مکمل راستہ
برج
عقرب
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا
عقرب مردوں کی خصوصیات
قارئین! گزشتہ صفحات پر ہم نے عقرب افردا کا سرسری جائزہ لیا ۔ آئیے اب ان کے بارے میں تفصیلی طور پر جانتے ہیں۔ سب سے پہلے ہم عقرب مردوں کے بارے میں بات چیت کرتے ہیں۔
کاروبار
تفصیل
یہ لوگ کاروباری حوالے سے بڑے تیز ہوتے ہیں۔ چونکہ غور وفکر اور باریک بینی ان کی عادتیں ہوتی ہیں اس لئے یہ جو بھی کاروبار کرتے ہیں ان میں ان کی عادتیں انہیں بے حد فائدہ پہنچاتی ہیں۔ یہ دوسروں سے سودا بازی کرنے کی بھی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنی چرب زبانی، حاکمانہ انداز اور چالاکی سے یہ حالات کو اپنے حق میں موڑ لیتے ہیں۔ ہوٹل کا کاروبار ہو یا کپڑے کا، کمپیوٹر کا شعبہ ہو یا پرچون کی دوکان کا معاملہ، یہ لوگ اپنے اپنے شعبوں میں کامیاب نظر آتے ہیں۔
متعلقہ صفحات
57 صفحاتبے چین اور بے قرار
یہ لوگ اکثر بے چین اور بے قرار رہتے ہیں۔ اس کی وجہ ان کی یہ سوچ ہوتی ہے کہ ان کی زندگی لمحہ بہ لمحہ کم ہوتی جا رہی ہے۔ وقت اپنی مخصوص رفتار سے سرکتا جا رہا ہے اور ان کی موت ان کے قریب آتی جا رہی ہے۔ ان سوچوں کی وجہ سے یہ لوگ بے چین رہتے ہیں، ایسی سوچیں صرف عقرب مردوں کی ہی نہیں بلکہ عقرب خواتین کی بھی ہوتی ہیں۔
ہنسنا اور مسکرانا
یہ لوگ بات بات پر ہنستے اور مسکراتے رہتے ہیں اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ان پر اپنی محدود زندگی کی سوچوں کا غلبہ رہتا ہے اور یہ سوچتے ہیں کہ جو بھی وقت ہے اسے ہنس کھیل کر گزار دیا جائے جبکہ دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ اپنی تمام تر بے چینی اور بے قراری کے باوجود زندگی سے لطف اندوز ہونا جانتے ہیں۔
حوصلہ مند اور باہمت
یہ افراد زندگی کے ہر میدان میں بہت زیادہ حوصلہ مند اور باہمت ہوتے ہیں۔ دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد جن کاموں سے کترا جاتے ہیں۔ عقرب افراد نہ صرف ایسے کاموں کو بڑے حوصلے کے ساتھ کرتے ہیں بلکہ سرخرو بھی ہوتے ہیں، ایسے کاموں کے دوران یہ لوگ اپنے اندر موجود تمام خدشات، خطرات اور منفی سوچوں کا خاتمہ کر دیتے ہیں اور ان کے سامنے صرف اور صرف مزکورہ کام ہوتے ہیں اور جب تک یہ لوگ یہ کام نہ کر لیں انہیں سکون نہیں ملتا۔
بہترین لیڈر
ان افراد میں پیدائشی طور پر قائدانہ صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔ ان میں بولنے کی بڑی طاقت ہوتی ہے اور ان کے الفاظ میں بڑی تاثیر اور جادو ہوتا ہے۔ لوگ نہ صرف ان کی باتیں بڑے غور سے سنتے ہیں بلکہ ان پر عمل پیرا ہونے میں بھی ہچکچاتے ہیں۔ اگر عقرب افراد کسی بھی شعبے میں رہنمائی کا فیصلہ کر لیں تو اپنے عمل اور اپنی باتوں سے یہ لوگوں کی اکثریت کو اپنی تقلید کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
بے خوف اور بہادر
یہ افراد فطری طور پر بے خوف اور بہادر ہوتے ہیں۔ خطرات سے کھیلنا ان کی فطرت کا حصہ ہوتا ہے۔ یہ خطرناک سے خطرناک کاموں میں بھی ہاتھ ڈالنے سے نہیں کتراتے، جو باتیں جو باتیں دوسروں کے لئے گھبراہٹ اور خوف کا باعث بنتی ہیں، عقرب افراد ان باتوں کو اپنے عزم اور بہادری کے پیروں تلے روند کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ فوج ، پولیس، سیکورٹی ایجنسیز اور دیگر ایسے شعبوں میں یہ لوگ اپنے کارناموں کی وجہ سے بہت مقبول رہتے ہیں۔
محبت
عقرب مرد چونکہ زندگی کے تمام معاملا ت کا بغور جائزہ لینے کے عادی ہوتے ہیں اس لئے کسی عورت کی جانب پیش قدمی کرنے سے پہلے یہ اس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کرتے ہیں اور اگر وہ عورت ان کے معیار پر پوری اتر جائے تو یہ اس سے راہ و رسم بڑھاتے ہیں ورنہ یہ اسے گڈ بائے کہنا زیادہ مناسب سمجھتے ہیں۔
وفادار اور قابل اعتماد
یہ لوگ بہت وفادار اور قابل اعتماد ہوتے ہیں، وفاداری کے بارے میں ان کا فلسفہ یہ ہوتا ہے کہ اگر وفا کا ارادہ کر لیا ہے تو صرف وفا کرو، اس کے بدلے کی فکر نہ کرو، سامنے والا کیا کرتا ہے، یہ بھول جاؤ، خود صرف وفا کرو تا کہ اپنی شخصیت کی شان برقرار رہے۔ یہ لوگ نہایت قابل اعتماد ہوتے ہیں، ان پر ہر طرح کا بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ انہیں اپنے راز بتائے جا سکتے ہیں۔
شہرت کے خواہش مند
جس طرح دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد شہرت کی خواہش رکھتے ہیں اسی طرح عقرب افراد بھی فطری طور پر شہرت و مقبولیت کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ یہ اپنے حلقۂ احباب میں کسی نہ کسی طرح خود کو مشہور کروا ہی لیتے ہیں اور اگر کسی نئی جگہ جائیں تو تب بھی یہ شہرت حاصل کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگاتے۔ ان کا عمل ان کا انداز گفتگو اور ان کی دیگر عادتیں ان کی شہرت کا باعث بنتی ہیں۔
تجزیہ نگار
یہ لوگ چونکہ فطری طور پر خود غرض ہونے کے عادی ہوتے ہیں اس لئے ان کی تجزیہ نگاری پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ماضی، حال اور مستقبل کا بھی جائزہ لیتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف یہ اپنے حال کو درست کر لیتے ہیں بلکہ مستقبل کے لئے بھی مناسب راہ متعین کر لیتے ہیں۔
تخلیق کار
ان لوگوں میں بڑی تخلیقی صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ یہ لوگ زندگی کے جس شعبے سے بھی تعلق رکھتے ہوں وہاں ان کی یہ صلاحیتیں ان کے کام آتی ہیں۔ ساتھ ہی یہ لوگ مضبوط حوصلے اور ہمت کے مالک بھی ہوتے ہیں اس لئے دوسروں کی نسبت زیادہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر لیتے ہیں۔
جذباتی
یہ افراد جہاں بہت غور و فکر کرنے والے اور حوصلے کام لینے والے ہوتے ہیں وہیں یہ اکثر جذبات کی رو میں بھی بہہ جاتے ہیں انہیں اگر غصہ آ جائے تو بڑی مشکل سے قابو میں آتے ہیں، اگر کسی وجہ سے دکھی ہو جائیں تو اس کا گہرا اثر لیتے ہیں، کسی کی مدد کرنے پر آمادہ ہو جائیں تو اس کے لئے اپنا سب کچھ لٹانے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔
بہترین یادداشت
یادداشت کے معاملے میں عقرب افراد کا کوئی ثانی نہیں ہوتا ہے۔ انہیں بہت سی ایسی باتیں جزئیات کے ساتھ یاد رہتی ہیں جو دوسرے افراد بھول جاتے ہیں۔ انہیں اپنے بچپن کے کئی واقعات بھی پوری طرح یاد ہوتے ہیں حتیٰ کہ انہیں یہ بھی یاد ہوتا ہے کہ اس واقعہ کا کیا وقت تھا، وہاں کتنے لوگ موجود تھے، کس نے کیا کہا تھا، کس نے کس رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔
فراخ دل
یہ لوگ بڑے فراخ دل ہوتے ہیں۔ ان کی اس خصوصیت سے اکثر مستحق افراد کا بھلا ہوتا رہتا ہے اور دوست بھی فیض یاب ہوتے رہتے ہیں۔ اکثر لوگ ان کی اس خصوصیت کی وجہ سے مختلف حیلے بہانے بنا کر ان سے مدد لیتے رہتے ہیں۔ عقرب افراد کی یہ خصوصیت بھی ہوتی ہے کہ یہ ان لوگوں کی بھی مدد کر دیتے ہیں جو ان کی نا پسندیدگی کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں۔
قناعت کا فقدان
ان افراد میں ایک خامی یہ ہوتی ہے کہ یہ قناعت نہیں کرتے اور آگے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ان کی یہ خامی جہاں کئی جگہوں پر ا ن کے لئے نقصان دہ ہوتی ہے وہیں ان کے لئے فائدہ مند بھی ثابت ہوتی ہے اور یہ آگے سے آگے بڑھنے کے خبط میں بے شمار فوائد حاصل کرتے چلے جاتے ہیں۔
تحمل مزاج
ہم نے گزشتہ سطور میں تذکرہ کیا کہ یہ افراد جذباتی ہوتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کی ایک خصوصیت یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ بہت تحمل مزاج بھی ہوتے ہیں، یہ اکثر معاملات میں صبر اور تحمل سے کام لیتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ معاملہ احسن طریقے سے نمٹ جائے، نہ صرف یہ اپنے معاملات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو اکثر تحمل کی تلقین بھی کرتے رہتے ہیں۔
سچ بیانی
صاف گوئی اور سچ بیانی بھی ان لوگوں کا ایک وصف ہوتا ہے۔ فطری طور پر یہ سچائی کو پسند کرتے ہیں لیکن اگر کبھی مصلحتاً انہیں جھوٹ بولنا پڑے تو یہ مجبوراً دروغ گوئی کرتے ہیں۔ ان کے حلقۂ احباب پر بہر حال ان کا تاثر ایک سچے اور کھرے انسان کا ہی ہوتاہے۔
ثابت قدم
یہ لوگ چونکہ حوصلے اور بہادری لبریز ہوتے ہیں اس لئے مختلف معاملات میں یہ ثابت قدم بھی رہتے ہیں۔ چونکہ سچائی کو بھی پسند کرتے ہیں اس لئے مجموعی طور پر انہیں ان کے مؤقف سے ہٹانا مشکل ہوتا ہے۔ ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ان میں بڑی صلاحیت ہوتی ہے ایسے میں اگر ان پر آگے سے آگے بڑھنے کی صلاحیت بھی غالب آ جائے تو تمام نقصانات کو بالائے طاق رکھ کر حصول مقصد تک پیش قدمی کرتے رہتے ہیں۔
بے باک
بے باکی کا عنصر بھی ان کے اندر پایا جاتا ہے۔ یہ اپنی ہر بات بے باکی سے کرتے ہیں اور دوسروں کے بارے میں ریمارکس بھی بڑی بے باکی سے دیتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ اکثر لوگوں کے لئے ناپسندیدہ بھی ہو جاتے ہیں لیکن انہیں کسی کی پروا نہیں ہوتی۔ اکثر انہیں اپنی بے باکی کی وجہ سے لڑائی جھگڑے کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اس کے باوجود یہ اپنی عادت و فطرت سے دست بردار ہونے پر راضی نہیں ہوتے۔
جلد باز
ہم نے تذکرہ کیا ہے کہ یہ لوگ تحمل مزاج ہوتے ہیں لیکن اکثر یہ جلد بازی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں، در اصل یہ دہری شخصیت کے مالک ہوتے ہیں اس لئے ان کے بارے میں کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی کہ یہ کس وقت کیا کریں گے، ان کا کوئی بھی عمل حالات اور واقعات پر منحصر ہوتا ہے۔
غلبہ پسند
اپنی فطرت کی وجہ سے یہ ہر چیز پر قبضہ اور غلبہ حاصل کر لینا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے احکامات کی بجا آوری کی جائے اکثر یہ احکامات صادر کرتے نظر آتے ہیں۔ جو لوگ ان کے احکامات ماننے سے انکار کریں یہ دھونس ، دھمکی اور طاقت سے انہیں قابو کرنا چاہتے ہیں۔
انتہا پسند
ان افراد کی انتہا پسندی بھی بہت مشہور ہے۔ ویسے تو یہ لوگ اکثر معاملات میں انتہا پسند ہوتے ہیں لیکن کھانے اور جنسی حوالے سے یہ کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
دوسروں کے لئے قربانی
یہ لوگ اگر کسی کے لئے کوئی قربانی دینے پر آمادہ ہو جائیں تو اس سلسلے میں ہر طرح کی تکلیفیں برداشت کرتے ہیں اور قربانی کی ایسی ایسی مثالیں قائم کرتے ہیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔
ماورائی معاملات
برج حوت اور برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرح عقربی افراد بھی ماورائی اور پر اسرار معاملات میں بڑی دلچسپی رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ روحانیت اور انسانیت ان کے پسندیدہ مضامین ہوتے ہیں۔ یہ لوگ کائنات کے اسرار جان لینے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔
تنقید اور طنز
سب سے زیادہ تنقید کرنے والے لوگ برج سنبلہ سے تعلق رکھتے ہیں لیکن عقربی افرادبھی ان سے کچھ کم نہیں ہوتے۔ یہ لوگ طنز بھی بہت زیادہ کرتے ہیں۔ ان کی تنقید میں ان کی فطرت کے مطابق اکثر حاکمانہ انداز بھی ہوتا ہے۔ کئی لوگ ان کی اسی عادت کی وجہ سے ان سے دور رہنے لگتے ہیں اور انہیں نا پسند کرتے ہیں۔
حسد
ان افراد میں جہاں بہت سی خوبیاں ہوتی ہیں وہیں کئی خامیاں بھی ہیں جن میں سے ایک حسد کرنا بھی ہے۔ ان کے اندر حسد کا مادہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے۔ کسی کی ترقی اور کامیابی کو دیکھ کر ان لوگوں کا حسد کرنا ایک فطری عمل ہے۔
شک و شبہ
یہ لوگ ذرا ذرا سی بات پر شک و شبہ کرتے ہیں۔ ان کے احباب ان کی اس عادت کی وجہ سے اکثر نالاں بھی رہتے ہیں۔ کئی مواقع پر عقربی افراد اپنی اس خامی پر قابو بھی پا لیتے ہیں لیکن اکثر یہ اپنی عادت کے ہاتھوں یرغمال بنے رہتے ہیں۔
بے غرض
یہ افراد چونکہ خامیوں اور خوبیوں کا مجموعہ ہوتے ہیں اس لئے جہاں ہم نے ان کی چند خامیوں کا ذکر کیا وہیں ان کی ایک خوبی کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے اور وہ یہ کہ یہ لوگ ویسے تو فطرت انسانی کے زیر اثر رہ کر بہت سے کام اپنی غرض کی خاطر کرتے ہیں لیکن کئی جگہیں ایسی ہوتی ہیں جہاں یہ ہر عمل بے غرضی سے کرتے ہیں اور ان عوامل کے پس پردہ ان کا جذبہ قربانی کارفرما ہوتا ہے۔
آہنی اردے
یہ لوگ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ کر گزرتے ہیں کیونکہ ان کے اردے آہنی ہوتے ہیں۔ جب یہ کوئی کام کرنے کی ٹھان لیں تو انہیں ان کے اردوں سے باز رکھنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے اور ان کی یہ خوبی بھی ہے کہ یہ جو معرکہ بھی سر کرنا چاہیں اس کی تکمیل کے لئے بڑی شدت سے کام کرتے ہیں، جس کا نتیجہ اکثر کامیابی کی صورت ہی میں سامنے آتا ہے۔
چھٹی حس
ان لوگوں کی چھٹی حس بہت زیادہ تیز ہوتی ہے۔ یہ آنے والے وقت کے بارے میں صحیح اندازے لگا لیتے ہیں اور انہیں جن خطرات کا خدشہ ہوتا ہے یہ ان سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار کرتے ہیں۔ یہ صرف اپنے بارے میں ہی نہیں بلکہ یہ دوسروں کے بارے میں بھی بہت سی باتوں کو بھانپ لیتے ہیں اور انہیں ان باتوں سے آگاہ بھی کر دیتے ہیں۔ لوگ ان کی اس خوبی پر حیرت کرتے ہیں۔
مسحور کن صلاحیتیں
یہ افراد جب اپنے شعبوں میں کام کر رہے ہوتے ہیں تو ان کی مسحور کن صلاحیتیں منکشف ہوتی ہیں۔ یہ سحر ان کی ذات کا حصہ ہوتا ہے اور ان کی فطرت میں شامل ہوتا ہے۔ عام زندگی میں تو ان کی اس صلاحیت کا وقتاً فوقتاً اظہار ہوتا رہتا ہے لیکن کئی شعبوں میں تو ان کی یہ صلاحیتیں کھل کر سامنے آتی ہیں مثلاً کوئی پینٹنگ بناتے ہوئے ایسے رنگوں کا استعمال کرتے ہیں اور ایسا ماحول بناتے ہیں کہ دیکھنے والے دم بخود رہ جاتے ہیں یا پھر گلوکاری کرتے ہوئے ایسے سروں کا استعمال کرتے ہیں کہ دوسروں پر ساحرانہ تاثر قائم ہو جاتا ہے۔
غربت سے نفرت
یہ لوگ غربت و افلاس کی زندگی کو سخت ناپسند کرتے ہیں اور اکثر ان کا کہنا یہ ہوتا ہے کہ انہیں ایسی زندگی سے خوف آتا ہے۔ خوف چونکہ ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ اس لئے یہ اکثر باتوں سے خوف زدہ رہتے ہیں۔ اسی طرح غربت سے بھی ڈرتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ اپنے معاش کے سلسلے میں بڑی محنت کرتے رہتے ہیں اور معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے کئی کئی جتن کرتے ہیں، اکثر ان معاملات میں یہ بڑی شدت سے کام کرتے ہیں کہ کبھی کبھی غلط راہوں کا بھی انتخاب کر لیتے ہیں۔ غلط راستوں پر چلنا ان کی فطرت کے بر عکس ہوتا ہے لیکن یہ مصلحتاً اور مفادات حاصل کرنے کی خاطرکچھ غلط کام کر جاتے ہیں۔
تحقیق
یہ لوگ تحقیق پسندہوتے ہیں کسی ایک معاملے کی کھوج لگاتے رہتے ہیں اور جب اس معاملے کی حقیقتیں ان پر منکشف ہو جاتی ہیں تو پھر ان میں ان کی دلچسپی ختم ہو جاتی ہے اور یہ یا تو اس معاملے کی آگے کی منزلوں کی جانب سفر شروع کر دیتے ہیں یا پھر کسی اور معاملے کا کھوج لگانے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ اپنی اس عادت کی وجہ سے یہ پولیس، سیکرٹ سروسز، سائنس اور دیگر تحقیقی شعبوں میں کامیاب رہتے ہیں۔
فتح کے خواہش مند
ہر معاملے میں فتح حاصل کر لینا ان کی شدید خواہش ہوتی ہے۔ جب یہ کسی مشن پر ہوتے ہیں تو ان کے سامنے صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ کسی بھی طرح فتح حاصل کرو چاہے اس کے لئے کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔ یہ لوگ ایسے معاملات میں صرف جذبات سے ہی کام نہیں لیتے بلکہ ان کی ذہنی صلاحیتیں اور جسمانی طاقتیں بھی پورے طور پر کارفرما ہوتی ہیں۔ یہ جانتے ہیں کہ کس وقت کیا چال چلنی ہے اور کس کو کس طرح مات دی جا سکتی ہے۔ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ بات پیار اور محبت سے بن جائے گی تو ان کی زبان میں شیرینی گھل جاتی ہے اور اگر انہیں اندازہ ہو کہ معاملہ طاقت سے نمٹے گا تو پھر یہ ضرورت کے تحت کم یا زیادہ طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔ غرض فاتح بننے کے لئے ہر طرح کا داؤ چلاتے ہیں اور اکثر نتیجہ ان کے حق میں نکلتا ہے۔
مشکلات سے لطف اندوز ہونے والے
اکثر لوگ سہل پسند ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کام کسی بھی طرح آسانی سے ہو جائے لیکن عقربی افراد کی یہ ایک حیرت انگیز خصوصیت ہے کہ یہ لوگ آسان کاموں سے زیادہ دلچسپی ہی نہیں رکھتے ہیں۔ انہیں تو مشکلات سے لطف اندوز ہونے کی عادت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھلا آسان کاموں میں بھی کوئی مزہ ہے؟ اصل مزہ تو مشکل کی راہ گزر سے گزرنے کا ہے۔ یہ لوگ اکثر معاملات میں خود کو مشکلات میں ڈال لیتے ہیں اور پھر ان مشکلات سے نکلنے کی تگ و دو کرتے ہیں۔ اور اس تگ و دو سے وہ لطف حاصل کرتے ہیں۔ اگر انہیں کہہ دیا جائے کہ کسی غار میں ایک خطرناک شیر ہے جو انسانوں کے لئے خطرہ بنا ہوا ہے تو یہ فوراً اس شیر کو مارنے کی منصوبہ سازی کرنے لگیں گے یا پھر یہ کہہ دیا جائے کہ سمندر کی تہہ میں خزانہ موجود ہے تو یہ سوچنا شروع کر دیں گے کہ وہ خزانہ کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے۔
بے زاری
ان افراد میں چونکہ قابض ہو جانے کی عادت ہوتی ہے اس لئے یہ محبت ے معاملات میں بھی اپنی اس عادت کا شکار بنے رہتے ہیں۔ جس کی وجہ سے اکثر ان کی محبوبائیں ان کی حرکتوں اور باتوں سے بے زاری محسوس کرنے لگتی ہیں لیکن وہ لڑکیاں جو اپنے محبوب کی اس عادت سے واقف ہوتی ہیں وہ معاملے کو احسن طریقے سے سنبھال لیتی ہیں لیکن جو لڑکیاں اس بات سے نا واقف ہوتی ہیں وہ بے زار ہو جاتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ آخر ان کا واسطہ کیسے خبطی شخص سے پڑ گیا ہے۔ لیکن صرف ایسا نہیں ہوتا ہے کہ یہ افراد اپنی اس عادت کی رو میں بہے چلے جاتے ہیں بلکہ اکثر انہیں اپنی اس خامی کا احساس ہو جاتا ہے اور پھر یہ بڑی آسانی سے اس پر قابو پا لیتے ہیں۔ ان کے اندر جہاں دوسروں کو اپنے اشاروں پر چلانے کی صلاحیت ہوتی ہے وہیں یہ خود کو بھی اپنے اشاروں پر چلانا جانتے ہیں۔
محبت میں شدت
جہاں عقربی افراد دیگر معاملات میں شدت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہیں محبت کے معاملے میں بھی بڑے شدت پسند ہوتے ہیں۔ یہ صنف مخالف کو نہ صرف اپنی محبت بلکہ اپنی مضبوط اور ساحرانہ شخصیت سے بھی اپنا اسیر بنا لیتے ہیں، ساتھ ہی ان کی پر کشش اور مسحور کن آنکھیں بھی محبوبہ کو ان کے جال سے نکلنے نہیں دیتیں۔ جہاں اکثر لڑکیاں ان کی قابض ہونے والی عادت کی وجہ سے بے زار ہو جاتی ہیں وہیں ان لڑکیوں کے لئے ان افراد سے جان چھڑانا مشکل بھی ہوتا ہے۔ وہ بار بار انہیں چھوڑ کر جانے کا سوچتی ہیں لیکن ان کا ساحرانہ جال اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ اکثر لڑکیاں اسے توڑنے میں ناکام رہتی ہیں، وہ ان سے بے زار ہونے کے باوجود ان کی محبت میں گرفتار رہتی ہیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ لڑکیاں ان سے چھٹکارے کا مضبوط ارادہ کر لیتی ہیں اور کئی کئی دن ان سے دور بھی رہتی ہیں لیکن ان کا دل ان لوگوں کی جانب کھنچتا رہتا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ پھر ان کے پاس آ جاتی ہیں۔ یہ لوگ ان سے نالاں نہیں ہوتے بلکہ ان کی عارضی جدائی یا بے وفائی کو ہنس کر درگزر کر دیتے ہیں، یہ ان کا دل توڑنا پسند نہیں کرتے، تعلقات کا سلسلہ وہیں سے جوڑ لیتے ہیں جہاں سے وہ ٹوٹا ہوتا ہے۔ ایسے مواقع پر لڑکیاں ان کی اس خوش دلی اور درگزر کی عادت کی وجہ سے ان کی محبت کے جال میں مزید جکڑی جاتی ہیں اور پہلے ان کے بارے میں ان لڑکیوں کی جو رائے ہوتی ہے وہ بدل جاتی ہے۔ ان کی پسندیدگی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایسے وقت میں عقربی افراد ان لڑکیوں کو اپنی محبت کے حصار میں زیادہ آسانی سے جکڑ لیتے ہیں۔ ان لڑکیوں کیلے آئندہ ان سے دور جانا ممکن نہیں رہتا۔ یہ محبت گہری ہو جاتی ہے۔
نرم دل اور خوش گفتار
محبت کی پگڈنڈی پر چلتے ہوئے محبوبہ پر یہ حیرت انگیز انکشافات ہوتے ہیں کہ اس کا محبوب تو نرم دل اور خوش گفتار بھی ہے، وہ ایسے ایسے خوب صورت اور لطیف الفاظ کا استعمال کر سکتا ہے، جس کی پہلے توقع نہیں کی جا سکتی تھی۔ اس تبدیلی کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ محبوب کا قبضہ کرنے کا جذبہ اختتام پذیر ہو چکا ہوتا ہے۔ وہ اس بات سے مطأن ہو چکا ہوتا ہے کہ اس کی محبوبہ اب پورے طور پر اس کے قبضے میں آ چکی ہے۔ اس کی سخت گیری ختم ہو جاتی ہے اور اس کی جگہ ایک نرم دل آدمی آ چکا ہوتا ہے جو محبوبہ کے دل کو کسی بات سے ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا ہے اور اسے ہر طرح سے خوش رکھنا چاہتا ہے۔ لیکن مجبور ہو کر اس کی صرف ان باتوں پر اکتفا نہیں کر لینا چاہئے کیونکہ یہ شخص وقتی طور پر ایسا کر رہا ہوتا ہے اور پھر کسی بھی وقت کوئی ذرا سی بات بھی اسے محبوب سے نالاں کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں ایک بار پھر اس کی سخت گیری اور بد زبانی لوٹ کر آ جاتی ہے۔
قوت برداشت
عقربی افراد میں دیگر معاملات میں تو قوت برداشت قابل رشک ہوتی ہے۔ کوئی معرکہ سر کرنا ہو تو یہ حیرت انگیز قوت برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن محبت کے معاملے میں ان کا مزاج ذرا دوسرے انداز کا ہوتا ہے۔ یہ محبوبہ کی ہر بات برداشت کر سکتے ہیں لیکن اس کی ذرا سی بے وفائی یا بے نیازی برداشت نہیں کر سکتے۔ کسی ایسے موقع پر یہ شدید رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہیں
ہمدرد
یہ افراد جہاں اپنی سخت گیری اور اکھڑ مزاجی کی وجہ سے مشہور ہوتے ہیں وہیں لوگ ان کے ہمدردانہ رویے کے بھی قائل ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ایکسیڈنٹ ہو جائے، مجمع لگ جائے تو ایسے میں کوء عقربی مرد ہی ہمت کر سکتا ہے کہ آگے بڑھے اور زخمیوں کو اٹھا کر اسپتال تک پہنچانے کا بندوبست کرے۔ ایسے وقت میں وہ دیگر تمام خطرات کو پس پشت ڈال دیتا ہے۔ اسے اس بات کی پروا نہیں ہوتی کہ پولیس اس سے پوچھ گچھ کرے گی یا اس کے کپڑے خراب ہو رہے ہیں یا پھر یہ کہ اسے کہیں اور پہنچنا ہے۔ ایسے تمام خطرات و خدشات کو پس پشت ڈال کر اس کے سامنے ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ کسی طرح زخمیوں کی مدد کی جائے۔ یہ تو صرف ایک مثال دی گئی ہے زندگی کے دیگر معاملات میں بھی عقربی افراد کا ایسا حال ہوتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اگر آپ کا ایسے افراد سے جھگڑا ہو رہا ہے اور وہ آپ کو سخت ناپسند کر رہا ہے لیکن ذرا دیر بعد کسی نے آپ کے متعلق اسے یہ بتا دیا کہ آپ گھریلو پریشانیوں میں الجھے ہوئے ہیں، آپ کے گھر کا کوئی فرد بیمار ہے یا آپ خود کسی تکلیف میں مبتلا ہیں تو پھر عقربی فرد کا رویہ یکدم بدل جائے گا، اس سخت مزاج شخص کی جگہ آپ کو ایک ہمدرد انسان نظر آنے لگے گا جو آپ کی تکلیف کو دور کر دینے کا خواہش مند ہو گا اور ہر طرح سے آپ کی مدد کرنے پر آمادہ ہو گا۔ ہمدردی اور رحم دلی کا یہی وصف عقربی افراد کو لوگوں کے لئے پسندیدہ شخصیت بنائے رکھتا ہے۔ اپنی اس خصوصیت کی وجہ سے یہ افراد اچھے ڈاکٹر، معلم اور سربراہ ثابت ہوتے ہیں۔
انتھک محنت
یہ افراد انتھک محنت کرنے والے ہوتے ہیں، عملی لوگ ہیں اس لئے اس فلسفے پر زندگی گزارتے ہیں کہ: عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی اگر یہ لوگ کسی کام کو سر انجام دینے کی ٹھان لیں تو پھر ان کے لئے وقت کی کوئی پابندی نہیں رہتی۔ یہ اپنا مقصد حاصل کرنے کے لئے رات دن ایک کر دیتے ہیں۔ اپنی اس خصوصیت کی وجہ سے یہ اپنے اپنے شعبوں میں کامیاب نظر آتے ہیں۔ اگر عقربی فرد مزدور ہے تو یہ دیگر مزدوروں کے مقابلے میں زیادہ محنت، لگن اور توجہ سے کام کرتا نظر آئے گا اور اگر کوئی عقربی فرد مل آنر ہے تو اس کی مل دوسروں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کرتی نظر آئے گی
ناکامی سے نفرت
ناکامی سے ان افراد کو نفرت ہوتی ہے۔ یہ ہر حال میں کامیابی چاہتے ہیں جس کے لئے یہ نہ صرف بہت زیادہ محنت کرتے ہیں بلکہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کوبھی بڑے اچھے طریقے سے کام میں لاتے ہیں۔ کسی فیکٹری کا عقربی سربراہ اپنی فیکٹری کی کامیابی کے لئے مندرجہ ذیل اقدامات کر سکتا ہے: * اچھے ورکرز کا انتخاب * ورکرز یونین کو ختم کرنا اور بوقت ضرورت ان کے لیڈرز کو لالچ دے کر خرید لینا۔ * مقابلے کے لوگوں سے اچھا اور سستا مال بنانا۔ * ورکرز کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینا۔ * ورکرز سے خوش اسلوبی سے پیش آنا۔ * دوسری فیکٹریز کے اچھے ورکرز کو اپنی فیکٹری میں لانے کی کوشش کرنا۔ مندرجہ بالا صرف ایک مثال دی گئی ہے۔ عقربی افراد جس جس شعبے میں ہوں گے اس کے مطابق وہ کامیابی حاصل کرنے کے اقدامات کریں گے۔ اگر کسی وجہ سے انہیں ناکامی ہو جائے تو پھر وہ بری طرح مشتعل ہو جاتے ہیں۔ ایسے میں اکثر وہ جذباتی فیصلے کر بیٹھتے ہیں جن پر انہیں بعد میں پچھتانا پڑتا ہے۔ ان کے اچھے اور مخلص دوست جو ان کی عادتوں سے واقف ہوتے ہیں، ایسے نازک حالات میں انہیں اچھے مشورے دیتے ہیں اور کسی بھی خطرناک اقدام سے انہیں باز رکھنے کی کوشش کرتے ہیں
حساس
عقربی افراد بظاہر نہایت سرد اور سخت مزاج لگتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ پتھر کا دل رکھتے ہیں اور آہنی اعصاب کے مالک ہیں، دنیا کا کوئی واقعہ انہیں شکستہ دل نہیں کر سکتا لیکن ان کے بارے میں یہ سراسر غلط رائے ہے۔ درحقیقت یہ افراد نہایت حساس ہوتے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات کو محسوس کرتے ہیں لیکن ان کی ایک بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ یہ اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جانے کے باوجود اپنی کیفیت کسی پر ظاہر نہیں ہونے دیتے، صرف ان کے قریبی لوگ جو انہیں اچھی طرح جانتے ہیں وہی سمجھ سکتے ہیں کہ یہ افراد اس وقت کس کیفیت کا شکار ہیں۔ کوئی بھی ایسا واقعہ جو دوسروں کے دلوں پر اثر انداز ہوتا ہے عقربی افراد بھی اسے ویسا ہی محسوس کرتے ہیں، فرق صرف اتنا ہوتا ہے کہ دوسرے لوگ اسے ظاہر کر دیتے ہیں، دوسروں سے مدد کے طلب گارہوتے ہیں لیکن عقربی افراد اسے سہہ جاتے ہیں۔ کسی کی موت پر یہ اسے خدا کی مرضی تصور کر کے اپنے دل کو تسلی دے دیتے ہیں اور اگر کوئی نقصان ہو گیا ہو تو یہ سوچ کر مطؤن ہو جاتے ہیں کہ نفع اور نقصان ہوتا ہی رہتا ہے۔
پر اسرار شخصیت
اگر یہ کہا جائے کہ عقربی افراد پر اسرار شخصیت کے مالک ہوتے ہیں تو بے جانہ ہو گا۔ پر اسرار اس حوالے سے کہ دوسروں کے لئے ہمیشہ ایک معمہ ہی بنے رہتے ہیں۔ ان کی شخصیت کے عجیب و غریب پہلو لوگوں کو ان کی طرف سے الجھائے رکھتے ہیں۔ یہ افراد اپنی اصل شخصیت کو دوسروں پر کبھی ظاہر نہیں ہونے دیتے۔ بظاہر یہ جو کچھ نظر آ رہے ہوتے ہیں اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوتے ہیں۔ ان کی ان خصوصیات کو صرف وہی جان سکتے ہیں جو ان کے بہت قریب ہوتے ہیں۔
بے چین
یہ افراد در حقیقت اندرونی اضطراب اور بے چینی کا شکار ہوتے ہیں، ساتھ ہی مختلف قسم کے خوف بھی انہیں گھیرے رہتے ہیں، یہ بے چینی کسی پر ظاہر تو نہیں ہوتی اور نہ ہی اسے کوئی اور ختم کر سکتا ہے اسے صرف عقربی افراد محسوس کرتے ہیں اور خود ہی اسے ختم کرتے ہیں۔ یہ بے چینی ان کی فطرت کا حصہ ہے، اگر یہ کسی ایک وجہ سے بے چین ہوں تو اسے یہ کسی نہ کسی طرح ختم کر دیتے ہیں لیکن اس کی جگہ کوئی اور بات انہیں بے چین کر دیتی ہے اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ اس سے ان افراد کو جہاں یہ نقصان ہوتا ہے کہ یہ ایک کرب مسلسل میں مبتلا رہتے ہیں وہیں ان کے اندر قوت مدافعت اور ان کی لڑنے کی طاقت اور صلاحیت مضبوط رہتی ہے جس کا اظہار اکثر یہ ظاہری طور پر کرتے رہتے ہیں۔
ذہانت
عقربی افراد میں بڑی ذہانت ہوتی ہے۔ عام حالات میں تو یہ معاملات کو ذہانت سے انجام دیتے ہی ہیں لیکن جب کوئی مشن آ جائے توا ن کی ذہانت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہ خود کو اس مشن کی تکمیل کے لئے پورے طور پر تیار کر لیتے ہیں۔ مثلاً اگر انہیں کسی ادارے کو سنبھالنے کا کام سونپ دیا جائے تو سب سے پہلے یہ ایک منصوبہ ترتیب دیں گے، مالی معاملات طے کریں گے، کارکنوں کا انتخاب کریں گے، اگر مشینری کی ضرورت ہے تو اسے مناسب طریقے سے حاصل کریں گے اور یوں تمام معاملات احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے بالآخر ادارے کو قابل عمل بنا دیں گے۔ اگر کوئی عقرب پرچون کی دکان کھولنا چاہے گا تو اس سے متعلق تمام امور بڑی ذہانت کے ساتھ سر انجام دینے کے بعد ایک کامیاب دکان چلانے لگے گا۔ غرض یہ جس شعبے میں بھی ہوں گے اپنی ذہانت کا لوہا منوا کر رہیں گے۔ ذہانت کے ساتھ ساتھ ان کی کامیابی میں ان کی دیگر صلاحیتیں بھی کارفرما ہوتی ہیں مثلاً غلبہ حاصل کرنے کی صلاحیت، دوسروں پر حکم چلانے کی صلاحیت، چالاکی، چرب زبانی وغیرہ۔
مقابلہ کرنے کی صلاحیت
کسی بھی مرحلے پر مقابلہ کرنے اور ڈٹ جانے کی جتنی صلاحیت عقربی افراد میں ہوتی ہے وہ کسی اور برج سے تعلق رکھنے والے افراد میں شاذ و نادر ہی نظر آتی ہے۔ عقربی افراد جب کسی مقابلے پر آتے ہیں تو ان کا تمام تر وحشیانہ پن سامنے آ جاتا ہے۔ یہ اگر محاذ جنگ پر ہوں تو ان کے ذہن میں یہ بات ہوتی ہے کہ آج یا تو دشمن نہیں یا پھر ہم نہیں۔ اگر ان لوگوں پر حملہ ہو جائے توبجائے یہ ڈرنے کے مزید اشتعال میں آ جاتے ہیں اور اگر موقع مل جائے تو دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں ورنہ مناسب موقع کی تلاش میں رہتے ہیں۔ تقریری مقابلہ ہو تو یہ نہ صرف پر جوش انداز میں بولتے ہیں بلکہ خوب صورت الفاظ کا استعمال بھی کرتے ہیں، بوقت ضرورت ڈائس پر مکے بھی مارتے ہیں اور موقع کی مناسبت سے اچھے اشعار بھی پڑھتے ہیں۔ مقابلہ اگر مصوری کا ہوتو پہلے یہ خوب سوچتے ہیں کہ اب تک اس موضوع پر کس کس نے کیا کیا بنایا ہے، کیسے رنگ استعمال ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں کیا کیا کچھ ہوا ہے۔ اس کے بعد اس سے مختلف اور بہتر شاہکار بنانے کی کوشش کرتے ہیں، غرض یہ ہر شعبہ میں مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں
باغی
جو لوگ ان افراد کے ساتھ رہتے ہیں وہ بخوبی یہ جانتے ہوں گے کہ ان میں ایک باغی شخص موجود ہے جو ذرا ذرا سی بات پر بغاوت کرنے لگتا ہے۔ در اصل اس کے پس پردہ ان کی حاکمانہ طبیعت کارفرما ہوتی ہے۔ حاکموں کا انداز تو یہی ہوتاہے کہ وہ اپنی مرضی کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتے اس طرح عقربی افراد بھی باغیانہ پن کا اس لئے مظاہرہ کرتے ہیں کہ ان کی مرضی کے خلاف باتیں ہو رہی ہوتی ہیں۔ حالات اگر ساز گار ہوں تو یہ طاقت سے اپنی مرضی کی باتیں منوا لیتے ہیں ورنہ جس حد تک ہو سکے یہ مخالفت کرتے ہیں، اگر یہ اس بات کو مان بھی لیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ انہوں نے دل سے اس کو تسلیم کر لیا ہے بلکہ بحالت مجبوری یہ ایسا کرتے ہیں۔ بغاوت کا عنصر تو ویسے تمام انسانوں بلکہ جان داروں میں یہ پایا جاتا ہے تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ چھوٹی بڑی بغاوتیں دنیا کے مختلف خطوں میں ہوتی رہی ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ سب بغاوتیں عقرب افراد نے ہی کی ہیں، لیکن یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہیں کہ ان میں عقرب افراد کا کوئی نہ کوئی کردار ضرور ہو گا۔
غلط اندازے
اس طرح سنبلہ حوت اور دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد مختلف معاملات میں درست اندازے لگا لیتے ہیں، اس کے برعکس عقربی افراد کے اندازے اکثر غلط ثابت ہوتے ہیں۔
غصہ
غصہ ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ بات بات پر غصہ کرنا ان کی عادت ہوتی ہے، اس وجہ سے اکثر لوگ ان سے ڈرنا ہی چھوڑ دیتے ہیں، پھر بھی یہ اپنی اس خصوصیت سے کئی جگہوں پر اپنی بات منوانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ منتقم المزاج ان کے مزاج میں انتقام لینا شامل ہے۔ اگر انہیں موقعہ مل جائے تو یہ فوری طور پر انتقام لے لیتے ہیں، ورنہ یہ موقع کا انتظار کرتے ہیں اور مناسب وقت پر بھرپور انداز میں انتقام لیتے ہیں۔
حاکمانہ ذہنیت
یہ حاکمانہ ذہنیت کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ لوگ ان کے اشاروں پر چلیں، اس وجہ سے اکثر لوگ ان سے کترانے لگتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے دوست بھی بہت کم لوگ ہی بنتے ہیں، وہ لوگ ان سے دوستی کرتے ہیں جو انہیں سمجھتے ہیں یا ان کی باتوں کو برداشت کر سکتے ہیں۔ ان کی بیویاں، بچے اور گھر والے اکثر ان کے اس رویے سے بے زار رہتے ہیں۔ محلے میں اکثر ان کا جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔ دفتروں اور دیگر کام کی جگہوں پر بھی یہ جھگڑالو مشہور ہوتے ہیں۔
دوستی
یہ ان لوگوں سے دوستی کرتے ہیں جو ان کی باتوں کو مانیں اور ان کے فیصلوں کو درست قرار دیں۔ یہ ہر اس فرد کے دشمن بن جاتے ہیں جو ان سے دشمنی رکھتا ہو، ان سے لڑے، انہیں برا بھلا کہے اور ان کی رائے سے مخالفت کرے، اگر کوئی ان سے دشمنی کرے تو یہ سوچ لے کہ اسے اس دشمنی کو اختتام تک پہنچانا ہے کیونکہ عقربی افراد دل میں بغض رکھنے والے ہوتے ہیں اور جب تک ان کی دشمنی کا انجام نہ ہو جائے وہ چین نہیں لیتے۔
شرمیلے
یہ افراد اپنی تمام تر خطرناک عادتوں کے باوجود کافی حد تک شرمیلے بھی ہوتے ہیں۔
اعتماد کے قابل
ان میں جہاں بہت سی خامیاں ہیں وہیں کچھ خوبیاں بھی ہیں، ان میں سے ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اگر آپ ان کے دوست ہیں تو ان پر اعتماد کر سکتے ہیں، دوستی میں بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے تیار رہتے ہیں، کوئی ان کے دوست کی غیر موجودگی میں بھی ان کے سامنے اس کی برائی نہیں کر سکتا، ایسے مواقع پر یہ بڑے سخت رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
خود نمائی
یہ چاہتے ہیں کہ ہر جگہ لوگ ان کے معتقد ہوں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ ان سے زیادہ عقل کسی کے پاس نہیں ہے۔ اگر آپ کو ا ن کے ساتھ رہنا ہے تو بہتر یہی ہے کہ ان کی ہاں میں ہاں ملاتے رہئے، جہاں آپ نے ان کی مخالفت کی وہیں سے ان کی اور آپ کی دشمنی کا آغاز ہو سکتا ہے۔
غور و فکر
ان افراد کو خاموش دیکھ کر یہ نہ سمجھیں کہ یہ ماحول سے بے خبر رہیں۔ اگر ان کی آنکھیں آپ کی جانب نہیں ہیں تو تب بھی ان سے محتاط رہئے، ان کے کان آپ کی جانب ہو سکتے ہیں۔ در اصل یہ ہر وقت ماحول کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔ ایسے میں ضروری نہیں کہ ان کی حرکات و سکنات سے بھی یہ بات ظاہر ہو کہ یہ جائزہ لے رہے ہیں، یہ ایسی حالت میں بھی ماحول ک جائزہ لے رہے ہوتے ہیں جب یہ سب سے غافل نظر آتے ہیں۔
تنہائی اور خاموشی پسند
بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ لوگ بڑے ہنگامہ خیز ہیں اور ایسی ہی زندگی کو پسند کرتے ہیں لیکن یہ درحقیقت تنہائی اور خاموشی کو پسند کرتے ہں۔ اکثر آپ انہیں کسی گوشے میں خاموش بیٹھے دیکھیں گے، اس وقت یہ اپنے فطری انداز میں ہوتے ہیں۔ شور شرابہ اور ہنگامہ خیزی یہ صرف خود کو نمایاں رکھنے اور منوانے کیلئے کرتے ہیں۔
دوست یا دشمن
یہ لوگ کسی کے کلی طور پر یا تو دوست بن کر رہتے ہیں یا پھر دشمن، ان کے پاس کوئی درمیانی راستہ نہیں ہوتا۔ دوست بننے کے لئے ہم پہلے ہی لکھ چکے ہیں کہ آپ کو ان کی ہاں میں ہاں ملانی پڑے گی اور دشمن بننے کے لئے آپ کو دشمنی کو اختتام تک لے جانا پڑے گا
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
عقرب
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا
میزان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں