مکمل راستہ
برج
سرطان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 22؍ جون سے 23 ؍ جولائی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ قمر نشان ۔۔۔۔۔۔ کیکڑا عنصر ۔۔۔۔۔۔ پانی موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعرات اور سوموار موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 2 اور 7 موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ عقیق، زمرد موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ نارنجی، پیلا، سبز موافق دھات ۔۔۔۔۔۔ الماس، زمرد اور عقیق
سرطان خواتین کی خصوصیات
قارئین! گزشتہ صفحات پر ہم نے برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد کی خصوصیات کا تذکرہ کیا۔ یہ خصوصیات اس برج سے متعلق مردوں اور خواتین میں پائی جاتی ہیں، کچھ ایسی خصوصیات ہیں جو صرف مردوں کے لئے مخصوص ہیں لیکن بیشتر خواتین اور مردوں میں مشترک ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین ہونے کے ناطے ان کی اپنی بھی کچھ مخصوص خصوصیات ہیں جن پر ہم روشنی ڈالتے ہیں۔
محبت کا یقین
تفصیل
ان خواتین سے جو لوگ محبت کرتے ہیں انہیں بڑے مسائل اور پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ کسی محبت کا یقین ہی نہیں کرتی ہیں اور اگر کسی سے محبت کا اقرار کر لیں تو تب بھی محبت کرنے والے کے لئے ضروری ہے کہ وہ انہیں بار بار اپنی محبت کا یقین دلائے ورنہ پھر یہ اس کی طرف سے بے یقینی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اگر انہیں بار بار محبت کا یقین دلایا جائے تو یہ بد دلی کا شکار ہونے لگتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ کہیں ان کے لئے محبت کم یا ختم تو نہیں ہو گئی ہے؟
متعلقہ صفحات
14 صفحاتحسن
ان خواتین میں بہت زیادہ حسن تونہیں پایا جاتا اور نہ ہی یہ ایسی ہوتی ہیں انہیں دیکھ کر لوگ پلکیں جھپکنا بھول جائیں لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ انہیں بری صورت والا کہا جائے۔ یہ کم از کم ایسا حسن ضرور رکھتی ہیں جو دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ جب یہ میک اپ کرتی ہیں یا خود کو سجاتی سنوارتی ہیں تو خالی دلکش ہو جاتی ہیں۔
عدم تحفظ کا احساس
ان خواتین کو فطری طور پر یہ عدم تحفظ کا احساس رہتا ہے۔ یہ خود کو بے یارو مدد گار سمجھتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ شدت سے کسی سہارے کی متلاشی ہوتی ہیں۔ انہیں انجانے خوف و خطرات بری طرح گھیرے رکھتے ہیں۔ جب ان کی شادی ہو جاتی ہے تو شوہر کی موجودگی انہیں خاصی حد تک تحفظ کا احساس دلاتی ہے۔ یہ اپنے شوہر سے بہت محبت کرتی ہیں۔ اس کی خدمت کر کے انہیں تسکین ملتی ہے۔ یہ اس کے جذبات و ضروریات کا خیال رکھتی ہیں۔ انہیں اپنے گھرانے سے بڑی محبت ہوتی ہے۔ اس کی سلامتی اور خوش حالی کے لئے یہ ہزار جتن کرتی ہیں۔ یہ کسی صورت اپنا گھر خراب کرنے پر راضی نہیں ہوتیں۔ کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ شیطان صفت لوگ ان کے گھر کو خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ خواتین کسی کے بہکاوے میں نہیں آتیں اور جو لوگ یہ شرارت کر رہے ہوتے ہیں ان سے بڑی سختی کے ساتھ پیش آتی ہیں اور ساری زندگی کے لئے ان سے تعلقات ختم کر دیتی ہیں۔
دوسروں پر اعتباد
زندگی بھر عدم تحفظ کا شکار رہنے کی وجہ سے ان خواتین میں دوسروں پر شک کرنے اور ان پر اعتبار نہ کرنے کی عادت پیدا ہو جاتی ہے۔ شادی کے بعد شوہر کی وجہ سے ان کا عدم تحفظ کا احساس خاصی حد تک کم ہو جاتا ہے۔ لیکن دوسروں پر اعتبار نہ کرنے کی عادت برقرار رہتی ہے۔ یہ خواتین اگر اپنی اس خامی کو پہچان لیں تو اس پر قابو پا سکتی ہیں۔
غیر معمولی حساس
یہ خواتین غیر معمولی طور پر حساس ہوتی ہیں۔ لوگوں کی اکثر باتوں کو دل پر لے لیتی ہیں جو ان کے لئے صدمے اور افسوس کا سبب بنتی ہیں۔ یہ دوسروں کو دکھی دیکھ کر بہت زیادہ دکھی ہو جاتی ہیں اور ان لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔
ناراضگی
جو لوگ ان خواتین کے قریب رہتے ہیں وہ اس بات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں کہ اگر یہ خواتین ناراض ہو جائیں تو انہیں منانا کس قدر مشکل ہوتا ہے۔ یہ چونکہ بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں اس لئے ذرا ذرا سی بات کو محسوس کرتی ہیں، یہ اکثر باتوں کا تعلق خود سے جو ڑ لیتی ہیں اور ناراض ہو جاتی ہیں اس لئے جو لوگ ان کے قریب ہوتے ہیں وہ ان کی اس عادت سے واقف ہوتے ہیں اور محتاط گفتگو کرتے ہیں، وہ کسی صورت انہیں ناراض کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اگر وہ ناراض ہو گئیں تو انہیں منانے کے لئے ناجانے کتنے جتن کرنے پڑیں گے۔
اظہار محبت
یہ خواتین محبت کے معاملے میں بڑا عجیب رویہ رکھتی ہیں۔ یہ جس کی طرف مائل ہوتی ہیں اس کے بارے میں بہت عرصہ تک فیصلہ نہیں کر پاتیں کہ وہ اس سے محبت کرتی ہیں یا نہیں؟ اس سے محبت کرنے والا اکثر بیزار ہو جاتا ہے۔ بہر حال یہ چونکہ اس معاملے میں عجیب رویے کی خواتین ہیں اس لئے کوئی ایسا شخص ہی ان سے عشق و محبت کر سکتا ہے جو صبر کر سکتا ہو۔ یہ خواتین بالآخر اظہار محبت کر دیتی ہیں اور جب یہ ایسا کر دیں تو پھر یہ اپنے محبوب کی ہی ہو کر رہ جاتی ہیں۔ ان سے بے وفائی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ یہ اپنی محبت کی خاطر بڑے سے بڑا دکھ جھیلنے کے لئے تیار رہتی ہیں۔ ہر قربانی دیتی ہیں اور ساری زندگی اپنے محبوب کے ساتھ ہی گزارنا پسند کرتی ہیں۔
گھر داری
یہ خواتین گھر داری کو بہت پسند کرتی ہیں۔ تقریبات وغیرہ میں جانے سے گریز کرتی ہیں، اگر چلی بھی جائیں تو وہاں پورے طور پر ان کا دل نہیں لگتا، ان کی خواہش ہوتی ہے کہ جلد از جلد اپنے گھر واپس آجائیں۔ گھر میں یہ عام گھریلو کاموں کے علاوہ گھر کی سجاوٹ اور خوب صورتی کے لئے کام کرتی رہتی ہیں۔ ان کے اہل خانہ ان سے بہت خوش ہوتے ہیں۔ شوہروں کو مجموعی طور پر ان سے کوئی شکایت نہیں ہوتی ہے۔ یہ شوہروں اور بچوں کا بے حد خیال رکھتی ہیں۔ گھر کے معاملے میں ان کا حساس ہونے کا انداز اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ہر آنے جانے والے پر گہری نظر رکھتی ہیں تا کہ اسے چیک کر سکیں کہ وہ کسی طرح ان کے گھر کے لئے خطرہ تو نہیں ہے؟ ہمارے معاشرے میں اکثر لوگ ہوتے ہیں جو دوسروں کے گھروں میں لگائی بجھائی کے ذریعے وہاں کا امن تباہ کر دیتے ہیں اور اس سے انہیں دلی سکون ملتا ہے۔ خاص طور پر کچھ مخصوص خواتین کا تو یہ مشغلہ ہوتا ہے، سرطان خواتین ایسے شر پسند لوگوں کو تو اپنے گھر میں گھسنے نہیں دیتیں، ان کے علاوہ بھی ان کے گھر کے لئے جو کوئی خطرہ بنے، اسے گھر میں آنے سے صاف طور پر منع کر دیتی ہیں، اکثر ایسے لوگوں میں قریبی رشتہ دار بھی ہوتے ہیں لیکن یہ خواتین اپنے گھر کی سلامتی اور خوش حالی کی خاطر ان کی ناراضگی مول لے لیتی ہیں
سلیقہ مند
گھر کے امور میں دلچسپی لینے کے ساتھ ساتھ ان خواتین میں سلیقہ مندی بھی بہت ہوتی ہے۔ یہ ہر کام نہایت سلیقے اور طریقے سے کرتی ہیں۔ ان کے گھرمیں ہر چیز ترتیب سے رکھی جاتی ہے۔ صفائی نظر آتی ہے۔ نہ تو خود میلے کپڑے پہنتی ہیں اور نہ ہی شوہر اور بچوں کو گندے کپڑے پہننے دیتی ہیں۔ یہ گھر کی اکثر ذمہ داریاں خود ہی سنبھال لیتی ہیں اور شوہروں کو کم سے کم زحمت دینا پسند کرتی ہیں۔ گھر کے لئے مختلف اشیاء کی خریداری بھی یہ خود ہی کرتی ہیں۔ ان کے پاس جو بجٹ ہوتا ہے اس میں بڑے اچھے طریقے سے گھر کو چلاتی ہیں، ساتھ ہی ساتھ یہ کچھ نہ کچھ رقم پس انداز بھی کرتی جاتی ہیں جو اکثر ان کے کسی وقت میں کام آتی ہیں ورنہ یہ اس رقم سے گھر کے لئے کوئی مہنگی چیز خرید لیتی ہیں۔
بناؤ سنگھار
بناؤ سنگھار تو دنیا کی ہر عورت کی کمزور ی ہے، اس طرح سرطان خواتین بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں ہوتیں، ہم یہ تذکرہ کر چکے ہیں کہ دھماکہ خیز حسن کی مالک نہیں ہوتیں، لیکن جب یہ بناؤ سنگھار کر لیتی ہیں تو خاصی حسین نظر آنے لگتی ہیں، ویسے ان میں ایک خاص قسم کی کشش ضرور ہوتی ہے جو بناؤ سنگھار کے ساتھ یا اس کے بغیر لوگوں کو متاثر کرتی ہے، اکثر لوگ ان کے حسن سے نہیں بلکہ اس کشش سے متاثر ہو کر ان کی زلف کے اسیر بن جاتے ہیں۔
فضول خرچی سے نفرت
ان خواتین کو فضول خرچی سے نفرت ہوتی ہے۔ شادی کے بعد تو یہ فضول خرچی کو بالکل پسند نہیں کرتیں۔ یہ ایک ایک پیسہ بہت سوچ سمجھ کر خرچ کرتی ہیں۔ کہیں اگر ذرا زیادہ رقم خرچ کر بیٹھیں تو بہت عرصے تک پچھتاتی رہتی ہیں۔ سرطان مردوں میں تو یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ کبھی کبھار فضول خرچی کرنے لگتے ہیں لیکن سرطان خواتین اپنے آپ کو پورے طور پر قابو میں رکھتی ہیں۔ کفایت شعاری اور سلیقہ مندی سے ان کے گھر خوشحال اور چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں۔
مہمان نواز
بات امور خانہ داری کی چل رہی ہے، ان میں مہمان نوازی بھی ایک اہم عنصر ہے، ان خواتین کے گھر میں جو مہمان آتے ہیں انہیں کبھی کسی قسم کی شکایت نہیں ہوتی۔ یہ مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتی ہیں۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ مختلف خواتین اپنے میکے والوں کوتو بہت اہمیت دیتی ہیں جبکہ سسرال والوں کو زیادہ لفٹ نہیں کراتی ہیں جس سے ان کے گھروں میں اکثر تلخ کلامی بھی ہوتی رہتی ہے لیکن سرطان خواتین کے ساتھ ایسا معاملہ نہیں ہے، یہ اپنے گھر والوں اور سسرالیوں کو یکساں اہمیت دیتی ہیں حتیٰ کہ شوہر کے دوستوں کی خاطر تواضع بھی اس انداز میں کرتی ہیں کہ ان کے شوہر کی عزت بڑھتی ہے۔
انسان دوست
یہ خواتین انسانوں سے ہی نہیں بلکہ تمام جانداروں سے بہت محبت اور ہمدردی رکھتی ہیں۔ یہ کشادہ اور وسیع ذہن کی مالک ہوتی ہیں اس لئے چھوٹی چھوٹی اور گھٹیا باتوں پر توجہ نہیں دیتی ہیں۔ یہ اپنے دشمنوں تک کو معاف کر دینے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ یہ کسی کے لئے دل کوئی انتقامی جذبہ یا بغض نہیں رکھتی ہیں۔ تلخ لمحات میں یہ شور مچا کر دل کی بھڑاس نکال لیتی ہیں لیکن آنے والے وقت کے لئے دل میں کوئی بات رکھنا پسند نہیں کرتیں جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ یہ دل کی صاف ہوتی ہیں۔ اپنی انسان دوست طبیعت کی وجہ سے یہ اکثر ڈاکٹر، نرسنگ اور سوشل ورکر جیسے شعبوں کا انتخاب کرتی ہیں۔
مایوسی کے دورے
یہ خواتین عام حالات میں تو بہت با اعتماد اور پر عزم ہوتی ہیں لیکن بعض اوقات کسی وجہ سے مایوس ہو جاتی ہیں اور اس طرح کے مایوسی کے دورے کبھی کبھار انہیں پڑتے ہی رہتے ہیں۔ ایسے میںیہ خاموش ہو جاتی ہیں، ان کا دل بجھ جاتا ہے، رویے میں ذرا سی چڑچڑاہٹ آ جاتی ہے، کام میں دل نہیں لگتا، جو لوگ ان کے قریب رہتے ہیں وہ ان کی اس عادت سے واقف ہو جاتے ہیں اس لئے ایسے مواقع پر وہ ان کی دلجوئی کرتے ہیں اور ان کی مایوسی کی کیفیت کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ وہ اپنی کوشش میں کم ہی کامیاب ہو پاتے ہیں کیونکہ جب ان خواتین کو یہ دورہ پڑتا ہے تو اس کا اثر بہت دیر تک رہتا ہے، اس دوران بڑی سے بڑی حوصلہ افزا بات بھی انہیں مایوسی سے نکالنے میں ناکام ہوتی ہے اس طرح کے حالات سے اکثر یہ خواتین اعصابی امراض کا شکار بھی ہو جاتی ہیں۔
بچوں سے محبت
یہ خواتین بچوں سے بڑی محبت کرتی ہیں۔ اپنے بچے تو انہیں عزیز ہوتے ہی ہیں، یہ دوسروں کے بچوں کو بھی بہت عزیز رکھتی ہیں، خاص طور پر عزیز و اقارب کے بچے ان کے پاس رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھتی ہیں، انہیں تفریح فراہم کرنے کے مواقع تلاش کرتی ہیں، انہیں ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرتیں بلکہ دوستوں کی طرح ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت پر ان خواتین کی پوری توجہ ہوتی ہے۔
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
عقرب
عقرب گہری سوچ رکھنے والا، راز اور دوبارہ پیدا ہونے کا کردار ادا کرتا ہے۔
میزان
میزان توازن کا ماہر، حسین منظر اور تعلقات میں ہم آہنگی پسند کرتا ہے۔
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں