنگین مسائل کا شکار ہو جائے گی۔ ایسے میں ثور شوہر اسے اگر یہ یقین دلاتا رہے کہ اس کی موجودگی میں اسے کوئی خطرہ نہیں ہے ، وہ ہر قدم پر اس کا تحفظ کرنے کے لئے تیار ہے تو یہ عورت اپنے اس انجانے خوف سے نجات حاصل کر لیتی ہے۔ سرطان عورت امور خانہ داری میں خاصی دلچسپی رکھتی ہے۔ ساتھ ہی اسے اپنے گھر سے بھی بڑی محبت ہوتی ہے۔ یہ اس کے استحکام کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔ یہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتی جس سے اس کے گھر کی سلامتی کو خطرہ ہو۔ یہ عورت اپنے شوہر کی پوری طرح وفادار ہوتی ہے، اس کے جذبات و احساسات کا خیال رکھتی ہے۔ یہ ایک سلیقہ مند عورت ہوتی ہے، اس لئے اس کے گھر میں ہر چیز سلیقے سے رکھی ہوتی ہے اور صفائی پسند ہونے کی وجہ سے یہ گھر کو چمکتا دمکتا رکھتی ہیں۔ یہ عورت اپنے شوہر کی کئی کوتاہیوں کو در گزر کر دیتی ہے حتیٰ کہ اگر شوہر بے وفائی کو مرتکب ہو تب بھی اسے معاف کر سکتی ہیں بشرطیکہ شوہر معافی مانگ لے اور آئندہ ایسی کوئی حرکت نہ کرنے کا یقین دلائے۔ اس عورت کی سب سے بڑی کمزوری اس کی ماں ہے۔ یہ اپنی ماں کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتی۔ اس کے علاوہ اسے اپنے باپ، بہنوں اور بھائیوں سے بھی بڑی محبت ہوتی ہے۔ اپنے بچوں سے یہ عورت بڑی محبت کرتی ہے، ان کی اچھی طرح پرورش اور نگہداشت کرتی اور ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
ثور مرد اور اسد عورت
اس گھرانے میں خوش گوار ماحول بہت کم ہی میسر آتاہے کیونکہ اسد عورت بہت تیز مزاج کی ہوتی ہے۔ یہ کسی حال میں خوش نہیں رہتی۔ شوہر سے اگر یہ ایک فرمائش کر دے اور شوہر اسے پورا کر دے تو سب سے پہلے یہ اس میں ہزاروں عیب نکال دے گی اور پھر اپنے نصیب کا رونا روئے گی کہ ہائے میں کہاں پھنس گئی ہوں۔ اس کے بعد یہ دوسری فرمائش داغ دے گی۔ اگر شوہر سے پورا نہ کرنے کا کہے تو ایک آفت مچ جائے گی۔ یہ عورت غصے سے لال پیلی ہو جائے گی اور چیخ چیخ کر آسمان سر پر اٹھا لے گی۔ ایسی صورت میں شوہر بے چارہ یا تو معافی مانگ لے گا یا پھر وہ بھی اس کی طرح چیخ و پکار کرنے لگے گا جس کا نتیجہ کسی بڑے جھگڑے اور مار کٹائی کی صورت میں بھی سامنے آ سکتا ہے۔ اسد عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ سب لوگ اس کے اشاروں پر ناچیں، وہ شوہر کو بھی اپنا غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔ ثور شوہر ویسے تو ٹھنڈے مزاج کا ہوتا ہے اور لڑائی جھگڑوں سے دور رہنا چاہتا ہے لیکن یہ عورت اسے اتنا تنگ کر دیتی ہے کہ اس کی قوت برداشت ختم ہو جاتی ہے اور اس کے پاس سوائے لڑائی جھگڑے کے اور کوئی راستہ نہیں رہتا۔ اسد عورت بہت خوب صورت اور پر کشش ہوتی ہے۔ اسے اپنے حسن پر بڑا ناز ہوتا ہے۔ یہ خود کودوسری خواتین سے ہر حال میں حسین رکھنا چاہتی ہے، اس کے لئے یہ خوراک اور ورزش وغیرہ پر توجہ رکھتی ہے، ساتھ ہی میک اپ کا سہارا بھی لیتی ہے۔ اس سلسلے میں یہ خوب جی بھر کے اخراجات بھی کرتی ہے اور شوہر بے چارے کو اپنی حیثیت سے زیادہ اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جب تک وہ چپ چاپ رقم خرچ کرتا رہتا ہے تو گھر میں سکون رہتا ہے اور جہاں کہیں اس نے کوئی بات کی وہیں سے شور شرابے اور جھگڑے کا آغاز ہو جاتا ہے، ایسے میں اکثر یہ خاتون یہ بھی کہتی ہے کہ تم میرے حسن سے جلتے ہو اور چاہتے ہو کہ میں بد صورت ہو جاؤں۔ اس عورت میں برداشت کا مادہ بہت کم ہوتا ہے۔یہ اپنے شوہر کی ذرا ذرا سی غلطیوں کو بھی نظر انداز نہیں کرتی، اگر اس کا شوہر کسی عورت سے ہنس کر بات کر لے تو اس کی شامت آ جاتی ہے۔ یہ اس سے بری طرح لڑنے جھگڑنے لگتی ہے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہے کہ اس کا شوہر اس عورت میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ایسے میں اگر وہ عورت اپنی جان چھڑا کر نہ چلی جائے تو وہ بھی اس کی بدکلامی کی زد میں آ جاتی ہے۔ اسد عورت تحکمانہ ذہنیت کی مالک ہے۔ وہ ہر کسی پر اپنا حکم چلانا چاہتی ہے۔ دیگر لوگوں سے تو اس کا کم ہی واسطہ پڑتا ہے لیکن شوہر کو تو ہر وقت اس کے پاس ہی رہنا ہوتا ہے لہٰذا وہی زیادہ اس کے رویوں کا شکار بنتا ہے۔ اس گھرانے کی سلامتی کا سارا دارومدار شوہر پر ہے۔ اگر وہ قوت برداشت سے کام لے گا تو گھر قائم رہ سکتا ہے، ساتھ ہی اپنے بچوں کی پرورش و تربیت بھی کرنی ہے کیونکہ اسد عورت بچوں پر زیادہ توجہ نہیں دیتی ہے
ثور مرد اور سنبلہ عورت
یہ جوڑا اچھی زندگی گزارتا ہے کیونکہ سنبلہ عورت بہت سمجھدار ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ جس طرح ہم نے اسد عورت کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ بات بات پہ اپنے شوہر سے لڑنے جھگڑنے لگتی ہے اور اسے اپنے اشاروں پر نچانا چاہتی ہے۔ سنبلہ عورت کا رویہ اس کے بر عکس ہوتا ہے، یہ اپنے شوہر پر حکم نہیں چلانا چاہتی بلکہ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر کے تمام معاملات شوہر کی مرضی سے چلیں۔ سنبلہ عورت امور خانہ داری میں بڑی دلچسپی رکھتی ہے۔ یہ گھر کے تمام کام بڑی خوش اسلوبی سے اور وقت پر کرتی ہے۔ یہ سلیقہ مند بھی ہے اس لئے اس کے گھر میں ہر چیز بڑے سلیقے سے رکھی ہوتی ہے۔ یہ گھر کو صاف ستھرا رکھتی ہے۔ سنبلہ عورت کے بارے میں اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ یہ کنجوس ہوتی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ کبھی کبھی یہ کنجوسی بھی کرنے لگتی ہے لیکن عام حالات میں یہ کفایت شعار ہوتی ہیں۔ یہ بہت سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتی ہے اور اس سے کسی قسم کی فضول خرچی کی وقع نہیں کی جا سکتی۔ سنبلہ عورت بہت حساس ہوتی ہے۔ یہ ذرا ذرا سی بات کا دل پر اثر لے لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر اس کا شوہر غلطی سے بھی کوئی سخت بات کہہ دے تو یہ دل شکستہ وہ جاتی ہے، ایسے میں یہ رونے بھی لگتی ہے، لہٰذا شوہر کے لئے ضروری ہے کہ کوئی ایسی بات نہ کرے جس سے اس کی بیوی کی دل شکنی نہ ہو۔ یہ عورت اپنے شوہر کی بڑی وفادار ہوتی ہے اور اس سے بھی وفا کی توقع رکھتی ہے۔ اگر شوہر بے وفائی کا مرتکب ہو جائے تو اس کے دل کو بڑی ٹھیس پہنچتی ہے۔ ایسے میں اگر شوہر معافی مانگ لے اور آئندہ ایسی کوئی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے تو یہ اسے کھلے دل سے معاف کر دیتی ہے لیکن شوہر کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہئے کہ اسے بار بار معافی ملے گی۔ اگر اس نے بار بار غلط حرکت کی تو اس کا انجام گھر کی تباہی بھی ہو سکتا ہے۔ سنبلہ عورت بھی دیگر عورتوں کی طرح اپنے حسن کے معاملے میں بڑی حساس ہوتی ہے۔ اس کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ یہ دنیا کی سب سے خوبصورت عورت نظر آئے۔ اس سلسلے میں یہ خوراک اور ورزش کا تو خیال رکھتی ہے لیکن میک اپ کا زیادہ سہارا نہیں لیتی کیونکہ یہ جانتی ہے کہ میک اپ کے لئے جو اشیاء درکار ہیں ان پر خاصی رقم خرچ ہو سکتی ہے۔ یہ عورت اپنے گھر کی سلامتی و خوشحالی کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے اسے اپنے شوہر کے جذبات و احساسات کا پورا پورا خیال ہوتا ہے۔ یہ ایک اچھی میزبان ہے اور مزے دارکھانے پکا کر اپنے شوہر کا دل جیت لیتی ہے۔ اس عورت کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اپنے گھریلو معاملات میں باہر کے لوگوں کو نہیں بولنے دیتی جس کی وجہ سے یہ کئی پریشانیوں سے محفوظ رہتی ہے یہ اپنے بچوں کی اچھی پرورش اور نگہداشت کرتی ہے۔
ثور مرد اور میزان عورت
میزان عورت کے مزاج کو سمجھنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے بلکہ یوں کہنا مناسب ہو گا کہ یہ عورت خود اپنے مزاج کو بھی سمجھ نہیں پاتی کیونکہ اسے پتہ ہی نہیں ہوتا کہ اگلے لمحات میں وہ کیا رویہ اختیار کرے گی۔ اگر وہ ابھی ہنس رہی ہے تو ممکن ہے ذرا دیر بعد وہ معمولی سی بات پر بہت زیادہ رنجیدہ نظر آنے لگے اور اس سے ذرا دیر بعد وہ کسی بات پر قہقہے لگا رہی ہو۔ شادی سے پہلے یہ عورت کئی فلرٹ کرتی ہے اور یہ عشق و محبت کے معاملات میں سنجیدہ نہیں ہوتی، خاص طور پر یہ لیلیٰ مجنوں والے عشق پر تو بالکل ہی یقین نہیں رکھتی ہے۔ اس کے لئے نا ممکن ہے کہ یہ کسی کی چاہت میں آہیں بھرے۔ یہ اگر آج ایک مرد کو اپنا آئیڈیل سمجھ رہی ہوتی ہے تو کچھ دن بعد اس میں اسے بے شمار خامیاں نظر آنے لگتی ہیں اور وہ اسے برا لگنے لگتا ہے۔ یہ عورت سوچتی ہے کہ یہ اس کا آئیڈیل مرد نہیں ہے۔ اس طرح یہ کسی اور مرد کی جانب متوجہ ہو جاتی ہے، اس کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس میں بھی اسے خامیاں نظر آنے لگتی ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ شادی کے بعد اس عورت کی زندگی یکسر بدل جاتی ہے اور یہ صرف اور صرف اپنے شوہر کی ہو کر رہ جاتی ہے۔ ایسے میں بیشتر میزان عورتوں کی شادی سے پہلے والی وہ عادت ختم ہو جاتی ہے کہ جب انہیں ہر مرد میں خامیاں نظر آتی تھیں اور یہ انہیں مسترد کر دیتی تھیں، اب ان کا شوہر ہی ان کے لئے سب کچھ ہوتا ہے، اس کے باوجود ان میں سے کئی عورتیں ایسی ہوتی ہیں جو اپنی اس عادت کو شادی کے بعد بھی ختم نہیں کر پاتیں، ایسے میں شوہر کو مسترد کر دینا تو آسان نہیں ہوتا اس لئے اختلافات اور جھگڑے جنم لیتے ہیں۔ ایسے میں ایسی عورتوں کے لئے ضروری ہے کہ اپنی اس خامی پر قابو پائیں ورنہ ان کا گھر برباد بھی ہو سکتا ہے۔ شادی کے بعد جو عورتیں سنجیدہ ہوتی ہیں وہ اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ وہ یہ جان لیتی ہیں کہ اب اس گھر کے علاوہ دنیا میں ان کے لئے اس سے بہتر اور کوئی جگہ نہیں ہے اس لئے وہ اس کی بہتری اور سلامتی کے لئے کوششیں کرتی ہیں۔ امور خانہ داری کی طرف اس عورت کا رجحان شادی کے شروع کے دنوں میں تو کوئی خاص نہیں ہوتا ہے لیکن بعد میں یہ اس بارے میں سنجیدہ ہوتی چلی جاتی ہے اور پھر گھر کے تمام امور نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتی ہے۔ اسے اپنے شوہر کے جذبات و احساسات کا پورا پورا خیال ہوتا ہے۔ یہ جانتی ہے کہ اسے کونسی باتیں بری لگتی ہیں اور کون سی اچھی۔ یہ اس کی نا پسندیدہ باتوں سے گریز کرتی ہیں اور پسندیدہ باتوں پر عمل کرتی ہیں۔ یہ عورت اپنے شوہر سے بہت وفا کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ اس کا شوہر بھی اس سے وفا کرے۔ اگر شوہر کی بے وفائی سامنے آئے تو یہ دل شکستہ ہو جاتی ہے لیکن حالات مناسب ہوں تو یہ درگزر کر سکتی ہے۔ یہ اپنے بچوں کی پرورش بڑے اچھے انداز میں کرتی ہے۔
ثور مرد اور عقرب عورت
عقرب عورت کے ساتھ ثور مرد کا گزارہ نہایت مشکل ہے کیونکہ عقرب عورت نہایت غصہ ور اور بد مزاج ہوتی ہے۔ یہ شوہر سمیت کسی کو خاطر میں نہیں لاتی۔ یہ ذرا ذرا سی بات پر بہت غصے میں آ جاتی ہے اور شور شرابا کرنے لگتی ہے۔ ایسے میں یہ بھول جاتی ہے کہ اس کی آوازیں محلے والے بھی سن رہے ہوں گے۔ اگر اسے یہ بات سمجھانے کی کوشش کی جائے تو یہ محلے والوں کو بھی برا بھلا کہنے لگتی ہے۔ ایسے میں شوہر خود کو شدید عذاب میں مبتلا محسوس کرنے لگتا ہے۔ ایک جانب تو عقرب عورت کی یہ خصوصیت ہے جو ہم نے اوپر بیان کی دوسری جانب یہ اکثر اپنے ایسے رویوں کے بالکل بر عکس رویہ بھی اختیار کر لیتی ہے۔ یہ بہت ہی شائستہ مزاج اور خوش گفتار بن جاتی ہے۔ شوہر کی اتنی خیر خواہی کرنے لگتی ہے کہ اسے اس کی باتوں پر یقین آ جاتا ہے لیکن بعد میں پھر اسے اس کی خطرناک عادتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عقرب عورت بہت حسین ہوتی ہے اور دنیا کی دیگر عورتوں کی طرح یہ بھی اپنے حسن کے بارے میں بہت حساس ہوتی ہے۔ یہ اپنے سے زیادہ حسین کسی عورت کو برداشت نہیں کر سکتیں۔ عقرب عورتوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ اپنے گھریلو معاملات میں کسی کو بولنے نہیں دیتیں۔ اگر یہ فیصلہ کر لیں کہ انہیں اپنے گھر کو ایک اچھا گھرانہ بنانا ہے تو پھر یہ بڑی بڑی قربانیاں دیتی ہیں۔ یہ اپنے غصے پر قابو پا لیتی ہیں اور کوئی ایسی حرکت نہیں کرتیں جس کی وجہ سے محلے یا لوگوں میں ان کی بدنامی ہو۔ اگر عقرب عورت یہ فیصلہ کرے کہ اب اس نے اپنا ایک بہترین گھرانہ بنانا ہے تو یہ گھر کی سجاوٹ اور صفائی ستھرائی کی جانب خصوصی توجہ دیتی ہے۔ یہ اچھے اچھے کھانے بناتی ہے اور جو کھانے اسے بنانے نہیں آتے، یہ انہیں دوسروں سے سیکھتی ہے۔ ایسے میں اس کی سلیقہ مندی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ اپنے شوہر سے بہت پیار کرتی ہے اور اس کے لئے ہر دکھ درد میں اس کے کام آتی ہے۔ یہ عورت بالکل برداشت نہیں کر سکتی کہ اس کے شوہر کی غیر موجودگی میں بھی کوئی اس پر تنقید کرے۔ اگر کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرے تو یہ اس سے سخت رویہ اختیار کر لیتی ہے۔ اس عورت کے ساتھ اگر شوہر نے کامیاب اور خوش حال زندگی گزارنا ہے تو اسے مندرجہ ذیل امور کا خیال رکھنا ہو گا۔ * بیوی کے غصے کا جواب غصے سے نہ دے۔ * بیوی کی کوتاہیوں کو نظر انداز کر دے۔ * کسی بھی طرح کے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گھر سے باہر نہ رہے۔ اس طرح سے بیوی کا غصہ مزید بڑھ جائے گا۔ * گھریلو ذمہ داریوں کو پورے طور پر نبھائے۔ * کوشش کرے کہ بیوی اس سے ناراض نہ ہو۔
ثور مرد اور قوس عورت
یہ جوڑا اس صورت میں اچھی زندگی گزار سکتا ہے جب شوہر اپنی بیوی کو اچھی طرح سمجھ لے۔ شوہر کو یہ جان لینا چاہئے کہ اس کی بیوی لمحہ لمحہ رنگ بدلتی فطرت کی مالک ہے۔ اگر وہ ابھی بہت خوش ہے تو ذرا ذرا دیر بعد بے حد رنجیدہ بھی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح اگر ابھی اس کا موڈ آف ہے تو کچھ دیر بعد وہ خوب ہنس ہنس کر باتیں کرتی نظر آئے گی۔ شادی سے قبل قوس عورت عشق و محبت کے معاملے میں کبھی سنجیدہ نہیں ہوتی بلکہ اس کے بر عکس وہ محبت کا ڈھونگ رچا کر مردوں کو بے وقوف ضرور بنا سکتی ہے۔ جیسا کہ ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ اس کی فطرت ایسی ہے کہ یہ لمحہ بہ لمحہ رنگ بدلتی رہتی ہے اس لئے ہم اسے واضح طور پر غیر مستقل مزاج کہہ سکتے ہیں۔ اس کی یہ غیر مستقل مزاجی جہاں زندگی کے اور شعبوں میں واضح طور پر نظر آتی ہے وہیں مردوں کا معاملہ بھی ہے، یہ کسی مرد کے فراق میں آہیں نہیں بھر سکتی۔ اس کے علاوہ اگر آج یہ ایک مرد کے ساتھ بے تکلف ہے تو کل اس کی جگہ دوسرا مرد بھی آ سکتا ہے ان باتوں سے یہ نتیجہ اخذ نہ کیا جائے کہ ان کا کردار خراب ہوتا ہے بلکہ ہنسنا کھیلنا اور زیادہ دوست بنانا ان کی عادت ہے۔ شادی کے بعد کچھ ایسی قوس خواتین ہیں جو اپنا پرانا رویہ بے قرار رکھتی ہے۔ ایسے میں شوہر کئی باتوں کو تو برداشت کر لیتا ہے لیکن اگر بیوی دوسرے مردوں سے راہ و رسم رکھنا چاہے تو بات خراب ہو جاتی ہے جبکہ اکثر قوس عورتیں شادی کے بعد خود کو بدل لیتی ہیں۔ ایسے میں ان کا شوہر ان کے لئے بری اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ وہ اسے ہی اپنا سب کچھ مان لیتی ہیں، کسی اور مرد کا خیال تک ان کے ذہن میں نہیں ہوتا۔ ان خواتین کو امور خانہ داری کی طرف آنے میں کچھ وقت تو لگتا ہے لیکن اگر انہوں نے یہ فیصلہ کر لیا ہوتا ہے کہ وہ یہ امور اپنے قابو میں کر کے رہیں گی تو وہ جلد یا بدیر ایسا کر لیتی ہیں۔ ان امور میں انہوں نے شادی سے پہلے کوئی خاص دلچسپی نہیں لی ہوتی ہے اس لئے گھر کے بیشتر کام حتیٰ کہ کھانا پکانا بھی انہیں بعد میں ہی سیکھنا پڑتا ہے۔ یہ خواتین کسی بھی صورت میں خود کو فضول خرچی سے نہیں روک سکتی ہیں۔ اگر شوہر گھر کے اخراجات کو لئے ایک مناسب رقم دے دے تو یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ یہ اسے پورے مہینے کی بجائے ایک ہفتے ہی میں خرچ کر دیں۔ اس لئے شوہر اگر گھر کے مالی امور اپنے ہاتھ میں رکھے تو بہتر ہے۔ یہ خواتین اچھی میزبان ہوتی ہیں اس لئے اکثر اپنی سہیلیوں اور رشتہ داروں وغیرہ کی دعوتیں اپنے گھر پر کرتی رہتی ہیں اور ساتھ ہی یہ تقریبات میں جانا بھی پسند کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں سیرو سیاحت کے بے حد شوق ہوتا ہے۔ یہ کوئی ایسا قابل اعتراض شوق نہیں ہے جسے شادی کے بعد چھوڑ دیا جائے اس لئے یہ خواتین جس حد تک ممکن ہو سیرو سیاحت کرتی ہیں۔ بچوں کے معاملے میں یہ بہت حساس ہوتی ہیں۔ ان سے بے جا لاڈ پیار کرتی ہیں، اس طرح ان کے بگڑ جانے کا احتمال ہوتا ہے۔
ثور مرد اور جدی عورت
جدی عورت بہت سمجھدار اور معاملہ فہم ہوتی ہے۔ شادی سے پہلے یہ کسی مرد سے محبت تو کر سکتی ہے لیکن اس کی محبت یکطرفہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ یہ اپنے محبوب سے دل کا حال کہنے میں بہت ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہے۔ اس طرح اگر مرد بھی ہچکچاہٹف محسوس کرتا ہو تو یہ لو اسٹوری کئی سال تک خاموشی سے چل سکتی ہے۔ اس لئے اگر کسی مرد کو جدی عورت سے محبت ہو گئی ہے تو اسے اس انتظار میں نہیں رہنا چاہئے کہ محبوبہ کی طرف سے کوئی پیش قدمی ہو گی۔ اسے خود ہی پہل کر دینی چاہئے کیونکہ یہ بھی ہو سکتا ہے اس خاتون کا رشتہ آ جائے اس کی شادی طے ہو جائے اور یہ صاحب سوچتے ہی رہ جائیں۔ شادی کے بعد اس عورت کے ذہن میں اپنے شوہر کے علاوہ کسی اور مرد کا خیال نہیں ہوتا اس لئے ان کے شوہر کو چاہئے کہ اگر خاتون کسی مرد سے ہنس کر بات کر رہی ہے تو اس کی طرف سے کوئی شک دل میں پیدا نہ ہونے دے۔ یہ ایک ایسی عورت ہے جو سوچ سمجھ کر قدم اٹھاتی ہے۔ اس حوالے سے اکثر اسے سست بھی کہا جاتا ہے لیکن جو لوگ اس کے بارے میں گہرا تجزیہ رکھتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ یہ سست نہیں بلکہ بغور جائزہ لینے والی ہے جس کی وجہ سے یہ کوئی فوری فیصلہ نہیں کر پاتی۔ اس عورت میں ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ کاروباری معاملات کو بہت اچھی طرح سمجھ سکتی ہے اس لئے اگر شوہر کاروباری ہے تو یہ نہ صرف اسے اچھے مشوروں سے نواز سکتی ہے اس لئے اگر شوہر کاروباری ہے تو یہ نہ صرف اسے اچھے مشوروں سے نواز سکتی ہے بلکہ اگر شوہر چاہے تو عملی طور پر بھی اس کے لئے معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی طرح ثور خواتین کی بھی یہ کمزوری ہے کہ یہ خود کو سب سے زیادہ حسین رکھنا چاہتی ہیں حالانکہ یہ بہت زیادہ حسین نہیں ہوتی ہیں اس کے باوجود ان کے اندر سب سے زیادہ حسین نظر آنے کی خواہش شدت سے موجود ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں جہاں یہ خوراک اور ورزش کا سہارا لیتی ہیں وہیں یہ بڑھیا سے بڑھیا میک اپ بھی کرتی ہیں، اس معاملے میں یہ بے اختیار ہو کر فضول خرچی بھی کر بیٹھتی ہیں۔ ان خواتین کو اپنے ماں باپ، بہن بھائیوں اور رشتہ داروں سے بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ ان کی برائی وہ کسی اور سے تو کیا خود اپنے شوہر سے بھی نہیں کر سکتی ہیں۔ ان کی یہ عادت کچھ زیادہ اچھی نہیں ہے کہ یہ اپنے گھریلو معاملات میں ماں باپ، بہن بھائیوں یا رشتے داروں وغیرہ کو بولنے کا موقع دیتی ہیں، حالانکہ یہ بات ان کے ثور شوہر کو بالکل پسند نہیں ہوتی ہے اور وہ خود اپنے گھریلو معاملات میں باہر کے کسی فرد کو ملوث نہیں ہونے دیتا ہے۔ بچوں کے معاملے میں یہ خواتین بہت نرم مزاج ثابت ہوتی ہیں اور اکثر ان کا بے جا لاڈ پیار انہیں بگاڑ بھی دیتا ہے۔
ثور مرد اور دلو عورت
دلو عورت کے بارے میں اکثر لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم اسے سمجھ نہیں پاتے۔ ان کا یہ کہنا اس لحاظ سے درست ہوتا ہے کہ دلو عورت بہت پیچیدہ فطرت کی مالک ہوتی ہے۔ وہ کسی بھی معاملہ پر گہرائی سے سوچنے لگے گی اور جب اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرے گی تو سننے والا بھول بھلیوں میں گم ہو جائے گا کیونکہ اس عورت کے خیالات بہت پیچیدہ ہوتے ہیں لیکن ہم اس حوالے سے اسے بے وقوف نہیں کہہ سکتے بلکہ اس عورت کو دنیا کی ذہین ترین عورتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ شادی سے پہلے اگر کوئی مرد اس کی زلف گرہ گیر کا اسیر ہو جاتا ہے تو شروع میں وہ یہی وسمجھتا ہے کہ یہ عام سی لڑکی ہے لیکن بعد کی ملاقاتوں میں اسے پتہ چلتا ہے کہ یہ تو کسی معمہ سے کم نہیں ہے اور پھر جیسے جیسے وقت گزرتا ہے اس مرد کو احساس ہوتا ہے کہ دوستی کی حد تک تو یہ عورت ٹھیک ہے لیکن شادی کے بعد اس کے ساتھ ایک عام زندگی گزارنا مشکل ہے۔ شادی کے بعد اگر دلو عورت فیصلہ کر لے کہ بس اب اسے اپنے گھر کو ہی بنانا ہے اور یہی اس کا سب کچھ ہے تو اس کی تمام تر ذہانت اور سمجھداری کا رخ اس جانب ہو جاتا ہے۔ یہ اپنے گھر کو بہت سلیقے سے سجاتی ہے۔ اسے صاف ستھرا رکھتی ہے۔ کھانے پکانے کی طرف بھرپور توجہ دیتی ہے اور سب سے بڑھ کا اپنے شوہر کا بھرپور خیال رکھتی ہے۔ ایسے میں شوہر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی بیوی کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرے۔ اسے یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ اس کی بیوی نے پورے طور پر خود کو اس کے اور گھر کے لئے وقف کر دیا ہے اور وہ اس کی سلامتی و بہتری کے لئے دل و جان سے آمادہ ہے ایسے میں اس پر تنقید یا کسی بھی طرح کی حوصلہ شکنی اس کی دل شکستگی کا باعث بن سکتی ہے۔ دلو عورت خاصی ذہین ہوتی ہے اور یہ بھی دیگر عورتوں کی طرح خود کو حسین رکھنا چاہتی ہے لیکن یہ میک اپ کا سہارا لینے سے گریز کرتی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ فضول خرچ نہیں ہے اور میک اپ کو یہ فضول خرچی ہی سمجھتی ہے۔ اس کی کفایت شعاری کی عادت اس کے گھر کے لئے بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھرانے کو مستحکم اور مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اور یہ جانتی ہے کہ یہ استحکام اور مضبوطی پیسے ہی سے ہو سکتی ہے۔ اس لئے یہ رقم پس انداز رکھتی ہے اور وہ رقم اس کے برے وقت میں بھی کام آتی ہے۔ یہ عورت بہت دور اندیش ہوتی ہے۔ یہ موجودہ حالات سے اندازہ کر سکتی ہے کہ مستقبل میں ان کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ اپنی اس خوبی کو یہ زندگی کے تمام معاملات میں بروئے کار لاتی ہے اور زندگی کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بناتی ہے۔ یہ عورت بہت دور اندیش ہوتی ہے۔ یہ موجودہ حالات سے اندازہ کر سکتی ہے کہ مستقبل میں ان کے کیا اثرات مرتب ہوں گے، اپنی اس خوبی کو یہ زندگی کے تمام معاملات میں بروئے کار لاتی ہے اور زندگی کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بناتی ہے۔ بچوں کے معاملے میں یہ عورت دیگر کئی ماؤں کی طرح بہت حساس ہوتی ہے۔ یہ ان کی تربیت بڑے ناز و نعم سے کرتی ہے، کبھی کبھی اس کا لاڈ پیار بہت بڑھ جاتا ہے اور ایسے میں بچوں کے بگڑنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
ثور مرد اور حوت عورت
حوت عورت بہت حسین اور ذہین ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ حد سے زیادہ حساس بھی ہوتی ہے۔ یہ ذرا ذرا سی باتوں کا اثر دل پر لیتی ہے۔ یہ بہت ہمدرد اور پر خلوص ہوتی ہے۔ یہ کسی کو دکھ اور تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی۔ اس کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ دوسرے لوگوں کو بھی اپنی طرح سیدھا اور سچا سمجھتی ہے اور دوسروں پر اعتبار کر لیتی ہے، اس حوالے سے کئی مرتبہ بڑی چوٹ بھی کھاتی ہے اور یوں یہ فیصلہ کر لیتی ہے کہ آئندہ کسی کے ساتھ ہمدردی نہیں کرے گی لیکن افسوس کہ یہ بعد میں اپنے آپ سے کیا گیا عہد بھول کر ایک بار پھر چوٹ کھا لیتی ہے۔ اپنے گھر کو یہ بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس کا شوہر اس کے لئے سب کچھ ہوتا ہے، اسے کبھی بھی اپنے رعب میں لینے کی کوشش نہیں کرتی بلکہ اس کی حوصلہ افزائی اور تعریف کرتی رہتی ہے۔ اس کے جذبات و احساسات کا پورا پورا خیال رکھتی ہے۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانا نہیں چاہتی بلکہ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر کے تمام معاملات شوہر کی مرضی کے مطابق ہوں۔ اس کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ واحد عورت ہے جو اپنے شوہر کے لئے ہمیشہ بہت کشادہ ذہن رکھتی ہے اور اس سے کسی بھی حال میں الگ ہونے کا تصور نہیں کر سکتی، حالات چاہے کیسے بھی آ جائیں یہ علیحدگی پر آمادہ نہیں ہو گی۔ اس کا کہنا یہ ہوتا ہے کہ اس کا جین مرنا اس کے شوہر کے ساتھ ہے۔ اگر شوہر غلط راہوں پر چل پڑا ہو تو یہ اسے چھوڑنے کا خیال دل میں نہیں لاتی اور نہ ہی اسے لعن طعن کرتی ہے بلکہ یہ اسے ہر حال میں راہ راست پر لانے کی کوشش کرتی ہے اگر اسے ایسی کوششوں میں ناکامی ہو اور لوگ اسے علیحدگی کا مشورہ دیں تب بھی یہ شوہر کا ساتھ نہیں چھوڑتی۔ یہ عورت اپنے اندر بڑی ساحرانہ کشش رکھتی ہے۔ یہ بڑے کشادہ دل اور دماغ کی مالک ہوتی ہے۔ یہ معمولی باتوں پر بحث کرنا پسند نہیں کرتی بلکہ اس کے خیالات بہت اونچے ہوتے ہیں۔ چونکہ یہ تخیلاتی ذہن کی مالک ہوتی ہے۔ اس لئے اپنی ان صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گھر کو بہت خوبصورتی سے سجاتی اور سنوارتی ہے، اس کے علاوہ اس کا لباس اور ہیئر اسٹائل بھی بڑا منفرد ہوتا ہے۔ ہم نے اس کے حساس ہونے کے بارے میں لکھا ہے۔ یہ شوہر سے تعریف و توصیف کی خواہش رکھتی ہے اور اگر شوہر اسے کسی بات پر برا بھلا کہہ دے تو یہ آنسو بہانے بیٹھ جاتی ہے لیکن اگر اسے شوہر منائے تو یہ فورا مان جاتی ہے۔ یہ امور خانہ داری میں بڑی دلچسپی رکھتی ہے۔ گھر کے تمام کام وقت پر اور نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیتی ہے۔ ان خواتین کو میٹھے کھانے بہت پسند ہوتے ہیں۔ یہ تقریبات وغیرہ کی بہت شوقین ہوتی ہیں۔ اکثر اپنے گھر پر تقریبات وغیرہ منعقد کرتی رہتی ہیں اور دوسروں کی تقریبات میں شریک ہونا بھی پسند کرتی ہیں۔ بچوں کے معاملے میں یہ بہت نرم مزاج ہوتی ہیں، ان سے بے جا لاڈ پیار کر کے انہیں بگاڑ دیتی ہیں۔
ثور عورت اور حمل مرد
حمل مرد بہت تیز رفتاری سے کام کرنے کے عادی ہوتے ہیں جبکہ ثور عورت ہر کام میں سوچ سمجھ کر کرتی ہے، اس طرح کئی معاملات میں ان کے نظریات نہیں ملتے۔ اس کے علاوہ حمل مرد میں مستقل مزاجی بالکل نہیں ہوتی۔ اس کے فیصلے پل پل میں بدلتے رہتے ہیں۔ اس کے مزاج کا اثر اس کی جاب یا کاروباری معاملات پر بھی پڑتا ہے۔ یہ فرد جلد ہی ایک جاب سے اکتا جا تا ہے اور کسی دوسری جاب کا بندوبست کئے بغیر اسے چھوڑ دیتا ہے۔ یوں اکثر یہ اور اس کا گھرانہ معاشی مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس طرح اگر یہ کاروباری ہے تو بیوی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اس کا کاروبار کسی بھی وقت اس کی عجلت پسندی یا تیز رفتاری کے باعث ٹھپ ہو سکتا ہے۔ حمل مرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی بیوی بھی اس کے ساتھ اس تیز رفتاری سے چلے جس سے وہ چلتا ہے جبکہ ثور بیوی کے لئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہوتا اور اکثر اس حوالے سے مختلف معاملات میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ حمل مرد کو اپنے گھر یا بیوی بچوں سے کوئی خاص لگاؤ نہیں ہوتا۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانا چاہتا ہے۔ اگر بیوی اس سے بحث و مباحثہ یا جھگڑا کرے تو یہ اسے چھوڑنے میں دیر نہیں لگاتا۔ اس لئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس گھر کی سلامتی کی ذمہ داری خاتون خانہ پر ہوتی ہے۔
ثور عورت اور ثور مرد
یہ جوڑا یک جیسے ہی خیالات و عادات کا مالک ہوتا ہے۔ ان میں اکثر معاملات میں اتفاق رائے ہو جاتا ہے لیکن بیشتر معاملات میں یہ اپنے اپنے مؤقف پر اڑ جاتے ہیں۔ ان کے بارے میں ہم گزشتہ صفحات میں یہ لکھ چکے ہیں کہ یہ اپنے مؤقف پر اڑجانے والے ہوتے ہیں لہٰذا جب ایسی صورت حال پیدا ہو جائے تو معاملہ طویل اور بعض اوقات سنگین بھی ہو جاتاہے لہٰذا ان کے لئے ضروری ہے کہ اپنے گھرانے کے وسیع تر مفاد میں اپنی اس خامی پر قابو پائیں۔ جہاں انہیں اختلاف رائے محسوس ہو وہاں معاملے کو نمٹانے کے لئے کوئی نہ کوئی راستہ نکال لیں۔ اگر یہ دونوں فیصلہ کر لیں کہ انہیں اپنے گھرانے کو مستحکم اور خوش حال رکھنا ہے اور اس مد میں ہر قربانی دینی ہے تو یہ خود بخود اختلافی معاملات کو نظر انداز کر دیں گے۔ ثور مرد اپنے گھر کے حوالے سے بہت سنجیدہ اور حساس ہوتے ہیں۔ یہ اپنی گھریلو ذمہ داریاں پورے طور پر نبھاتے ہیں۔ یہ اہل خانہ کو تمام ضروریات زندگی وقت پر مہیا کر دیتے ہیں۔ یہ دونوں اپنے بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔ اکثر ان کا لاڈ پیار حد سے زیادہ بڑھ جاتا ہے اور بچے بگڑنے لگتے ہیں۔
ثور عورت اور جوزا مرد
جوزا مردوں میں وجاہت تو بہت ہوتی ہے لیکن ذہانت برائے نام ہی ہوتی ہے۔ شادی سے پہلے جو لڑکی ان کی خوبصورتی اور وجاہت سے متاثر ہو کر ان کی بیوی بن جاتی ہے وہ شادی کے بعد ان کی بے تکی حرکتوں کی وجہ سے اکثر اپنے شادی کے فیصلے پر پچھتانے لگتی ہے۔ جوزا مردوں کو گھر سے کوئی خاص لگاؤ نہیں ہوتا۔ یہ زیادہ ذمہ دار نہیں ہوتے اس لئے ایسے گھرانوں میں اکثر ذمہ داریاں خاتون خانہ کے کاندھوں پر آن پڑتی ہیں۔ جوزا شوہر اور کچھ کرے نہ کرے لیکن باتیں بڑی بڑی کرتا ہے اور خود کو دنیا کا ذہین ترین انسان سمجھتا ہے۔ جوزا مرد بڑے کھلے ہاتھ کا ہوتا ہے۔ اگر گھریلو اخراجات کے معاملات اس کے ہاتھوں میں ہوں تو یہ مہینے کے وسط تک پوری تنخواہ ختم کر دیتا ہے اور باقی مہینہ قرض پر گزارا کرتا ہے۔ اس لئے ایسے گھرانہ میں خاتون خانہ کے لئے ضروری ہے کہ گھر کے اخراجات کے معاملات اپنے ہاتھ میں رکھے۔ یہ مرد بڑے بڑے منصوبے بناتا ہے لیکن ان پر عمل نہیں کر پاتا۔ اس طرح اس کی ایک بری عادت یہ ہے کہ یہ اکثر کام شروع کرنے کے بعد انہیں مکمل نہیں کرتا۔ اس طرح اس کا پیسہ اور وقت برباد ہوتا ہے۔ اسے بچوں سے محبت توہوتی ہے لیکن یہ انہیں ذرا سا بھی وقت نہیں دیتا۔
ثور عورت اور سرطان مرد
اس جوڑے کی زندگی بہت اچھی گزرتی ہے کیونکہ سرطان مرد بہت محنتی اور ذہین ہوتا ہے۔ یہ جس شعبے کا بھی انتخاب کرے اس میں اپنی محنت اور ذہانت سے جلد از جلد بڑی کامیابی حاصل کر لیتا ہے۔ اپنے گھر کی طرف اس کی پوری پوری توجہ ہوتی ہے۔ یہ گھریلو ذمہ داریاں پورے طور پر نبھاتا ہے۔ اہل خانہ کو ضروریات زندگی بر وقت مہیا کر دیتا ہے۔ یہ اپنی بیوی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ویسے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر میں اس کا حکم چلے لیکن اگر بیوی اچھے طریقے سے معاملات چلا رہی ہو تو یہ اپنی مرضی تھوپنا نہیں چاہتے۔ اس مرد کو اکثر غصہ جلدی آ جاتا ہے۔ ایسے میں بیوی کے لئے ضروری ہے کہ وہ بحث و مباحثہ نہ کرے بلکہ شوہر کا غصہ ختم کرنے کی کوشش کرے۔ اگر اس نے ایسا نہ کیا اور شوہر سے لڑنے جھگڑنے لگی تو معاملہ سنگین بھی ہو سکتا ہے۔ یہ بڑا پر جوش اور دور اندیش مرد ہوتا ہے اور ساتھ یہ خود کو ہر وقت مستحکم رکھنا چاہتا ہے اس لئے یہ خاصی رقم اپنے پاس رکھتا ہے۔ یہ کسی صورت میں یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ اس کا گھرانہ مالی مسائل کا شکار ہو۔ یہ قرض لے یا لوگ اس کی مدد کریں یہ بچوں کی طرف پوری پوری توجہ رکھتا ہے اور انہیں وقت بھی دیتا ہے
ثور عورت اور اسد مرد
اسد مرد تحکمانہ مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔ اس لئے ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے گھر میں ان کا حکم چلے۔ اگر بیوی ان کے خیالات سے اختلاف کرے تو یہ اس سے لڑنے جھگڑنے لگتے ہیں لیکن جلد ہی یہ خود پر قابو پا لیتے ہیں۔ اگر بیوی رونے دھونے لگے تو یہ اس سے معذرت کر لیتے ہیں اور اسے منانے کے لئے ہاتھ بھی جوڑ لیتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں۔ وقتی طور پر تو وہ اسے جھاڑ پلا دیتے ہیں لیکن ان کا مقصد اس کی دل شکنی نہیں ہوتی اس لئے انہیں جب یہ احساس ہو جائے کہ بیوی کی دل شکنی ہوئی ہے تو اسے منانے لگتے ہیں۔ یہ ذمہ دار مرد ہوتے ہیں۔ اپنے گھر کی تمام ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھاتے ہیں۔ بس ان کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ کسی کا حکم نہیں مانتے اس لئے ان کی بیوی کے لئے ضروری ہے کہ ان سے پیار محبت سے اپنی بات منوائے اگر اس نے دھونس دھمکی سے اپنی بات منوانے کی کوشش کی تو یہ لڑنے جھگڑنے لگیں گے۔ ان مردوں کو گھریلو ذمہ داریوں سے دلچسپی ہوتی ہے لیکن عملی طور پر گھر کا کوئی کام کرنا پسند نہیں کرتے اس لئے گھر کے تمام امور خاتون خانہ کو ہی نمٹانے پڑتے ہیں۔ اسی طرح یہ مرد اپنے بچوں سے بہت پیار کرتے ہیں۔ ان کی پرورش میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے لیکن یہ بچوں کو وقت نہیں دے پاتے۔ یہ ان کی ہر خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں۔
ثور عورت اور سنبلہ مرد
سنبلہ مرد ذہین، محنتی اور تحمل مزاج ہوتے ہیں۔ یہ اپنے گھر سے بہت دلچسپی رکھتے ہیں اس لئے گھریلو ذمہ داریاں پورے طور پر نبھاتے ہیں۔ دنیا کے دیگر مردوں کی طرح ان کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے گھر میں ان کا حکم چلے لیکن یہ اس سلسلے میں زبردستی نہیں کرتے بلکہ تمام امور میں خاتون خانہ سے بھی مشورے کرتے ہیں اور اگر اس کا کوئی مشورہ اچھا ہو تو اپنی رائے مسلط کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ اس مرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی بیوی زندگی کے سفر میں اس کے شانہ بشانہ چلے۔ یہ بیوی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور کسی معاملے میں اس کی حوصلہ شکنی نہیں کرتے بلکہ اکثر کاموں پر اس کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ یہ مرد بہت صفائی پسند ہوتے ہیں اس لئے گھر میں ذرا سی بھی گندگی برداشت نہیں کر سکتے۔ اپنے کمرے کو تو اکثر یہ خود ہی صاف کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے آفس میں بھی اس کا یہی رویہ ہوتا ہے۔ اگر اس کا چپڑاسی اس کے کمرے کو کسی وجہ سے صاف نہ کر سکے تو یہ خود صفائی کر لینے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا۔ اس کی گھر سے باہر بے شمار مصروفیات ہوتی ہیں۔ اس لئے اس کا زیادہ وقت گھر سے باہر ہی گزرتا ہے لیکن اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود یہ اہل خانہ کو خاصا وقت دیتا ہے یہ اپنے بچوں کا بہت خیال رکھتا ہے اور انہیں ہر وقت صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہے۔
ثور عورت اور میزان مرد
میزان مرد کے ساتھ ثور عورت کے لئے زندگی گزارنا نہایت مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ عورت حقائق پر یقین رکھتی ہے جبکہ میزان مرد خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ لمحہ لمحہ اپنے فیصلے بدلتا رہتا ہے، بڑے بڑے خیالی منصوبے بناتا ہے اور عملی طور پر اس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ یہ اپنی بیوی سے محبت تو کرتا ہے لیکن اس کی خواہشات کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتا۔ یہ اپنی بیوی کو خوش رکھنے کے لئے اکثر اس کے حسن اور کاموں کی تعریف کرتا ہے لیکن ثور بیوی ان باتوں سے نہیں بہلتی کیونکہ وہ با عمل ہے اور با عمل لوگوں کو ہی پسند کرتی ہے۔ یہ مرد فطری طور پر ذمہ دار تو ہے لیکن یہ اپنے خیالات کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنا چاہتا ہے۔ یہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر نہیں چلنا چاہتا بلکہ اپنے خیالات دوسروں پر مسلط کرنا چاہتا ہے۔ اس طرح اکثر یہ زندگی کی دوڑ میں دوسروں سے پیچھے رہ جاتا ہے لیکن یہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ اس حوالے سے کئی دلائل دیتا ہے۔ س گھرانے کی بیشتر ذمہ داریاں خاتون خانہ کو اٹھانا پڑتی ہیں۔ اس طرح اکثر یہ زندگی کی دوڑ میں دوسروں سے پیچھے رہ جاتا ہے لیکن یہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ اس حوالے سے کئی دلائل دیتا ہے۔ اس گھرانے کی بیشتر ذمہ داریاں خاتون خانہ کو اٹھانا پڑتی ہیں۔ اسی طرح یہ مرد اپنے بچوں کی تمام ذمہ داریاں بھی پوری نہیں کر پاتے لیکن ان سے بھرپور محبت کرتے ہیں۔
ثور عورت اور عقرب مرد
عقرب مرد کے ساتھ زندگی گزارنا ثور عورت کے لئے نہایت ہی مشکل اور کٹھن ہوتا ہے کیونکہ یہ مرد بہت غصہ ور اور بد مزاج ہوتا ہے۔ یہ حاکمانہ ذہنیت رکھتا ہے اور اس کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی کام ا س کی مرضی کے خلاف نہ ہو۔ اگر بیوی اس کی بات کی مخالفت کرے یا اپنی رائے دینے کی کوشش کرے تو یہ اس سے بہت سخت رویہ اختیار کر لیتا ہے۔ اس مرد کا غصہ اتنا تیزاور خطرناک ہوتا ہے کہ یہ ایسی حالت میں کچھ بھی کر سکتاہے اس لئے بیوی کو چاہئے کہ جب اسے غصہ آئے تو وہ معاملے کو سنبھالنے کی کوشش کرے، اگر اس نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو اسے کوئی بڑا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ اس مرد کو گھریلو معاملات سے کوئی لگاؤ نہیں ہو گا لیکن یہ غیر ذمہ دار نہیں ہے، گھر کی تمام ضروریات بر وقت پوری کر دیتا ہے۔ گھر سے باہر اس کی بہت مصروفیات ہیں اور خاص طور پر یہ اپنے کاروباری معاملات میں الجھا رہتا ہے۔ یہ خود کو مالی لحاظ سے ہر وقت مستحکم رکھنا چاہتا ہے اس لئے بہت محنت کرتا ہے اور خوب رقم جمع کرتا ہے۔ یہ اپنے بچوں سے شدید محبت کرتا ہے، ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھتا ہے، یہ وقت کے علاوہ اپنے بچوں کا سب کچھ دیتا ہے۔
ثور عورت اور قوس مرد
قوس مرد بہت ذہین اور سمجھدار ہوتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے بہت لگاؤ ہوتا ہے اور یہ تمام گھریلو ذمہ داریاں بخوبی نبھاتے ہیں۔ یہ بڑے با اعتماد ہوتے ہیں اور ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ ان کی یہ خصوصیت ہوتی ہے یہ دوسروں کی باتوں پر زیادہ کان نہیں دھرتے ہیں اور سنتے سب کی ہیں لیکن کرتے اپنے من کی ہیں، اس لئے ان لوگوں کو بہلانا یا ورغلانا آسان نہیں ہے۔ یہ ایسے کاموں میں ہاتھ ڈالنا بالکل پسند نہیں کرتے جن کا اچھا نتیجہ نظر نہ آ رہا ہو، یہ صرف وہ کام کرنا پسند کرتے ہیں جن میں انہیں سو فیصد کامیابی کا یقین ہو۔ یہ خود کو ہر دم مستحکم رکھنا چاہتے ہیں اور مالی طور پر خود کو مضبوط رکھتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کو کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہیں ہونے دیتے۔ انہیں اکثر بہت جلد غصہ آ جاتا ہے، ایسے میں یہ بیوی کو کوئی سخت بات بھی کہہ دیتے ہیں لیکن جونہی ان کا غصہ غائب ہوتا ہے، یہ بیوی سے معذرت کر کے اسے منا لیتے ہیں۔ یہ فرد اپنے بچوں کو بہت اچھے طریقے سے پالتے ہیں۔ ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ وہ انہیں وقت بھی دیتے ہیں
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
عقرب
عقرب گہری سوچ رکھنے والا، راز اور دوبارہ پیدا ہونے کا کردار ادا کرتا ہے۔
میزان
میزان توازن کا ماہر، حسین منظر اور تعلقات میں ہم آہنگی پسند کرتا ہے۔
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں