تعبیرخواب

گلیم(گودڑی)

حضرت ابن سیرین رحمۃاﷲ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ گلیم خواب میں رئیس اور سردار ہے۔ اگر صاحب خواب بڑا آدمی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کی بزرگی اور مرتبہ اور بھی زیادہ ہو گا اور بعض اہل تعبیر بیان کرتے ہیں کہ مرد صالح اور پسندیدہ ہو گا اور درویشوں سے دیندارہو گا۔ 
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اﷲ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ گودڑی پائی ہے۔ دلیل ہے کہ مالدار عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر یہ خواب عورت دیکھے۔ دلیل ہے کہ شوہر کرے گی۔ اور اس سے خیر منفعت دیکھے گی۔ 
اور اگر دیکھے کہ چھوٹی گودڑی پر بیٹھا ہے۔ دلیل ہے کہ خوب صورت اور پارسا اور موافقت والی عورت کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ سبز گلیم ہے ۔دلیل ہے کہ پارسا اور لڑاکی عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر سرخ گلیم ہے تو معاشر اور عیش پسند عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر گلیم زرد ہے تو بیمار سی عوررت کرے گا۔ اور اگر سیاہ گلیم ہے تو زاہد اور عابد عورت سے شادی کرے گا۔ اور اگر کئی رنگ کی گلیم ہے تو اس عورت میں مذکورہ بالا سب صفات ہوں گی۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے گودڑی پہنی ہوئی ہے۔ دلیل ہے کہ پارسا سردار کی پناہ میں ہو گا اور اس سے منفعت پائے گا۔ اور اگر گلیم اپنے سے دور ڈالی ہے اور ضائع ہوئی ہے تو اس کی تاویل خلاف ہے۔ 
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں گلیم کا دیکھنا پانچ وجہ پر ہے۔ (۱)مرد رئیس(۲)مہتر اور پارسا(۳)مالدار عورت (۴)کنیز(۵)خیر و منفعت