مکمل راستہ
برج
میزان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ
میزان افراد کی اپنے اور دوسرے برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں
میزان عورت اور حمل مرد
تفصیل
حمل مرد بہت بلند ہمت اور عزم و حوصلے والے ہوتے ہیں۔ یہ بہت دور اندیش اور منصوبہ ساز بھی ہوتے ہیں۔ ان میں خوب صورتی اور کشش ہوتی ہے۔ میزان عورت کو ان میں بہت دلچسپی محسوس ہوتی ہے۔ اس طرح یہ لوگ بھی میزان عورتوں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یہ ایسی عورتوں کو پسند کرتے ہیں جو ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں، ہر اچھے برے وقت میں ان کے کام آسکیں اور انہیں مفید مشورے دے سکیں۔ ایسی تمام خصوصیات میزان خواتین میں ہوتی ہیں، اس لئے یہ لوگ اچھی زندگی گزارتے ہیں۔ اختلاف اور لڑائی جھگڑے تو ہر گھر میں ہوتے ہیں، اس طرح یہ گھرانہ بھی ایسی باتوں سے محفوظ نہیں رہتا لیکن ان دونوں فریقین میں یہ اچھی بات ہوتی ہے کہ یہ اپنی لڑائی کو اپنے گھر تک ہی محدود رکھنا پسند کرتے ہیں۔ یہ دوسروں کو اپنے گھریلو معاملات میں بات نہیں کرنے دیتے۔ اس طرح یہ بہت سی پریشانیوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ حمل افراد کو اپنے گھر سے بڑا لگاؤ ہوتا ہے، ان کی بھرپور توجہ گھر کی جانب ہوتی ہے، یہ گھر کی تمام ضروریات کو بر وقت پورا کر دیتے ہیں۔ یہ محنتی اور دور اندیش ہوتے ہیں اس لئے آنے والے کسی بھی برے وقت کے لئے رقم پس انداز کر کے رکھتے ہیں۔ یہ اچھے مشورے دیتے ہیں اس لئے خاندان بھر میں ان کی شہرت ہوتی ہے۔ حمل افراد کامیابی کے لئے مسلسل کوشش کرتے رہتے ہیں جس کے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں، اکثر معاملات میں یہ کامیابی حاصل کرتے ہیں، انہیں دولت کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے اس لئے یہ خوب دولت کماتے ہیں۔ کبھی کبھار فضول خرچی بھی کرتے ہیں لیکن عام طور پر یہ ضروریات کے مطابق رقم خرچ کرتے ہیں۔ یہ مرد اپنی بیوی کے بہت وفادار ہوتے ہیں، انہیں کسی اور عورت سے زیادہ لگاؤ نہیں ہوتا ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیوی بھی ان سے مکمل طور پر وفادار رہے، بیوی پر شک کرتے رہتے ہیں، اس کی وجہ صرف اور صرف یہ ہوتی ہے کہ یہ بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں۔ یہ مرد اپنی بیوی پر طنز یا تنقید نہیں کرتے، بلکہ اکثر معاملات میں اس کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔ حمل مرد بچوں سے بہت محبت اور لاڈ کرتے ہیں، یہ ان کی ہر خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں، اس طرح اکثر بچے بگڑ جاتے ہیں۔
متعلقہ صفحات
23 صفحاتمیزان عورت اور ثور مرد
ثور مرد بہت سمجھدار اور تحمل مزاج کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ بہت گہرا مشاہدہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آس پاس سے لا تعلق ہیں۔ لیکن ان کی نگاہ ہر طرف ہوتی ہے اور یہ تمام باتوں کو نوٹ کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ خاموش پسند ہوتے ہیں اس لئے اکثر لوگ انہیں مغرور بھی کہتے ہیں۔ بیوی سے ان کا رویہ مناسب ہوتا ہے۔ یہ اس سے بلاوجہ محبت کا اظہار نہیں کرتے اور نہ ہی خشک رویہ اختیار کرتے ہیں۔ ان مردوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے گھر میں ان کا حکم چلے جبکہ میزان عورتوں کو گھر میں اپنا حکم چلانے کی زیادہ خواہش نہیں ہوتی اس لئے اس نقطے پر ان میں اختلاف کم ہی ہوتا ہے۔ یہ مرد گھر میں رہ کر اطمینان محسوس کرتے ہین۔ یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ یہ گھر میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ اپنی بیرونی مصروفیات بھی نمٹاتے ہیں لیکن باہر فضول وقت گزارنا پسند نہیں کرتے بلکہ جونہی اپنی مصروفیات سے فارغ ہوتے ہیں گھر آنا پسند کرتے ہیں، یہ دوستوں وغیرہ کو بھی وقت دیتے ہیں لیکن ان کے ساتھ گھنٹوں رہنا پسند نہیں کرتے۔ میزان بیوی کو اپنے ثور شوہر سے بہت زیادہ جذباتی ڈائیلاگ سننے کو تو نہیں مل سکتے لیکن وہ اکثر جذباتی حرکتیں کرتے ہیں۔ ان مردوں کو گھریلو ذمہ داریوں کا پورا پورا احساس ہوتا ہے اس لئے مصروفیات کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ خود کو مستحکم رکھنا پسند کرتے ہیں اس لئے خوب محنت بھی کرتے ہیں اور دولت بھی جمع رکھتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ انہیں کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔ اگر کبھی ایسی نوبت آ جائے تو ان کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں اور دوسروں کے سامنے اپنا مدعا بیان کرنے میں بہت زیادہ دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ پر جوش اور باعمل مرد ہوتے ہیں۔ یہ خیالی دنیا میں نہیں رہتے اور حقائق پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ صفائی پسند ہوتے ہیں اس لئے چاہتے ہیں کہ ان کے گھر صاف ستھرے نظرآئیں۔ میزان خواتین خود بھی صفائی پسند ہوتی ہیں اس لئے اس معاملے میں کبھی ان کا جھگڑا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ ثور مرد گھر میں اپنا حکم چلانا پسند کرتے ہیں لیکن اگر انہیں اپنی بیوی کا کوئی فیصلہ اچھا لگے تو یہ اسے تسلیم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے بلکہ اس کی تعریف کرتے ہیں۔ یہ بیوی کا ہر طرح سے خیال رکھتے ہیں۔ انہیں اپنے بچوں سے بھی بڑا لگاؤ ہوتا ہے، یہ ان کی اچھے انداز میں دیکھ بھال اور نگہداشت کرتے ہیں، ان کی ہر فرمائش پوری کرنا چاہتے ہیں۔
میزان عورت اور جوزا مرد
جوزا مرد بڑے اکھڑے مزاج اور موڈی ہوتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ لوگ ان کی بات مانیں، یہی حال ان کا اپنے گھر میں بھی ہوتا ہے، یہ یہاں اپنا حکم چلاتے ہیں، اختلاف رائے کو یہ مشکل سے ہی برداشت کرتے ہیں۔ یہ خود ذہین ہوتے ہیں اور ذہین لوگوں کو پسند کرتے ہیں۔ یہ افراد دوسروں پر تنقید کرنے سے نہیں چوکتے اور اکثر ان کی بیوی بھی ان کی تنقید کی زد میںآجاتی ہے۔ ان مردوں کو دن میں خواب دیکھنے کی بھی عادت ہوتی ہے اس لئے یہ بڑے بڑے ہوائی قلعے بھی تعمیر کرنے لگتے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ حقیقت میں یہ کچھ تعمیر نہیں کر پاتے لیکن جب انہیں احساس ہو جائے کہ یہ اپنی خیالی دنیا میں رہتے ہوئے خوب وقت ضائع کر رہے ہیں تو یہ اپنی اس خامی پر قابو پا لیتے ہیں۔ یہ مرد زندہ دل ہوتے ہیں۔ ہر حال میں خوش رہنا جانتے ہیں۔ پریشان کن حالت میں بھی مسکراہٹ ان کے چہرے پر ہوتی ہے۔ یہ مشکلات اور پریشانیوں سے گھبراتے نہیں ہیں بلکہ ان کا ڈٹ کو مقابلہ کرتے ہیں۔ جوزا مرد چونکہ موڈی ہوتے ہیں اس لئے ان کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ گھر میں خوش رہتے ہیں کیونکہ یہ اگر کہیں باہر دوستوں میں بیٹھ جائیں تو طویل وقت ان کے ساتھ گزارتے ہیں اور اگر گھر پر ہوں تو پھر یہ باہر کی طرف نہیں بھاگتے۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ جہاں انہیں مصروفیت مل جائے وہاں ٹک جاتے ہیں۔ ان مردوں کو گھر سے اس قدر لگاؤ ضرور ہوتا ہے کہ یہ یہاں کی تمام ضروریات کا پورا پورا خیال رکھتے ہیں لیکن اگر یہ تصورات کی دنیا میں رہ کر وقت ضائع کر رہے ہوں تو مالی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں جس کا اثر ان کے گھر پر بھی پڑتا ہے۔ یہ ویسے تو گھر میں اپنا حکم ہی چلانا پسند کرتے ہیں لیکن جب ان کے حالات اچھے نہ ہوں تو یہ بیوی کی بک بک بھی خاموشی سے سن لیتے ہیں۔ یہ مرد صفائی پسند ہوتے ہیں اس لئے خود بھی صاف ستھرے رہتے ہیں اور گھر اور اہل خانہ کو بھی صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اکثر یہ فضول خرچی کی طر ف مائل ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ مالی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات اس وجہ سے انہیں قرض بھی لینا پڑتا ہے۔ گھر کے معاملات میں یہ اکثر دوسروں کو بولنے کی اجازت دے دیتے ہیں، اس طرح کبھی انہیں فائدہ اور کبھی نقصان ہوتا ہے۔ یہ مرد بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کی ہر فرمائش پوری کرنا چاہتے ہیں، یہ ان سے بے جا لاڈ پیار کر کے انہیں بگاڑ دیتے ہیں
میزان عورت اور سرطان مرد
سرطان مردبہت سخت مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔ میزان عورت کا ان کے ساتھ گزارا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ یہ مرد گھر پر مکمل طور پر اپنی حاکمیت چاہتے ہیں۔ اگر ان کی مرضی کے خلاف ذرا سی بھی بات ہوجائے تو یہ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیوی پر اکثر طنز اور تنقید کرتے رہتے ہیں۔ یہ لوگ اس لحاظ سے بہترین ہوتے ہیں کہ گھر پر پوری اور گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ تمام ضروریات کا پورا پورا خیال رکھتے ہیں اور اہل خانہ کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دیتے۔ یہ اپنی بیوی سے محبت کرتے ہیں لیکن اس کا اظہار کھل کر یا جذباتی انداز میں نہیں کرتے۔ یہ بیوی سے وفاداری کرتے ہیں۔ ان کے بارے میں اکثر بیوی کو یہ رائے قائم کرنا پڑتی ہے کہ یہ کنجوس ہیں لیکن در حقیقت یہ کنجوس نہیں ہوتے بلکہ یہ بہت سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتے ہیں۔ یہ مہنگی چیزیں خریدنے کے قائل نہیں ہوتے بلکہ مناسب چیزیں خریدتے ہیں جن سے کام بھی پوری طرح نکل جائے اور پیسے بھی بچ جائیں۔ ان مردوں کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ خود کو دنیا کا سب سے ذہین انسان سمجھتے ہیں، اس لئے اگر ان کے فیصلوں پر تنقید یا بحث کی جائے تو یہ مشتعل ہو جاتے ہیں اور جب تک ان سے معافی نہ مانگ لی جائے تب تک یہ جان چھوڑنے پر راضی نہیں ہوتے۔ یہ اکثر گھر سے باہر رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ دوستوں اور دیگر مشاغل کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ یہ اپنی مرضی سے گھر آتے ہیں اور اگر خاتون خانہ کبھی شکایت کر دے تو اس کی شامت آ جاتی ہے۔ یہ مالی طور پر خود کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں ا س لئے خوب محنت کر کے دولت کماتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مستقبل کی بھی بڑی فکر ہوتی ہے اس لئے یہ دولت کو دانتوں سے پکڑے رہتے ہیں۔ یہ بہت ذہین ہوتے ہیں اور ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ گہرا مشاہدہ کرنے کی وجہ سے ان کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں۔ یہ بہت دور اندیش ہوتے ہیں اس لئے آنے والے خطرات کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔ اپنے دوستوں میں یہ مرد خوب ہنستے کھیلتے ہیں ۔ ساتھ ہی اکثر منفی سرگرمیوں مثلاً جوے سٹے کی طرف راغب ہو جاتے ہیں۔ یہ کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں گھسنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اگر کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرے تو اس سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔ انہیں اپنی ماں سے بہت محبت ہوتی ہے۔ اس کی ہر بات مانتے ہیں۔ اپنے بچوں سے بھی بہت محبت کرتے ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں لیکن انہیں زیادہ وقت نہیں دیتے ۔
میزان عورت اور اسد مرد
اسد مرد بہت ذہین، دور اندیش، منصوبہ ساز، طاقتور اور با ہمت ہوتے ہیں۔ یہ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ ان لوگوں کو اپنے گھر اور اپنی بیوی سے بہت محبت ہوتی ہے۔ یہ اپنے فرائض کو خوب سمجھتے ہیں۔ یہ اپنے گھر میں ہر چیز بر وقت مہیا کرتے ہیں۔ ان مردوں کو اکثر منہ پھٹ کا خطاب بھی مل جاتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ حد سے زیادہ صاف گو ہوتے ہیں۔ ان کے دل میں جو کچھ ہوتا ہے اسے زبان پر لانے میں کسی مصلحت کو مد نظر رکھتے۔ اکثر لوگ ان کی اس عادت سے بہت بیزار اور کئی لوگ خوف زدہ بھی ہوتے ہیں اور ان سے دور دور رہنا پسند کرتے ہیں۔ ان لوگوں کو وقت کا بہت احساس ہوتا ہے ۔ یہ فضول وقت ضائع کرنا پسند نہیں کرتے بلکہ خود کو ایسے کاموں میں مصروف رکھتے ہیں جن سے مالی یا دیگر فوائد حاصل ہو سکیں۔ یہ لوگ خود کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں، یہ خود کو کسی حال میں غریب اور دوسروں کے رحم و کرم پر نہیں دیکھنا چاہتے اس لئے خوب محنت کرتے ہیں اور دولت کماتے ہیں۔ یہ دولت کو فضول ضائع نہیں کرتے۔ انہیں بخیل یا فضول خرچ نہیں کہا جا سکتا۔ جہاں ضرورت ہو وہاں یہ رقم خرچ کرتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے لئے کسی چیز کی کمی بھی نہیں ہونے دیتے۔ دور اندیش، منصوبہ ساز اور ذہین ہونے کی وجہ سے ان کے فیصلے درست ہوتے ہیں، یہ جاب کریں یا کاروبار، ہر شعبے میں خود کو منواتے ہیں۔ نت نئے خیالات ان کے ذہن میں آتے رہتے ہیں۔ منفی خیالات کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور مثبت خیالات سے استفادہ کرتے ہیں۔ یہ لوگ بہت دوست نواز ہوتے ہیں، اس لئے ان کے دوست خاصے مخلص ہوتے ہیں اور برے وقت میں ان کے کام آتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ اپنے دوستوں یا کسی اور کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے۔ یہ لوگ گھر کو بھی مناسب وقت دیتے ہیں لیکن ان کی بیرونی مصروفیات بھی کم نہیں ہوتیں، یہ اکثر دوستوں کے ساتھ سیرو تفریح کے لئے جاتے رہتے ہیں۔ انہیں تاریخی اہمیت کے حامل مقامات پر جانے کا بھی بہت شوق ہوتا ہے۔ کھانے پینے سے انہیں خاص لگاؤ ہوتا ہے۔ کبھی کبھار کھانے کی طرف زیادہ راغب ہونے کے بعد خود کو فربہ مائل کر لیتے ہیں لیکن جلد ہی کنٹرول کرنے کے بعد خود کو درست کر لیتے ہیں۔ اپنے بچوں سے انہیں بہت لگاؤ ہوتا ہے لیکن یہ ان سے بے جا لاڈ پیار نہیں کرتے اور ان کی کوتاہیوں پر انہیں سرزنش بھی کرتے ہیں۔ ان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہر میدان میں آتے رہیں۔
میزان عورت سنبلہ مرد
سنبلہ مرد ذہین، محنتی اور معاملہ فہم ہوتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے آپ میں مگن رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی کسی کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ یہ مرد گھر میں اپنی حکمرانی کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن اس کے لئے شدت پسندانہ رویہ اختیار نہیں کرتے بلکہ اگر خاتون کانہ بہتر انداز میں معاملات چلا رہی ہو تو اس کے فیصلوں کو قبول کر لیتے ہیں۔ سنبلہ مرد عشق و محبت کے چکروں میں زیادہ نہیں پڑتے ہیں اور دیگر جھیل سے جھمیلوں سے بھی انہیں زیادہ لگاؤ نہیں ہوتا۔ یہ اپنے لئے کچھ مخصوص مشاغل بنا لیتے ہیں اور انہی میں مصروف رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ گھریلو امور میں بہت زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں لیکن انہیں اس حد تک احساس ضرور ہوتا ہے کہ گھر کی ضروریات خیال رکھتے ہیں۔ یہ اکثر خواب و خیا ل کی دنیا میں رہ کر بڑے بڑے ہوائی قلعے تعمیر کر لیتے ہیں لیکن حقیقت میں ان کی کارکردگی کچھ بھی نہیں ہوتی۔ یہ صاف گو اور سچ بولنے والے ہوتے ہیں۔ انہیں چاپلوسیاں اور مکاریاں نہیں آتیں، سیدھے سادے ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ انہیں بے وقوف بنا لیتے ہیں۔ یہ بے ترتیبی اور ہنگاموں کو پسند نہیں کرتے، گھر میں بھی شور شرابہ انہیں پسند نہیں ہوتا، صفائی پسند ہوتے ہیں اور خاتون خانہ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ گھر اور بچوں کو صاف ستھرا رکھے گی، اگر سے سے کوتاہی ہو تو اسے سرزنش ضرور کرتے ہیں۔ یہ نیکیاں کرنا پسند کرتے ہیں اور نیک لوگوں کو ہی دوست رکھتے ہیں، غلط اور منفی سوچ رکھنے والوں سے یہ دور رہتے ہیں۔ یہ کسی کی دل شکنی نہیں کرتے، کسی پر طنز اور تنقید نہیں کرتے اور ان کی بیوی بھی ان کے اس طرح کے رویہ کا شکار نہیں ہوتی۔ یہ درگزر کرنے کے عادی ہوتے ہیں، بیوی کی کوتاہیوں کو اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں اور اگر یہ سمجھیں کہ بولنا بہت ضروری ہے تو تب بھی سخت انداز اختیار نہیں کرتے بلکہ اس طرح اپنی بات کہتے ہیں کہ بیوی کی دل شکنی نہ ہو۔ یہ اگر گھر سے باہر ہوں تو وہیں زیادہ وقت گزار لیتے ہیں اور اگر گھر میں آ جائیں تو پھر ان کا باہر جانے کو جی نہیں چاہتا۔ مستقبل کی طرف سے بہت زیادہ فکر مند نہیں ہوتے اس لئے رقم پس انداز نہیں کرتے اور اگر کریں بھی تو وہ بہت زیادہ نہیں ہوتی۔ بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں، ان کی ترقی و خوشحالی کے خواہش مند بھی ہوتے ہیں لیکن انہیں زیادہ وقت نہیں دے پاتے۔
میزان عورت اور میزان مرد
میزان مرد خوش مزاج اور ذہین ہوتے ہیں یہ جانتے ہیں کہ کس کے ساتھ کیسا رویہ رکھنا ہے۔ بیوی سے یہ بہت محبت کرتے ہیں اور اس کے جذبات و احساسات کا خیال رکھتے ہیں۔ گھر کی تمام ضروریات پوری کرتے ہیں۔ میزان مردوں میں ایک خامی یہ ہوتی ہے کہ کبھی بھی ان کا رویہ یک دم سرد ہو جاتا ہے اور یہ کسی کی بات میں دلچسپی نہیں لیتے۔ ان کے اس رویے سے یہ مطلب نہیں لیا جانا چاہئے کہ انہیں کوئی بات بری لگی ہے بلکہ در اصل یہ کسی الجھن کا شکار ہوتے ہیں اور اپنے ذہن میں موجود گتھی کو سلجھانے میں مصروف ہوتے ہیں، ایسے میں جب کوئی ان سے بات کرتا ہے تو ان کا رویہ مناسب نہیں ہوتا جو لوگ ان کے قریب رہتے ہیں وہ ان کی اس عادت کو سمجھ جاتے ہیں اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کی کیفیت کچھ دیر کے لئے ہے اور جلد ہی یہ خود ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔ یہ مرد لڑنے جھگڑنے کو زیادہ پسند نہیں کرتے اس لئے ان کے گھر میں بھی جھگڑے بہت کم ہی ہوتے ہیں۔ یہ بیوی کا جائزہ لیتے ہیں کہ وہ امور خانہ داری کے لئے اچھے فیصلے کر رہی ہے یا نہیں۔ اگر اس کے فیصلے اچھے ہوں تو یہ اپنا حکم چلانا ضروری نہیں سمجھتے۔ یہ اپنے مفادات کی خاطر جھوٹ بھی بول لیتے ہیں لیکن یہ ایسے جھوٹ ہوتے ہیں جو دوسروں کے لئے نقصان دہ نہیں ہوتے۔ یہ لوگ ہر معاملے میں کچھ زیادہ ہی غور و فکر کرنے کے عادی ہوتے ہیں اسی لئے مناسب وقت پر فیصلے نہیں کر پاتے جس کی وجہ سے کئی لوگ ان کے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ ان میں قوت مخیّلہ کی کمی ہوتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان میں ایسی کوئی کمی نہیں ہوتی بلکہ غور و فکر کی عادت انہیں بہت سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ یہ اچھے فیصلے کرتے ہیں اور انصاف پسند ہوتے ہیں، اس وجہ سے اکثر لوگ اپنے معاملات میں ان سے مشورہ لیتے ہیں۔ یہ ایک مستحکم زندگی گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں، اس لئے دولت اپنے پاس رکھتے ہیں۔ انہیں دولت کی ہوس نہیں ہوتی لیکن یہ دولت کو ضرورت سمجھتے ہیں اور اس کی اہمیت سے انکار نہیں کرتے۔ دنگا فساد انہیں پسند نہیں ہوتا۔ یہ ایسے لوگوں سے دور رہتے ہیں جو بدمعاش قسم کے ہوں۔ یہ امن پسند ہوتے ہیں اور ایسے ہی لوگوں کو دوست رکھتے ہیں۔ ان میں تخلیقی صلاحیتیں بھی ہوتی ہیں اس لئے مصوری، شاعری، گلوکاری اور اداکاری جیسے شعبوں کی طرف ان کا جھکاؤ ہوتا ہے۔ یہ ہمدرد اور ملنسار ہوتے ہیں۔ لوگوں کے دکھ در دمیں ان کے کام آتے ہیں۔ انہیں اپنے بچوں سے بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ ان کے ساتھ کھیلتے کودتے ہیں اور اس دوران ان کی تربیت بھی کرتے رہتے ہیں۔
میزان عورت اور عقرب مرد
عقرب مرد خطرناک طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ ذرا ذرا سی بات پر غصے میں آ جاتے ہیں۔ معاملہ اگر سنگین نہ ہو تب بھی یہ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ بیوی کی ذرا ذرا سی بات پر تنقید کرتے ہیں اور اسے بر ابھلا بھی کہنے سے نہیں چوکتے۔ یہ مرد گھر میں پورے طور پر اپنا حکم چلانا پسند کرتے ہیں بیوی کو ذرا سی بھی من مانی کی اجازت نہیں ہوتی۔ یہ ذہین اور ہمت و حوصلے والے ہوتے ہیں۔ یہ خیالی یا رومانی معاملات میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے بلکہ عملی طور پر دنیا کو تسخیر کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ خطرناک سے خطرناک چیلنج کو قبول کرتے ہیں۔ یہ بات بات پر اکڑ جاتے ہیں اور لڑائی جھگڑے سے بھی گریز نہیں کرتے، یوں ان کی دشمنیاں بھی زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ دشمنی میں انتہائی حد تک جانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ یہ زبان کے بہت کڑوے ہوتے ہیں۔ یہ کسی کی تعریف کم ہی کرتے ہیں۔ ان کی بیوی کی تو حسرت ہی ہوتی ہے کہ ان کا شوہر ان کے کسی کام کی تعریف کرے۔ یہ بیوی سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ امورخانہ داری میں پوری طرح دلچسپی لے، اگر اس سے کوئی کوتاہی ہو جائے تو اس سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں، یہ لوگ یہ بھی نہیں سوچتے کہ وہ کسی کے سامنے اپنی بیوی کو سرزنش کر رہے ہیں۔ یہ خود کو ہمیشہ با وقار دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے گھر میں اور گھر سے باہر سب سے مغرور رویہ رکھتے ہیں۔ مالی طور پر یہ خود کو مستحکم رکھتے ہیں، اس کے لئے شدید محنت سے بھی گریز نہیں کرتے۔ یہ کسی حال میں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا چاہتے۔ یہ کسی حال میں کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اگر کبھی کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرے تو یہ اس سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔ یہ دوسروں کو اپنا محکوم رکھنے کے خواہش مند ہوتے ہیں اس لئے خود کو جسمانی طور پر توانا رکھتے ہیں۔ اگر گھر میں کوئی کام ان کی مرضی کے خلاف ہو جائے تو بیوی کی شامت آ جاتی ہے۔ ایسے افراد کی بیوی بہت دہشت کے ماحول میں زندگی گزارتی ہے۔ اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ بیوی کے لئے شوہر کا رویہ ناقابل برداشت ہو جاتا ہے اور وہ اس سے علیحدگی تک کا فیصلہ کر لیتی ہے۔ یہ لوگ اپنے گھریلو فرائض سے غافل نہیں ہوتے۔ گھر کی تمام ضروریات پوری کرتے ہیں، یہ کسی حال میں نہیں چاہتے ہیں کہ ان پر ان کے اہل خانہ پر کوئی رحم کھائے یا اان کی مدد کرے۔ ان لوگوں کو اپنے بچوں سے بہت محبت ہوتی ہے لیکن یہ اپنی فطرت کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہیں اور اکثر ان سے بھی سخت اختیار کرتے ہیں۔
میزان عورت اور قوس مرد
قوس مرد محنتی، ذہین اور باعمل ہوتے ہیں۔ یہ عشق و محبت کے جھنجھٹ میں کم ہی پڑتے ہیں۔ اگر انہیں کوئی لڑکی پسند آ بھی جائے تو صرف ان کی ظاہری خوبصورتی کو نہیں دیکھتے بلکہ اس کا پورے طور پر جائزہ لیتے ہیں۔ اگر انہیں یہ اطمینان ہو جائے کہ وہ سگھڑ، سلیقہ مند، حوصلہ مند اور برے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو یہ اس سے شادی کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ کوئی لڑکی اگر یہ چاہے کہ قوس مرد کو اپنے حسن سے متاثر کر لے گی تو یہ مشکل ہے اور اس کی غلط فہمی ہے۔ قوس مرد ذمہ دار ہوتے ہیں اور انہیں پوری طرح احساس ہوتا ہے ان کی گھریلو ذمہ داریاں کیا ہیں۔ یہ اہل خانہ کی ضروریات کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں۔ خاص طور پر بیوی ان کے لئے بہت اہم ہوتی ہے۔ اسے یہ اپنی زندگی ہی کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ویسے تو یہ چاہتے ہیں کہ ان کے گھر میں ان کی مرضی چلے لیکن یہ خواہش شدید نہیں ہوتی اور اگر بیوی انہیں کوئی اچھا مشورہ دے تو نہ صرف قبول کر لیتے ہیں بلکہ بیوی کی تعریف بھی کرتے ہیں۔ یہ صاف دل ہوتے ہیں۔ جو ان کے دل میں ہوتا ہے اسے زبان پر لانے سے گریز نہیں کرتے لیکن ان کا انداز بیان تلخ نہیں ہوتا بلکہ یہ اپنی بات نہایت شائستہ انداز میں کہتے ہیں کیونکہ یہ کسی کی دل شکنی نہیں کرتے۔ یہ گھر کو مناسب وقت دیتے ہیں لیکن ان کی گھر سے باہر کی مصروفیات زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ دوستوں کے ساتھ تو بہت خوش رہتے ہیں۔ سیرو سیاحت کے بہت شوقین ہوتے ہیں۔ اپنے شہر کے تفریحی مقامات پر اکثر جاتے رہتے ہیں، اس کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی اس غرض سے ان کا آنا جانا لگا رہتا ہے، اگر مناسب حالات ہوں تو یہ دوسرے ملک میں بھی چلے جاتے ہیں۔ یکسانیت سے انہیں بوریت ہوتی ہے، اس لئے اکثر نوکری تبدیل کرتے رہتے ہیں، اگر کاروباری ہوں تو کاروبار میں جدت پیدا کرتے رہتے ہیں، یوں ان کی تبدیلی پسند طبیعت کو سکون ملتا ہے۔ یہ ہمدرد اور ملنسار ہوتے ہیں۔ دوسروں کو دکھ میں دیکھ کر ان کی مدد کرتے ہیں، اس حوالے سے خاصی شہرت بھی رکھتے ہیں۔ دوست نواز ہوتے ہیں، دوستوں کے لئے بڑی سے بڑی قربانی بھی دے سکتے ہیں۔ اپنے گھر کے ماحول کو خراب نہیں ہونے دیتے۔ اگر بیوی کی کوئی بات بری لگے تو اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر بولنا ضروری ہو تو نرم رویہ اختیار کرتے ہیں۔ اپنے بچوں کو اچھی تربیت دیتے ہیں۔ ان کی نگہداشت اور پرورش میں کوئی کوتاہی نہیں کرتے لیکن انہیں مناسب وقت نہیں دے پاتے
میزان عورت اور جدی مرد
جدی مرد بہت سمجھدار، ذہین اور خاموش طبع ہوتے ہیں انہیں عشق و محبت سے کوئی خاص لگاؤ نہیں ہوتا ہے۔ جو لڑکیاں اس سلسلے میں ان کی طرف رجوع کرتی ہیں، انہیں اکثر مایوسی اور بوریت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ جس جوش و خروش کی توقع کر رہی ہوتی ہیں وہ انہیں نہیں ملتا۔ یہ مرد زیادہ جدت پسند نہیں ہوتے بلکہ پر امن باتوں اور روایات کو سینے سے لگائے رہتے ہیں۔ یہ زیادہ پر جوش نہیں ہوتے۔ ویسے تو یہ بڑے بڑے ارادے باندھتے ہی نہیں، یہ اپنے لئے کوئی بڑا مقصد نہیں رکھتے کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ ان مقاصد کے حصول کے لئے ان کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ یہ ایسے ٹارگٹ رکھتے ہیں جو ان کے بس میں ہوں، خیالی قلعے بنانے سے گریز کرتے ہیں، ان کا کہنا یہ ہوتا ہے کہ خیالوں میں بہت زیادہ کامیابی حاصل کرلینے سے بہتر ہے کہ حقیقت میں تھوڑی سی کامیابی حاصل کر لی جائے۔ یہ کہیں بھی خود کو نمایاں نہیں کرنا چاہتے، اکثر ایسی جگہوں پر جہاں کافی لوگ موجود ہوں یہ خود کو دوسروں سے الگ رکھتے ہیں لیکن ہر طرف ان کی گہری نظر ہوتی ہے۔ اکثر لوگوں کو خیال ہے کہ یہ زیادہ ذہین نہیں ہوتے، اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ یہ لوگ کئی باتوں کو سمجھنے میں بہت دیر لگاتے ہیں لیکن حقیقت اس کے بر عکس ہوتی ہے، در اصل یہ لوگ اس معاملے پر بہت زیادہ غور کر رہے ہوتے ہیں۔ اس کے منفی اور مثبت پہلوؤں پر یہ سوچ بچار کرتے ہیں ایسے میں یہ کہنا غلط ہے کہ یہ معاملے کو سمجھ نہیں پا رہے، بس یہ ہوتا ہے کہ یہ اس میں الجھ ضرور جاتے ہیں۔ یہ مرد باہر کے ماحول سے زیادہ اپنے گھر میں خوش رہتے ہیں۔ یہ ان کا ایک نفسیاتی مسئلہ بھی ہے اور وہ یہ کہ یہ لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ عدم تحفظ کا یہ احساس انہیں بے چین رکھتا ہے اور گھر میں یہ خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ جدی مردوں کو اپنے ماں باپ، بہن بھائیوں سے بہت لگاؤ ہوتا ہے، یہ ان کے ساتھ بہت خوش رہتے ہیں۔ جدی مرد کی بیوی کو اگر اپنے شوہر کو اپنے میں کرنا ہے تو اس کے گھر والوں کا خوب خیال رکھے، وہ اس کا گرویدہ ہو جائے گا اوراس کی ہر بات مانے گا۔ ان مردوں پر اکثر کنجوسی کا لیبل لگا دیا جاتا ہے لیکن یہ غلط ہے، یہ لوگ سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتے ہیں اور فضول خرچی کو بالکل پسند نہیں کرتے یہ خود کو مستحکم رکھنے کے لئے بھی رقم پس انداز کرتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کو پرورش و نگہداشت مناسب انداز میں کرتے ہیں، ان کی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہیں، ان کے ساتھ کھیلتے کودتے بھی ہیں، ان دوران ان کی تربیت بھی کرتے رہتے ہیں، یہ اپنے بچوں کو کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں۔
میزان عورت اور دلو مرد
دلو مرد بہت ہمدرد ہوتے ہیں۔ ہر کسی سے محبت کرنا ان کی زندگی کا مقصد ہوتا ہے، یہ ہنسنے مسکرانے اور در گزر کرنے والے ہوتے ہیں۔ یہ دوست بنانے کے بہت شوقین ہوتے ہیں اس لئے ہر کسی کو دوست بنا لیتے ہیں۔ ان کی عادات اتنی اچھی ہوتی ہیں کہ جو کوئی بھی ان سے ایک بات مل لے وہ بار بار ملنے کی خواہش رکھتا ہے اور ان کا دوست بننے کا خواہش مند ہوتاہے۔ یہ لوگ فراخ دل ہوتے ہیں۔ رقم کھلے ہاتھوں سے خرچ کرتے ہیں، اس وجہ سے اکثر مالی مسائل کا شکار بھی ہو جاتے ہیں لیکن ان میں اتنی صلاحیت ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ دولت کما سکیں اس لئے مالی مسائل کا زیادہ عرصہ شکار نہیں رہتے۔ یہ مرد عشق و محبت کے معاملے میں لیلیٰ مجنوں جیسے جذبات کے قائل نہیں ہوتے بلکہ یہ اگر کسی کو جیون ساتھی بنانے کے بارے میں سوچیں تو اس کے ظاہری حسن پر نہیں مر مٹتے بلکہ اس کی سیرت اور عادات و اطوار کا بھی بہت گہرا مشاہدہ کرتے ہیں، اور اگر کوئی عورت ان کے معیار پر پوری اترتی ہے تو اس کے بارے میں سنجیدہ ہوتے ہیں اور جو معیار پر پوری نہ اترے، چاہے وہ بہت حسین ہو اسے مسترد کر دیتے ہیں۔ یہ جلد باز اور جدت پسند ہوتے ہیں اس لئے ہر کام تیز رفتاری کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اکثر معاملات میں انہیں نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے اور کئی معاملات میںیہ ناکام بھی ہوتے ہیں کیونکہ بہر حال تیز رفتاری کامیابی کی دلیل تو نہیں ہے، ہاں یہ ضرور ہے کہ کئی کاموں میں یہ اپنی تیز رفتاری کے باعث کامیابی بھی حاصل کر لیتے ہیں لیکن اگر یہ سوچ سمجھ کر کام کریں تو زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں اور اسے بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانا پسند کرتے ہیں لیکن بیوی کے فیصلوں کو بھی رد نہیں کرتے۔ یہ اس کی ہر خواہش کا احترام کرتے ہیں۔ یہ کسی حال میں اس کی تذلیل نہیں کرتے بلکہ اکثر معاملات میں اس کی تعریف کرتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے بہت لگاؤ ہوتا ہے اس لئے اس کی جانب پوری توجہ رکھتے ہیں۔ گھر کی تمام ضروریات بر وقت پوری کرتے ہیں۔ یہ بہت دور اندیش ہوتے ہیں اور ساتھ ہی خود کو مستحکم بھی رکھنا چاہتے ہیں اس لئے مالی لحاظ سے خود کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیتے۔ یہ اگر جاب کرتے ہیں تو وہاں بہت محنت سے اپنا مقام بناتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں اور اگر کاروبار کرتے ہوں اسے بھی اپنی ذہانت سے بہت وسعت دے دیتے ہیں۔ یہ دوست نواز ہوتے ہیں اس لئے دوستوں کے بہت کام آتے ہیں۔ جو کوئی ایک بار ان کا دوست بن جائے اسے زندگی بھر دوست رکھتے ہیں۔ یہ لوگ لڑائی جھگڑوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں اور امن و امان کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ یہ کسی بھی قسم کی تلخ کلامی یا جھگڑے سے حتیٰ المقدور دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر اس کے سوا کوئی چارہ نہ ہو تو پھر پیچھے بھی نہیں ہٹتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کی اچھی پرورش اور نگہداشت کرتے ہیں۔
میزان عورت اور حوت مرد
حوت مرد بہت ہمدرد اور خوش مزاج ہوتے ہیں لیکن ان کیساتھ المیہ یہ ہے کہ یہ لوگ خاصے سست اور کاہل ہوتے ہیں، یہ خیالوں کی دنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں، جہاں یہ بڑے بڑے ہوائی قلعے تعمیر کر لیتے ہیں، عملی میدان میں یہ بہت اچھی کارکردگی نہیں دکھا پاتے۔ یہ اپنے گھر اور اپنی بیوی سے محبت کرتے ہیں او ر ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اہل خانہ کی ضروریات کا پورا پورا خیال رکھیں لیکن بعض اوقات اپنی اس کوشش میں ناکام ہو جاتے ہیں کیونکہ یہ عملی میدان میں عام لوگوں سے کافی پیچھے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ بہت پر امن ہوتے ہیں اس لئے لڑائی جھگڑوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ ہر کسی کو دوست بنا لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن ان کے دوست زیادہ نہیں ہوتے کیونکہ یہ ہر طرح کے لوگوں کے ساتھ تعلقات بڑھانا پسند نہیں کرتے۔ جو لوگ ان کے مزاج سے مطابقت رکھتے ہوں، یہ انہیں ہی دوست بنانا پسند کرتے ہیں اور بہت دوست نواز ہوتے ہیں۔ دوستوں کے لئے بڑی بڑی قربانیاں دے دیتے ہیں۔ یہ بہت حساس ہوتے ہیں اور ذرا ذرا سی بات کا دل پر اثر لیتے ہیں۔ یہ دوسروں کو دکھ اور تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ یہ لوگ بہت ذہین ہوتے ہیں اور ان کا مشاہدہ بہت گہرا ہوتا ہے۔ یہ اچھے منصوبہ ساز ہوتے ہیں چونکہ یہ خود زیادہ با عمل نہیں ہوتے اس لئے ایسے منصوبوں سے استفادہ نہیں کر سکتے، ہاں وہ لوگ جو ان کی ذہانت اور منصوبہ سازی کو سمجھتے ہیں وہ ان سے مشورہ ضرور کرتے ہیں، جو کوئی بھی ان سے مشورہ مانگے اسے بہت خلوص کے ساتھ مشورہ دیتے ہیں، یہ کسی کا برا نہیں چاہتے اس لئے ہر کسی کے ساتھ بھلائی کرتے ہیں لیکن اگر کوئی ان کے ساتھ برائی کرے یا انہیں دھوکا دے تو اسے ہرگز معاف نہیں کرتے ہیں۔ یہ منتقم المزاج لوگ ہوتے ہیں۔ اگر کسی سے دشمنی ہو جائے تو اس سے پورا پورا بدلہ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ چونکہ یہ انتہا پسند ہوتے ہیں اس لئے اپنے دشمنوں کے لئے بھی ان کی سوچ انتہا پسندانہ ہوتی ہے۔ یہ ہمدرد فطرت ہوتے ہیں لیکن نا پسندیدہ عناصر اور دشمنوں کے لئے ان کے جذبات نہایت سرد اور خطرناک ہوتے ہیں، ویسے تو یہ کسی کو ذرا سی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے لیکن اگر ان کا دشمن ان کے سامنے تڑپ رہا ہو تو اور اس کی جان جانے کا خطرہ بھی ہو تو یہ اس کی ذرا سی بھی مدد نہیں کرتے بلکہ اسے دیکھ کر بہت مسرور ہوتے ہیں اور تسکین محسوس کرتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے لگاؤ ہوتا ہے اور یہ اس کی بہتری اور سلامتی کے لئے کوشاں رہتے ہیں لیکن گھر کے کاموں میں ذرا سی بھی دلچسپی نہیں لیتے ہیں۔ ان کے اپنے مشغلے ہوتے ہیں جن میںیہ مصروف رہتے ہیں، دوستوں کے ساتھ بہت خوش رہتے ہیں۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانا پسند نہیں کرتے بلکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر کے اندرونی معاملات ان کی بیوی خوش اسلوبی سے چلائے۔ یہ لوگ مالی لحا ظ سے اکثر غیر مستحکم رہتے ہیں۔ ان کے پاس رقم پس انداز نہیں ہوتی اس لئے برے وقت میں دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں سے بہت پیار کرتے ہیں، ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی ترقی کے خواہاں ہوتے ہیں۔
میزان مرد اور حمل عورت
حمل خواتین خاصی سخت مزاج ہوتی ہیں۔ یہ خود بھی تیز رفتار ہوتی ہیں اور تیز رفتار لوگوں کو ہی پسند کرتی ہیں۔ یہ حسین ہوتی ہیں اور اپنے حسن پر غرور بھی کرتی ہیں۔ یہ خواتین بڑی ذہین ہوتی ہیں اور ان میں منصوبہ سازی کی بھی بڑی صلاحیت ہوتی ہے اس لئے اپنے لئے اچھے منصوبے ترتیب دیتی ہیں، اپنی اسی صلاحیت کی وجہ سے گھر کے لئے بھی کئی چھوٹ بڑے منصوبے بناتی ہیں جن سے ان کے گھر کو فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ یہ اپنے شوہر سے بہت محبت کرتی ہیں اور یہ اچھے برے وقت میں اس کے کام آتی ہیں۔ یہ گھر میں اپنی مرضی چلانا چاہتی ہیں لیکن شوہر کی مرضی کو بھی نظر انداز نہیں کرتیں۔ یہ بہت حساس ہوتی ہیں اس لئے ذرا ذرا سی بات کا اثر دل پر لیتی ہیں، خاص طور پر اپنے شوہر کے برتاؤ کا اثر زیادہ لیتی ہیں، اگر شوہر ان کی تعریف کر دے تو کھل اٹھتی ہیں اور اگر ذرا سا بر بھلا کہہ دے تو گھنٹوں روتی رہتی ہیں۔ امور خانہ داری کی طرف ان کی بھرپور توجہ ہوتی ہے۔ یہ صفائی پسند ہوتی ہیں اس لئے اپنے گھر کو صاف رکھتی ہیں۔ سلیقہ مند ہونے کی وجہ سے ان کے گھر چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں۔ یہ بہت نفاست پسند ہوتی ہیں۔ حسن کے معاملے میں خاص حساس ہوتی ہیں، کسی عورت کو خود سے زیادہ حسین دیکھنا ان کے لئے خاصا مشکل ہوتاہے۔ اپنے بچوں کی اچھی نگہداشت و پرورش کرتی ہیں اور ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
میزان مرد اور ثور عورت
ثور خواتین باعمل، ذہین اور ہمدرد ہوتی ہیں۔ یہ دوسروں کو دکھ اور تکلیف میں دیکھ کر خود بھی دکھی ہو جاتی ہیں اور ان لوگوں کی مدد کرنا پسند کرتی ہیں۔ یہ اپنے شوہر سے بہت محبت کرتی ہیں لیکن اس پر بہت زیادہ شک کرتی ہیں۔ یہ خود شوہر سے وفادار ہوتی ہیں اور اس سے بھی وفا کی توقع رکھتی ہیں۔ اگر شوہر بے وفائی کا مرتکب ہو تو سخت رویہ اختیار کرتی ہیں لیکن اگر شوہر معافی مانگ لے تو اسے کھلے دل سے معاف کر دیتی ہیں لیکن یہ بار بار معاف کرنے کی قائل نہیں ہوتیں۔ یہ امور خانہ داری میں بہت دلچسپی رکھتی ہیں۔ گھروں کو صاف ستھرا رکھتی ہیں۔ دیگر تمام امور سلیقہ مندی کے ساتھ نبھانے کیساتھ ساتھ خوش ذائقہ پکوان بنانے کی خواہش رکھتی ہیں اور وقتاً فوقتاً نئی ڈشز تیار کرتی رہتی ہیں۔ یہ بہت محتاط ہوتی ہیں اور ہر قدم سمجھ داری سے اٹھاتی ہیں۔ یہ اپنے گھر کے استحکام و خوش حالی کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہیں۔ اگر شوہر پر برا وقت آ جائے تو اس کا بھرپور ساتھ دیتی ہیں۔ عام حالات میں اسے اچھے مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں شوہر کی آمدنی اگر کم بھی ہو تو یہ خوشی خوش گزارا کر لیتی ہیں اور شوہر پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالتیں۔ یہ اپنے بچوں کی تربیت و نگہداشت اچھے انداز میں کرتی ہیں، یہ ان کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں
میزان مرد اور جوزا عورت
جوزا خواتین ذہین اور سمجھدار ہوتی ہیں۔ ان کی سوچ و فکر میزان مرد سے ہم آہنگ ہوتی ہے اس لئے یہ جوڑا ایک خوش حال زندگی گزارتا ہے۔ یہ خواتین ہر وقت خود کو کسی نہ کسی کام میں مصروف رکھنا پسند کرتی ہیں۔ فارغ بیٹھنا ان کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے۔ امور خانہ داری میں بہت دلچسپی رکھتی ہیں۔ گھر کے تمام کام بہ احسن خود نمٹاتی ہیں۔ شوہر سے بہت زیادہ محبت کرتی ہیں اور اسے بہت اہمیت دیتی ہیں۔ یہ اس سے جدائی کا تصور بھی نہیں کر سکتیں۔ اس کے برے وقت میں اس کی بھرپور مدد کرتی ہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اپنے کسی کام میں مصروفیت کی رو سے امور خانہ داری میں غفلت برتتی جائیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ یہ غفلت مستقل ہے۔ یہ خواتین گھر سے باہر کی مصروفیات میں بھی وقت گزارنا پسند کرتی ہیں لیکن ان کے شوہر کو کسی قسم کے شک میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ اس سے بہت وفادار ہوتی ہیں اور اس کے علاوہ کسی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتیں۔ یہ سیرو تفریح کی شوقین ہوتی ہیں اس لئے شوہر اور بچوں کے ساتھ تفریحی مقامات پر جاتی رہتی ہیں۔ یہ بچوں کے ساتھ خود بھی بچی بن جاتی ہیں اور ہنستے کھیلتے ان کی تربیت بھی کرتی ہیں یہ انہیں اعلیٰ مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں۔
میزان مرد اور سرطان عورت
سرطان خواتین بہت زیادہ پیچیدہ مزاج رکھتی ہیں۔ ان کے ساتھ پل میں تولہ اور پل میں ماشہ والا معاملہ ہوتا ہے۔ یہ موڈی ہوتی ہیں۔ ذرا سی بات پر بہت خوش ہو جاتی ہیں اور ذرا سی بات انہیں چراغ پا کر دیتی ہیں۔ امور خانہ داری سے انہیں خاصا لگاؤ ہوتا ہے اس لئے گھریلو ذمہ داریاں اچھے طریقے سے نمٹاتی ہیں۔ گھر میں صرف شوہر کا حکم چلنے نہیں دیتیں بلکہ کئی کام اپنی مرضی سے کرتی ہیں۔ شوہر اگر کوئی اعتراض کرے تو اس سے لڑنے جھگڑنے کے لئے تیار ہو جاتی ہیں۔ یہ خواتین بہت سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتی ہیں اور اکثر کنجوسی کا مظاہرہ بھی کرتی ہیں۔ یہ خاص رقم پس انداز رکھتی ہیں۔ یہ اپنے شوہر سے وفا کرتی ہیں اور اس کے ہر برے وقت میں اس کا ساتھ دیتی ہیں لیکن اس پر بہت شک کرتی ہیں اور بعض اوقات تو اس حوالے سے اس کا جینا حرام کر دیتی ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ گھرکو خوب صاف ستھرا اور سلیقہ سے رکھتی ہیں۔ انہیں اچھے پکوان بنانے کا شوق ہوتا ہے۔ یہ ہر طرح کے حالات میں گزارا کر لیتی ہیں۔ شوہر کو اکثر مفید مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں۔ کسی کو اپنے گھر کے معاملات میں نہیں بولنے دیتیں۔ گھر سے باہر ان کی زیادہ مصروفیات نہیں ہوتیں، یہ اپنے گھر میں ہی رہنا پسند کرتی ہیں۔ یہ اپنے بچوں کی اچھے انداز میں پرورش کرتی ہیں اور ان کی ترقی کیلئے کوشاں رہتی ہیں۔
میزان مرد اور اسد عورت
اسد خواتین بہت حسین اور پر کشش ہوتی ہیں۔ یہ خواتین کچھ مغرور بھی ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ امور خانہ داری کی طرف ان کی بھرپور توجہ ہوتی ہے۔ یہ شوہر سے بہت محبت کرتی ہیں، اسے بہت اہمیت دیتی ہیں اور اس کے برے وقت میں اس کی بھرپور مدد کرتی ہیں۔ یہ اچھی میزبان ثابت ہوتی ہیں۔ تخلیقی ذہن کی وجہ سے اکثر مصوری، شاعری اور افسانہ نگاری وغیرہ کی طرف توجہ دیتی ہیں لیکن اپنی ان مصروفیات کا اثر گھریلو کاموں پر نہیں پڑنے دیتیں۔ یہ اچھے پکوان بنانے کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ یہ کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے نہیں دیتیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا شوہر ان کے کاموں کی تعریف کرے۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے شوہر کی اچھی آمدنی ہو لیکن یہ اس کے ساتھ ہر طرح کے حالات میں گزارا کر لیتی ہیں۔ یہ کھلے ہاتھ سے خرچ کرنے کی عادی ہوتی ہیں اور اکثر فضول خرچی کرتی ہیں۔ قرض لینا پسند نہیں کرتیں اور نہ ہی کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانا چاہتی ہیں۔ بچوں کے معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ بے جا لاڈ پیار سے بچے بگڑ جاتے ہیں اس لئے ان پر سختی بھی رکھتی ہیں۔
میزان مرد اور سنبلہ عورت
سنبلہ خواتین بہت ذہین، سمجھدار اور خاموش طبع ہوتی ہیں۔ یہ اپنے دل کا راز کسی کو نہیں دیتیں، حتیٰ کہ ان کا شوہر بھی ان کے دل کے حال سے ناواقف ہوتا ہے۔ یہ شوہر سے وفا کرتی ہیں ، اس کے ہر برے وقت میں اس کے کام آتی ہیں۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانا چاہتی ہیں لیکن اگر شوہر ایسا کرنا چاہے تو انہیں اعتراض نہیں ہوتا۔ ان خواتین کو امور خانہ داری سے خاصا لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ گھر کو سلیقے سے اور صاف ستھرا رکھتی ہیں۔ یہ اپنے گھر کو معاشرے میں با وقار اور با عزت دیکھنا چاہتی ہیں اس لئے گھریلو لڑائی جھگڑوں سے گریز کرتی ہیں۔ یہ اچھی میزبان ہوتی ہیں اور ذائقہ دار کھانے بناتی ہیں۔ ان کی گھر سے باہر کوئی خاص مصروفیات نہیں ہوتیں اور یہ اپنے گھر میں ہی رہنا پسند کرتی ہیں۔ یہ کفایت شعار ہوتی ہیں اس لئے خوب سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتی ہیں۔ یہ بہت خوبصورت بھی ہوتی ہیں اور اپنے حسن کے معاملے میں خاصی محتاط بھی ہوتی ہیں اور اپنے حسن میں کمی نہیں آنے دیتیں۔ اس سلسلے میں اچھی خوراک اور میک اپ کا سہارا لیتی ہیں یہ اپنے سے زیادہ حسین خواتین سے حسد کرتی ہیں۔ یہ اپنے بچوں کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور ان کی ترقی کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہیں۔
میزان مرد اور میزان عورت
یہ جوڑا اچھی زندگی گزارتا ہے کیونکہ یہ دونوں کے مزاج میں خاصی ہم آہنگی ہوتی ہے۔ یہ اگر ایک دوسرے کو پورے طور پر سمجھ لیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کر دیں تو ان کی زندگی قابل رشک ہو سکتی ہے۔ میزان خواتین اپنے گھر اور اپنے شوہر کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ یہ ان سے وفا کرتی ہیں۔ یہ اچھے برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ چلتی ہیں اور انہیں مفید مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں۔ یہ اپنے گھریلو معاملات میں دوسرے لوگوں کو نہیں بولنے دیتیں۔ ان خواتین کو امور خانہ داری سے بہت لگاؤ ہوتا ہے لیکن اکثر اپنی تخلیقی صلاحیتوں وجہ سے آرٹ کے مختلف شعبوں کی طرف راغب ہو جاتی ہیں۔ یہ بہت خوبصورت اور حسین ہوتی ہیں اور اپنے حسن کو سدا قائم رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ یہ گھر میں اپنی مرضی چلانا چاہتی ہیں۔ لیکن اگر ان کا شوہر ایسا کرنا چاہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا ہے۔ یہ ایک پر تعیش زندگی گزارنے کی خواہش مند ہوتی ہیں لیکن اگر شوہر کی آمدنی زیادہ نہ ہو تو ہر حال میں اس کے ساتھ گزارا کر لیتی ہیں۔ اپنے شوہر کے معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں اور شوہر کی غیر موجودگی میں بھی کسی سے اس کی برائی نہیں سن سکتیں۔ بچوں سے بہت محبت کرتی ہیں اور ان کی پرورش اچھے انداز میں کرتی ہیں۔
میزان مرد اور عقرب عورت
عقرب خواتین بہت تند و تیز مزاج کی ہوتی ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر غصہ میں آ جانا ان کی فطرت کا حصہ ہوتا ہے۔ یہ شوہر کی کوئی کوتاہی نظر انداز نہیں کرتیں اور اس پر رد عمل ضرور ظاہر کرتی ہیں۔ عقرب خواتین کے ساتھ میزان مرد کے لئے تو کیا کسی اور برج سے تعلق رکھنے والے مرد کے لئے بھی زندگی گزارنا مشکل اور کٹھن ہوتا ہے۔ میزان مرد کبھی یہ نہیں چاہتے کہ اس کے گھر میں ہنگامے اور جھگڑے ہوں جس کی وجہ سے ان کے گھر کا وقار مجروح ہو لیکن عقرب عورت کو ایسی بات کی پروا نہیں ہوتی، وہ جب بولنے پر آتی ہے تو آسمان سر پر اٹھا لیتی ہے اور سارے محلے کو پتہ چل جاتا ہے کہ اس کے گھر میں ہنگامہ ہو رہا ہے۔ یہ شوہر کا اس حد تک خیال ضرور رکھتی ہیں کہ اسے وقت پر کھانا مل جائے یا کپڑے مہیا ہو جائیں۔ اگر گھر کے حالات نا خوش گوار ہوں تو شوہر ایسی تمام سہولتوں سے محروم ہو جاتا ہے اور اکثر کام اسے خود کرنا پڑتے ہیں۔ اس گھر کی سلامتی کی ساری ذمہ داری شوہر پر ہوتی ہے۔ اسے یہ سوچ لینا چاہئے کہ اگر اس نے ذرا سی گرما گرمی کی تو اس کی بیوی اس سے علیحدگی اختیار کرنے میں بھی دیر نہیں لگائے گی۔ بچوں کے معاملے میں یہ عورت خاصی حساس ہوتی ہے، ان کی پرورش اچھے انداز میں کرتی ہے اور اکثر ان پر سختی کرتی ہے۔
میزان مرد اور قوس عورت
قوس خواتین بہت خوش مزاج، ملنسار، ہمدرد اور ذہین ہوتی ہیں۔ یہ اپنے گھر کے معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں اور گھر کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ شوہر کے ساتھ تو یہ خواتین بہت وفادار ہوتی ہیں۔ یہ اس کی ہر قدم پر مدد کرتی ہیں اور اسے اچھے مشوروں سے نوازتی ہیں۔ اگر اس پر برا وقت آ جائے تو اس کی ہر ممکن مدد کرتی ہیں۔ امور خانہ داری کی طرف ان خواتین کا گہرا جھکاؤ ہوتا ہے۔ اس لئے اپنے گھر کو بڑے سلیقے سے رکھتی ہیں۔ ان کے گھر صاف ستھرے اور چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں۔ یہ ہر طرح کے حالات میں گزارا کر لیتی ہیں اور شوہر پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالتیں۔ یہ کفایت شعار ہوتی ہیں اور خاصی رقم پس انداز کر کے رکھتی ہیں۔ ان خواتین کی گھر سے باہر بھی خاصی مصروفیات ہوتی ہیں لیکن یہ گھریلو امور پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑنے دیتیں۔ اچھے کھانے پکانے کی خواہش مند ہوتی ہیں۔ یہ اپنے دوستوں کی دعوتیں کرتی رہتی ہیں اور ان کی دعوتوں پر جاتی رہتی ہیں۔ یہ اپنے گھرانے کے وقا ر کے لئے بہت کوشاں ہوتی ہیں۔ اسے اقدامات کرتی رہتی ہیں جس سے ان کے گھرانے کے بارے میں لوگ اچھی رائے قائم کریں۔ یہ اپنے بچوں کی اچھے انداز میں پرورش کرتی ہیں، ان کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور انہیں اعلیٰ مقامک پر دیکھنا چاہتی ہیں۔
میزان مرد اور جدی عورت
جدی عورت خوبصورت، نفاست پسند، ذہین اور بے عمل ہوتی ہیں۔ یہ خیالی دنیا میں رہنے کی بجائے حقائق پر نظر رکھتی ہیں۔ یہ نفع اور نقصان کا پہلو ہر وقت مد نظر رکھتی ہیں اور صرف ایسے کام کرتی ہیں جو فائدہ مند ہوں، ان کاموں کی طرف بالکل توجہ نہیں دیتیں جن میں انہیں نقصان کا اندیشہ ہو۔ شادی سے پہلے یہ خواتین عشق و محبت کے چکر میں نہیں پڑتیں بلکہ یہ زندگی گزارنے کے لئے ایک ایسے مرد کا انتخاب کرتی ہیں جو ذہین، سمجھدار، محنتی اور ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، یہ لیلیٰ مجنوں والے عشق پر یقین نہیں رکھتیں۔ شادی کے بعد یہ اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا شوہر زیادہ سے زیادہ ترقی کرے اور اس سلسلہ میں یہ اسے نہ صرف مفید مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں بلکہ اس کی ہر ممکن مدد بھی کرتی ہیں۔ ان خواتین کا ایک نفسیاتی پہلو یہ ہے کہ یہ اپنے میکے والوں کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے شوہر اگر ان کی محبت کے خواہاں ہیں تو انہیں ان کے گھر سے اچھے مراسم رکھنا ہوں گے۔ امور خانہ داری میں انہیں بہت دلچسپی ہوتی ہے اور یہ گھر کا ہر کام بہت سلیقے سے کرتی ہیں۔ یہ خواتین اپنے بچوں کی بہت حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور انہیں دوسرے بچوں سے ممتاز دیکھنا چاہتی ہیں۔
میزان مرد اور دلو عورت
دلو خواتین بڑے پیچیدہ مزاج کی حامل ہوتی ہیں۔ ان کے دل میں کیا ہے صرف وہی جانتے ہیں کیونکہ یہ کسی حال میں اپنے دل کا حال کسی کو نہیں بتاتیں۔ شادی سے پہلے یہ خواتین عشق و محبت کی طر ف مائل ہوتی ہیں اور ایسے مرد کو پسند کرتی ہیں جو پر جوش محبت کر سکے لیکن شادی کے بعد ان کے خیالات بدل جاتے ہیں۔ یہ اپنے شوہر سے پر جوش محبت کی نہیں بلکہ ذمہ داری کی بھی توقع رکھتی ہیں۔ یہ اپنے گھر کے بیشتر معاملات اپنے ہاتھ میں رکھنا پسند کرتی ہیں لیکن اگر ان کا شوہر یہ معاملہ بخوبی سنبھال لے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ یہ خواتین آزادی پسند ہوتی ہیں اس لئے شادی کے بعد خود کو قید میں تصور کرنے لگتی ہیں۔ اگر یہ اپنی اس عادت پر قابو نہ پائیں تو گھر میں تلخیاں پیدا ہو جانے کا امکان ہوتا ہے۔ اپنے شوہر سے ان خواتین کو بہت محبت ہوتی ہے اس لئے ان کی تمام خواہشات اور ان کے جذبات کا احساس کرتی ہیں۔ امور خانہ داری کی طرف ان خواتین کا خاصا جھکاؤ ہوتا ہے۔ یہ ایسے تمام امور بہ احسن و خوبی نبھاتی ہیں اور گھر کے استحکام و خوش حالی کے لئے کوشاں رہتی ہیں، اپنے بچوں پر گہری نظر رکھتی ہیں، ان سے درمیانہ روی اختیار کرتی ہیں اور بے جا لاڈ پیار نہیں کرتی ہیں
میزان مرد اورحوت عورت
حوت خواتین بہت خوبصورت اور پر کشش ہوتی ہیں، ہر کسی سے ہمدردی کرنا ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ یہ کسی کو دکھ میں نہیں دیکھ سکتیں۔ ہر کسی کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔ یہ خواتین ذہانت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ یہ شوہر اور اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ اپنے شوہر کا حکم مان کر خوشی محسوس کرتی ہیں۔ اس کی ہر برے وقت میں بھرپور مدد کرتی ہیں اور کسی حال میں اس کی بے عزتی برداشت نہیں کر سکتیں۔ یہ کسی حال میں اس سے علیحدگی کا تصور نہیں کر سکتیں۔ امور خانہ داری کی طرف ان خواتین کا بہت جھکاؤ ہوتا ہے۔ یہ بڑی نفاست اور خوبصورتی سے اپنے گھر کو سجاتی ہیں۔ یہ بہت سلیقہ مند ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے گھر کا وقار اور استحکام بہت عزیز ہوتا ہے۔ یہ اپنے حسن کے بارے میں خاصی حساس ہوتی ہیں اور خود کو ہمیشہ حسین دیکھنے کی خواہش مند ہوتی ہیں، اس سلسلے میں یہ خاصی محنت کرتی ہیں، اپنے سے زیادہ حسین عورت کو دیکھ کر یہ حسد نہیں کرتیں بلکہ کھلے دل سے اس کے حسن کو تسلیم کر لیتی ہیں۔ یہ بہت حساس ہوتی ہیں اور ذرا ذرا سی بات کو دل پر لے لیتی ہیں۔ اگر شوہر کوئی بات کہہ دے تو گھنٹوں روتی رہتی ہیں اور اگر شوہر منائے تو جلد مان جاتی ہیں۔ یہ اپنے بچوں کی اچھے انداز میں پرورش کرتی ہیں۔ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہتی ہیں اور انہیں اعلیٰ مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
عقرب
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا
میزان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں