تعبیرخواب

گوئے زمین (گڑھا)

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں زمین کا گڑھا مال ہے جس کو مکر اور حیلے سے حاصل کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ گڑھے میں چھپا ہے اور اس میں سے نکل نہیں سکتا۔ دلیل ہے کہ مکر اور حیلے سے کسی کام میں پڑے گا اور اس سے مشکل کے ساتھ نکلے گا اور جس قدر گڑھا گہرا ہو گا کام زیادہ سخت ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ وہ گڑھا سردا بے جیسا ہے دلیل ہے کہ چور اس سے کچھ لے گا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس نے گڑھا یا کنواں کھودا ہے۔ دلیل ہے کہ کسی کے لئے مکر اور حیلہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس سے پانی نکالا ہے۔ دلیل ہے کہ مکر اور حیلہ سے کچھ حاصل کرے گا اور زندگی بسر کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ گڑھا کسی دوسرے کے واسطے تھا تو دلیل یہ ہے جو کچھ ہم نے بیان کیا ہے وہ اس شخص کو پیش آئے گا۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ گڑھے میں گرا ہے اور اس سے باہر نہیں نکل سکتا ہے۔ دلیل ہے کہ کسی پوشیدہ کام میں رہے گا اور اس سے خلاصی نہ پائے گا۔ اور اگر اس کے خلاف دیکھے تو رہائی پانے پر دلیل ہے۔