قوس مرد اور سنبلہ عورت

تفصیل

سنبلہ خواتین کی شخصیت بڑی پر اسرار ہوتی ہے۔ ان کے دل میں کیا ہے یہ بہت کم لوگوں پر ظاہر ہوتا ہے حتیٰ کہ ان کے شوہر بھی ان کے دل کی گہرائی کو نہیں سمجھ پاتے۔ در اصل یہ رویہ ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ یہ اپنے راز دل میں ہی رکھ کر مطئن رہتی ہیں۔ یہ کسی دوست یا شوہر کو بھی دل کا راز بتانا مناسب نہیں سمجھتیں۔ یہ خواتین بہت سلیقہ مند اور نفاست پسند ہوتی ہیں۔ ان کے گھر چمکتے دمکتے رہتے ہیں۔ خود بھی صاف ستھری رہتی ہیں اور گھر کے افراد کو بھی ایسا دیکھنا پسند کرتی ہیں۔ یہ گھر کی ذمہ داریاں خود اٹھاتی ہیں۔ شوہروں کے لئے یہ وفادار ہوتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کے ساتھ بھی وفا کی جائے۔ یہ شوہروں کے دکھ درد میں ان کے بہت کام آتی ہیں۔ انہیں اپنے گھر سے بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر کی خوش حالی کے لئے کئی اقدامات کرتی رہتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے شوہر ان سے خوش رہیں اس لئے انہیں اچھے اچھے کھانے پکا کر کھلاتی ہیں اور ان کے آرام و سکون کا خیال رکھتی ہیں۔ انہیں بچوں سے بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ بچوں کی طرف خاص توجہ دیتی ہیں، ان کی اچھے انداز میں تربیت کرتی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور انہیں اعلیٰ مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں۔

متعلقہ صفحات

23 صفحات

قوس عورت اور حمل مرد

اس جوڑے کی زندگی زیادہ خوشگوار نہیں گزرتی اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ حمل مرد تیز رفتاری کے قائل ہوتے ہیں۔ وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو ان کی تیز رفتاری میں ان کا ساتھ دے سکیں۔ اس کے علاوہ اس جوڑے میں دوری یا اختلاف کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ یہ خواتین اکثر لمبے چوڑے مردوں کو پسند کرتی ہیں جبکہ حمل مرد ان کے معیار پر پورے نہیں اترتے، ساتھ ہی وہ جذبات اور محبت کے حوالے سے بھی ذرا ٹھنڈے مزاج کے ہوتے ہیں جب کہ قوس خواتین پر جوش اور جذباتی ہوتی ہیں۔ انہیں اپنی فطرت کا مرد درکار ہوتا ہے اور حمل مرد ان کے اس معیار پر پورا اترنے سے قاصر ہوتا ہے، اس کا مزاج دھیما ہے، یوں اس جوڑے میں غیر محسوس طور پر دوری پیدا ہونے لگتی ہے۔ حمل مرد بیویوں کا خاص خیال نہیں رکھتے جوکہ تلخ کلامی اور جھگڑوں کا سبب ہے۔ حمل مرد کو کفایت شعاری سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔ وہ آنے والے وقت کے بارے میں کوئی خاص پلاننگ نہیں کرتا جبکہ قوس خاتون ایسا کرتی ہے اور یہاں بھی ان میں اختلافات جنم لیتے ہیں۔ حمل مرد کی فضول خرچیاں اکثر اس کے گھرانے کو مسائل سے دو چار کر دیتی ہیں۔ قوس بیوی چاہے تو اس کی اس عادت کو کسی نہ کسی طرح ختم کر سکتی ہے۔ بچوں کے معاملے میں حمل مرد بہت حساس ہوتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں کا پورا پورا خیال رکھتے ہیں۔ اس معاملے میں قوس بیوی کو خاصی بے فکری ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور ثور مرد

قوس خواتین کے لئے ثور مرد خاصی دلچسپی کا سبب بنتے ہیں۔ یہ خواتین ان کی خوب صورت باتوں اور عام طریقے سے زندگی گزارنے کے انداز کو بہت پسند کرتی ہیں اس جوڑے میں یہ بات مشترک ہے کہ یہ دونوں عملی ہوتے ہیں اس لئے اگر مل کر کوئی کام بھی کریں تو کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ اس جوڑے میں ہم آہنگی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دونوں محبت کے طلب گار ہوتے ہیں اس لئے اکثر خوش گوار موڈ میں رہتے ہیں۔ ان کی حرکتیں اور گفتگو کئی لوگوں کے لئے حسد کا سبب بنتی ہے اس لئے اس جوڑے کو احتیاط کرنی چاہئے کہ یہ اپنی محبت کو ظاہر نہ ہونے دیں۔ یہ دونوں سکون کے متلاشی ہوتے ہیں اس لئے اس معاملے میں بھی ایک دوسرے کے معاون اور ہم خیال ثابت ہوتے ہیں۔ ثور مرد چونکہ باہر کی نسبت گھر میں رہنا پسند کرتے ہیں اس لئے ان کی دلچسپیاں بھی گھر میں ہی ہوتی ہیں اور ان کی بیویوں کو ان سے باہر کی سرگرمیوں کے حوالے سے شکایات نہیں ہوتی ہیں۔ ورنہ دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے مرد گھر کی نسبت باہر رہنا پسند کرتے ہیں اور بیویوں کو کافی مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے۔ ثور مرد گھر میں مختلف امور بھی سر انجام دیتے ہیں جس سے خاتون خانہ کو کافی سہولت رہتی ہے اور ایسی باتیں گھر کے ماحول کو خوش گوار بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ اس جوڑے میں یہ بات بھی مشترک ہے کہ انہیں کامیاب دوستوں کی تلاش رہتی ہے۔ یہ دونوں کامیابی و کامرانی کے خواہاں ہوتے ہیں۔ اس طرح ان لوگوں کے اچھے اور کامیاب لوگوں سے مراسم ہو جاتے ہیں جو ان کی کامیابی کا سبب بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور جوزا مرد

اس جوڑے کی زندگی میں اکثر ناخوش گوار حالات ہی رہتے ہیں کیونکہ جوزا مرد کی فطرت ، قوس عورت کی فطرت سے خاصی مختلف ہے، جوزا مرد تیز رفتاری کو پسند کرتا ہے، وہ زندگی کے سارے معاملات میں تیزی چاہتا ہے جبکہ قوس عورت ایسی رفتار کو پسند نہیں کرتی۔ اس کی خواہش ہے کہ زندگی میں ٹھہراؤ ہو اور معاملات کو گہری نظر سے دیکھا جائے جبکہ جوزا مرد عجلت پسند اور لاپروا ہوتا ہے وہ ایک کام شروع کرے گا اور اکثر اسے مکمل کرنے سے پہلے ہی ادھورا چھوڑ دے گا اور کسی دوسرے کام میں مشغول ہو جائے گا، قوس عورت ایسی باتوں کی قائل نہیں ہے، وہ چاہتی ہے جو کام شروع کیا جائے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ مستقل مزاجی کا جوزا مرد سے کوئی واسطہ نہیں ہے جبکہ قوس عورت مستقل مزاج ہے جوزا مرد جو فیصلہ کر لے گا اس پر قائم رہنے کی ضمانت نہیں ہے وہ کسی بھی وقت اپنا فیصلہ بدل سکتا ہے۔ یہ بڑی افسوس ناک بات ہے کہ جوزا مردوں پر کسی حوالے سے بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، در اصل جوزا مرد خود اپنے آپ پر بھروسہ نہیں کر سکتے تو بھلا ان پر کون بھروسہ کرے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ سارے جوزا مردوں کی یہی حالت ہوتی ہے۔ ان میں ایسے مرد ہوتے ہیں جو خود کو سنبھالے ہوئے ہوتے ہیں۔ وہ زندگی ے معاملات کو نہایت سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔ اگر ایسے مرد، قوس عورتوں کے نصیب میں آ جائیں تو یہ جوڑا خاصی کامیاب زندگی گزارتا ہے ورنہ دوسری قسم کے جوزا مردوں کے ساتھ قوس عورتوں کے لئے زندگی گزارنا خاصا دشوار ہوتا ہے۔ جوزا مرد کچھ اچھے باپ بھی ثابت نہیں ہوتے، ان کی زیادہ توجہ بچوں کی طرف نہیں ہوتی اس لئے خاتون خانہ کو ہی بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینی پڑتی ہے۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور سرطان مرد

یہ جوڑا خاصی خوش حال زندگی گزارتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سرطان مرد بہت ذمہ دار اور ذہین ہوتا ہے اس لئے قوس ہی کیا کسی اور برج سے تعلق رکھنے والی عورت بھی بطور بیوی اس کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار سکتی ہے۔ سرطان مرد ہر معاملے پر نہایت غور و فکر کرتا ہے، اسے اندازہ ہوتا ہے کہ کس بات کے کیا نتائج نکلیں گے وہ جلد بازی سے کام نہیں لیتا جس کی وجہ سے اسے نقصان اٹھانا پڑے۔ سمجھداری سے کئے گئے فیصلے اچھے نتائج کے حامل ہوتے ہیں۔ اپنی پر کشش شخصیت، خوب صورت انداز گفتگو اور ہمدردانہ رویے کی وجہ سے مرد نہ صرف اپنے گھر اور خاندان بلکہ باہر بھی بہت اچھا مقام رکھتے ہیں یہ لوگ قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ یہ اس وقت تک بہت وفادار ہوتے ہیں جب تک انہیں کوئی دھوکا نہ دیا جائے۔ اگر انہیں دھوکا دے دیا جائے تو یہ بڑے غضب ناک ہو جاتے ہیں۔ بدلہ لینا ان کی فطرت میں شامل ہوتا ہے اس لئے یہ بدلہ لئے بغیر نہیں چھوڑتے۔ ہاں اگر ان سے معافی مانگ لی جائے تو یہ کھلے دل سے معاف کر دیتے ہیں لیکن دوبارہ غلطی پر معافی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔ یہ بہت ذمہ دار ہوتے ہیں اس لئے ہر ذمہ داری کے تقاضوں کو خوب سمجھتے ہیں۔ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اپنے ماں باپ، بہن بھائیوں اور رشتہ داروں کے ساتھ کیا رویہ رکھنا ہے، انہیں یہ بھی پتہ ہوتا ہے کہ انہیں بیوی، بچوں اور دوستوں وغیرہ کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے اور ان کے کیا کیا حقوق ہیں۔ اکثر خواتین کو اس وقت ایسے مردوں سے الجھن ہوتی ہے جب وہ محبت کو طول دے رہے ہوتے ہیں اور شادی میں تاخیر کر رہے ہوتے ہیں ان خواتین کا خیال ہوتا ہے کہ شاید یہ لوگ انہیں دھوکا دے رہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوتا بلکہ درحقیقت یہ لوگ خواتین کو پرکھ رہے ہوتے ہیں کہ کیا وہ ان کی جیون ساتھی بننے کی اہل ہیں بھی یا نہیں؟ یہ لوگ بظاہر بڑے ٹھنڈے مزاج کے لگتے ہیں لیکن درحقیقت ان میں بڑا جوش اور جذبہ ہوتا ہے لیکن یہ اپنے اس جوش و جذبے کو کسی پر ظاہر نہیں ہونے دیتے۔ یہ اندر ہی اندر ہر بات کا اندازہ لگا رہے ہوتے ہیں لیکن کسی کو شک بھی نہیں ہوتا کہ ان کی اندرونی کیفیت کیا ہے۔ سرطان مردوں سے شادی کرنے والے قوس خواتین کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ یہ مرد تقریباً ساری ہی ذمہ داریاں خود اٹھاتے ہیں، ان کی بیویاں بہت آرام و سکون سے رہتی ہیں۔ یہ مرد اپنے والدین ، خاص طور پر ماں کے بارے میں بہت حساس ہوتے ہیں۔ والدین کے حوالے سے یہ کسی سے کوئی غلط بات نہیں سن سکتے اس لئے ان کی بیوی کو چاہئے کہ انہیں خوش رکھنے کے لئے ان کے ماں باپ اور بہن بھائیوں کا خیال رکھے، ایسی بیویوں کا یہ افراد اورزیادہ خیال رکھتے ہیں اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، باپ کی حیثیت سے یہ افراد بہت اچھے ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور اسد مرد

یہ جوڑا بھی مناسب زندگی گزارتا ہے۔ اس میں بیوی کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ اسد مرد کی شخصیت زیادہ پیچیدہ نہیں ہوتی جو کچھ اس کی زبان پر ہوتا ہے وہی اس کے دل میں بھی ہوتا ہے۔ یہ دھوکا نہیں دیتا اور مکرو فریب سے دور ہی رہتا ہے۔ اسد مردوں کا مزاج ذرا عاشقانہ ہوتا ہے اور ہر لڑکی کی طرف دیکھ کر انہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں اسی کی تلاش تو تھی لیکن جب دوسری لڑکی سامنے آتی ہے تو یہ اس کے بارے میں بھی ویسا ہی سوچنے لگتے ہیں مگر جب کوئی قوس لڑکی سامنے آ جاتے تو یہ اس کے دیوانے ہو جاتے ہیں اور اکثر ہوتا ہے کہ یہ اسی کے ہو کر رہ جاتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس لڑکی کو حاصل کر کے رہیں گے اور ایسی کوشش میں اکثر وہ کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ قوس لڑکیاں خود ایسے مردوں کی طلسماتی شخصیت کے سحر سے باہر نہیں آ پاتیں ، ان کی اپنی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے محبوب کو حاصل کر لیں۔ اسد مردوں سے وفا کی امید رکھی جا سکتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ شادی کے بعد ان کا ظاہری جوش و خروش وہ نہیں رہتا جو شادی سے قبل نظر آ رہا ہوتا ہے، لیکن بیویوں کو ان کے ایسے رویے سے دل شکستہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ان کی شوہر کی چاہت میں تو کوئی کمی نہیں آئی ہوتی لیکن وہ ظاہری جوش و خروش کا اظہار کرنے سے قاصر ہو چکے ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ اکثر اپنی محبت کا اظہار ظاہری جوش سے بھی کرتے رہتے ہیں۔ اگر ان سے بے وفائی کی جائے تو اس کا برا اثر لیتے ہیں اور جوابی طور پر یہ کوئی بڑے سے بڑا قدم بھی اٹھا سکتے ہیں۔ ہاں اگر ان کے ساتھ وفاداری ہوتی رہے تو یہ اپنا سب کچھ لٹا بھی سکتے ہیں۔ در اصل یہ افراد تحکمانہ طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ جب یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی ان سے وفادار ہے تو ان کے دل کو یہ تسلی ہو جاتی ہے کہ کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے اس لئے یہ اپنی محبتیں بھی نچھاور کرتے ہیں۔ یہاں بھی انہیں حاکمیت کا احساس ہوتا ہے اور اگر کوئی بے وفائی کی جائے تو ان کی حاکمانہ طبیعت میں بھونچال آ جاتا ہے انہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ان کی سلطنت میں کسی نے ان سے بغاوت کرنے اور ان سے ٹکرانے کی کوشش کی ہے، یوں یہ اس بغاوت کی سرکوبی کے لئے قدم اٹھاتے ہیں۔ اسد مرد کی دلچسپیاں زیادہ تر گھر سے باہر ہوتی ہیں ان کا دل گھر میں نہیں لگتا۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ انہیں گھر کی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہے بلکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورے طور پر سمجھتے ہیں۔ لیکن ان کا خیال یہ ہوتا ہے کہ گھر میں بیٹھنا عورتوں کا کام ہے اور اگر مرد گھر میں بیٹھیں تو ان کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ یہ لوگ گھروں سے باہر رہ کر خوب محنت کرتے ہیں اور اپنے گھر والوں کو زندگی ہر آسائش مہیا کرنا چاہتے ہیں۔ اسد مرد چونکہ گھر میں زیادہ وقت نہیں دیتے اس لئے بچوں کی طرف بھی ان کی توجہ براہ راست نہیں ہوتی، اس لئے خاتون خانہ کو ہی بچوں پر نظر رکھنا پڑتی ہے۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور سنبلہ مرد

برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مرد تحمل مزاج، ذہین اور سمجھدار ہوتے ہیں۔ یہ لوگ جب خواتین کی طرف راغب ہوتے ہیں تو یہ صرف ان کے ظاہری حسن کا جائزہ نہیں لیتے بلکہ یہ ان کی زندگی کے دیگر معاملات کو بھی دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ قوس خواتین اکثر ان کے معیار پر پوری اترتی ہیں۔ کیونکہ یہ مرد عملی، ذہین اور خوب صورت عورتوں کو پسند کرتے ہیں اور قوس خواتین ایسی ہی ہوتی ہیں۔ سنبلہ مرد کسی بھی خاتون سے اگر شادی کا خواہشمند ہو تو اسے خوب پرکھتا ہے ، یہ حسن کا دلدادہ تو ہوتا ہی ہے لیکن یہ بھی سوچتا ہے کہ وہ خاتون اس کا اچھے برے وقت میں ساتھ دے سکے گی یا نہیں؟ اگر اسے اندازہ ہو جائے کہ وہ خاتون کسی بھی طرح اس کے لئے غیر معیاری ہے تو وہ اس سے دوستی تو رکھ سکتاہے لیکن اس سے شادی کا خیال دل سے نکال دے گا اور جب وہ کسی عورت کو شادی کے لئے منتخب کر لیتا ہے تو اس سے بڑے جوش و خروش سے اظہار محبت کرتا ہے، وہ چاہتا ہے کہ وہ خاتون اسے ہر طرح اچھا سمجھے۔ وہ اس کے سامنے کوئی حرکت کرنا پسند نہیں کرتا جس سے اس عورت کے دل میں اس کے متعلق کوئی غلط خیال پیدا ہو۔ سنبلہ مردوں کے ساتھ قوس خواتین کو ایک مناسب زندگی گزارنے کا موقع ملتا ہے کیونکہ سنبل مرد اچھے خاصے ذمہ دار اور محنتی ہوتے ہیں اس لئے انہیں یہ احساس بھی ہوتا ہے کہ ان کی بیوی کی ان پر کیا ذمہ داریاں ہیں۔ یہ اپنی بیویوں کے تمام حقوق کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ سنبلہ مردوں کو دھوکا دہی سے نفرت ہوتی ہے اس لئے یہ اعتبار کے قابل ہوتے ہیں۔ بے وفائی تو کسی بھی مرد کو متنفر اور بد دل کر سکتی ہے، اس طرح سنبلہ مردوں کو بھی اگر بے وفائی سامنا کرنا پڑے تو یہ دل برداشتہ ہو جاتے ہیں۔ یہ تحمل مزاج ہوتے ہیں اس لئے اکر کوئی خطرناک فیصلہ نہیں کرتے۔اگر ان سے بے وفائی کی جائے تو یہ علیحدگی کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ ایسی صورت میں یہ سوچتے ہیں کہ کسی اشتعال سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور غصے و جبر سے کسی کی بے وفائی کو وفا میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اس معاملے میں ان کے پاس در گزر اور معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ یہ مشکوک زندگی کو پسند نہیں کرتے ہیں۔ قوس بیویوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ ان کے سنبلہ شوہر نہایت صفائی پسند ہیں اس لئے اگر انہیں اپنے شوہروں کے دل جیتنے ہیں تو گھروں کو صاف ستھرا رکھیں، ساتھ ہی انہیں اچھے اچھے کھانے پکا کر کھلائیں۔ ان سے یہ توقع نہ رکھیں کہ وہ آپ کے حکمیہ انداز پر کبھی وقت پر گھر آئیں گے ہاں یہ کام پیار محبت سے کیا جا سکتا ہے۔ سنبلہ مرد گھروں کو زیادہ وقت نہیں دیتے اس لئے بچوں کے معاملے میں اکثر ذمہ داریاں خاتون خانہ کو اٹھانی پڑتی ہیں۔ مالی معاملات میں یہ مرد کوئی غفلت نہیں برتتے۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور میزان مرد

میزان مرد کئی لحاظ سے بہت پر کشش ہوتے ہیں اس لئے قوس خواتین کے لئے اکثر دلچسپی کا سبب بنتے ہیں۔ شادی سے پہلے تو یہ جوڑے کسی نہ کسی طرح ایک دوسرے کے ساتھ ببہت اچھی طرح چلتے ہیں۔ اس وقت محبت کا جوش و خروش اور اثر بھی ہوتا ہے لیکن شادی کے بعد قوس خواتین پر یہ عقدہ کھلتا ہے کہ ان کے شوہر حقائق کی دنیا سے دور رہنے والے ہیں اور خوابوں کی دنیا میں رہنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ وہ باتوں ہی باتوں میں بڑے بڑے محل تو بنا سکتے ہیں لیکن حقیقت میں ایک چھوٹا سا مکان بنانا ان کے لئے دشوار ہے۔ میزان مردوں میں ثابت قدمی ذرا کم ہی ہوتی ہے اس لئے ان کی بیویوں کو ان کی طرف سے اس معاملے میں بھی کافی الجھن اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مرد آج اگر کسی معاملے پر متفق ہیں تو ضروری نہیں کہ کل بھی اس پر ثابت قدم رہیں۔ ان کی پر جوش محبت بھی شادی کے بعد جھاگ ک طرح بیٹھ جاتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ یہ اس معاملے میں بالکل غافل ہو گئے ہیں۔ کبھی کبھار یہ پھر اس جوش کا مظاہرہ کر سکتے ہیں جیسا پہلے کرتے رہے ہیں۔ میزان مرد چونکہ زیادہ عملی نہیں ہوتے اور تصوراتی دنیا میں خوش رہتے ہیں اس لئے ان کے اس رویے کا اثر ان کی زندگی کے سارے معاملات پر پڑتا ہے۔ ان کی بیویاں چاہتی ہیں کہ ان کا عمل ہو اور بہت کچھ کر ڈالے لیکن ان کے شوہر انہین باتوں سے تسلی دیتے ہیں اور عمل کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ شادی کے شروع دنوں میں تو بیویوں کو بڑی پریشانی ہوتی ہے لیکن آہستہ آہستہ انہیں اپنے شوہروں کی عادتوں کا علم ہو جاتا ہے اس لئے وہ صبر و شکر کرنے کے ساتھ ساتھ گھر کی بیشتر ذمہ داریاں بھی سنبھال لیتی ہیں۔ شادی کے بعد یہ مرد خود تو عملی طور پر کچھ کر کے دکھانا نہیں چاہتے ہیں لیکن بیویوں کے بارے میں بڑے حساس ہوتے ہیں اگر بیوی کہے کہ میں کوئی جاب کر لوں تا کہ گھر کے حالات بہتر ہو سکیں تو یہ مرد مشتعل ہو جاتے ہیں اور بیوی کو کسی صورت گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دیتے۔ یوں بیویاں مزید پریشانی کا شکا ر ہو جاتی ہیں کہ اب گھر سے بھی نکلنے نہیں دیا جائے گا۔ ویسے ان مردوں کی پابندیاں صرف جاب وغیرہ تک ہوتی ہیں۔ یہ کسی رشتہ دار یا محلے داروں سے ملنے پر پابندی نہیں لگاتے۔ یہ مرد سیرو تفریح کو بھی بہت پسند کرتے ہیں اس لئے اکثر دوسرے شہروں اور ملکوں میں بھی آتے جاتے رہتے ہیں، یہ گھر میں رہنا پسند نہیں کرتے اس لئے دوستوں میں وقت گزارتے ہیں۔ انہیں گھر سے باہر کی دنیا بڑی دلچسپ معلوم ہوتی ہے شادی سے پہلے بھی یہ گھروں سے باہر ہی زیادہ وقت گزارتے ہیں اور شادی کے بعد بھی ان کا ایسا ہی رویہ رہتا ہے۔ ان مردوں کی مندرجہ بالا عادتوں اور خصوصیات کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ ان کی بیویوں کو خاصی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، گھر کی اکثر ذمہ داریاں ان خواتین کو ہی اٹھانا پڑتی ہیں۔ یہ مرد بچوں پر بھی زیادہ توجہ نہیں دیتے اس لئے بچوں کی نگہداشت بھی خاتون خانہ ہی کو کرنی پڑتی ہے۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور عقرب مرد

عقرب افراد کی فطرت نہایت خطرناک اور سخت ہوتی ہے۔ نازک مزاج خواتین کا ان کے ساتھ گزارا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ قوس خواتین بھی چونکہ ایسے ہی مزاج کی حامل ہوتی ہیں۔ اس لئے عقرب مردوں کے ساتھ ان کی زندگی بڑی کٹھن گزرتی ہے۔ یہ مرد کسی بھی معاملے میں بیویوں کے ساتھ نرم رویہ نہیں رکھتے اور یہ ہر حال میں کسی نہ کسی طرح انہیں تنگ اور بیزار کرتے رہتے ہیں۔ یہی وجوہات ہیں کہ ان کی بیویاں ان سے متنفر اور خوف زدہ رہتی ہیں۔ یہ مرد گھر کی طرف سے خاصے لاپروا ہوتے ہیں۔ یہ گھر کے امور میں دلچسپی نہیں لیتے بلکہ گھر سے باہر ان کی دلچسپیاں ہوتی ہیں۔ یہ دوستوں میں خوش رہتے ہیں سیرو تفریح پسند کرتے ہیں اس لئے اکثر دوسرے شہروں اور ملکوں میں آتے جاتے رہتے ہیں چونکہ مالی لحاظ سے مستحکم ہوتے ہیں اس لئے بیوی کو اتنی رقم ضرور دیتے رہتے ہیں کہ کم از کم اسے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کاروبار سے ان مردوں کی بڑی دلچسپی ہوتی ہے اور ان کا زیادہ وقت کاروباری امور میں گزرتا ہے۔ یہ کامیاب کاروباری ہوتے ہیں اور دولت میں کھیلتے رہتے ہیں۔ محبت و عشق کے معاملات میں زیادہ نہیں پھنستے اس لئے بیو کو بھی کوئی رومان انگیز زندگی نہیں دے سکتے۔ جنسی طور پر بہت سخت دل اور اکھڑ مزاج ہوتے ہیں اس لئے جہاں دوسرے لوگ ان کے رویے کی زد میں آتے رہتے ہیں وہیں ان کی بیویاں بھی ان کے ایسے رویے سے نہیں بچتیں۔ یہ انہیں سخت جملوں سے نوازتے رہتے ہیں اور زیادہ مشتعل ہو جائیں تو ہاتھ چھوڑنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ ان کی بیویوں کو ان کے ساتھ بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ ذرا سی غلطی سے ان کی بے عزتی ہو جاتی ہے اور یہ بے عزتی سب کے سامنے بھی ہو سکتی ہے۔ عقرب مردوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ کسی کی تعریف بہت کم کرتے ہیں، اس طرح اپنی بیوی کے کاموں کی تعریف بھی کم ہی کرتے ہین بلکہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے کسی کام کی تعریف نہ ہی کی جائے تو اچھا ہے لیکن اگر مجبوراً کرنی پڑے تو یوں لگتا ہے جیسے کوئی بہت بڑا احسان کر رہے ہیں۔ ان کی بیویوں کو ان کے ساتھ رہتے رہتے اتنی عادت پڑ جاتی ہے کہ وہ خود بھی ان سے کسی تعریف اور کسی اچھائی کی توقع نہیں کرتیں۔ یہ مرد تو بیویوں کی کسی چھوٹی سے چھوٹی غلطی کو بھی نظر انداز نہیں کرتے اور ایسی غلطیوں پر ان کے ساتھ ایسا تحقیر آمیز رویہ اپناتے ہیں کہ بیویاں دل شکستہ ہو کر رہ جاتی ہیں یہ تو چھوٹی غلطیوں کی بات ہے، بڑی غلطیوں پر تو یہ مرد آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ اپنی فطرت کے مطابق عقرب مرد، قوس بیویوں کے لئے کسی طور مناسب نہیں رہتے، ان کی زندگی میں خوش گوار لمحات کم ہی آتے ہیں، آئے دن تلخ کلامی اور جھگڑے ہوتے رہتے ہیں، یہ مرد بچوں پر بھی کوئی خاص توجہ نہیں دیتے اور بچوں کی ساری ذمہ داریاں خاتون خانہ ہی کو نبھانی پڑتی ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور قوس مرد

قوس مرد بہت خوش مزاج، محنتی اور ذہین ہوتے ہیں، ان میں جو خصوصیات ہوتی ہیں، ان سے قوس خواتین اچھی طرح واقف ہوتی ہیں اس لئے وہ خود ایسی ہی فطرت رکھتی ہیں۔ انہیں قوس مردوں کو سمجھنے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا لیکن شادی سے پہلے یہ افراد شادی کے لئے بڑی مشکل سے راضی ہوتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی دلچسپیاں گھر سے باہر کی دنیا میں ہوتی ہیں اور شادی کے جھنجھٹ میں پھنسنا نہیں چاہتے۔ یہ مرد بڑی مشکل سے شادی کیلئے راضی ہوتے ہیں۔ شادی کے بعد بیویوں پر کسی قسم کی پابندیاں تو نہیں لگاتے لیکن ان کی گہری نظریں بیویوں پر ہوتی ہیں۔ اور وہ یہ نہیں چاہتے کہ ان کی بیویاں دوسرے مردوں سے چاہے وہ رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں، گھل مل کر باتیں کریں، ایسی کسی بھی حرکت پر وہ بیوی کو سخت وارننگ دے دیتے ہیں اور کسی غلطی کی صورت میں بھی ان کا رویہ بڑا سخت ہوتا ہے اس لئے ایسی خواتین کو ایسی باتوں کا بہت خیال رکھنا پڑتا ہے کہ کسی بھی طرح کوئی ایسی بات ان کے شوہروں کے سامنے نہ آئے جو ان کے لئے غلط فہمی کا سبب بنے۔ یہ مرد گھر سے زیادہ باہر کی دنیا میں دلچسپی رکھتے ہیں اس لئے دوستوں وغیرہ ے ساتھ وقت گزارتے ہین اور ساتھ ہی سیرو تفریح کا شوق رکھنے کی وجہ سے شہر اور ملک سے باہر جاتے رہتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ان کی توجہ اپنے گھروں پر نہیں ہوتی۔ وہ اپنے گھریلو معاملات پر بھی نظر رکھتے ہیں۔ انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ ان کے بیوی بچوں کو کن کن چیزوں کی ضرورت ہے، اس لئے وہ انہیں کسی قسم کے مالی اور معاشی حالات کا شکار نہیں ہونے دیتے، بیوی کو اتنی مناسب رقم دیتے رہتے ہیں جس سے وہ تنگ دستی کا شکار نہ ہو۔ اس کے علاوہ گھر کی ضروریات پوری کرتے رہتے ہیں لیکن گھر میں زیادہ وقت دینا ان کے لئے بہت ہی مشکل کام ہے۔ ان افراد کے گھروں میں جھگڑے بہت ہی کم ہوتے ہیں۔ اگر تلخ کلامی ہو بھی جائے تو دونوں فریقین مل کر اس پر قابو پا لیتے ہیں اور بات بڑھنے نہیں دیتے۔ اگر کسی وجہ سے بات بڑھ جائے تو بعد میں ایک دوسرے کی غلطیوں کو در گزر نہ کر کے صلح کر لینا پسند کرتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر کی سلامتی بہت عزیز ہوتی ہے۔ گھر بگاڑنے کے بارے میں یہ لوگ کبھی نہیں سوچتے۔ ان لوگوں کے درمیان جب بھی کوئی نا خوش گوار بات ہوتی ہے تو اکثر اس کے پس پردہ دوسروں کی لگائی بجھائی ہوتی ہے۔ اس لئے ان افراد کو چاہئے کہ دوسروں کے بہکاوے میں نہ آ جائیں اور کسی کو اپنے معاملات میں نہ بولنے دیں۔ ویسے دو چار مرتبہ اس طرح کے واقعات سے گزرنے کے بعد یہ لوگ خود ہی سمجھ جاتے ہیں کہ اصل معاملات کیا ہیں اور یہ ان افراد سے بچنے لگتے ہیں جو انہیں بہکاتے ہیں اور ان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرتے ہیں۔ ایسے گھرانوں میں بیویوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ ان کے شوہروں کا کیا مزاج ہے اور وہ گھر کے امور میں زیادہ دلچسپی نہیں لے سکتے اس لئے ان خواتین کو ہی زیادہ ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں۔ بچوں کی طرف بھی یہ مرد پوری طرح توجہ نہیں دیتے اس لئے اس معاملے میں بھی ان خواتین کو ہی توجہ دینا پڑتی ہے۔ گھر کے جھگڑوں کے لئے بہتر ہے کہ یہ خواتین اپنے شوہروں کی عادت کے مطابق زندگی گزاریں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور جدی مرد

یہ جوڑا کوئی خاص خوشگوار زندگی نہیں گزارتا۔ جدی مرد کند ذہن ہونے کے ساتھ ساتھ خاموش پسند ہوتے ہیں اور یہ خاموشی قوس عورت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ یہ مرد عشق و محبت کے معاملے میں بھی زیادہ پر جوش نہیں ہوتے یہ بات بھی قوس عورت کو ناگوار گزرتی ہے۔ در اصل جدی مرد ذرا سست اور کاہل ہوتے ہیں۔ زندگی کے تمام معاملات میں ان کا یہی رویہ ہوتا ہے۔ ان کی سستی اور کاہلی جہاں ان کی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہے وہیں ان کی بیوی کے لئے بھی بڑے مسائل کھڑے کرتی ہے۔ ترقی کرنا ان مردوں کے لئے خاصا مشکل ہوتا ہے۔ یہ کامیابی کے لئے زیادہ جدوجہد نہیں کر سکتے ۔ یہ جس ڈگر پر چل رہے ہوتے ہیں اس پر چلتے رہنا پسند کرتے ہیں۔ جس طرح دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے مرد اچھی سے اچھی زندگی گزارنے اور ترقی کرنے کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ جدی مردوں کے لئے ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے۔ یہ اگر کسی ملازمت میں ہیں تو اس پر اکتفا کرتے ہیں۔ اگر انہیں باپ کی طر ف سے کوئی کاروبار مل گیا ہے تو اسے اسی ڈگر پر چلاتے رہیں گے جس پر وہ چل رہا ہوتا ہے۔ یہ اس میں جدت نہیں کر پاتے، ان کے ہم عصر نہ جانے کہاں سے کہاں نکل جاتے ہیں اور یہ لکیر کے فقیر رہتے ہیں۔ اکثر انہیں چلتے ہوئے کاروبار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ جدید تقاضوں کو پورا نہیں کر سکتے۔ یہ مرد ایسے محسوس کرتے رہتے ہیں جیسے دنیا کے تمام مسائل اور مصائب ان پر آن پڑے ہیں اور یہ اکر دوسروں کے سامنے بھی ایسے دکھڑے روتے رہتے ہیں۔ جو لوگ ان کی عادتوں سے واقف ہوتے ہیں وہ تو خاموش رہنا پسند کرتے ہین یا انہیں تسلی دیتے ہیں لیکن اکثر ناواقف لوگ ان کی کوتاہیوں کی نشاندہی کر دیتے ہیں جس پر یہ مرد چراغ پا ہو جاتے ہیں اور ان لوگوں کو اپنا دشمن سمجھنے لگتے ہیں، اس کے بر عکس یہ اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کی طرف دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ ان مردوں کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ یہ گھر کے اندر رہنا زیادہ پسند کرتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ باہر کے مسائل سے گھبرا جاتے ہیں اور گھر میں خود کو محفوظ سمجھنے لگتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ایسے کاموں میں بھی اسے ناگواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ مرد اپنی سست اور کاہل طبیعت کی وجہ سے یہ امور کبھی درست طور پر انجام نہیں دے پاتے۔ ان مردوں کے لئے ان کے رشتہ دار بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں سے انہیں بہت لگاؤ ہوتا ہے۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی بیوی بھی ان کی ویسی ہی عزت کرے جیسی وہ خود کرتے ہیں۔ اگر کسی وجہ سے بیوی شوہر کے رشتے داروں کو اہمیت نہ دے سکے تو اس کی شامت آ جاتی ہے، شوہر اس پر خوب غصہ نکالتا ہے اور اکثر یہ باتیں بڑے جھگڑوں کا سبب بنتی ہیں۔ یہ مرد خاصے بخیل واقع ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی ان کے بیوی بچوں کو اکثر مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے افراد کی بیویوں کو گھر کی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی ذمہ داریاں بھی پورے طور پر نبھانا پڑتی ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور دلو مرد

یہ جوڑا اچھی اور خوشگوار زندگی گزارتا ہے۔ دلو مرد ذہین، خوش مزاج اور ذمہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ پر کشش شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ایسی خوبیاں قوس خواتین کو بہت اچھی لگتی ہیں۔ دلو مرد نہایت ہمدرد طبیعت رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بڑے خوش گفتار بھی ہوتے ہیں۔ ان میں حس مزاح بھی ہوتی ہے۔ ا ن کی ان خوبیوں کا اثر ان کی بیوی اور ان کے بچوں پر بھی پڑتا ہے۔ ان کا امیج گھر میں سخت گیر شوہر یا باپ کا نہیں ہوتا۔ یہ اپنے بیوی بچوں کے ساتھ دوستوں کی طرح رہتے ہیں۔ یہ مرد اپنی ذمہ داریوں کو خوب پہچانتے ہیں اس لئے اپنے گھر کی بیشتر ذمہ داریاں یہ خود اٹھاتے ہیں اور خاتون خانہ کو زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا قوس خواتین گھر کو سجاتی سنوارتی ہیں کیونکہ ان کے پاس زیادہ ذمہ داریاں نہ ہونے کی وجہ سے خاصا وقت ہوتا ہے، ان کا گھر ہر وقت چمکتا دمکتا رہتا ہے۔ دوسروں کے لئے یہ مثالی گھر ہوتا ہے اور اکثر لوگ برملا اس کی تعریف کرتے ہیں۔ دلو مرد منتقم المزاج اور کڑوی زبان کے نہیں ہوتے۔ وہ گھر سے باہر اپنے دشمنوں تک کی باتیں در گزر کر دیتے ہیں۔ گھر میں تو ان کا رویہ اور زیادہ ہمدردانہ ہوتا ہے۔ وہ بیوی کی کسی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بناتے۔ اگر کبھی کوئی زیادتی ہو جائے تو اسے نظر انداز کرنا پسند کرتے ہیں۔ ہاں اگر ان سے بے وفائی کی جائے گی تو یہ بڑے غضبناک ہو جاتے ہیں اس معاملے میں یہ درگزر نہیں کرتے بلکہ علیحدگی پسند کرتے ہیں۔ محبت کے معاملے میں یہ درمیانہ رویہ رکھتے ہیں بلکہ یہ کہنا درست ہوگا کہ خاصا سست رویہ رکھتے ہیں جب کہ قوس بیوی ان پر پر جوش جذبات کی خواہش مند ہوتی ہے اس طرح وہ ذرا بے زار تو ہو جاتی ہے لیکن شوہر کی دیگر خوبیوں کی وجہ سے اس کے اس رویے کو نظر انداز کر دیتی ہے۔ ایسی خواتین کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ان کا شوہر ان سے کسی روایتی عاشق کی طرح رومانس نہیں کرے گا بلکہ وہ دوستانہ رویہ رکھے گا۔ یہ مرد جذباتی لمحات میں بھی بیوی کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں اور ان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرنا چاہتے۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی بیوی ان سے مطأن اور خوش رہے۔ یہ کوئی ایسی حرکت نہیں کرنا چاہتے جس سے ان کی بیوی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ ان شوہروں میں ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ اپنی بیوی کے چھوٹے چھوٹے کاموں کی بھی تعریف کرتے ہیں۔ اس طرح یہ خواتین بہت خوش ہوتی ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھتا ہے اور یہ بہتر سے بہتر کام کر کے شوہر کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ ایسے شوہر اکثر بیوی کے ساتھ امور خانہ داری میں بھی ہاتھ بٹاتے نظر آتے ہیں اور اس کے پس پردہ یہی جذبہ کارفرما ہوتا ہے کہ ان کی بیوی ان سے خوش رہے اور ان کے گھر کا ماحول خوش گوار رہے۔ تمام امور ذمہ داریوں کے ساتھ نبھانے کے علاوہ یہ مرد اپنے بچوں پر بھی خصوصی توجہ رکھتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کو اعلیٰ مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کی نصابی اور غیر نصابی سر گرمیوں پر خاص توجہ دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس عورت اور حوت مرد

حوت مرد کے ساتھ قوس عورت کے لئے زندگی گزارنا زیادہ مشکل نہیں ہوتا لیکن چونکہ حوت افراد ذرا سست، لاپروا اور کاہل ہوتے ہیں اس لئے کئی حوالوں سے ان کی کی بیویوں کو پریشانی رہتی ہے، اس کے باوجود یہ خواتین ان کے ساتھ رہنا پسند کرتی ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں ان کے شوہر دل کے برے نہیں ہیں۔ بظاہر لاپروا اور کاہل نظر آنے والے شوہر اپنے حصہ کی ذمہ داریاں ضرور نبھاتے ہیں مثلاً انہیں یہ فکر ہوتی ہے کہ گھر کے اخراجات کس طرح پورے کرنے ہیں اور اس بارے میں وہ صرف سوچتے ہیں نہیں بلکہ عملی طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ کوئی کاہلی نہیں کرتے اس کے علاوہ دیگر کئی ایسے امور ہیں جو مردوں کی ذمہ داری ہوتی ہے وہ اسے ضرور پواکرتے ہیں لیکن اگر اس کی بیوی ان سے یہ امید رکھے کہ وہ گھر کے کسی کام میں ان کا ہاتھ بٹائیں گے تو ایسا ممکن نہیں ہے۔ وہ اس طرح کا کوئی کام نہیں کریں گے اگر وہ فارغ ہیں تب بھی ایسے کاموں کی ادائیگی سے بہتر وہ یہ سمجھیں گے کہ اپنے خوابوں کی دنیا میں رہیں۔ ایسی تصوراتی دنیا میں رہنا ان کی فطرت کا حصہ ہے۔ ایسا کرنا ان کے لئے ضروری ہے اس طرح انہیں تسکین ملتی ہے۔ یہ مرد خیالوں میں بڑے بڑے قلعے تعمیر کرنے کے ماہر ہوتے ہیں لیکن جب اپنے کسی منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں تو حقائق انہیں لوہے کے چنے لگتے ہیں۔ یہ اپنے منصوبے سے دست بردار ہو جاتے ہیں اور دل ہی دل میں حالات زمانہ کو برا بھلا کہنے لگتے ہیں۔ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ دراصل غلطی تو ان کی اپنی ہے کہ انہوں نے غلط اندازے قائم کیے۔ یہ مرد چونکہ نہایت ہمدرد اور دوسروں کے دکھ سکھ میں کام آنے والے ہوتے ہیں اس لئے اپنے حلقۂ احباب میں خاصے مشہور ہوتے ہیں۔ ان کا یہی رویہ اپنی بیوی کے ساتھ ہوتا ہے۔ وہ بھی ان سے خوش رہتی ہے۔ یہ مرد اچھے دوست ہوتے ہیں۔ لوگ ان سے دوستی کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ انسانوں اور دیگر جانوروں سے ہمدردی ان کی سرشت میں شامل ہے کسی کو دکھی دیکھ کر یہ فکر مند ہو جاتے ہیں اپنے گھر والوں کے لئے بھی یہ بہت ہی ہمدرد ہوتے ہیں۔ ان مردوں کو بیویوں کو چاہئے کہ ان کی فطرت کا اندازہ کرنے کے بعد ان سے اچھا برتاؤ رکھیں۔ ان کی کاہلی اور سستی پر لعن طعن نہ کریں۔ اس طرح گھر کا ماحول خراب ہو گا لیکن ان مردوں کی فطرت تبدیل نہیں ہو گی۔ ایسے گھرانوں میں اکثر گھریلو ذمہ داریاں خواتین کے کاندھوں پر ہوتی ہیں۔ یہاں کی خواتین کو چاہئے کہ وہ شوہروں سے زیادہ توقعات وابستہ نہ کریں اور ذمہ داریاں خود ہی سنبھال لیں۔ بچوں کے معاملے میں حوت مرد کافی اچھے باپ ثابت ہوتے ہیں۔ یہ بچوں پر براہ راست توجہ نہیں دیتے لیکن ان کی نظر ان پر ہوتی ہے ان کی بیویوں کو چاہئے کہ بچوں کی نگہداشت پر بھی توجہ دیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور حمل عورت

قوس مردوں کے ساتھ حمل خواتین خوش گوار رہ سکتی ہیں۔ یہ خواتین جیسے مردوں کو پسند کرتی ہیں، قوس مرد اس معیار پر پورا اترتے ہیں۔ یہ خواتین بہت ذہین اور تیز ترار ہوتی ہیں جبکہ قوس مرد بھی ذہانت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس طرح جب کبھی حمل عورت اپنے شوہر کو کسی طرح کی چالاکی دکھاتی ہے تو وہ فوراً سمجھ جاتا ہے۔ اگر بات در گزر کرنے والی ہو تو یہ لوگ درگزر کر دیتے ہیں ورنہ احتجاج کرتے ہیں اور ایسے میں اکثر ناخوش گوار حالات سامنے آ جاتے ہیں۔ حمل بیویوں کو چاہئے کہ اپنے قوس شوہروں کے ساتھ نہایت احتیاط کے ساتھ رہیں۔ یہ مرد صرف اور صرف پیار سے قابو آ سکتے ہیں، کسی قسم کی چالاکی اور دھونس یا دھمکی ان پر کارگر نہیں ہوتی، اس طرح انکے دل میں نفرت تو پیدا کی جا سکتی ہے لیکن محبت نہیں۔ حمل بیویاں شکی مزاج ہوتی ہیں اس لئے مردوں کو محتاط رہنا چاہئے۔ ایسی خواتین بعض اوقات اپنے مردوں پر بلا وجہ شک کر کے گھر کا ماحول خراب کر لیتی ہیں۔ یہ عورتیں عملی ہوتی ہیں اس لئے اکثر جاب وغیرہ کے ذریعے خود کو معاشی طور پر مستحکم رکھتی ہیں اور شوہر بھی اس وجہ سے ان سے ذرا دبے رہتے ہیں۔ بچوں کے معاملے میں یہ خواتین بڑی حساس ہوتی ہیں۔ بچوں کی نگہداشت بڑی دلچسپی سے کرتی ہیں اور انہیں اعلیٰ مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں

مزید پڑھیں

قوس مرد اور ثور عورت

ثور عورتوں اور قوس مردوں کے درمیان اکثر معاملات میں ہم آہنگی نہیں پائی جاتی۔ مثلاً یہ کہ یہ خواتین زیادہ دلکش نہیں ہوتیں، یہ خوش شکل تو ہوتی ہیں لیکن ان کا حسن ایسا نہیں ہوتا کہ قوس مردوں کو پوری طرح بھا جائے، ساتھ ہی قوس مرد ہنس مکھ خواتین کی خواہش کرتے ہیں، ثور خواتین ایسی بھی نہیں ہوتیں، یوں ان مردوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن محبت کے معاملے میں یہ بہت حساس ہوتی ہیں اور شوہروں کو ٹوٹ کر چاہتی ہیں۔ جنسی لحاظ سے بھی یہ شوہروں کے معیار پر پوری اترتی ہیں۔ ان خواتین میں شک اور حسد کا مادہ موجود ہوتا ہے اس لئے اکثر ان کے شوہروں کو اس حوالے سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ خواتین بہت وفا دار ہوتی ہیں اور شوہروں کے لئے بڑی مصیبتیں جھیل سکتی ہیں۔ ان کے شوہر ان سے کسی بھی برے وقت میں تعاون کی توقع کر سکتے ہیں۔ یہ خواتین زیادہ غصہ ور نہیں ہوتیں۔ اکثر باتوں کو نظر انداز کر دیتی ہیں لیکن اگر ان کو شک ہو جائے کہ ان کے شوہر کسی عورت میں دلچسپی لے رہے ہیں تو پھر ان کا غصہ قابل دید ہوتا ہے۔ ایسی خواتین گھر کے کاموں میں بڑی دلچسپی لیتی ہیں۔ یہ شوہروں سے توقع نہیں کرتیں کہ وہ ایسے کاموں میں ان کا ساتھ دیں۔ یہ سلیقہ مند ہوتی ہیں اور اپنے گھروں کو خوب سجا کر رکھتی ہیں۔ بچوں کی طرف خصوصی توجہ رکھتی ہیں۔ ان کی تربیت میں کوئی کمی نہیں آنے دیتیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور جوزا عورت

یہ ایک قابل رشک جوڑا ہوتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو ٹوٹ کر چاہتے ہیں۔ جوزا عورت نہایت سلیقہ مند اور ذہین ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر کو سنبھالنا جانتی ہے۔ یہ اس بات یہ بھی واقف ہوتی ہے کہ شوہروں کو کس طرح خوش رکھنا ہے۔ ان کے درمیان اکثر باہر کے لوگ غلط فہمیاں پیدا کر دیتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ قوس مرد اور جوزا عورت اپنی ذہانت سے جلد ہی یہ اندازہ کر لیتے ہیں کہ کون شرارت کر رہا ہے اور اس شرارت کرنے والے کے ساتھ یہ بہت برا سلوک کرتے ہیں۔ ایسا سلوک کہ آئندہ وہ کبھی ایسی حرکت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا اور دیگر لوگ اس طرح کی باتوں سے محتاط ہو جاتے ہیں ، انہوں نے اگر یہ سوچا ہوتا ہے کہ کوئی گڑ بڑ کر لیں گے تو ایسا ہر خیال دل سے نکال دیتے ہیں۔ یہ خواتین بہت دور اندیش ہوتی ہیں۔ یہ اپنے گھرانے کی خوش حالی کے لئے بہت پہلے سے اچھے منصوبے ترتیب دیتی ہیں۔ انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ کون سی باتیں ان کے گھر کے لئے مصیبت بن سکتی ہیں۔ یہ ان باتوں سے اجتناب کرتی ہیں۔ شوہروں کو بہت اہمیت اور محبت دیتی ہیں۔ یہ گھر کی ساری ذمہ داریاں اپنے اوپر لینا پسند نہیں کرتیں اس لئے اکثر ذمہ داریاں شوہر کو سونپ دیتی ہیں لیکن گھر کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہین۔ بچوں پر بھی یہ خواتین مناسب توجہ دیتی ہیں لیکن چاہتی ہیں کہ شوہر بھی بچوں پر توجہ دیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور سرطان عورت

یہ جوڑا زیادہ خوش گوار زندگی نہیں گزارتا کیونکہ سرطان عورت بہت پیچیدہ مزاج رکھتی ہے اور قوس مرد کو اسے سمجھنے میں بڑی دشواری ہوتی ہے۔ یہ عورتیں خاصی شکی مزاج ہونے کے ساتھ ساتھ بد مزاج بھی ہوتی ہیں۔ یہ شوہروں پر کبھی کبھی ذرا سی بات پر بھی برس پڑتی ہیں۔ قوس مرد ذہین تو ہیں لیکن یہ اپنی بے عزتی کسی طور برداشت نہیں کر سکتے اس لئے ان کے درمیان اکثر جھگڑے جنم لیتے رہتے ہیں۔ سرطان عورت خاصی بخیل ثابت ہوتی ہے جبکہ قوس مرد کنجوسی کو پسند نہیں کرتے لہٰذا یہ بھی ان کا نقطۂ اختلاف ہے۔ تمام تر اخلاقی باتوں کے باوجود سرطان عورت اپنے شوہر کی بڑی وفادار ہوتی ہے اور اس سے بھی وفا کی توقع رکھتی ہے۔ یہ اچھے برے وقت میں شوہر کے کام آتی ہے۔ امور خانہ داری میں ان کی بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ گھروں کو خوب سجا سنوار کر رکھتی ہیں۔ بچوں کے معاملے میں یہ عورت بڑی حساس ہوتی ہے۔ یہ اولاد کی پرورش بڑے ناز و نعم سے کرتی ہے اور اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد زندگی کے ہر موڑ پر کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہو۔ یہ عورت ہر معاملے پر بچوں کر بڑی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور انہیں با اعتماد بناتی ہے

مزید پڑھیں

قوس مرد اور اسد عورت

اسد عورتیں قوس افراد کیلئے بڑی مشکل ثابت ہوتی ہیں، ان کے مزاج میں کافی تضاد ہوتا ہے اور ان کے خیالات بھی ملتے جلتے نہیں ہوتے۔ یہ عورتیں بہت حسین اور پر کشش ہوتی ہیں۔ ان کے شوہروں کو ان کے حسن کی وجہ سے بھی بڑی پریشانی رہتی ہے کیونکہ بے شمار لوگ ان خواتین کی قربت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ فضول خرچی میں تو اسد خواتین کا کوئی جواب نہیں ہے۔ اکثر دولت مند شوہر بھی ان کی شاہ خرچیوں کی وجہ سے کنگال ہو جاتے ہیں۔ اگروہ ان کی فضول خرچیوں کو روکنے کی کوشش کریں تو یہ خواتین لڑنے جھگڑنے لگتی ہیں اور گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے لہٰذا گھر کے اچھے ماحول کی خاطر شوہر بے چارے خاموشی سے ستم سہتے رہتے ہیں۔ یہ خواتین خود کو بہت زیادہ ممتاز رکھنا چاہتی ہیں۔ یہ فطری طور پر خود کو دوسروں سے ممتاز سمجھتی ہیں اور ان کا احساس برتری ان سے فضول خرچی اور عجیب و غریب حرکتیں کرواتا رہتا ہے۔ یہ چہرے کے تاثرات سے بھی خود کو مغرور ظاہر کرتی ہیں۔ جھوٹی شان و شوکت بنانے میں ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتی ہیں۔ ایسی خواتین بچوں پر بھی زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔ ان کے شوہروں کے جہاں گھر کی بہت سی ذمہ داریاں اٹھانا پڑتی ہیں وہیں بچوں کی نگہداشت بھی کرنا پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور میزان عورت

یہ جوڑا خوش گوار زندگی گزارتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ میزان عورت بہت ذہین، ہمدرد اور ثابت قدم ہوتی ہے۔ یہ اپنے شوہر سے بڑی محبت کرتی ہے اس کے آرام و سکون کا خیال رکھتی ہے۔ یہ ہر اچھے برے وقت میں اپنے شوہر کے کام آتی ہے۔ میزان عورت کو اپنے گھر سے بڑا لگاؤ ہوتا ہے۔ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر ہر طرح سے بہترین رہے، اس کیلئے یہ سلیقہ مندی کا مظاہرہ بھی کرتی ہے اور دیگر امور خانہ داری بڑے احسن طریقے سے نبھاتی ہے۔ یہ اپنے شوہر کے لئے اچھے پکوان پکاتی ہے اور گھر کو اس کی پسند کے مطابق سجاتی ہے۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور عقرب عورت

یہ جوڑا بہت اچھی زندگی گزارتا ہے۔ ان کے درمیان اکثر تلخ کلامی اور جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ ان کی وجہ یہ ہے کہ عقرب عورت بہت اکھڑ مزاج ہوتی ہے۔ ذرا ذرا سی بات پر یہ برہم ہو جاتی ہے اور جب یہ غصے میں آ جائے تو کسی بات کی پروا نہیں کرتی۔ یہ خواتین شکی مزاج ہوتی ہیں اور بلا وجہ بھی شوہروں پر شک کرتی رہتی ہیں اور شوہر ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔ یہ بہت حسین ہوتے ہیں لیکن یہ صرف ظاہری حسن رکھتی ہیں۔ جو شوہر ان سے توقع رکھتے ہیں کہ یہ اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کریں گی تو یہ ان کی بھول ہوتی ہے۔ یہ خواتین کسی برے وقت میں بھی شوہر سے تلخ رویہ اختیار کر کے اس کی توقعات پر پانی پھیر سکتی ہیں۔ یہ عورتیں کسی قسم کی مخالفت یا تنقید برداشت نہیں کرتیں۔ جب بھی ان کے شوہر ان کے کسی کام پر اعتراض کرتے ہیں یہ پلٹ کر انہیں بڑا سخت جواب دیتی ہیں، اگر شوہر برداشت کرے تو ٹھیک ہے ورنہ جھگڑا ہو جاتا ہے۔ یہ خواتین شوہر کی ذرا سی غلطی یا بے وفائی کو درگزر نہیں کرتیں اور انہیں اپنا گھر بگڑ جانے کی بھی پروا نہیں ہوتی۔ بچوں کی طرف یہ عورتیں خصوصی توجہ دیتی ہیں اور اچھے طریقے سے ان کی تربیت کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور قوس عورت

یہ جوڑا خوش گوار زندگی گزارتا ہے چونکہ دونوں ایک ہی برج سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے مزاج کی ہم آہنگی ایک فطری امر ہے لیکن ایک عورت ہونے کے ناطے قوس عورتوں کی کچھ اپنی خصوصیات بھی ہیں۔ یہ خواتین بہت خوش مزاج، ذہین اور معاملہ فہم ہوتی ہیں۔ یہ وفادار ہوتی ہیں اور اپنے گھرانے سے بہت پیار کرتی ہیں۔ انہیں اکثر منہ پھٹ کا خطاب دے دیا جاتا ہے اس کی وجہ ان کی صاف گوئی ہے۔ ان کے دل میں جو بات ہوتی ہے اسے زبان پر بھی لے آتی ہیں، یوں اکثر لوگوں کے لئے ناپسندیدہ ہوتی ہیں۔ اپنے شوہر سے یہ بہت پیار کرتی ہیں۔ اس کے دکھ سکھ میں ساتھ دیتی ہیں اور اس کا ہر طرح سے خیال رکھتی ہیں۔ ان کے شوہروں کو صرف ان کے باتونی ہونے کی پریشانی جھیلنا پڑتی ہے لیکن شوہر یہ پریشانی بخوشی جھیل لیتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ سینکڑوں خوبیوں کی موجودگی میں ایک دو خامیاں ہنس کر برداشت کی جا سکتی ہیں۔ یہ خواتین گھر سے باہر کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ یہ گھر پر توجہ نہیں دیتیں۔ یہ اپنے گھریلو معاملات بھی بڑے احسن طریقے سے نبھاتی ہیں۔ دونوں فریقین اپنے بچوں پر خصوصی توجہ رکھتے ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ ان کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور جدی عورت

جدی خواتین ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو پر کشش شخصیت رکھنے کے ساتھ ساتھ دولت مند بھی ہوں۔ غریب آدمیوں پر ان خواتین کی نظر کرم ذرا کم ہی ہوتی ہے۔ یہ خواتین ایک خوشحال زندگی گزارنا چاہتی ہیں اور انہیں پوری طرح احساس ہوتا ہے کہ بغیر دولت کے خوشحال زندگی نہیں گزاری جا سکتی۔ یہ خواتین اپنے شوہروں سے بڑی وفادار ہوتی ہیں۔ دولت کی خواہشمند ہونے کے باوجود اگر شوہر پر برا اور کڑا وقت آ جائے تو یہ اس کا پورا ساتھ دیتی ہیں اور اگر غربت آ جائے تو خود کو حالات کے سانچے میں ڈھال لیتی ہیں۔ کسی بھی طرح کے ناز ک اور برے حالات میں یہ شوہر کا حوصلہ بڑھاتی ہیں۔ امور خانہ داری میں یہ خواتین خاصی دلچسپی لیتی ہیں۔ خاصے سلیقے سے گھروں کو سجاتی ہیں۔ ان کے شوہروں کو ان کی بد زبانی کا کبھی کبھار ہی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ بہت کفایت شعار ہوتی ہیں۔ قوس شوہر اپنی فطرت کے مطابق ذرا کھلے ہاتھ سے خرچ کرتے ہیں جبکہ ان کی بیوی انہیں کفایت شعاری کا درس دیتی ہے۔ مجموعی طور پر یہ جوڑا اچھی اور پر سکون زندگی گزارتا ہے۔ ان میں اختلافات کم ہی ہوتے ہیں۔ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں۔ بچوں کے لئے یہ دونوں ہی بہت حساس ہوتے ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور دلو عورت

دلو خواتین کے ساتھ قوس مردوں کی زندگی درمیانے درجے کی گزرتی ہے۔ ان میں اختلافات بہت کم ہوتے ہیں۔ دلو خواتین خاصی پر اسرار ہوتی ہیں۔ یہ اپنے دل کی بات کسی کو بتانا پسند نہیں کرتیں حتیٰ کہ ان کے شوہر بھی ان کے دل کی باتوں کو اکثر جان نہیں پاتے۔ یہ خواتین بہت وفا دار ہوتی ہیں اور شوہر کا اچھے برے وقت میں ساتھ دیتی ہیں۔ یہ ایک خوش حال زندگی گزارنا چاہتی ہیں جس کے لئے نہ صرف یہ شوہر کو اچھے مشورے دیتی ہیں بلکہ خود بھی تگ و دو کرتی ہیں۔ یہ اگر تعلیم یافتہ ہیں تو تعلیم سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور اگر ہنر مند ہیں تو اپنے ہنر کو استعمال میں لا کر مالی فوائد حاصل کرتی ہیں۔ امور خانہ داری سے بھی ان خواتین کو دلچسپی ہوتی ہے۔ سلیقہ مند ہونے کی وجہ سے ان کے گھر چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں۔ یہ شوہر کے جذبات اور ضروریات کا پوری طرح خیال رکھتی ہیں۔ صفائی اور نفاست پسند ہونے کی وجہ سے ان کی زندگی کے تمام معاملات میں ان کی یہ خصوصیات واضح نظر آتی ہیں۔ یہ شوہروں پر بلاوجہ شک نہیں کرتی ہیں لیکن کسی سنگین غلطی کو درگزر کرنا ان کے لئے مشکل ہوتا ہے۔ یہ خواتین اچھی مائیں ثابت ہوتی ہیں۔ بچوں پر خصوصی توجہ دیتی ہیں اور ان کی اچھے انداز میں تعلیم و تربیت کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں

قوس مرد اور حوت عورت

یہ جوڑا اچھی، مطئن اور خوشحال زندگی گزارتا ہے۔ اس کی وجہ حوت عورت کی اچھی فطرت ہے۔ حوت خواتین بہت ہمدرد اور مختلف ہوتی ہیں۔ کسی کو دکھ میں دیکھ کر خود دکھی ہو جانا ان کے لئے لازم ہے۔ شوہر کی بہت وفا دار ہوتی ہیں، ہر اچھے برے وقت میں اس کے کام آتی ہیں، اس کے لئے سی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں اور اس کے جذبات اور ضروریات کا خیال رکھتی ہیں۔ یہ خواتین اپنے گھر سے بہت محبت کرتی ہیں اور اس کی سلامتی، بہتری اور خوش حالی کیلئے بڑی بڑی قربانیاں دیتی ہیں۔ ان کے شوہروں پر اگر کبھی برا وقت آ جائے تو یہ پورے طور پر ان کی مدد کرتی ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتی ہیں۔ یہ خواتین بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ ذرا ذرا سی بات کا اثر لیتی ہیں یہ شوہر سے وفا اور اچھے اخلاق کی توقع کرتی ہیں اور خود بھی اس سے ایسا ہی رویہ رکھتی ہیں۔ سلیقہ مند ہونے کی وجہ سے ان کا گھر خوب صورت اور سجا ہوا نظر آتا ہے۔ اپنے بچوں کے لئے بھی یہ بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت پر پوری توجہ دیتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہر مرحلے پر کامیاب و کامران رہیں۔

مزید پڑھیں

یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں

متعلقہ مضامین

6 مضامین

حوت

حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔

مزید پڑھیں

دلو

دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔

مزید پڑھیں

جدی

جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں

قوس

تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 23؍ نومبر تا 21؍ دسمبر حکمران سیارہ ۔۔۔۔۔۔ مشتری عنصر ۔۔۔۔۔۔ آتش موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ، جمعرات، منگل موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 3 موافق نگینہ ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سرخ، نیلا اور ارغوانی موافق دھات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سونا، چاندی

مزید پڑھیں

عقرب

تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا

مزید پڑھیں

میزان

تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ

مزید پڑھیں

یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں