تعبیرخواب

لباس (پوشاک)

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے گرمی کا لباس جاڑے میں پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا مال زیادہ ہو گا۔ لیکن اس کو برا خوف اور ڈر پہنچے گا۔ لیکن اس کا انجام نیک ہو گا۔ اور اگر عورت دیکھے کہ اس نے مردوں کا لباس پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کے شوہر کو کچھ ملے گا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی بیداری کی نسبت خواب میں برا لباس دیکھے۔ دلیل ہے کہ اس کا کام بد ہو گا۔ اور اگر عمدہ دیکھے تو اس کا کام بہتر ہو گا۔ اور اگر اپنا لباس سرداروں جیسا دیکھے دلیل ہے کہ سردار ہو گا۔ اور اگر اپنے اوپر بدکاروں کا لباس دیکھے۔ دلیل ہے کہ بہت گناہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا لباس بادشاہوں کا ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ سے خیر اور منفعت پائے گا۔ اور اگر عالموں کا لباس پہنا ہے۔ دلیل ہے کہ علم سے حصہ پائے گا۔ اور اگر صوفیوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ دنیا سے دست بردار ہو گا۔ اور اگر دولت مندوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ مال جمع کرنے پر حریص ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ یہودیوں اور عیسائیوں کا لباس رکھتا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا دل ان کی طرف مائل ہو گا۔
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں لباس کا دیکھنا سات وجہ پر ہے:
(1) دین پاک 
(2) تونگری
(3) عزت اور مرتبہ
(4) منفعت 
(5) خوش عیش
(6) عمل نیک
(7) عدل چاہے گا۔