مکمل راستہ
برج
قوس
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 23؍ نومبر تا 21؍ دسمبر حکمران سیارہ ۔۔۔۔۔۔ مشتری عنصر ۔۔۔۔۔۔ آتش موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ، جمعرات، منگل موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 3 موافق نگینہ ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سرخ، نیلا اور ارغوانی موافق دھات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سونا، چاندی
برج قوس سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات
پختہ ارادہ
تفصیل
یہ افراد خاصے ذہین اور سمجھ دار ہوتے ہیں۔ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ یہ کسی معاملے میں بغیر سوچے سمجھے الجھ جائیں بلکہ ان کی عادت ہوتی ہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے میں سے پہلے بہت سوچ بچار کرتے ہیں اور پھر کوئی ارادہ کرتے ہیں۔ جب یہ کوئی ارادہ کر لیتے ہیں تو وہ بڑا پختہ ہوتا ہے۔ یہ اس معاملے میں متزلزل نہیں ہوتے۔ یہ اپنے کام کی انجام دہی کے لئے سخت محنت کرتے ہیں اور جب تک کام کو سر انجام نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھتے۔ یہ لوگ چونکہ بہت خود اعتماد ہوتے ہیں اس لئے جس کام کا یہ ارادہ کر لیتے ہیں، اس سے باز رہنے کے لئے اگر انہیں کوئی کہے تو اس کی بات نہیں سنتے اور اپنا کام کر کے رہتے ہیں۔
متعلقہ صفحات
57 صفحاتذہین
اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت ذہین ہوتی ہے۔ بہت کم افراد ایسے ہوتے ہیں جو کم عقلی کے شکنجے میں جکڑے ہوں۔ اپنی ذہانت سے یہ خوب فائدہ اٹھاتے ہیں، ہر کام کو بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ یہ تمام امور کا گہرائی سے جائزہ لیتے ہیں۔ اگر انہیں کسی کام میں کوئی فائدہ نظر آئے تو اس میں ہاتھ ڈالتے ہیں ورنہ اس سے دور رہنا مناسب سمجھتے ہیں۔ لوگون کی اکثریت ان کی ذہانت کی قائل ہوتی ہے۔ یہ ایک اچھے طالب علم ، اچھے ورکر اور اچھے منتظم ہوتے ہیں
حساس
ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ یہ لوگ بہت حساس بھی ہوتے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات کو محسوس کرتے ہیں اور اس کا جذباتی رد عمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔ اکثر باتوں کے رد عمل کو یہ دانستہ چھپا جاتے ہیں۔ دوسروں کے جذبات و احساسات کا پورے طور پر خیال رکھتے ہیں۔ کسی سے اگر کوئی کام لیں تو اس کا پورا معاوضہ ادا کرتے ہیں۔ یہ کسی کی دل شکنی نہیں کرتے اور اگر کوئی غلط بات کہہ دے تو اسے دل پر لے لیتے ہیں۔ دوسروں کو اکثر احساس نہیں ہوتا کہ ان کی کون سی باتیں ان افراد کے لئے دل شکنی کا سبب بنتی ہیں۔
ایمان دار
فطری طور پر یہ افراد ایمان دار ہوتے ہین۔ اگر آپ کا ان سے کسی معاملے میں کوئی معاہدہ ہو گیا ہے تو یہ جان لیں کہ یہ آپ کے ساتھ کوئی دھوکا نہیں کریں گے۔ یہ وقت پر کام کر کے دیں گے ان کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ کوئی بھی انہیں کبھی کسی حوالے بے ایمان نہ کہے، اس وجہ سے یہ اپنے معاملات میں بہت محتاط ہو کر چلتے ہیں۔ یہ ایک اچھے ورکر ہوتے ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ ان پر نظر رکھی جائے۔ یہ اپنے فرائض کو خوب پہچانتے ہیں اور ہر حال میں انہیں بر وقت پورا کرتے ہیں۔ اگر آپ کی رقم ان کی طرف رہتی ہے تو یہ وقت مقررہ پر آپ کو لوٹا دیں گے اور اگر انہوں نے آپ سے کہیں ملنے کا وعدہ کای ہے تو یہ وقت پر آ جائیں گے۔ اگر کسی وجہ سے ذرا تاخیر ہو جائے تو بڑی معذرت کریں گے۔ایمان دار
خوش مزاج
یہ بہت خوش مزاج ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ان سے ملے تو یہ بڑی گرم جوشی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ایسے خوب صورت جملے اد اکرتے ہیں کہ ملنے والے کا دل خوش ہو جاتا ہے۔ یہ لوگ بہت زیادہ مصروف اور اُلجھے ہوئے ہوں تب بھی ان کی خوش مزاجی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ یہ اپنی مصروفیت کے دوران بھی آپ سے ہنسی مذاق کرتے جائیں گے اور ان کی جانب سے خوب صورت جملوں کی ادائیگی جاری رہے گی۔ یہ بچوں سے بھی بڑی خوش مزاجی سے ملتے ہیں۔ یہ کہنا مناسب ہو گا کہ یہ بچوں کے ساتھ بچے بن جاتے ہیں۔ ان کے کھیلوں میں اس طرح شامل ہو جاتے ہیں جیسے یہ انہی کی عمر کے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بچے ان کے ساتھ بہت خوش رہتے ہیں۔
صاف گوئی
صاف گوئی ان کی ایک ایسی خصوصیت ہے جو ان کے لئے نقصان اور فائدے کا سبب بنتی رہتی ہے۔ نقصان انہیں اس طرح ہوتا ہے کہ اکثر لوگ ان کی صاف گوئی کو پسند نہیں کرتے، انہیں ان کی سچی باتیں بہت کڑوی لگتی ہیں، ایسے میں یا تو وہ ناک بھوں چڑھاتے ہیں، تلخ کلامی کرتے ہیں اور اکثر جھگڑا بھی کر لیتے ہیں، پھر ان لوگوں سے دور دور رہنے لگتے ہیں، ان افراد کو صاف گوئی سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ سمجھدار لوگ ان کی قدر کرتے ہیں۔ یہ اپنے افسران کی خامیاں بھی انہیں بتا سکتے ہیں اور اپنے سینئیرز اور جونئیرز کی کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ مصلحتاً اگر یہ لوگ کبھی صاف گوئی کا مظاہرہ نہ کریں تب بھی موقع ملتے ہی سچی بات کہہ دیتے ہیں۔ جس طرح یہ سچی بات کہتے ہیں اس طرح سننا بھی پسند کرتے ہیں۔
ہمدرد
ہمدردی کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے۔ یہ دوسروں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ ان کی تکلیف فوری طور پر دور کرنا چاہتے ہیں، غریب نادار اور مستحق لوگوں کے کام آتے ہیں ، انہیں اگر علم ہوجائے کہ محلے میں یا عزیز و اقارب میں کوئی بیمار ہے تو یہ اس کی تیمار داری کیلئے جاتے ہیں، وہ اگر مستحق ہے تو یہ اس کی مالی امداد بھی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا رجحان ڈاکٹری، نرسنگ، وکالت اور سوشل ورکنگ وغیرہ کی طرف ہوتاہے۔
پر عزم
یہ لوگ بہت پر عزم ہوتے ہیں۔ ان میں یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ اگر یہ کوئی کام کرنے کی ٹھان لیں تو اس کے لئے ان تھک محنت کرتے ہیں، اس کی تکمیل میں یہ دن رات ایک کر سکتے ہیں، انہیں ناکامیوں سے نفرت ہوتی ہے اور یہ اپنی کامیابی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو اپنے عزم اور حوصلے سے روندتے چلے جاتے ہیں۔ یہ مسلسل محنت کے قائل ہوتے ہیں۔ اگر یہ کسی کام میں ناکام ہو جائیں تو یہ حوصلہ نہیں ہارتے اور ایک بار پھر کامیابی حاصل کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اپنی اس عادت کی وجہ سے اپنے افسران، ماتحتوں اور حلقہ احباب میں مشہور ہو جاتے ہیں چونکہ ان کی محنت کی وجہ سے کامیابیاں ان کے قدم چومتی ہیں اس لئے اکثر لوگ ان سے حسد کرنے لگتے ہیں جن کی انہیں پرواہ نہیں ہوتی۔
احساس برتری
جہاں ان لوگوں میں بہت سی خوبیاں ہوتی ہیں وہیں بہت سی خامیاں بھی ہوتی ہیں۔ ان کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ احساس برتری میں مبتلا رہتے ہیں۔ اکثر ایسی باتیں کر جاتے ہیں جو دوسروں کی دل شکنی کا سبب بنتی ہیں۔ اکثر لوگ ان کی اس عادت سے نالاں اور بے زار رہتے ہیں۔ لیکن کئی لوگ اس عادت کو سمجھ جاتے ہیں اور ان کی ایسی ویسی باتوں کو ہنس کر ٹال دیتے ہیں یا کسی اور طرح نظر انداز کر دیتے ہیں۔ اس عادت کی وجہ سے انہیں جہاں یہ نقصان ہوتا ہے کہ کئی لوگ ان سے دور ہو جاتے ہیں وہیں یہ فائدہ بھی حاصل کر لیتے ہیں کہ اکثر لوگ ان سے مرعوب ہو جاتے ہیں
رواداری
ان لوگوں میں رواداری ، رکھ رکھاؤ اور اقدار سے بہت محبت ہوتی ہے۔ یہ کسی سے زیادتی کے بارے میں نہیں سوچتے۔ ان کی ذات سے اگر غیر دانستہ طور پر کسی کو کوئی نقصان ہو جاتے وہ الگ بات ہے لیکن دانستہ یہ کسی کو نقصان نہیں پہنچاتے ہیں۔ یہ بڑے رکھ رکھاؤ والے ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی شاندار شخصیت کا بڑا خیال ہوتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ان میں احساس برتری ہوتا ہے۔ البتہ یہ دل کے برے نہیں ہوتے۔ انہیں اپنی خاندانی روایات اور اقدار سے بڑی محبت ہوتی ہے۔ کوئی ایسی حرکت نہیں کرنا چاہتے جو ان کے خاندان کے لئے مصیبت یا بد نامی کا باعث بنے۔ یہ شان و شوکت اور عزت سے زندگی گزارنے کے قائل ہوتے ہیں، اسی لئے ان افراد کی اکثریت منفی سوچوں سے دور ہوتی ہے۔
لاپروا
یہ ذرا لا پروا قسم کے ہوتے ہیں۔ یہ جب اپنے کسی کام میں مگن ہوں تو اسے ہر حال میں پورا کرنا چاہتے ہیں اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں ہوتی کہ وقت کتنا گزر گیا ہے، لوگ ان کے بارے میں کیا کہتے ہیں یا کھانے کا وقت ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تمام معاملات میں اس طرح کی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اکثر کام کی زیادتی ان کی صحت کی خرابی کا باعث بنتی ہے۔ بہرحال اگر انہیں اپنی خامی کا احساس ہو جاتا تو یہ اس پر قابو بھی پا لیتے ہیں
صبر و تحمل
یہ تحمل مزاج ہوتے ہیں۔ اکثر کام بہت سوچ سمجھ کر شروع کرتے ہیں اور جس طرح حمل افراد تیز رفتاری کا مطاہرہ کرتے ہیں اس طرح یہ نہیں کرتے بلکہ ان کے بر عکس یہ بہت تحمل سے کام کی انجام دہی کرتے ہیں۔ اگر نتیجہ ان کی توقع کے خلاف نکلے تو زیادہ دل پر اثر نہیں لیتے ہیں بلکہ ان میں صبر کا مادہ بہت زیادہ ہوتا ہے اس لئے صبر کرتے ہیں لیکن صرف صبر پر ہی قناعت نہیں کر لیتے بلکہ ایک بار پھر ہمت پکڑتے ہیں اور ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کے لئے سرگرم عمل ہو جاتے ہیں، ان کا حوصلہ بالآخر انہیں کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے۔ زندگی کے بیشتر معاملات میں ان کا صبر اور تحمل واضح نظر آتا ہے۔ ان میں اکثر لوگ اچھے کاروباری ہوتے ہیں اور اس کی وجہ ان کا صبر اور تحمل بھی ہوتا ہے جو کسی کاروبار کو جمانے اور پھیلانے کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ یہ نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور جو شخص یہ حوصلہ رکھتا ہے وہ کاروبار اور زندگی کے دیگر معاملات میں کامیاب رہتا ہے۔
کھلی کتاب
یہ لوگ سنبلہ اور عقرب لوگوں کی طرح بہت زیادہ گہرے نہیں ہوتے اور یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ یہ لوگوں کے لئے کھلی کتاب کی طرح ہوتے ہیں۔ ان کا ظاہر اور باطن ایک جیسا ہی ہوتا ہے۔ ان کے دل میں جو بات ہوتی ہے وہی زبان پر ہوتی ہے۔ یہ دل میں باتیں رکھنے کے قائل بھی نہیں ہوتے، خاص طور پر اپنے دوستوں پر تو یہ اپنے راز بھی افشا کر دیتے ہیں جس وجہ سے اکثر دوستوں سے انہیں رنج پہنچتا ہے کیونکہ وہ کسی موقع پر ان کے راز افشا کر دیتے ہیں۔
حسد سے نفرت
یہ لوگ خود بھی حسد نہیں کرتے ہیں اور حاسد لوگوں کو سخت نا پسند کرتے ہیں جس طرح دوسرے لوگ کسی کی ترقی دیکھ کر حسد کرنے لگتے ہیں ایسے میں قوس افراد شک کرتے ہیں اور جلنے بھجنے کی بجائے یہ سوچتے ہیں کہ یہ بھلا اس شخص، ترقی کرنے والے افراد کی طرح کیوں نہیں ہو سکتے یا اس سے آگے کیوں نہیں جا سکتے اور اگر یہ اس تک پہنچنا یا آگے جانا چاہیں تو محنت کرتے ہیں اور اس فرد کو بھی بتا دیتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ یوں اس فرد کے دل میں بھی بد گمانی پیدا نہیں ہوتی بلکہ اکثر ان کے اس رویے یہ دوستانہ ماحول پیدا ہو جاتا ہے۔
کینہ اور بغض
جس طرح یہ لوگ کسی سے حسد نہیں کرتے اسی طرح یہ کسی کے لئے کینہ یا بغض بھی نہیں رکھتے۔ یہ چونکہ صاف گو ہوتے ہیں اس لئے صاف گوئی سے بر وقت معاملہ ختم کر دیتے ہیں چاہے وہ معاملہ افہام و تفہیم سے طے ہو یا لڑائی جھگڑے سے لیکن یہ لوگ بعد کے لئے کچھ اٹھا نہیں رکھتے ہیں۔ جو لوگ کینہ اور بغض رکھتے ہیں یہ انہیں بھی سمجھاتے ہیں کہ وہ ایسا نہ کریں کیونکہ اس طرح وہ نہ صرف خود کو تکلیف اور الجھن میں مبتلا رکھتے ہیں بلکہ اپنے اور دوسروں کے لئے کسی بھی وقت مصیبت کا سبب بن سکتے ہیں۔ اکثر لوگ ان کی باتوں کا اثر لیتے ہیں۔
حلق احباب
ان لوگوں کا حلقۂ احباب خاصہ وسیع ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ دوسروں کو بہت اہمیت دیتے ہیں، کسی کی دل شکنی سے گریز کرتے ہیں، اگر کوئی ان سے بات کرتے تو اس کی بات نہایت غور سے سنتے ہیں اور اسے مفید مشورے بھی دیتے ہیں، کسی کو جھڑکتے نہیں ہیں یہ اپنے دوستوں کے لئے نہایت مخلص اور ہمدرد ہوتے ہیں۔ یہ انہیں ہر طرح کا فائدہ پہنچاتے ہیں اور اگر کوئی دوست زیادتی کرے اور اگر گنجائش ہو تو یہ اسے در گزر کر دیتے ہیں۔ زیادہ سنگین مسائل پر یہ دوستوں سے شکایت کرتے ہیں کیونکہ یہ انہیں کھونا نہیں چاہتے ہیں، دوست اگر شرمندہ ہو جائیں تو یہ انہیں بخوشی معاف کر دیتے ہیں اور اگر بار بار کوئی دوست انہیں دھوکا دے تو یہ اس سے جھگڑنے کی بجائے قطع تعلق کر لیتے ہیں۔
غور و فکر
کسی بھی معاملے میں غور و فکر کرنا ان لوگوں کی عادت ہوتی ہے۔ یہ تمام پہلوؤں پر سوچتے ہیں۔ ان کی یہ عادت زندگی کے تمام معاملات میں نظر آتی ہے۔ انہوں نے اگر ملازمت کرنی ہو تو بہت سوچیں گے، دوسروں سے مشورہ لیں گے اور دوسروں کے تجربات کا جائزہ بھی لیں گے، اسی طرح کا کوئی کاروبار شروع کرنا ہو تو تب بھی ان کا یہی حال ہوتا ہے۔ یہی نہیں یہ کائنات کے بارے میں بھی غور و فکر کرتے رہتے ہیں۔ اس وجہ سے انہیں آثار قدیمہ اور فلکیات جیسے شعبوں سے بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ ان کی یہ عادت اکثر انہیں بہت فائدہ دیتی ہے، کبھی کبھار وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔
خوب سے خوب تر
ان میں صبر اور تحمل تو ہوتا ہی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں لیا جا سکتا کہ یہ ہر بات پر صبر یا قناعت کر لیتے ہیں بلکہ ان میں ترقی کرنے کی بڑی خواہش ہوتی ہے جس کے لئے یہ بہت محنت کرتے ہیں، انہیں خوب سے خوب تر کی تلاش رہتی ہے۔ ان کی یہ خصوصیت ان کی ترقی اور کامرانی کا سبب بنتی ہے۔ اسی وجہ سے یہ ملازمتوں میں ترقی کرتے ہیں۔ کھلاڑی ہوں تو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں، بزنس مین ہوں تو ان کا بزنس بہت ترقی کر جاتا ہے۔ یہ اپنے بزنس سے نت نئے انداز بھی اپناتے ہیں جو اکثر ان کی اختراع ہوتی ہے، ان کے گھر اور دفاتر بہت نفیس اور سجے سجائے ہوتے ہیں۔
سازشیں
انہیں سازشوں سے سخت نفرت ہوتی ہے لیکن اکثر یہ سازشی عناصر کے نرغے میں گھر جاتے ہیں۔ در اصل یہ صاف گو اور منہ پھٹ قسم کے ہوتے ہیں اور اپنے راز بھی دوسروں پر عیاں کرتے رہتے ہیں اس لئے ان کے دشمن ان کی ایسی باتوں سے فائدہ اٹھا کر ان کے خلاف کوئی نہ کوئی سازش کھڑی کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر افراد کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ان لوگوں میں چونکہ بڑی ہمت اور ذہانت بھی ہوتی ہے اس لئے یہ سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور سازشیوں کو اکثر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ ان تمام مسائل کے باوجود یہ افراد دوسروں پر اپنے راز عیاں کرنے کی عادت چھوڑ نہیں پاتے۔
معاملہ فہم
یہ لوگ معاملات کو بڑی غور و فکر سے دیکھتے ہیں۔ انہیں اندازہ ہو جاتا ہے کہ کہاں نفع ہے اور کہاں نقصان، یہ اپنے معاملات کے بارے میں تو ذہانت کا ثبوت دیتے ہی ہیں، اکثر لوگ ان کی اس صلاحیت سے متاثر ہوتے ہیں اور اپنے معاملات کے بارے میں ان سے مشورہ کرتے ہیں اور ان کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، دوسروں کو یہ بالکل درست مشورہ دیتے ہیں، اگر کوئی جھگڑا ہو تو ان کی کوشش ہوتی ہے کہ فریقین کی صلح کروا دیں، یہ دوسرے لوگوں کی طرح جلتی پر تیل کا کام نہیں کرتے۔ یہ اپنی پر اثر گفتگو سے فریقین کے غصے کو ختم کروا دیتے ہیں۔ گھر، خاندان اور دوستوں میں یہ لوگ اپنی اس معاملہ فہمی کی وجہ سے بڑے مقبول ہوتے ہیں۔
منصف
یہ بڑے اچھے منصف ہوتے ہیں۔ اگر ان کے سامنے کوئی معاملہ انصاف کے لئے لایا جائے تو یہ فریقین کی بات غور سے سننے کے بعد اس فریق کے حق میں فیصلہ دے دیتے ہیں جو صحیح ہوتا ہے۔ ایسے معاملات میں اکثر انہیں لوگوں کی ناراضگی مول لینا پڑتی ہے کیونکہ انہوں نے اس فریق کے حق میں فیصلہ دیا ہوتا ہے جس سے ان کی دوستی یا رشتہ نہیں ہوتا جبکہ یہ دوستوں اور رشتہ داروں کے خلاف فیصلہ دے دیتے ہیں، یوں یہ منصف کے فرائض تو بخوبی انجام دے دیتے ہیں لیکن اکثر دوستوں اور رشتہ داروں سے محروم ہو جاتے ہیں۔
محفلوں میں نمایاں
ان افراد میں خوش گوئی اور بذلہ سنجی کی ایسی عادت ہوتی ہے کہ لوگ محفلوں میں نمایاں ہو جاتے ہیں۔ اگر کوئی سالگرہ کی محفل ہو تو یہ اس کی مناسبت سے کوئی خوبصورت سا نغمہ بھی سنا دیں گے۔ اگر شادی کی کوئی تقریب ہو تو یہ وہاں کی انتظامیہ کے ساتھ مل جائیں گے اور ان کے ساتھ کام کرنے لگیں گے یا پھر جیسی بھی تقریب ہو اس کی مناسبت سے کوئی نہ کوئی ایسا کام کرنے لگیں گے کہ یہ نمایاں ہو جائیں گے۔ اچھے پہلو ہی ان کے نمایاں ہونے کی وجہ ہوتے ہیں، کوئی غلط کام یا اوچھی حرکت کر کے یہ خود کو دوسروں سے ممتاز کرنا پسند نہیں کرتے جیسا کہ اور بہت سے لوگ کرتے ہیں۔ ہاں بس ان کی انتہائی صاف گوئی کی عادت ان کے لئے ہر جگہ مصیبت بن جاتی ہے۔
نتائج اخذ کرنا
زندگی کے بیشتر معاملات میں یہ بالکل درست نتائج اخذ کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ دوسروں کی باتوں سے بھی اندازہ کر لیتے ہیں کہ اب معاملات کس رخ پر جائیں گے اور اس بات چیت کا کیا نتیجہ نکلے گا۔ اگر انہیں خطرہ ہو کہ اس گفتگو کے نتیجہ میں تلخ کلامی یا لڑائی ہو سکتی ہے تو یہ اس گفتگو کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے یا پھر اگر ایسا ممکن نہ ہو تو یہ خود اس جگہ سے دور چلے جائیں گے۔
دور اندیش
جس طرح ان میں درست نتائج اخذ کرنے کی بہترین صلاحیت موجود ہوتی ہے، اسی طرح یہ لوگ بڑے دور اندیش بھی ہوتے ہیں۔ خاص طور پر اپنے مستقبل کے بارے میں اگر یہ سنجیدگی سے سوچیں تو اپنے لئے بہترین راستوں کا انتخاب کر سکتے ہیں لیکن اکثر یہ لوگ لاپروائی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ اس لئے اپنے یا کسی اور کے بارے میں دور اندیشی نہیں کر سکتے ہیں۔ لیکن اکثر لوگ ان کی صلاحیت کو بھانپ لیتے ہیں اور وہ ان سے اپنے مستقبل کے بارے میں مشورہ کرتے رہتے ہیں۔
جذباتی
ان میں سے اکثر لوگ ایسے حالات سے گزر رہے ہوتے ہیں جو انہیں جذباتی ہونے پر مجبور کرتے رہتے ہیں۔ یہ افراد اگر جذباتی ہو جائیں تو کوئی بھی فیصلہ کر سکتے ہیں اگر ان کے ہاتھ میں چاقو چھری ہے تو یہ مخالف کو مارنے میں دیر نہیں لگائیں گے۔ یا پھر کسی کو گالی بھی دے سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ اس قدر جذباتی بھی ہو سکتے ہیں کہ اپنے آپ کو بھی نقصان پہنچائیں۔ اکثر قوس افراد جذباتی لمحات میں خود کشی کے بارے میں بھی سوچنے لگتے ہیں اور کئی ایک ایسا کر بھی گزرتے ہیں
ہنسنے ہنسانے والے
ان کی خصوصیات میں یہ بھی شامل ہے کہ یہ ہنستے ہنساتے رہتے ہیں۔ اگر کسی سنجیدہ ماحول میں چلے جائیں تو وہاں ایسی خوبصورت دلکش اور ہنسی مذاق والی باتیں کریں گے کہ لوگ ساری سنجیدگی بھول جائیں گے۔ انہیں بے شمار لطائف یاد ہوتے ہیں اور یہ موقع کی مناسبت سے وہ لطائف سناتے رہتے ہیں، ان کے دوستوں کو ان کی وجہ سے ہنسنے ہنسانے کا بہت موقع ملتا ہے۔ اکثر بچے ان سے اسی لئے خوش رہتے ہیں کہ یہ انہیں لطیفے سناتے ہیں اور دیگر ہنسی مذاق والی باتیں کرتے ہیں۔
عقل مند
دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں جلد بازی کی عادت موجود ہوتی ہے اسی طرح برج قوس سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس عادت کے شکنجے میں جکڑے ہوتے ہیں، ان پر یہ کیفیت ہر وقت سوار نہیں رہتی لیکن اکثر یہ جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس جلد بازی کا انہیں کئی بار خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے، اس کے باوجود یہ اپنی اس عادت کو ترک نہیں کرتے۔ اگر انہیں اپنی اس خامی کا احساس ہو جائے اور یہ فیصلہ کر لیں کہ آئندہ جلد بازی سے کام نہیں لیں گے۔ لیکن اس کے باوجود جب کوئی موقعہ آتا ہے تو یہ پھر جلد بازی کا مظاہرہ شروع کر دیتے ہیں، یوں کہنا درست ہو گا کہ یہ اس خامی کے اسیر ہوتے ہیں۔
غصہ ور
غصہ ایک عفریت ہے جو دنیا کے بیشتر انسانوں بلکہ دیگر جانداروں کو بھی اپنا شکار بناتا رہتا ہے، اسی طرح برج قوس سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس سے بچ نہیں سکتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ غصہ مختلف انسانوں پر مختلف اثرات دکھاتا ہے، کوئی شخص ذرا سی بات پر آتش فشاں کی طرح پھٹ پڑتا ہے اور کوئی بڑی سے بڑی بات پر صرف معنی خیز مسکراہٹ سے غصہ کا اظہار کرتا ہے۔ قوس افراد پر غصہ درمیانے اثرات رکھتا ہے۔ یہ بہت کم آپے سے باہر ہوتے ہیں اور ان کا غصہ اتنا ہلکا بھی نہیں ہوتا کہ لوگ انہیں ٹھنڈے مزاج کا سمجھنے لگیں۔ بہر حال یہ اپنے غصے پر قابو پانے کے کافی ماہر ہوتے ہیں اور اکثر یہ اپنی اس مہارت کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں لیکن ایسا ہر مرتبہ نہیں ہوتا، کبھی کبھار غصہ ان پر حاوی آ جاتا ہے اور یہ طیش میں کوئی غلط بات یا حرکت کر بیٹھتے ہیں اور اکثر انہیں اپنی ایسی باتوں اور حرکتوں پر پچھتانا پڑتا ہے۔
یکسانیت سے بیزار
کئی برجوں سے متعلق افراد ایک ہی پیشے سے منسلک رہنا پسند کرتے ہیں، ایک ہی جگہ رہتے ہیں اور زندگی کے دیگر معاملات میں یکسانیت برقرار رکھ کر بیزار نہیں ہوتے۔ یہ بات صرف دلی اطمینان کی ہے کہ آپ کو کیسا ماحول مطؤن رکھتا ہے۔ جن افراد کی ابھی ہم نے بات کی وہ ایک ہی جیسے ماحول سے مطؤن رہتے ہیں لیکن قوس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کی فطرت ذرا ان سے مختلف ہوتی ہے۔ یکسانیت انہیں بے چینی میں مبتلا کر دیتی ہے۔ یہ ایک ہی روزگار پر اکتفا نہیں کر سکتے۔ ایک ہی جگہ رہنا بھی ان کی بوریت کا سبب بنتا ہے اور زندگی کے دیگر معاملات میں یکسانیت انہیں بے چینی میں مبتلا کر دیتی ہے۔ ان کی یہ عادت جہاں ان کے لئے بڑے نقصانات کا سبب بنتی ہے، وہیں انہیں بڑے فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر یہ کوئی اچھی جاب چھوڑ دیں تو یہ ممکن ہے کہ انہیں اس سے بہتر کوئی اور جاب مل جائے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ بے روزگاری انہیں اپنے شکنجے میں جکڑ لے اور یہ لوگ فاقوں پر مجبور ہو جائیں۔ اس سلسلے میں یہ دوسروں کے مشوروں کو بھی خاطر میں نہیں لاتے۔ در اصل ستاروں کے اثرات ہر انسان پر اتنی شدت سے اثر انداز ہوتے ہیں کہ کوئی مشورہ یا کوئی تجویز انہیں ختم نہیں کر سکتی۔ انسان ان اثرات میں رہ کر وہی کچھ کرتا ہے جو اس کا دل چاہتا ہے۔
چھٹی حس
جہاں تک حسیات کا تعلق ہے تو چھٹی حس عرصہ دراز سے لوگوں کا موضوع بحث رہی ہے۔ کچھ لوگ تو اس وہم تک میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ ان کی چھٹی حس بہت تیز ہے اور وہ خطرات کو بھانپ لیتے ہیں لیکن یہ صرف ان کا وہم ہوتا اور حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہوتا جبکہ کئی ایسے لوگ ہوتے ہیں جن کی چھٹی حس واقعی بہت تیز کام کرتی ہے لیکن وہ اپنی اس صلاحیت کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے یا یوں کہنا چاہئے کہ وہ اپنی اس صلاحیت کو درست طور پر سمجھ ہی نہیں پاتے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ قوس افراد بھی ایسے ہی ہوتے ہیں۔ ان کی چھٹی حس بہت تیز کام کرتی ہے۔ یہ موجودہ یا آنیوالے خطرات کا اندازہ لگا لیتے ہیں، لیکن ان کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ ایسی باتوں کے عادی ہو چکے ہوتے ہیں اس لئے جب انہیں کوئی خطرہ محسوس ہو تو یہ سوچتے ہیں کہ کیا واقعی جو کچھ وہ سوچ رہے ہیں وہ درست ہو سکتا ہے؟ ایسے میں اکثر خطرہ سامنے آ جاتا ہے اور یہ لوگ سوچتے ہی رہتے ہیں، اسی لئے ان لوگوں کیلئے ضروری ہے کہ اپنی صلاحیت کو محض اپنا وہم سمجھ کر وقت ضائع نہ کیا کریں اور جب انہیں خطرہ محسوس ہوتو اپنے بچاؤ کا کوئی راستہ اپنائیں۔ ویسے اکثر یہ اپنی اس صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف خود خطروں سے بچتے رہتے ہیں بلکہ یہ دوسروں کو بھی خطرات سے آگاہ کر دیتے ہیں جو لوگ ان کے زیادہ قریب رہتے ہیں وہ تو ان کی اس صلاحیت کے معترف ہو چکے ہوتے ہیں۔ اس لئے ان کے مشوروں اور باتوں کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ نئے ملنے والے ایک دو چوٹیں کھانے کے بعد ان کی اس صلاحیت کا اعتراف کر لیتے ہیں۔
بہادر
بہادری ایک ایسا وصف ہے جس سے دنیا کے کئی لوگ محروم ہوتے ہیں لیکن قوس افراد کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ یہ لوگ بہت بہادر اور حوصلہ مند ہوتے ہیں۔ یہ خطروں کے کھلاڑی ہوتے ہیں۔ خطرات میں رہ کر ان سے نمٹنا ان کے لئے کسی لطف اندوز کام سے کم نہیں ہوتا۔ اگر کوئی حادثہ ہو جائے تو اکثر لوگ گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں، کوئی بھاگ جاتا ہے، کوئی لرزنے لگتا ہے، کوئی بوکھلاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے لیکن اگر قوس فرد وہاں موجود ہے تو اسے نہ گھبراہٹ ہو گی اور نہ ہی یہ بھاگیں گے بلکہ یہ وہاں رکیں گے، حالات کی مناسبت سے لوگوں کی مدد کریں گے۔ اس طرح زندگی کے دیگر معاملات میں بھی یہ بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
سخت محنتی
دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرح اس برج سے متعلق افراد بھی سخت انتھک محنت و مشقت کے عادی ہوتے ہیں اور یہ تو عام فہم سی بات ہے کہ جب کسی کام کے لئے محنت کی جاتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نکلتے ہیں۔ محنت کی عادت کامیابی کی دلیل ہوتی ہے اور اس طرح یہ کہاجا سکتا ہے کہ یہ لوگ کامیاب ہو تے ہیں۔ ناکامی کو یہ سخت نا پسند کرتے ہیں، کامیابی کے لئے انتھک محنت کرتے ہیں، اگر انہیں ناکامی ہو بھی جائے تو دل برداشتہ نہیں ہوتے بلکہ ان کے اندر ایک بجلی سی بھر جاتی ہے، ناکامی انہیں نیا عزم اور حوصلہ بخشتی ہے اور یہ پھر سے کامیابی کے لئے محنت شروع کر دیتے ہیں، بالآخر کامیابی حاصل کر کے ہی رہتے ہیں، یہ اگر کھلاڑی ہوں تو دیگر کھلاڑیوں کی نسبت زیادہ مشق اور محنت کرتے نظر آتے ہیں، اسی طرح اگر ورکر ہوں تو تب بھی ان کی محنت نمایاں ہوتی ہے اور اپنی محنت سے یہ نہ صرف اعلیٰ مقام حاصل کرلیتے ہیں بلکہ یہ محنت ان کی مقبولیت اور عزت میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہے۔ غرض زندگی کا کوئی شعبہ ہو، یہ محنت اور مشقت کر کے اس میں کامیابی اور مقام حاصل کر لیتے ہیں۔
جانوروں سے محبت
ہمدردی کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے۔ انسانوں سے ہمدردی اور محبت تو بہت سے لوگ کرتے ہیں اور قوس افراد بھی کرتے ہیں لیکن ان میں ایک الگ خصوصیت بھی ہوتی ہے کہ یہ جانوروں سے بھی بڑی محبت کرتے ہیں۔ اپنی اس عادت کی وجہ سے یہ اپنے پاس کوئی نہ کوئی جانور بھی رکھتے ہیں اور اس کا بھرپور طور پر خیال کرتے ہیں۔ کسی جانور کو تکلیف اور دکھ میں دیکھ کر یہ لوگ خود دکھی ہو جاتے ہیں۔ اس کی مثال یوں دی جا سکتی ہے کہ اگر کہیں زخمی کتا آ جائے تو دیگر افراد اس سے دور ہو جانا بہتر سمجھتے ہیں لیکن اگر وہاں قوس فرد موجود ہے تو اس کے دل میں اس کتے کے لئے ہمدردی کے جذبات پیدا ہونے لگیں گے۔ اس فرد کی کوشش ہو گی کہ کسی طرح اس کتے کو ٹھیک کیا جائے، اس کے بس میں ہوا تو وہ اسے جانوروں کے اسپتال لے جائے گا، اس سے بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ یہ افراد جانوروں سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔
سچ بیانی
کہتے ہیں کہ سچ بولنا بڑی ہمت کی بات ہوتی ہے اور اکثر لوگوں کو سچ بڑا کڑوا لگتا ہے جس کی وجہ سے مختلف نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ مثلاً اگر کسی شخص کے سامنے ایسا سچ بول دیا جائے جو اسے کڑوا لگے تو وہ سچ بولنے والے کو سخت نا پسند کرسکتا ہے اور اس ناپسندیدگی کے اظہار کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں، مثلاً وہ ناراض ہو سکتا ہے، تلخ کلامی کر سکتا ہے، جھگڑا کر سکتا ہے اور قطع تعلق کر سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی لوگ سچ بولنے سے کتراتے ہیں لیکن قوس افراد کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، یہ سچ بولنے سے گریز نہیں کرتے۔ انہیں اس بات کی پروا نہیں ہوتی کہ سامنے والا ان سے ناراض ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ اکثر لوگوں کے لئے ناپسندیدہ ہو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ اپنی عادت کو چھوڑ نہیں سکتے۔ یہ جھوٹ بول کر بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ انہیں بناوٹی باتوں سے سخت نفرت ہوتی ہے۔ یہ نہ تو خود جھوٹ بولتے ہیں اور نہ ہی کسی کے جھوٹ کو پسند کرتے ہیں۔ اکثر ایسا وقت آتا ہے جب جھوٹ بول کر بڑے بڑے کام نکلوائے جاتے ہیں لیکن قوس افراد ایسے وقت پر بھی جھوٹ نہیں بولتے۔ ان کا سچ ان کے نقصان کا سبب تو بن جاتا ہے لیکن یہ دلی تسکین محسوس کرتے ہیں۔ ان کی اس عادت کی وجہ سے کئی لوگ ان سے خائف بھی رہتے ہیں اور ان سے دور رہنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔ بہر حال یہ کہا جا سکتا ہے کہ سچ بیانی ان کی ایک ایسی اچھی عادت ہے جو اکثر ان کے نقصان کا سبب بنتی ہے۔
درگزر کی عادت
درگزر کرنا بڑے حوصلے اور ہمت کی بات ہوتی ہے۔ ہو کسی میں یہ حوصلہ نہیں ہوتا کہ وہ دوسروں کی باتوں اور حرکتوں کو درگزر اور نظر انداز کر دے لیکن قوس افراد یہ حوصلہ رکھتے ہیں اگر آپ ان کے دوست ہیں اور آپ سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے تو یہ با آسانی آپ کو معاف کر دیں گے اور ان کے دل میں آپ کے لئے سابقہ پیار اور محبت ہو گا، یہ کسی بات کو دل میں نہیں رکھتے۔ ان افراد کی سچ بیانی کی عادت کی وجہ سے جہاں بہت سے لوگ ان سے دور رہنا پسند کرتے ہیں وہیں ان کی درگزر اور معاف کر دینے کی خوبی کی وجہ سے کئی لوگ ان کے گرویدہ ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے وہ ان کی قدر کرتے ہیں۔ یہ لوگ بڑی سے بڑی بات کو در گزر کر دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
تصوراتی
یہ افراد بڑے تصوراتی بھی ہوتے ہیں۔ یہ اپنے خیالوں مین نہ جانے اپنی تسکین کے لئے کیا کیا سامان کر لیتے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت دنیا سجا لیتے ہیں۔ اس میں ہر کام ان کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے۔ اپنے تصورات کی دنیا میں رہ کر یہ لوگ بڑی تسکین اور راحت محسوس کرتے ہیں۔ یہ اس سے بڑے خوش مطؤن ہوتے ہیں، اس کی وجہ ہوتی ہے کہ انہیں یہ پتہ ہوتا ہے کہ ان کی اس دنیا میں کوئی مداخلت کرنے والا نہیں ہے۔ ان کا ہر کام ان کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے۔ خاص طور پر عشق کے معاملے میں تو یہ اپنی خیالی دنیا میں رہ کر بہت ہی مسرت اور سکون محسوس کرتے ہیں۔ وہاں ان کی محبوبہ ان کی مرضی کے مطابق ان سے پیار بھرے جملے بولتی ہے اور ان کی بانہوں میں آ جاتی ہے، یہ اس کے بال سنوارتے ہیں اور خود بھی پیار بھرے جملے بولتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ حقیقی دنیا میں چاہے ان کی محبوبہ ان سے دور رہتی ہو یا ابھی تک ان سے اس نے کوئی بات بھی نہ کی ہو لیکن اپنی تصوراتی دنیا میں اس سے اپنی مرضی کے مطابق سب کچھ کہلوا لیتے ہیں اور اس سے پیار بھی کر لیتے ہیں۔ اسی طرح زندگی کے دیگر معاملات کے حوالے سے بھی یہ لوگ اپنے تصورات سجاتے رہتے ہیں۔ بس ان میں ایک خامی یہ ہوتی ہے کہ اکثر یہ دوسروں کو بھی اپنی اس تصوراتی دنیا کے مطابق چلانا چاہتے ہیں جس میں انہیں زیادہ تر ناکامی ہی ہوتی ہے کیونکہ کسی کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا آسان کام نہیں ہے
دوسروں کی حوصلہ افزائی
دوسروں کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرنا ہی ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی لیکن قوس افراد میں یہ خوبی ہوتی ہے کہ یہ دوسروں کے اچھے کاموں او باتوں پر ان کی تعریف کرتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ بات صرف اچھے کاموں اور باتوں تک ہی محدود نہیں ہوتی، یہ لوگ ان افراد کا حوصلہ بھی بڑھاتے ہیں جو کسی وجہ سے حوصلہ ہارے بیٹھے ہوتے ہیں یا مایوسی کے دلدل میں پھنسے ہوتے ہیں، ایسے میں قوس افراد ان کی ہمت بڑھاتے ہیں، یہ کسی کی کامیابی پر حسد نہیں کرتے بلکہ اس کی تعریف کرتے ہیں
مصروفیت
یہ افراد بے کار نہیں بیٹھ سکتے۔ انہیں کوئی نہ کوئی مصروفیت درکار ہوتی ہے۔ بے کار بیٹھ کر انہیں بے چینی ستانے لگتی ہے۔ یہ اٹھتے ہیں اور خود کو کسی نہ کسی کام میں مصروف کر لیتے ہیں۔ ان کی یہ عادت انہیں کامیابیوں سے ہمکنار کر دیتی ہے لیکن اکثر انہیں تھکن اور کمزوری کی شکایت ہو جاتی ہے جس پر اگر یہ لوگ بر وقت قابو نہ پائیں تو بیماری انہیں گھیر لیتی ہے۔ اس لئے ان لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ اتنی مصروفیت رکھیں جو ان کی صحت کو متاثر نہ کرے۔ بہر حال یہ ان کی فطرت کا حصہ ہے اور فطرت پر قابو پانا انسان کے لئے ذرا مشکل ہی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ افراد اپنی اس خامی کو جان لینے اور بار بار بیمار ہونے کے باوجود مصروفیات سے کنارہ کشی اختیار کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔
باتونی
زیادہ باتیں کرنا ان کی ایک خامی ہے۔ اکثر ہوتا ہے کہ جب یہ لوگ بولنے پر آتے ہیں تو بولتے ہی چلے جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کی گفتگو میں کئی جگہ کمزوری نظر آتی ہے اور یہ بے تکے الفاظ اور جملے ادا کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ طویل بات کریں۔ ان کی اس عادت کو ان کے دوست تو برداشت کر لیتے ہیں لیکن دیگر لوگ ان سے جان چھڑانا بہتر سمجھتے ہیں۔ وہ ان کی گفتگو درمیان میں ہی روک کر راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔ ایسے میں ان قوس افراد کو یہ شکایت پیدا ہو جاتی ہے کہ لوگ ان کی بات غور سے نہیں سنتے۔ ان کے پاس درحقیقت کئی معاملات کے بارے میں پوری تفصیلات نہیں ہوتی ہیں لیکن یہ یوں ظاہر کرتے ہیں جیسے انہیں تمام معلومات حاصل ہیں۔ زیادہ باتیں کرنے کی وجہ سے ان کی شاندار اور باوقار شخصیت خاصی متاثر ہوتی ہے۔ اس بات کا اکثر انہیں احساس بھی ہو جاتا ہے لیکن یہ اپنی اس خامی پر قابو نہیں پا سکتے ہیں۔ اس کے باوجود کئی لوگ ان سے بات چیت کے خواہاں بھی ہوتے ہیں۔ وہ ان سے اس لئے بات کرنا پسند کرتے ہیں کیونکہ ان کی طویل گفتگو میں جہاں بوریت کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں کئی کام کی باتیں بھی معلوم ہو جاتی ہیں۔ جب یہ افراد جوش و خروش سے بول رہے ہوتے ہیں تو کسی کیلئے بھی مشکل ہوتا ہے کہ وہ اس کو روک سکے۔ یہ آندھی اور طوفان کی طرح گفتگو کرتے ہیں، اس دوران یہ مکے بھی لہراتے ہیں اور میز پر زور زور سے ہاتھ بھی مارتے جاتے ہیں۔ ہاں ان کی یہ عادت انہیں ایک اچھا مقرر ضرور بنا دیتی ہے لیکن ان کی عام گفتگو بھی اکثر تقریر کا روپ دھار لیتی ہے جو دوسروں کو گراں گزرتی ہے۔ زیادہ بولنے کی یہ عادت ان افراد کے لئے کبھی کبھار فائدہ مند بھی ثابت ہوتی ہے۔ یہ لوگ اچھے سیلز مین ثابت ہوتے ہیں جو اپنی چیز کی اتنی تعریف کرتا ہے کہ سامنے والا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ اس کے علاوہ سفر وغیرہ میں بھی ان افراد کی طویل گفتگو وقت کاٹنے کے لئے معاون ثابت ہوتی ہے۔
سادگی پسند
یہ افراد سادگی پسند ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ انہیں اچھے کپڑے پہننے کا شوق کا نہیں ہوتا بلکہ یہ اچھے کپڑے پہننا پسند کرتے ہیں لیکن ان میں بھی یہ سادگی پسندی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ شوخ اور جدید ڈیزائن کے کپڑے پہننا پسند نہیں کرتے۔ اس طرح زندگی کے دیگر معاملات میں بھی سادگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہیں خود نمائی کی زیادہ عادت نہیں ہوتی لیکن یہ اس سے مبرا بھی نہیں ہوتے، اکثر ان کی باتیں اور حرکتیں اس بات کی غمازی کر رہی ہوتی ہیں کہ یہ خود نمائی چاہتے ہیں۔ بہرحال مجموعی طور پر ان کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ سادگی پسند ہوتے ہیں۔ ان افراد کو مصنوعی اور بناوٹی باتوں سے کوئی لگاؤ نہیں ہوتا۔
حس مزاح
یہ افراد حس مزاح رکھتے ہیں اکثر ان کے منہ سے ایسے الفاظ نکلتے رہتے ہیں جو دوسروں کو ہنسنے اور مسکرانے پر مجبور کرتے رہتے ہیں۔ ان کی یہ خاص عادت ہوتی ہے کہ جب کسی محفل میں موجود ہوتے ہیں تو اسے اپنی باتوں اور لطائف سے زعفران زار بنائے رکھتے ہیں۔ یہ بات بات میں مزاح کا پہلو نکال لیتے ہیں۔ ان کی یہ عادت ان کی پوری زندگی پر محیط ہوتی ہے۔ یہ ہر جگہ ہنستے ہنساتے نظر آتے ہیں۔ یہ دوسروں سے خوب مذاق بھی کرتے ہیں لیکن ان کا مذاق نہایت خوب صورت ہوتا ہے، یہ اس بات کا خاص خیال رکھتے ہیں کہ ان کی باتوں سے کسی کی دل شکنی نہ ہو۔ یہ محلے میں چلتے پھرتے کسی بوڑھی خاتون، کسی بوڑھے شخص، بچے یا جون سے مزاحیہ گفتگو کرتے ہیں اور گھر، دفتر یا کسی اور جگہ بھی ان کا یہی خیال ہوتا ہے۔ اس وجہ سے لوگ انہیں پسند کرتے ہیں
اچھے دوست
یہ لوگ سب لوگوں سے بڑے اچھے انداز میں بات چیت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کی قربت کے خواہاں ہوتے ہیں، ان کی سچ گوئی کی عادت کی وجہ سے کئی لوگ ان سے دور ہو جاتے ہیں لیکن پھر بھی لوگوں کی اکثریت ان کے پاس رہنا پسند کرتی ہے۔ سب لوگوں سے اچھے مراسم کے باوجود یہ لوگ دوست بہت سوچ سمجھ کر بناتے ہیں۔ دوست بنانے سے پہلے یہ کسی فرد کو خوب اچھی طرح پرکھتے ہیں۔ اگر کسی میں انہیں کوئی خامی محسوس ہو تو یہ اسے دوست نہیں بناتے لیکن جو کوئی ان کے معیار پر پورا اترے اسے دوست بنا لیتے ہیں اور جب یہ کسی کو دوست بنا لیں تو اس کے لئے بڑے مخلص ہوتے ہیں۔ یہ اس کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ یہ اپنے دوستوں کی ترقی اور کامرانی کے خواہاں ہوتے ہیں۔ یہ ان کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں اور انہیں زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ یہ افراد جنہیں دوست بنا لیتے ہیں ان پر پورا بھروسہ کرتے ہیں اور زندگی بھر ان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں
قوت فیصلہ
یوں تو یہ افراد ہر کام سوچ سمجھ کر کرتے ہیں اور اپنے معاملات کے لئے خود ہی فیصلے کرتے ہیں اور کسی کو اپنے فیصلوں پر بولنے نہیں دیتے لیکن ان پر ایک خامی اکثر غالب آ جاتی ہے اور وہ یہ کہ ان کی قوت فیصلہ کمزور پڑ جاتی ہے۔ یہ شش و پنج کا شکار ہو جاتے ہیں اور بہت دیر تک کوئی فیصلہ نہیں کر پاتے۔ ایسے موقع پر یہ دوسروں سے مشورہ بھی لیتے ہیں اور لوگ حیران ہو جاتے ہیں کہ یہ تو کبھی مشورہ نہیں لیتے، اب ایسا کیوں کر رہے ہیں، ایسے مواقع پر اکثر یہ غلط فیصلے بھی کر بیٹھتے ہیں۔ ان کے دوست ان کی اس خامی سے بخوبی واقفیت رکھتے ہیں، جب وہ انہیں اس کیفیت کا شکار دیکھتے ہیں تو خود بڑھ کر ان کی مدد کرتے ہیں۔
صفائی پسند
دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرح برج قوس سے متعلق افراد بھی صفائی پسند ہوتے ہیں۔ ان کے دفتر، گھر، جوتے، کپڑے غرض ہر چیز صاف ستھری نظر آتی ہے۔ یہ نہ تو خود گندے رہتے ہیں اور نہ ہی گندے لوگوں کو پسند کرتے ہیں، ان کی خواہش تو یہ ہوتی ہے کہ ساری دنیا کسی طرح صاف ستھری ہو جائے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔ اس کے باوجود جہاں تک ان لوگوں کا بس چلتا ہے یہ صفائی رکھتے ہیں محلے میں اگر کہیں غلاظت کا ڈھیر لگا ہے یا گڑا بل رہا ہے تو یہ ممکن ہے کہ یہ افراد اپنے سارے کام چھوڑ کر صفائی کے عملے کو لانے کے لئے نکل پڑیں اور جب تک یہ اس گندگی سے نجات حاصل نہیں کر لیتے انہیں چین نہیں آتا۔ یہ وقتاً فوقتاً اپنے گھروں میں وائٹ واش یا پینٹ کرواتے رہتے ہیں۔ اپنے کام کی صفائی خود کرتے ہیں اور ہر چیز ترتیب سے رکھتے ہیں۔ انہیں بکھری ہوئی چیزیں پسند نہیں ہوتیں۔ بے ترتیبی سے انہیں سخت نفرت ہوتی ہے۔ یہ اپنے بچوں کو بھی صاف ستھرا رکھتے ہیں۔
منصوبہ ساز
یہ بہت اچھے منصوبہ ساز ہوتے ہیں۔ منصوبہ سازی کا وصف تو ویسے دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں بھی موجود ہوتا ہے۔ لیکن قوس افرد بھی کسی طرح اس صلاحیت کسی سے کم نہیں ہوتے۔ یہ خوب سوچ سمجھ کر کوئی منصوبہ بناتے ہیں اور پھر اس پر بہت شدت کے ساتھ عمل کرتے ہیں۔ اچھی منصوبہ سازی اور مکمل توجہ کے ساتھ محنت انہیں کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے۔ دوسرے لوگ بھی ان کی اس صلاحیت سے متاثر ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ اپنے معاملات میں ان سے مشورے کرتے رہتے ہیں۔
خوش اخلاق
یہ افراد خاصے خوش اخلاق ہوتے ہیں۔ ان کی گفتگو نرم ، ملائم اور متاثر کن ہوتی ہے۔ لیکن یہ نہ سمجھا جائے کہ یہ صرف اسی طرح کے انداز کا مظاہرہ کرتے رہیں گے بلکہ ان کے خلاف امور انہیں بھڑکا بھی دیتے ہیں اور یہ پہلے جتنے خوش اخلاق ہوتے ہیں، اب اتنے ہی بد اخلاق ہو جاتے ہیں، ان سے فحش گالیوں اور مار کٹائی کی توقع بھی کی جا سکتی ہے۔ بہر حال ایسی کیفیت ان پر بہت کم آتی ہے اور مجموعی طور پر یہ با اخلاق اور ملنسار ہی گردانے جاتے ہیں۔
بڑھکیں مارنے والے
جہاں ان افراد میں بے شمار خوبیاں موجود ہوتی ہیں وہیں ان میں یہ خامی بھی ہوتی ہے یہ اکثر یہ برھکیں مارنے لگتے ہیں۔ بڑی بڑی باتیں کرتے ہوئے انہیں بالکل یہ احساس نہیں ہوتا کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔ یہ اپنی دھن میں مگن ہوتے ہیں۔ جو لوگ انہیں جانتے ہیں وہ توان کی باتوں سے محظوظ ہوتے ہیں اور جو نہیں جانتے ان میں سے اکثر ان سے مرعوب ہو جاتے ہیں اور اکثر سمجھ جاتے ہیں کہ یہ بڑھکیں مار رہے ہیں۔ بہر حال یہ کوئی ایسی خطرناک خامی نہیں ہے اور اس سے انہیں کوئی خاص نقصان نہیں پہنچتا، سوائے اس کے کہ ان کی شخصیت متاثر ہوتی ہے اور اکثر لوگ سامنے نہیں تو کم سے کم ان کی غیر موجودگی میں ان کا مذاق اڑاتے ہیں۔
جارحانہ
ان افراد میں اکثر بڑا جارحانہ انداز نظر آتا ہے۔ یہ اگر کسی بات پر اڑ جائیں تو انہیں اپنے مؤقف سے ہٹانا بڑا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ بڑے لڑاکا قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ بڑی صاف گوئی سے دل کی بات کہہ دیتے ہیں۔ موٹی موٹی گالیوں سے بھی دوسروں کو نوازتے رہتے ہیں۔ اکثر یہ لڑائی جھگڑے میں پہل کرتے ہیں اور سامنے والے کو لاتوں اور گھونسوں سے نوازتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ جواباً ان کے ساتھ کوئی کیا سلوک کرتا ہے لیکن بہرحال یہ پیچھے نہیں ہٹتے ہیں۔ اس عادت کی وجہ سے یہ اکثر نقصان اٹھاتے ہیں کیونکہ انہیں چوٹیں آتی ہیں اور دشمنیاں بھی بڑھتی ہیں جبکہ انہیں فائدہ یہ ہوتا ہے کہ کئی لوگ ان سے مرعوب رہنے لگتے ہیں۔
بحث و مباحثہ
بحث و مباحثہ بھی ان کی فطرت کا ایک حصہ ہے۔ اکثر خود کو بڑا ثابت کرنے کے لئے یہ لوگ ایسا کرتے ہیں۔ ویسے تو یہ ان باتوں پر ہی زیادہ بحث کرتے ہیں جن کے بارے میں انہیں معلومات ہوتی ہیں لیکن کبھی کبھار یوں بھی ہوتا ہے کہ یہ صرف اپنی انا اور عزت کی خاطر غلط باتوں پر بھی اڑ جاتے ہیں جس کی وجہ سے سمجھ دار لوگ ان سے بحث چھوڑ دیتے ہیں اور جو نہیں سمجھتے وہ تلخ کلامی اور جھگڑے تک آن پہنچتے ہیں۔
خطرات سے کھیلنے والے
حالات کیسے بھی ہوں، یہ افراد گھبراتے نہیں ہیں۔ یوں کہنا بے جا نہ ہو گا کہ یہ لوگ خطرات سے کھیلنے والے ہوتے ہیں۔ اکثر ایسے کاموں میں ہاتھ ڈالتے ہیں جن سے لوگ گھبراتے ہیں۔ لوگ ان کی اس عادت سے واقف ہوتے ہیں اس لئے ان سے بہت فائدہ بھی اٹھاتے ہیں، انہیں خطرناک کاموں میں ملوث کر کے خود مفادات حاصل کر لیتے ہیں۔
قوت شامہ
ان کے اندر قدرتی طور پر سونگھنے کی حس بڑی تیز ہوتی ہے۔ یہ اس صلاحیت سے بے شمار فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ایک اور عجیب خوبی ان میں یہ ہوتی ہے کہ اگر یہ کوئی خوشبو استعمال نہ بھی کریں تو ان کے جسم سے بڑی محسور کن خوشبو آتی رہتی ہے۔ یہ خود تو اس خوشبو کو زیادہ محسوس نہیں کرتے کیونکہ یہ اس کے عادی ہوتے ہیں لیکن جو لوگ انہیں ملتے ہیں وہ اس خوشبو کو پورے طور پر محسوس کر لیتے ہیں اور اکثر اس بارے میں ان سے استفسار بھی کرتے ہیں، خوشبو کے بارے میں ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے یہ لگائی تو نہیں ہوتی ہے
جوش خروش
ان میں بڑا جوش و خروش ہوتا ہے۔ اگر یہ سخت بیمار ہوں تب ہی یہ ڈھیلے نظر آ سکتے ہیں ورنہ عام حالات میں ان کا جوش و خروش مستقل رہتا ہے۔ یہ ہر کام بڑے جوش اور ولوے کے ساتھ کرتے ہیں۔ ناکامیاں انہیں مشتعل کر دیتی ہیں اور کوئی بھی ناکامی ان میں مزید جوش پیدا کر دیتی ہے اور یہ مزید شدت کے ساتھ کام کرنے لگتے ہیں۔
مہم جو
جس طرح ان افراد میں جوش و خروش ہوتا ہے اسی طرح ان میں ایک جوشیلہ وصف ان کی مہم جوئی کی عادت بھی ہے۔ کسی مہم ک سر کرنے میں انہیں بڑا لطف آتا ہے۔ یہ اس مہم کے دوران کسی مرحلہ پر بھی گھبراتے یا بیزار نہیں ہوتے بلکہ ان پر صرف اور صرف کامیابی حاصل کرنے کی دھن سوار ہوتی ہے۔ مہم کوئی معمولی سی ہو یا خطرناک ، ان کے لئے دلچسپی کا باعث ہوتی ہے۔ یہ کار اور موٹر سائیکل ریس میں بھی حصہ لے سکتے ہیں اور کسی پہاڑ کی چوٹی کو بھی سر کر سکتے ہیں۔ غرض ہر طرح کی مہم جوئی میں دلچسپی لینا ان کی فطرت کا حصہ ہے۔
ذمہ دار
یہ لوگ زندگی کے تمام معاملات میں بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہیں احساس ہوتا ہے کہ آج انہیں گھر کیا کیا چیزیں لے کے جانی ہیں۔ یہ اگر وعدہ کر لیں کہ انہوں نے کسی خاص وقت کسی سے کہیں ملنا ہے تو پھر یہ اپنے وعدے کو ہر حال میں نبھاتے ہیں۔ غرض ان کی ذمہ داری کی عادت کو دوسرے لوگ بھی محسوس کرتے ہیں اور یہی خوبی ان کی مقبولیت اور عزت کا سبب بنتی ہے، ساتھ ہی انہیں کامیابیاں بھی نصیب ہوتی ہیں۔
طنز اور طعنے
خوبیاں تو بہرحال ان افراد میں ہوتی ہیں لیکن ان میں یہ خامی بھی موجود ہوتی ہے کہ یہ دوسروں سے اکثر طنز کرتے نظر آتے ہیں اور طعنے دیتے رہتے ہیں۔ یہ خامی انہیں دوسروں سے بھی دور کر دیتی ہے۔ بہت سے لوگ ان کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔ لیکن اپنے ستاروں کے اثرات کی وجہ سے یہ لوگ اپنی خوبیوں اور خامیوں پر قابو نہیں پا سکتے۔ بہر حال ان کے دوست اور سمجھدار لوگ جانتے ہیں کہ یہ ان کی حامی ہے لہٰذا اسے کسی نہ کسی طرح برداشت کر لیتے ہیں۔
خراب صحت
یہ لوگ اکثر صحت کی خرابی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کی وجہ جہاں موسمی یا دیگر عام بیماریاں ہے وہیں ان کی زیادہ محنت اور مشقت کرنے کی عادت بھی ہے۔ یہ عادت عقرب افراد میں بھی پائی جاتی ہے۔ وہ بھی اپنی حیثیت سے زیادہ محنت مشقت کرکے خود کو بیمار کر لیتے ہیں، بہر حال قوس افراد بار بار بیمار ہونے کے باوجود اپنی عادت کو بدلنے سے قاصر ہوتے ہیں لیکن یہ عادت صرف انہیں بیمار ہی نہیں کرتی بلکہ انہیں کامیابیوں سے بھی ہمکنار کرتی ہے۔
شرمیلا پن
ان افراد میں جہاں بے باکی اور بے خوفی ہوتی ہے وہیں یہ اکثر شرمیلے پن کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں اور ان پر شرمیلا پن دیکھ کر اکثر لوگ حیران رہ جاتے ہیں، کیونکہ انہیں ان سے اس طرح کے کسی رویے کی امید نہیں ہوتی، بہرحال یہ شرمیلا پن کبھی کبھار ظاہر ہوتا ہے، عام حالات میں یہ لوگ بے باک ہوتے ہیں
جھوٹ
ویسے تو یہ سچے ہوتے ہیں اور سچے لوگوں کو ہی پسند کرتے ہیں لیکن اکثر یہ جھوٹ بھی بولتے ہیں۔ یقیناًیہ جھوٹ سے کوئی نہ کوئی فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ ایسے وقت میں یہ اپنے دل کو یہ تسلی دیتے ہیں کہ کبھی کبھار مصلحتاً جھوٹ بول لینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ یہ لوگ جھوٹ بڑی مہارت سے بولتے ہیں جس پر سچ کا گمان ہوتا ہے
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 23؍ نومبر تا 21؍ دسمبر حکمران سیارہ ۔۔۔۔۔۔ مشتری عنصر ۔۔۔۔۔۔ آتش موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ، جمعرات، منگل موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 3 موافق نگینہ ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سرخ، نیلا اور ارغوانی موافق دھات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سونا، چاندی
عقرب
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا
میزان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں