مکمل راستہ
برج
دلو
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 21؍ جنوری تا 19؍ فروری حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ یورانس عنصر ۔۔۔۔۔۔ ہوا نشان ۔۔۔۔۔۔ مشکیزہ، بردار موافق دن ۔۔۔۔۔۔ ہفتہ، اتوار موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 4-8 موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ عقیق، فیروزہ، نیلم موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ بنفشی، ہلکا نیلا، سبز
دلو افراد کی اپنے اور دوسرے برج والے افرادسے شادیاں
دلو عورت اور میزان مرد
تفصیل
ان لوگوں کی زندگی خوشگوار گزرتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میزان مرد بہت سمجھدار ہوتے ہیں۔ خاص طور پر انہیں اپنے گھر سے بہت پیار ہوتا ہے اس لئے یہاں پر کوئی تلخی یا جھگڑا نہیں چاہتے۔ اگر کبھی ایسا کوئی موقع آ جائے تو یہ معاملے کو سنبھال لیتے ہیں اور بات کو طول نہیں پکڑنے دیتے۔ ایسے میں یہ بیوی کی کئی زیادتیوں کو بھی برداشت کر لیتے ہیں، صرف اور صرف اس وجہ سے کہ یہ گھر کو قائم و دائم رکھنا چاہتے ہیں۔ ان مردوں کو اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس ہوتا ہے اس لئے گھر میں ہر ضرورت کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ دولت کمانا جانتے ہیں لیکن فضول خرچی نہیں کرتے۔ یہ اپنے مستقبل کے حوالے سے خاصے فکر مند ہوتے ہیں اس لئے کافی رقم پس انداز رکھتے ہیں۔ اگر انہیں کوئی بات پسند نہ آئے تو ان کا رویہ سرطان مردوں کی طرح جارحانہ نہیں ہوتا بلکہ یہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، اگر معاملہ سنبھل جائے تو ٹھیک ورنہ بڑے پیار سے بیوی کو سمجھا دیتے ہیں۔ ان میں فیصلے کی قوت خاصی کمزور ہوتی ہے۔ در اصل جب یہ کوئی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں تو بہت دور تک سوچتے ہیں، انہیں نفع اور نقصانات نظر آتے ہیں، نقصانات کا سوچ انہیں فیصلہ کرنے میں دقت ہوتی ہے۔ ان میں ایک خوبی یہ ہوتی ہے کہ دوسروں کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اس وجہ سے یہ بڑی پریشانیوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ بہت حساس ہوتے ہیں اور کوئی بھی بات بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ انہیں یہ خدشہ ہوتا ہے کہ کہیں ان کی بات سے کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ بیوی کے ساتھ بھی یہ ایسا ہی رویہ رکھتے ہیں۔ اس طرح ان کے گھر میں تلخی یا جھگڑے نہیں ہوتے۔ یہ اپنے بچوں کی تربیت دوستانہ انداز میں کرتے ہیں۔ ان کے بچے ان سے خوف زدہ نہیں ہوتے بلکہ انہیں اپنا دوست سمجھتے ہیں۔
متعلقہ صفحات
23 صفحاتدلو عورت اور حمل مرد
حمل مرد ذرالا پروا قسم کے ہوتے ہیں۔ اس جوڑے کے لئے زندگی گزارنا خاصا مشکل ہوتا ہے کیونکہ مرد اکثر غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہیں۔ ان کی ایک خرابی یہ ہوتی ہے کہ یہ ذرا دل پھینک قسم کے ہوتے ہیں، اس وجہ سے اکثر ان کے گھر میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ یہ مرد اپنی بیوی میں تمام خوبیاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر تنقید کرتے ہیں۔ اگر بیوی ان کی کوتاہیوں کو نظر انداز کرے یا کسی طرح ان پر قابو پا لے تو اچھی زندگی گزر سکتی ہے کیونکہ اگر انہیں بیوی کی طرف مکمل توجہ مل جائے تو یہ عاشق مزاجی چھوڑ سکتے ہیں۔ یہ مرد ترقی کے خواہاں ہوتے ہیں جس کے لئے یہ بڑی محنت کرتے ہیں لیکن اکثر یہ اسی حد تک فضول خرچ ہو جاتے ہیں کہ مالی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں، ایسے میں یہ عہد کرتے ہیں کہ آئندہ فضول خرچی نہیں کریں گے لیکن بعد میں جب ان کے پاس رقم آتی ہے تو یہ پھر فضول خرچی کرنے لگتے ہیں۔ اس لئے خاتون خانہ کے لئے ضروری ہے کہ رقم کو قابو میں رکھے اور پس انداز کرے۔ حمل مرد چاہتے ہیں کہ ان کے گھر میں ان کا حکم چلے، اس لئے اگر بیوی کو حالات درست رکھنے ہیں تو شوہر کی حاکمیت کو تسلیم کرناہو گا۔ اسے اگر اپنی بات منوانی ہے تو اس کے لئے پیار محبت کا راستہ اپنانا اس کے لئے مناسب ہے، اگر اس نے دھونس دھمکی سے کام لینے کی کوشش کی تو یاد رکھے کہ اس کا شوہر بگڑ جائے گا۔ حمل مرد اپنے گھر میں رہنا پسند کرتے ہیں لیکن اگر گھر میں انہیں پر سکون ماحول نہ ملے اور لڑائی جھگڑے ہوتے رہیں تو یہ گھر سے باہر وقت گزارنا مناسب سمجھتے ہیں۔ بچوں کی طرف حمل مردوں کا خاص جھکاؤ ہوتا ہے۔ یہ ا ن سے بے انتہا پیار کرتے ہیں لیکن یہ ان کی مناسب انداز میں پرورش نہیں کر سکتے کیونکہ یہ ان سے کھیلنے کودنے لگتے ہیں اور انہیں خوش رکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے یہ ذمہ داری خاتون خانہ کو سنبھالنی ہو گی۔
دلو عورت اور ثور مرد
ثور مردوں کی مندرجہ ذیل خصوصیات ہیں۔ * یہ تحمل مزاج ہوتے ہیں۔ * کوئی کام عجلت میں کرنے کے قائل نہیں ہوتے، ہر کام شروع کرنے سے قبل خوب سوچ بچار کرتے ہیں۔ * یہ بہت ذمہ دار ہوتے ہیں۔ * یہ دل سے محبت کرنے کے قائل ہوتے ہیں اور حرکتوں سے ظاہر نہیں کرتے کہ انہیں اپنی بیوی سے محبت ہے۔ * آزاد خیال عورتوں کو پسند نہیں کرتے۔ * یہ چاہتے ہیں کہ ان کے گھر میں ہر کام ان کی مرضی سے ہو۔ اس لئے خاتون خانہ کویہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اگر اس نے اپنا حکم چلانے کی کوشش کی تو حالات ناساز گار ہو سکتے ہیں۔ بات بڑھی تو اس کی شامت بھی آ سکتی ہے۔ * ثور مرد بھی حمل مردوں کی طرح گھر میں زیادہ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں لیکن انہیں بھی گھر میں پر سکون ماحول میسر نہ آئے تو یہ گھر سے باہر رہنا پسند کرتے ہیں۔ * یہ صفائی پسند ہوتے ہیں اور ہر وقت اپنے گھر کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ گھر میں چیزوں کی بے ترتیبی پسند نہیں کرتے۔ * یہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیوی بردبار اور انہیں کسی بھی معاملے میں اچھے مشورے دے سکے۔ * یہ گھر کی تمام ذمہ داریاں خود اٹھاتے ہیں اور ان کی کبھی یہ خواہش نہیں ہوتی کہ ان کی بیوی جاب کرے۔ * یہ مرد تیز رفتاری کو پسند نہیں کرتے۔ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھاتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ان کی بیوی بھی ایسا ہی کرے۔ * خاتون خانہ ان پر تنقید نہ کرے تو بہتر ہے کیونکہ یہ لوگ تنقید بڑی مشکل سے برداشت کرتے ہیں۔ * گھر پر ان کی گہری نگاہ ہوتی ہے، انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے گھر میں کس وقت کس چیز کی ضرورت ہے۔ * یہ اپنے بچوں کی پرورش اچھے انداز میں کرتے ہیں۔ ان پر گہری نگاہ رکھتے ہیں اور کسی بھی غلط بات پر انہیں ٹوک دیتے ہیں۔
دلو عورت اور جوزا مرد
شادی سے پہلے جوزا مرد عشق و محبت کی طرف زیادہ توجہ نہیں دیتے، یہ دوستوں اور دیگر مشاغل میں وقت گزارنا پسند کرتے ہیں، چونکہ یہ خوبصورت اور مردانہ وجاہت سے بھرپور ہوتے ہیں اس لئے بیشتر خواتین ان کی جانب راغب ہوتی ہیں لیکن یہ انہیں زیادہ لفٹ نہیں کراتے ہیں۔اگر کسی خاتون کو انہیں جیون ساتھی بنانا ہو تو اسے بڑے صبر آزما مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہیں جوزا مرد کو اپنی جانب مائل کرنے کے لئے نہ جانے کتنے جتن کرنے پڑتے ہیں۔ اگر کوئی خاتون کسی جوزا مرد کو اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے تو وہ یہ بات ذہن میں رکھے کہ جوزا فرد ظاہری حسن سے بہت زیادہ متاثر نہیں ہوتا۔ وہ سیرت کا بھی گہرا مشاہدہ کرتے ہیں۔ اس لئے اس خاتون کو اپنی کسی حرکت سے یہ ظاہر نہیں کرنا ہو گا کہ وہ اس کے معیار پر پوری نہیں اترتی۔ اسے اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا، خود کو ایک ہمدرد عورت ظاہر کرنا ہو گا، ساتھ ہی اسے یہ بھی ثابت کرنا ہو گا کہ وہ بہت ذہین ہے اور ہر طرح کے معاملات کو سنبھال سکتی ہے۔ جوزا ایسے مردوں میں سے نہیں ہوتے جو خواتین کے ظاہری حسن پر مر مٹتے ہیں۔ جب وہ کسی لڑکی کے بارے میں سنجیدہ ہوتے ہیں تو وہ یہ سوچتے ہیں کہ کیا وہ زندگی کے سفر میں ان کے شانہ بشانہ چل سکے گی؟ اگر کسی بھی وجہ سے کوئی لڑکی ان کے معیار پر پوری نہ اترے تو وہ اسے مسترد کر دیتے ہیں چاہے وہ بہت زیادہ حسین کیوں نہ ہو۔ شادی کے بعد یہ مرد اپنی بیوی کو سب کچھ مان لیتے ہیں۔ ان کے گھر میں ان کا حکم چلے لیکن اپنی بیوی کی خوشی کی خاطر یہ اپنی اس خواہش کو دبا لیتے ہیں اور بیوی کو موقع دیتے ہیں کہ وہ گھر کو اپنی مرضی سے چلائے، لیکن یہ تمام معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں، جہاں یہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کی بیوی غلط کر رہی ہے تو اسے پیار سے سمجھا دیتے ہیں۔ یہ مرد گھر کی تمام ذمہ داریاں خود سنبھالتے ہیں۔ بچوں کے ساتھ یہ بچہ بن جاتے ہیں۔ اس طرح بچے خو ش رہتے ہیں۔ اس دوران یہ اپنے بچوں کی تربیت بھی کرتے رہتے ہیں۔ یہ بچوں پر سختی کے قائل نہیں ہوتے اس لئے ان سے ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرتے۔
دلو عورت اور سرطان مرد
سرطان مرد نہایت سخت مزاج ہوتے ہیں اس لئے کسی بھی عورت کا نباہ ان سے نہایت مشکل ہوتا ہے۔ اس طرح دلو عورت بھی ان کے ساتھ بڑی مشکل سے نباہ کر پاتی ہے۔ در اصل سرطان مرد کا موڈ بگڑتے دیر نہیں لگتی، ویسے بھی یہ لوگ ہر کام کو تنقیدی نگاہوں سے دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر طنز کرنا ان کی عادت ہوتی ہے۔ یہ کوئی بات کرتے ہوئے یہ نہیں سوچتے کہ کسی کے دل پر کیا گزرے گی۔ یہ بڑی بے دردی سے دوسرں کے جذبات کو روند ڈالتے ہیں۔ ان مردوں میں یہ خوبی تو ہوتی ہے کہ یہ خاتون خانہ کی ضروریات کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ ان کے جذبات کا خیال نہیں رکھتے۔ یہ مرد بڑے تیز دماغ ہوتے ہیں۔ یہ اکثر ماحول سے خود کو لا تعلق ظاہر کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ امور کی طرف بھرپور توجہ رکھتے ہیں۔ ہم یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ سرطان مرد بہت زیادہ سفاک اور بے رحم ہوتے ہیں کیونکہ یہ اکثر مردوں کے دکھ کر دیکھ کر خود بھی دکھی ہو جاتے ہیں اور ان کی مدد کرتے ہیں۔ یہ مرد فضول خرچ نہیں ہوتے اس لئے ان کے پاس اچھی خاصی رقم پس انداز رہتی ہے۔ یہ خاتون خانہ کو بھی اکثر ہدایت کرتے رہتے ہیں کہ فضول خرچی سے گریز کرے۔ جو خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ وہ اپنے سرطان شوہر کو اپنے قابو میں کر لیں گی تو یہ ان کی بہت بڑی بھول ہوتی ہے۔ اگر کوئی عورت ایسی کوشش کرتی ہے تو اسے ناکامی ہوتی ہے۔ ایسی عورت سے یہ مرد محتاط ہو جاتے ہیں اور آئندہ ان سے سخت رویہ رکھتے ہیں۔ یہ مرد گھر میں رہنا پسند کرتے ہیں اور اگر انہیں تنگ کیا جائے تو یہ گھر سے باہر نہیں جاتے بلکہ تمام معاملات کو سختی سے گھر میں ہی نمٹا لیتے ہیں۔ ان مردوں کی ایک خاص بات ہے کہ یہ دنیا میں اگر کسی رشتے کو اہمیت دیتے ہیں تو وہ ان کی ماں ہوتی ہے۔ اگر کوئی ان کی ماں کے خلاف کوئی بات کہہ دے تو یہ بہت سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کے بارے میں بہت محتاط ہوتے ہیں اور ان کی پرورش میں انتہائی احتیاط برتتے ہیں۔
دلو عورت اور اسد مرد
اسد مردوں کے اندر یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی لڑکی کو اپنی جانب متوجہ کر سکیں کیونکہ یہ خوبصورت اور پر کشش ہوتے ہیں۔ اسد مرد بھی سرطان مردوں کی طرح سخت مزاج کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ بڑے عزم اور حوصلے والے ہوتے ہیں۔ ان کے فیصلے اٹل ہوتے ہیں۔ یہ جس لڑکی سے محبت کرتے ہیں ان کے بارے میں اس کی رائے یہ ہوتی ہے کہ اب وہ صرف اور صرف ان کی ہو کر رہے، وہ کسی کی جانب نہ دیکھے اور کوئی اس کی جانب نہ دیکھے۔ اسد مرد کسی عورت کی ظاہری خوبصورتی پر نہیں مر مٹتے بلکہ اس کا پوری طرح جائزہ لیتے ہیں اور جب وہ عورت ان کے معیار پر پوری اترتی ہے تو اسے اپناتے ہیں۔ شادی کے بعد یہ بیوی کی ضروریات کا پورا خیال رکھتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر پر ان کا حکم چلے اور وہ اپنی سخت گیر طبیعت کی وجہ سے اپنی اس خواہش کو پورا بھی کر لیتے ہیں۔ یہ بیوی کو بھی سخت طنز اور تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن ان کی بیوی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ ان کا شوہر ان کو دل سے چاہتا ہے لیکن وہ کبھی اپنے رویے سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار نہیں کرے گا۔ ان کی چاہت حاصل کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ان کے احکامات کی بجا آوری کی جائے۔ جو بیویاں اسد شوہر کو اپنے قابو میں کرنے کی کوشش کرتی ہیں، وہ بڑی غلطی پر ہوتی ہیں۔ کیونکہ ایسی کوششوں کے نتائج اچھے نہیں نکلتے ہیں۔ یہ مرد کسی بھی وقت بہت سخت رویہ اختیار کر لیتے ہیں اور ایسے میں بات بگڑ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے اور نوبت علیحدگی تک بھی آ جاتی ہے۔ اس گھر کے استحکام اور سلامتی کی زیادہ ذمہ داری بیوی پر بھی ہوتی ہے۔ اگر وہ سمجھداری سے چلے تو گھر قائم رہتا ہے اور اگر وہ تیز مزاجی کا مظاہرہ کرے تو گھر میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں جو کسی بھی وقت گھر کی بربادی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اسد مرد اپنے بچوں کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دیتے اس لئے بچوں کی نگہداشت اور پرورش کی ذمہ داری خاتون خانہ پر ہوتی ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ یہ مرد بچوں کے تمام اخراجات برداشت کرتے ہیں۔
دلو عورت اور سنبلہ مرد
سنبلہ مرد بہت ذہین اور سمجھدار ہوتے ہیں۔ یہ شادی سے پہلے کسی بھی لڑکی انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ یہ ایسی لڑکی سے شادی کرنا پسند کرتے ہیں جو بردبار اور سمجھ دار ہو اور پوری طرح گھر کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ یہ بہت محبت کرنے والے شوہر ہوتے ہیں لیکن گھر کے اندریہ تمام تر محبت کرنا چاہتے ہیں جب کہ گھر سے باہر یہ بیوی کی طرف پیار بھری نظروں سے بھی نہیں دیکھتے۔ یہ مرد کچھ شرمیلے بھی ہوتے ہیں اور اکثر ان کے شرمیلے پن کا اظہار بھی ہوتا رہتا ہے۔ ان کی یہ ادائیں ان کی بیوی کو پسند نہیں آتیں لیکن انہیں یہ برداشت کر لینا چاہئے کیونکہ ان کا شوہر اس خامی کو دور نہیں کر سکتا۔ یہ مرد گھر میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ گھریلو کاموں میں بھی دلچسپی لیتے ہیں۔ ان سے یہ توقع بھی کی جا سکتی ہے کہ یہ کچن کے کاموں میں بیوی کا ہاتھ بٹانے لگیں۔ یہ گندگی کو بالکل برداشت نہیں کرتے۔ اس لئے گھر میں اکثر ان کا مشغلہ صفائی ستھرائی ہوتا ہے۔ ایسے گھرانے میں خاتون خانہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ گھر کو بالکل صاف ستھرا رکھے، اس طرح ان کا شوہر بہت خوش ہو گا۔ یہ مرد اس امر پر گہری نظر رکھتے ہیں کہ ان کے گھر میں کس چیز کی ضرورت ہے، یہ ہر چیز وقت پر لے آتے ہیں اور اہل خانہ کو کسی پریشانی کا شکار نہیں ہونے دیتے۔ یہ گھر میں اپنی بالا دستی چاہتے ہیں لیکن یہ سرطان اور اسد مردوں کی طرح اس معاملے میں بہت زیادہ سخت رویہ اختیار نہیں کرتے، اگر ان کی بیوی کوئی اچھا فیصلہ کرے تو یہ اسے خوش دلی سے قبول کر لیتے ہیں۔ یہ مرد اپنے بچوں کو نمایاں اور کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے ان کی پرورش و نگہداشت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ یہ بچوں کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
دلو عورت اور عقرب مرد
عقرب مرد کے ساتھ کسی بھی عورت کے لئے زندگی گزارنا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ کیونکہ یہ مرد بہت تیز مزاج ہوتے ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر مشتعل ہو جاتے ہیں۔ یہ لوگ بہت کم کسی کے جذبات کا احساس کرتے ہیں۔ یہ اکثر اس طرح اپنی بات کہتے ہیں کہ دوسروں کو دکھ ہوتا ہے۔ بیوی کے ساتھ بھی ان کا رویہ ایسا ہی ہوتا ہے۔ یہ گھرمیں اپنی مرضی چلانا چاہتے ہیں۔ اگر بیوی ان کی کسی بات سے انکار کرے تو اس کی شامت بھی آ سکتی ہے۔ یہ گھر میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں لیکن بات بات پر شور شرابا کرتے رہتے ہیں۔ اگر کوئی بات ان کی مرضی کے خلاف ہو جائے تو یہ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ اسی دوران اگر بیوی بولنے کی کوشش کرے تو یہ اس سے جھگڑنے لگتے ہیں اور بات مار کٹائی تک بھی آ جاتی ہے۔ خاتون خانہ کے لئے ضروری ہے کہ اگر اس نے گھر کو قائم و دائم رکھنا ہے تو شوہر سے سمجھوتہ کرے۔ اگر اس نے اپنی مرضی چلانے کی کوشش کی تو ایسی ہر کوشش ناکام ہو گی، ہاں یہ ہو سکتا ہے کہ گھر میں بڑا ہنگامہ کھڑا ہو جائے۔ یہ مرد چاہتے ہیں کہ گھر صاف ستھرا رہے اور زیادہ شور شرابہ نہ ہو۔ اگر بچے شور کریں تو یہ انہیں بھی ڈانٹ دیتے ہیں، زیادہ شرارتوں کی صورت میں بچوں کی پٹائی بھی لگ جاتی ہے۔ جس طرح سنبلہ یا دیگر برجوں کے حامل مرد گھریلو کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں، عقرب مرد اس کے بالکل برعکس مزاج رکھتے ہیں۔ انہیں گھریلو کاموں سے قطعاً کوئی دلچسپی نہیں ہوتی ہے۔ اگر انہیں گھر کے کسی کام کا کہا جائے تو یہ صاف انکار کر دیتے ہیں اور اکثر جھڑک بھی دیتے ہیں۔ یہ دوسروں کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے اور اگر کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرے تو یہ اس سے بڑا سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔ یہ اپنے بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کی ہر خواہش پوری کرتے ہیں، ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے بڑے ہو کر اعلیٰ مقام حاصل کریں۔
دلو عورت اور قوس مرد
قوس مرد عشق و محبت کے معاملات میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے۔ یہ اگر کسی لڑکی سے دوستی بھی کر لتیے ہیں تو وہ محض دوستی ہوتی ہے، اس میں فلرٹ کاشائبہ تک نہیں ہوتا۔ اگر اس لڑکی کو اس سے محبت ہو گئی ہے تو اسے مرد کو اپنی جانب راغب کرنے اور اپنے دل کا حال بتانے کے لئے بڑے جتن کرنے پڑتے ہیں۔ یہ بڑے حوصلہ مند اور پر عزم ہوتے ہیں۔ اس لئے کامیاب زندگی گزارتے ہیں۔ شادی کے بعد یہ بیوی کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ یہ اس کے جذبات و احساسات کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ لیکن اپنی آزاد طبیعت کی وجہ سے گھریلو امور سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔ گھر کے سارے کاموں کی ذمہ داری خاتون کو ہی سنبھالنا پڑتی ہے۔ یہ مرداپنی کاروباری سرگرمیوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور اکثر یہ کاروباری معاملات کی وجہ سے گھر سے باہر بھی رہتے ہیں۔ یہ اپنی بیوی پر شک نہیں کرتے۔ اگر ان کی بیوی مصوری، شاعری، افسانہ نگاری وغیرہ کرنا چاہے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوتا بلکہ یہ اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانے کے خواہش مند نہیں ہوتے بلکہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیوی جس طرح گھر کے معاملات چلا سکتی ہے۔ یہ امن پسند ہوتے ہیں اور گھر سے انہیں اس حد تک دلچسپی ضرور ہوتی ہے کہ یہ یہاں کوئی نا خوش گوار واقعہ رونما نہیں ہونے دینا چاہتے۔ اس لئے کوئی غلط بات نہیں کرتے اور نہ ہی اشتعال کا مظاہرہ کرتے ہیں، بیوی اگر کبھی ایسے رویے کا مظاہرہ کرے تو اس کی باتوں کا برا نہیں مانتے اور اسے پیار سے سمجھا دیتے ہیں ۔ یہ اتنے ذمہ دار ضرور ہوتے ہیں کہ ان کی نگاہ گھر پر ہوتی ہے اور یہاں کی ہر ضرورت کا خیال رکھتے ہیں یہ اہل خانہ کو ہر آسائش دیتے ہیں لیکن مناسب وقت نہیں دے پاتے۔ یہ دوسروں کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اپنے بچوں سے یہ بہت محبت کرتے ہیں لیکن ان کے زیادہ قریب نہیں رہتے البتہ ان کی ہر ضرورت اور آسائش کا خیال رکھتے ہیں۔
دلو عورت اور جدی مرد
عشق و محبت کے معاملے میں جدی مرد الگ مزاج رکھتے ہیں۔ یہ لیلیٰ مجنوں کے عشق پر یقین نہیں رکھتے۔ یہ جس لڑکی کو جیون ساتھی بنانا چاہیں اس کا بغور جائزہ لیتے ہیں۔ صرف اس کے ظاہری حسن سے متاثر نہیں ہوتے بلکہ اس کی عادات کا بھی تجزیہ کرتے ہیں۔ یہ ایسی لڑکی کو بیوی بنانا پسند کرتے ہیں جو سمجھدار ہو۔ جو لڑکی ان کے معیار پر پوری نہ اترے اسے مسترد کر دیتے ہیں۔ اگر کوئی لڑکی یہ سمجھے کہ وہ اپنے ظاہری حسن سے جدی مرد کو دیوانہ بنا لے گی تو یہ اس کی بھول ہے۔ جب تک یہ کسی لڑکی کو منتخب نہ کریں، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ محبت جانتے ہیں نہیں ہیں لیکن جب یہ کسی کو اپنا لیں تو پھر یہ اپنے اندر چھپی محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور تب پتہ چلتا ہے کہ یہ کتنی شدت سے محبت کرنا جانتے ہیں۔ یہ مرد با عمل ہوتے ہیں اس لئے دولت کمانے کا ہنر جانتے ہیں۔ ذمہ دار ہونے کی وجہ سے ان کی نظر گھر کی ہر ضروریات پر ہوتی ہے اور یہ گھر میں کسی چیز کی کمی نہیں ہونے دیتے۔ یہ صفائی پسند ہوتے ہیں اس لئے گھر میں کسی قسم کی گندگی یا بے ترتیبی پسند نہیں کرتے ہیں۔ یہ اس وقت غصے کا اظہار کرتے ہیں جب گھر کو صاف نہ رکھا جائے۔ اس لئے خاتون خانہ اگر گھر کے ماحول کو اچھا رکھنا چاہتی ہے تو اسے گھر کو بھی صاف رکھنا ہو گا۔ یہ مرد گھر میں اپنی بالا دستی چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر میں ان کا حکم چلے۔ لیکن اس معاملے میں یہ بہت زیادہ سخت مزاج نہیں ہوتے۔ یہ اپنی بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں۔ اس لیے اس کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں، اگر وہ اچھے مشورے دے یا اپنی مرضی سے گھر کے امور چلانا چاہے تو یہ اسے ایسا کرنے کا موقع دیتے ہیں۔ یہ مرد فضول خرچی سے گریز کرتے ہیں۔ یہ دولت کمانا جانتے ہیں اور اسے خرچ کرنے کا سلیقہ بھی انہیں آتا ہے۔ یہ خود کو مستحکم رکھنے کے لئے خاصی رقم پس انداز رکھتے ہیں۔ یہ مرد اپنے بچوں سے بہت لگاؤ رکھتے ہیں۔ لیکن انہیں زیادہ وقت نہیں دیتے لیکن ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
دلو عورت اور دلو مرد
ان دونوں کی بیشتر عادتیں ملتی جلتی ہوتی ہیں۔ ایک دوسرے کو سمجھنے میں انہیں آسانی ہوتی ہے لیکن اگر یہ سمجھنا نہ چاہیں تو اپنے لئے دشواریاں بھی پیدا کر سکتے ہیں۔ دلو مرد بہت محبت کرنے والے ہوتے ہیں، بہت رحم دل ہوتے ہیں، اس وجہ سے ان کے دوستوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔ شادی سے پہلے یہ مرد عشق و محبت کے معاملات کو سمجھنے میں خاصی دشواری محسوس کرتے ہیں۔ حالانکہ یہ جس لڑکی کو پسند کرتے ہیں اس سے اظہار محبت نہیں کر پاتے۔ شادی کے بعد یہ اپنی بیوی کو بہت محبت دیتے ہیں۔ یہ گھر پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرنا چاہتے بلکہ خاتون خانہ کو بھرپور موقع دیتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے گھر کے امور چلائے۔ کبھی کبھار یہ غصے میں آ جاتے ہیں۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ انہیں غصے کا طریقہ بھی نہیں آتا۔ ذرا سی بات پر یہ اتنا رد عمل دکھائیں گے کہ یوں محسوس ہونے لگتا ہے جیسے کوئی طوفان آنے والا ہے اور بڑی بات پر یہ معمولی رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ کھانے پینے کی طرف ان کا رجحان ہوتا ہے۔ اس لئے اگر بیوی اچھے اچھے کھانے پکا کر انہیں کھلائے تو گھر کا ماحول خوش گوار ہو سکتا ہے۔ یہ مرد دولت کے معاملے میں زیادہ حساس نہیں ہوتے ہیں اس لئے دولت کی حوس انہیں نہیں ہوتی اور نہ ہی یہ رقم پس انداز کرتے ہیں اس وجہ سے اکثر مالی مشکلات کا شکار رہتے ہیں لیکن پھر جیسے انہیں عقل آتی جاتی ہے اور دولت میں ان کی دلچسپی بڑھتی جاتی ہے۔ یہ رقم پس انداز کرنا شروع کر دیتے ہیں اور اس طرح یہ خود کو زیادہ سے زیادہ مستحکم بناتے ہیں۔ ایسے امور میں ان کی بیوی بھی ان کے شانہ بشانہ چلتی ہے لیکن کبھی کبھار فضول خرچی کرتی ہے لہٰذا اس کے لئے ضروری ہے کہ اپنی اس خامی پر قابو پائے۔ یہ مرد بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔ یہ بچوں کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ وقت بھی گزارتے ہیں۔ کھیل ہی کھیل میں ان کی اچھی پرورش کرتے ہیں۔
دلو عورت اور حوت مرد
حوت مرد بہت نفیس اور سمجھ دار ہوتے ہیں۔ یہ تیز مزاج نہیں ہوتے بلکہ گہرا مشاہدہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ حوت مرد محبت کے معاملے میں عجیب و غریب مزاج رکھتے ہیں۔ شادی سے پہلے یہ کئی فلرٹ کرتے ہیں۔ صرف وہ لڑکی انہیں ایک جگہ رکنے پر مجبور کر سکتی ہے جو ان کیطرف مکمل طور پر راغب ہو جائے اور انہیں واضح طور پر بتا دے کہ وہ انہیں چاہتی ہے۔ شادی کے بعد یہ اپنی بیوی سے تو محبت کرتے ہیں لیکن ان کی رومانوی طبیعت کو چین نہیں آتا۔ یہ دوسری عورتوں میں بھی دلچسپی لینے لگتے ہیں۔ ایسے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ اپنی بیوی کی طرف سے غافل ہو جاتے ہیں بلکہ اس کی طرف پوری طرح متوجہ ہوتے ہیں اور اس کے جذبات و احساسات کا پوری طرح خیال رکھتے ہیں۔ یہ اکثر غیر ذمہ دار ہو جاتے ہیں اور گھریلو امور کی جانب ان کی توجہ نہیں رہتی۔ ان مردوں کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ انہیں بیک وقت تین عورتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک کو یہ بیوی بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ ایک عورت انہیں ایسی چاہئے جس سے یہ رومانس کر سکیں اور ایک عورت ایسی ہونی چاہئے جو ان کے خوابوں اور خیالوں میں ہو۔ اس گھر کی خاصی ذمہ داریاں خاتون خانہ کو اٹھانی پڑتی ہیں کیونکہ گھریلو امور سے حوت مردوں کو بالکل دلچسپی نہیں ہوتی۔ یہ اکثر گھر سے باہر رہنا پسند کرتے ہیں اور اپنے دوستوں اور دیگر مشاغل میں وقت گزارتے ہیں۔ یہ خیالوں میں رہنے والے لوگ ہوتے ہیں اس لئے انہیں دولت سے کوئی خاصی دلچسپی نہیں ہوتی۔ انہیں ہم قناعت پسند بھی کہہ سکتے ہیں، انہیں جو مل جاتا ہے اس پر اکتفا کرتے ہیں۔ کبھی کبھی انہیں دولت حاصل کرنے کی خواہش ہوتی ہے تو یہ بڑے بڑے منصوبے بنانے لگتے ہیں ان میں سے اکثر ایسے ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ ان کے لئے وسائل ناکافی ہوتے ہیں۔ یہ مرد بچوں سے بہت محبت کرنے لگتے ہیں۔ یہ ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں لیکن انہیں زیادہ وقت نہیں د یتے۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہر قدم پر کامیاب و کامران رہیں۔
دلو مرد اور حمل عورت
حمل عورتوں کو خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں۔ * یہ بہت تیز طرار ہوتی ہیں۔ * ان کا مزاج مالکانہ ہوتا ہے۔ * یہ جلد باز ہوتی ہیں اور کئی کام عجلت میں کرتی ہیں اور ان میں سے اکثر میں انہیں ناکامی ہوتی ہے۔ * یہ مغرور ہوتی ہیں اور کسی کو خاطر میں نہیں لاتیں۔ * انہیں اپنے اوپر طنز یا تنقید برداشت نہیں ہوتی۔ اگر ایسا کیا جائے تو یہ لڑنے مرنے پر آجاتی ہیں۔ * یہ گھر میں اپنا حکم چلانا پسند کرتی ہیں۔ ایسی خصوصیات کی حامل عورت کے ساتھ دلو مرد کا گزارہ بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ کیونکہ اس مرد کی عادات و خصوصیات اس عورت کی عادات و خصوصیات کے بالکل بر عکس ہوتی ہیں۔ دلو مرد گھر میں اپنی حاکمیت چاہتا ہے۔ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر میں ہر کام اس کی مرضی سے ہو جبکہ حمل عورت بھی یہی چاہتی ہے۔ اس طرح ان میں تلخیاں اور اختلافات جنم لیتے ہیں۔ حمل عورت چونکہ مغرور ہوتی ہے اور کسی کو خاطر میں نہیں لاتی اس لئے اس کا رویہ شوہر کے ساتھ بھی اکثر ایسا ہی ہوتا ہے۔ دلو مرد کی جگہ اگر حوت مرد ہو تو شاید یہ رویہ برداشت کر لے لیکن دلو مرد کے لئے ایسی باتوں کو برداشت کرنا نا ممکن ہوتا ہے اس لئے یہ معاملہ بھی تلخی اور جھگڑوں کا سبب بنتا ہے۔ اس طرح کئی امو ر ہیں جن پر دونوں فریقین کا اختلاف ہوتا ہے اور ان میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔ ان کے لئے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اختلافات کو ختم کریں۔ بچوں کے معاملے میں حمل عورت بہت حساس ہوتی ہے۔ یہ ان کی خاطر بڑی قربانیاں دے سکتی ہے۔ یہ ان کا پوری طرح خیال رکھتی ہے اور ان کی ترقی کی خواہاں ہوتی ہے۔
دلو مرد اور ثور عورت
ثور عورتیں سنجیدہ ہوتی ہیں۔ یہ گہرا مشاہدہ کرنے والی ہوتی ہیں۔ یہ کسی مرد کی ظاہری وجاہت پر نہیں مر مٹتیں بلکہ یہ اپنا جیون ساتھی بنانے کے لئے جس مرد کو نظر میں رکھتی ہیں، اس کا تفصیلی جائزہ لیتی ہیں۔ ان کا آئیڈیل ایک ایسا مرد ہوتا ہے جو سمجھدار اور بردبار ہو۔ وہ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتا ہو۔ با عمل ہو اور خیالوں کی دنیا میں نہ رہتا ہو۔ یہ ا یسے مردوں کو بالکل پسند نہیں کرتیں جو بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں اور عملی طور پر کچھ نہیں کرتے۔ ثور عورت ایسے مرد کو مسترد کر دیتی ہے جو بھنورا مزاج ہو اور کئی لڑکیوں میں دلچسپی رکھتا ہو۔ یہ عورتیں شادی کے بعد اپنے شوہر سے بہت مخلص اور وفادار ہوتی ہیں۔ گھریلو امور کی طرف ان کی بھرپور دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھتی ہیں۔ شوہر کے جذبات و احساسات کا پوری طرح خیال رکھتی ہیں۔ یہ گھر میں اپنا حکم چلانے کی شدید خواہش نہیں رکھتیں۔ اگر ان کا شوہر ایسا کرنا چاہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ یہ بہت کفایت شعار ہوتی ہیں، رقم کو پس انداز کرتی ہیں اور فضول خرچی نہیں کرتیں، کبھی کبھی ان سے یہ غلطی ہو جاتی ہے، یہ الگ بات ہے کہ انہیں اکثر اس پر پچھتانا پڑتا ہے۔ یہ شوہر کے ہر دکھ درد میں اس کے کام آتی ہیں۔ اگر شوہر کی آمدنی نا مناسب ہو تب بھی ہنس کر گزارا کر لیتی ہیں اور حرف شکایت زبان پر نہیں لاتیں۔ یہ تحمل مزاج ہوتی ہیں اور عجلت کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔ یہ خود وفا کرتی ہیں اور شوہر سے بھی وفا کی امیدرکھتی ہیں۔ شوہر اگر کسی عورت میں دلچسپی لے تو یہ اسے معاف نہیں کرتیں۔ یہ عورتیں اپنے بچوں کی پرورش و نگہداشت پر پوری توجہ دیتی ہیں۔ ان کی ضروریات کا خیال رکھتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے بڑے ہو کر اعلیٰ مقام حاصل کر لیں۔
دلو مرد اور جوزا عورت
جوزا خواتین بہت حسین اور پر کشش ہوتی ہیں لیکن یہ صرف حسن کی دولت سے ہی مالا مال نہیں ہوتیں بلکہ ان میں سمجھداری اور بردباری بھی ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر سے بڑا لگاؤ رکھتی ہیں۔ یہ صفائی پسند ہوتی ہیں۔ اس لئے ان کے گھر چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں اور ہر چیز ترتیب سے رکھی ہوتی ہے۔ گھریلو امور سے انہیں پوری طرح دلچسپی ہوتی ہے لیکن یہ بیرونی سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی پسند کرتی ہیں۔ انہیں تقاریب وغیرہ میں جانے کا شوق ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ مصور، شاعری، افسانہ نگاری یا کسی اور تخلیقی کام کی جانب بھی راغب ہوتی ہیں۔ اپنی ایسی تمام مصروفیات کے باوجود یہ گھریلو امور پوری طرح نمٹاتی ہیں۔ یہ شوہر کے جذبات و احساسات کا پوری طرح خیال رکھتی ہیں۔ ویسے تو یہ شوہر کا حکم ہی گھر پر چلنے دیتی ہیں لیکن کبھی کبھی چاہتی ہیں کہ ان کی بات بھی مان لی جائے۔ یہ عورتیں اپنی بیرونی مصروفیات کی وجہ سے دوسرے مردوں سے ہنس کر بات چیت کر لیتی ہیں لیکن اس کا کوئی غلط مطلب نہیں نکالنا چاہئے اکثر شوہر ایسی باتوں سے نالاں ہو جاتے ہیں اور بیوی پر شک کرنے لگتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ عورتیں صرف اور صرف اپنے شوہر کی ہو کر رہتی ہیں۔ ان کے ذہن میں کسی اور مرد کا تصور بھی نہیں آتا، اس لئے اگر شوہر کو گھر کا استحکام اور خوش گوار ماحول عزیز ہے تو اسے ان کی ایسی باتوں کو نظر انداز کر دینا چاہئے۔ جوزا عورتیں کبھی کبھار فضول خرچی بھی کرتی ہیں لیکن یہ ان کی مستقل عادت نہیں ہوتی۔ ایک بار فضول خرچی کرنے کے بعد یہ بعد میں بہت عرصے تک اس پر پچھتاتی رہتی ہیں۔ یہ عورتیں اپنے شوہر کے ہر اچھے برے وقت کی ساتھی ہوتی ہیں اور اگر برے حالات ہوں تو اس کا پورے طور پر ساتھ دیتی ہیں۔ عام حالات میں یہ اسے بہترین مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں۔ وسیع حلقہ احباب ہونے کے باوجود یہ خواتین کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے اجازت نہیں دیتیں۔ یہ اپنے بچوں کی بہترین انداز میں پرورش کرتی ہیں اور ان کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
دلو مرد اور سرطان عورت
سرطان خواتین کی مندرجہ ذیل خصوصیات ہیں: * یہ اپنے گھر سے بہت لگاؤ رکھتی ہیں۔ * محبت کے معاملے میں کبھی ان کا رویہ بہت سرد ہو جاتا ہے اور کبھی یہ بڑی پر جوش ہو جاتی ہیں۔ * ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا شوہر ان کی طرف بھرپور توجہ دے اور ان کی تعریف کرتا رہے۔ اگر ایسا نہ ہوتو یہ سوچنے لگتی ہیں کہ ان کے شوہر کو ان سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔ یہ اس پر شک بھی کرنے لگتی ہیں کہ کہیں وہ دوسری عورتوں میں دلچسپی تو نہیں لینے لگا ہے؟ * یہ کفایت شعار ہوتی ہیں اور فضول خرچی کو پسند نہیں کرتیں۔ اگر شوہر فضول خرچی کا مظاہرہ کرے تو یہ اسے منع کرتی ہیں۔ * یہ اپنے شوہر سے پوری طرح وفادار ہوتی ہیں اور اس کے بدلے یہ شوہر سے بھی وفاداری کی توقع رکھتی ہیں۔ * یہ گھر میں شوہر کا حکم چلنے دیتی ہیں۔ سرطان عورت کے ساتھ اگر دلو مرد کو خوش گوار زندگی گزارنا ہے تو اسے یہ خیال رکھنا پڑے گا کہ اس کی بیوی اس سے بہت سی توقعات رکھتی ہے، خاص طور پر وہ یہ چاہتی ہے کہ اس کا شوہر اس کے کاموں کی تعریف کرے بلکہ یہ اس کی تنقید کو بھی برداشت کر لیتا ہے، اسی طرح اسے یہ اطمینان ہوتا ہے کہ اس کا شوہر اس کی طرف متوجہ ہے۔ سرطان عورتیں اپنے گھر کو ہی سب کچھ سمجھتی ہیں۔ گھر سے باہر ان کی مصروفیات نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ وہ اپنے ماں باپ بہن بھائیوں سے ملنا پسند کرتی ہیں۔ ان کے بارے میں بہت حساس بھی ہوتی ہیں اور اگر انہیں کوئی کچھ کہہ دے تو اس سے لڑنے لگتی ہیں، حتیٰ کہ ان کے خلاف یہ شوہر سے بھی کوئی بات سننا پسند نہیں کرتیں۔ یہ دوسروں کو اپنے گھریلو معاملات میں دخل اندازی کا موقع نہیں دیتیں۔ اس طرح یہ بے شمار پریشانیوں سے محفوظ رہتی ہیں۔ کوئی اگر ان کے گھریلو معاملات میں دخل اندازی کی کوشش کرتے تو اس سے بڑی سختی سے نمٹتی ہیں۔ یہ بچوں کی تربیت اچھے انداز میں کرتی ہیں۔ ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
دلو مرد اور اسد عورت
اسد عورتیں بہت حسین اور پر کشش ہوتی ہیں۔ شادی سے پہلے سے کئی دوستیاں بھی کرتی ہیں لیکن یہ ان کی پاکیزہ دوستی ہوتی ہے۔ شادی کے بعد یہ اپنے شوہر کی ہو کر رہ جاتی ہیں۔ گھریلو امور سے ان خواتین کو بہت دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھرکو خوب سجا سنوار کر رکھتی ہیں۔ یہ اچھی میزبان ہوتی ہیں اور مہمان ان کی میزبانی کی تعریف کرتے ہیں۔ یہ اچھے اور لذیذہ کھانوں سے ان کی تواضع کرتی ہیں۔ یہ شوہر کو مفید مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں۔ اچھے برے وقت میں اس کے کام آتی ہیں۔ ان کی یہ خامی ہے کہ یہ فضول خرچی کی طرف مائل ہوتی ہیں۔ اس لئے شوہر اگر گھر کے اخراجات اپنے ہاتھ میں رکھے تو وہ کئی پریشانیوں سے بچ سکتا ہے۔ بچوں کے معاملے میں یہ محتاط رویہ اختیار کرتی ہیں۔ یہ بچوں پر گہری نظر رکھتی ہیں۔ انہیں شرارتیں کرنے کا موقع نہیں دیتیں۔ ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھتی ہیں
دلو مرد اور سنبلہ عورت
سنبلہ خواتین گہرے مزاج کی حامل ہوتی ہیں۔ یہ اپنے دل کے راز دل ہی میں رکھتی ہیں۔ ان کے شوہر بھی یہ دعویٰ نہیں کر سکتے کہ وہ ان کے راز جانتے ہیں۔ یہ سلیقہ مند ہوتی ہیں اور ان کے گھر کو سجا سنوار کر رکھتی ہیں۔ صفائی پسند ہونے کی وجہ سے ان کے گھر چمکتے دمکتے نظر آتے ہیں۔ یہ طنزاور تنقید بالکل برداشت نہیں کرتیں۔ شوہر کی وفادار ہوتی ہیں اور اس سے بھی وفاداری کی توقع رکھتی ہیں۔ یہ شوہر کی بے وفائی کو در گزر نہیں کرتیں۔ اگر معافی کی گنجائش ہو تو یہ معاف کر دیتی ہیں ورنہ یہ الگ ہو جانا پسند کرتی ہیں۔ اس لئے شوہر کو اگر گھر قائم رکھنا ہے تو اس معاملے میں بہت محتاط رہنا ہو گا۔ یہ جھوٹ نہیں بولتیں اور توقع کرتی ہیں کہ ان سے بھی جھوٹ نہ بولا جائے۔ بچوں کے معاملے میں یہ بڑی حساس ہوتی ہیں۔ ان کی پرورش نہایت محتاط طریقے سے کرتی ہیں۔ ان کی ہر قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ بچوں کو نمایاں و ممتاز دیکھنا چاہتی ہیں
دلو مرد اور میزان عورت
میزان خواتین اپنے گھر سے بہت لگاؤ رکھتی ہیں۔ گھر کی خوشحالی و استحکام کے لئے کوشاں رہتی ہیں۔ خوب صورت ہونے کے ساتھ ساتھ بہت خوش مزاج او ہنس مکھ بھی ہوتی ہیں۔ بہت سلیقہ مند ہوتی ہیں۔ ان کے گھر میں ہر چیز ترتیب سے نظر آتی ہے اور صفائی ستھرائی کا بھرپور خیال رکھتی ہیں۔ بہت ذہین اور سمجھدار ہوتی ہیں۔ اپنے گھر میں شوہر کا حکم ہی چلنے دیتی ہیں لیکن اگر اس کا کوئی فیصلہ غلط ہو تو اسے پیار سے سمجھا دیتی ہیں۔ شوہر کی ہر ضرورت کا خیال رکھتی ہیں۔ اس کے جذبات و احساسات کو کبھی ٹھیس پہنچانے کی کوشش نہیں کرتیں۔ شوہر کی وفادار ہوتی ہیں اور ان کے ذہن میں کسی اور مرد کا خیال تک نہیں آ سکتا۔ گھر کی کسی بھی نا خوش گوار صورت حال سے نمٹنا ان خواتین کے لئے مشکل نہیں ہوتا ہے۔ میزان عورتیں بچوں کو اتنے پیار سے پالتی ہیں کہ ان کے بگڑ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے اس لئے باپ کے لئے ضروری ہے کہ وہ بچوں پر نظر رکھے۔
دلو مرد اور عقرب عورت
عقرب عورت کے ساتھ زندگی گزارنا دلو مرد کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ عورت بہت تیز مزاج اور غصہ ور ہوتی ہے۔ یہ بات بات پر مشتعل ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں انہیں اپنی زبان پر قابو نہیں رہتا اور اگر کوئی ان کے سامنے آنے کی کوشش کرے تو ان کے ہاتھ بھی بے قابو ہو جاتے ہیں، کسی بھی مرد کے لئے یہ صورت حال نا قابل برداشت ہوتی ہے اور ایسے میں اس کی طرف سے اشتعال انگیز رویہ سامنے آ سکتا ہے۔ یہ خواتین اپنے گھروں کے معاملات میں دوسروں کو بولنے کا موقع نہیں دیتیں لیکن ان کی آواز سارے محلے خبر کر دیتی ہے کہ ان کے گھر میں کیا ہو رہا ہے۔ یہ خواتین اپنے شوہر کی وفادار ہوتی ہیں۔ اور اگر ان کا شوہر ان سے بے وفائی کرے تو اسے معاف نہیں کرتیں۔ دلو شوہر کویہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اس کی عقرب بیوی کسی بھی وقت اس کے لئے معاملے میں مصیبت کھڑی کر سکتی ہے۔ یہ خواتین اپنے بچوں کی اچھی نگہداشت اور پرورش کرتی ہیں۔ یہ ان کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
دلو مرد اور قوس عورت
اس جوڑے کے لئے زندگی بڑی خوشگوار ہوتی ہے کیونکہ قوم عورت بہت نرم مزاج اور سمجھدار ہوتی ہے۔ یہ اپنے گھر کو ہی اپنا سب کچھ سمجھتی ہے۔ اس کا شوہر اسے بہت عزیز ہوتا ہے۔ یہ اس کے جذبات و احساسات کا پوری طرح خیال رکھتی ہے۔ گھریلو امور میں تو بس خواتین کو بھرپور دلچسپی ہوتی ہے۔ گھر کو صاف ستھرا ور سجا کر رکھتی ہیں۔ یہ اچھی میزبان ہوتی ہیں۔ شوہر سے پوری طرح وفا دار ہوتی ہیں۔ شوہر کی بے وفائی کو در گزر بھی کر سکتی ہیں۔ یہ اپنے شوہر کی غیر موجودگی میں بھی کسی سے اس کی برائی نہیں سن سکتیں چاہے وہ حقیقت ہی کیوں نہ ہو۔ یہ گھر پر شوہر کو حکمرانی کا موقع دیتی ہیں اور اس کے احکامات کی بجا آوری کرتی ہیں۔ یہ بچوں کی نگہداشت اور پرورش بہت لاڈ پیار سے کرتی ہیں، ان کا رویہ بچوں سے دوستانہ ہوتا ہے۔
دلو مرداور جدی عورت
جدی خواتین بہت سمجھد ار ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے گھروں سے بڑا لگاؤ ہوتا ہے۔ یہ گھر کی سلامتی و خوش حالی کے لئے کوشاں رہتی ہیں۔ گھریلو امور سے انہیں بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ امور خانہ داری بڑے اچھے طریقے سے نمٹاتی ہیں۔ یہ اپنے شوہر سے بہت پیار کرتی ہیں، اس کے ہر اچھے برے وقت میں کام آتی ہیں۔ عام حالات میں یہ انہیں اچھے مشوروں سے نوازتی رہتی ہیں۔ اگر کبھی شوہر پر برا وقت آ جائے تو یہ اس کا بھرپور انداز میں ساتھ دیتی ہیں۔ یہ کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں دیتیں اور گھر کے معاملات کو گھر کی چار دیواری میں ہی رکھتی ہیں۔ یہ ہر طرح کے حالات میں خود کو ڈھال لیتی ہیں۔ اگر شوہر کی آمدنی کم ہو تو اس پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالتی ہیں۔ یہ اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں سے بہت محبت کرتی ہیں۔ یہ اپنے بچوں کے ساتھ دوست بن کر رہتی ہیں۔ ان کا بے جا لاڈ پیار بچوں کو بگاڑنے کا سبب بھی بنتا ہے۔
دلو مرد اور دلو عورت
دلو عورتیں پیچیدہ مزاج رکھتی ہیں۔ انکی عادتوں میں وقتاً فوقتا تبدیلی آتی رہتی ہے۔ یہ موڈی ہوتی ہے۔ اس لئے ان کا مزاج کسی بھی وقت بدل سکتا ہے۔ یہ خواتین امور خانہ داری میں بڑی دلچسپی رکھتی ہیں لیکن ان سے یہ توقع بھی کی جا سکتی ہے کہ یہ کسی روز کھانا ہی نہ بنائیں اور شوہر سے یہ کہہ دیں کہ آج کھانا بازار سے آئے گا۔ ان خواتین کی وفاداری پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جا سکتا یہ شوہر کے جذبات و احساسات کا خیال رکھتی ہیں، یہ اس سے وفا کرتی ہیں اور اس کے بدلے اس سے وفا چاہتی ہیں۔ یہ اس کی بے وفائی کو برداشت نہیں کر سکتیں۔ کبھی کبھی یہ فضول خرچی کرتی ہیں یہ ان کی مستقل عادت نہیں ہوتی۔ یہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرتی ہیں۔ یہ ان کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان میں جو خوبیاں ہیں وہ ان کے بچوں میں بھی ہوں۔
دلو مرد اور حوت عورت
حوت عورتیں بہت خوبصورت اور نفیس ہوتی ہیں۔ یہ اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتی ہیں اور اس کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے کوشاں رہتی ہیں۔ یہ اپنے شوہر کی بالادستی کو پورے طور پر تسلیم کرتی ہیں۔ ان کی ذرا بھی یہ خواہش نہیں ہوتی کہ یہ گھر میں اپنا حکم چلائیں بلکہ یوں کہنا مناسب ہو گا کہ یہ شوہر کے احکامات کو مان کر خوش ہوتی ہیں۔ یہ خواتین بہت سلیقہ مند ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے گھرانے کے وقار کا بہت خیال ہوتا ہے اس لئے ایسی باتوں سے گریز کرتی ہیں جن سے ان کے گھر کی عزت پر آنچ آتی ہو۔ امور خانہ داری میں یہ خواتین بہت دلچسپی لیتی ہیں۔ لذیذ کھانے بنانے میں یہ بہت ماہر ہوتی ہیں۔ یہ بہت حساس ہوتی ہیں اور ذرا ذراسی بات پر رونے دھونے لگتی ہیں۔ یہ بچوں کو اچھے انداز میں پرورش کرتی ہیں۔ ان سے بے جا لاڈ پیار بھی کرتی ہیں لیکن غلط باتوں پر انہیں ٹوک دیتی ہیں۔
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینحوت
نشان ۔۔۔۔۔۔ دو مچھلیاں تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 20؍ فروری تا 20؍ مارچ حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ نپ چون عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ اتوار، پیر ، جمعرات مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 7 مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، نیلم اور پنا مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ گہرا نیلا، سلیٹی، سفید ، بنفشی
دلو
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 21؍ جنوری تا 19؍ فروری حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ یورانس عنصر ۔۔۔۔۔۔ ہوا نشان ۔۔۔۔۔۔ مشکیزہ، بردار موافق دن ۔۔۔۔۔۔ ہفتہ، اتوار موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 4-8 موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ عقیق، فیروزہ، نیلم موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ بنفشی، ہلکا نیلا، سبز
جدی
حاکم سیارہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔زحل موافق رنگ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سبز ۔بھورا موافق نگینہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فیروزہ ، نیلم عنصر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔خاکی موافق دن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہفتہ موافق عدد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۸
قوس
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 23؍ نومبر تا 21؍ دسمبر حکمران سیارہ ۔۔۔۔۔۔ مشتری عنصر ۔۔۔۔۔۔ آتش موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ، جمعرات، منگل موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 3 موافق نگینہ ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، فیروزہ موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سرخ، نیلا اور ارغوانی موافق دھات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سونا، چاندی
عقرب
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 23؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ بچھو عنصر ۔۔۔۔۔۔ آبی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ پلوٹو۔ مریخ مبارک عدد ۔۔۔۔۔۔ 9 مبارک دن ۔۔۔۔۔۔ منگل مبارک پتھر ۔۔۔۔۔۔ پکھراج، سنگ سلیمانی، اوپل مبارک رنگ ۔۔۔۔۔۔ نیلا ، سبز، سرخ، بھورا
میزان
تاریخ پیدائش ۔۔۔۔۔۔ 24؍ ستمبر تا 22؍ اکتوبر نشان ۔۔۔۔۔۔ ترازو عنصر ۔۔۔۔۔۔ بادی حاکم سیارہ ۔۔۔۔۔۔ زہرہ موافق پتھر ۔۔۔۔۔۔ نیلم، اوپل موافق رنگ ۔۔۔۔۔۔ سفید، سبز، زرد، ہلکا نیلا موافق عدد ۔۔۔۔۔۔ 6 اور 9 موافق دن ۔۔۔۔۔۔ جمعہ
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں