تعبیرخواب

قے کردن (قے کرنا)

حضرت ابن سیرین رحمۃ اﷲ علیہ نے فرمایا ہے اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس نے قے کی ہے اور آسانی سے باہر نکلی ہے۔ دلیل ہے کہ توبہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ قے نہیں کر سکا یا پھر اپنی جگہ پر واپس چلی گئی ہے۔ دلیل ہے کہ توبہ سے رکارہے گا اور انجام عذاب ہو گا۔ 
اور بعض کہتے ہیں کہ اس کو مصیبت اور نقصان ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ قے کرتا ہے اور کھاتا ہے۔ دلیل ہے کہ بخل کی وجہ سے اپنے عیال پر خرچ نہ کرے گا۔ 
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اﷲ علیہ نے فرمایا ہے ۔ اگر دیکھے کہ قے کرتا ہے اور اس کا مزہ ترش اور ناگوار ہے اور دلیل ہے کہ توبہ کے بعد گناہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ قے کرتے وقت کوئی چیز اس کے پیٹ سے زبان پر آتی ہے۔ دلیل ہے کہ بیمار ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ بلغم نکلی ہے دلیل ہے کہ بیماری سے شفاء پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ بہت سا خون نکلا ہے دلیل ہے کہ مال پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ صفرا نکلی ہے دلیل ہے کہ رنج سے امن ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ جو کچھ پیٹ میں سے نکلا ہے۔ دلیل ہے کہ وہ ہلاک ہو گا۔ 
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں قے کا دیکھنا چھ وجہ پر ہے۔ (۱)توبہ (۲)پشیمانی(۳)نصرت(۴)غم سے نجات (۵)امانت واپس دینی(۶)بستہ کاموں کا کشارہ ہونا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے قے کی ہے اور کھائی ہے۔ دلیل ہے کہ کسی کو کچھ بخش دے گا اور واپس پھر لے لے گا۔