تعبیرخواب

لکدزدن (لات مارنا)

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ اس نے کسی کو لات ماری ہے۔دلیل ہے کہ اس سے یا اس کے خویشوں سے کسی کو نقصان پہنچے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کو گھوڑے نے لات ماری ہے تو دلیل ہے کہ اس کے مرتبے اور بزرگی میں نقصان ظاہر ہو گا۔ اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ صاحب خواب فساد میں مشغول ہو گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کو عورت نے لات ماری ہے۔ دلیل ہے کہ عورت کی وجہ سے اندوہ گیں ہو گا اور اگر دیکھے کہ موٹی بڑھیا نے لات ماری ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا مال تلف ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کو اونٹ نے لات ماری ہے۔ دلیل ہے کہ کسی بڑے آدمی سے اس کو نقصان پہنچے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کو بیل نے لات ماری ہے۔ دلیل ہے کہ اس کو اس سال میں نقصان پہنچے گا۔ حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں لات مارنا چار وجہ پر ہے: (1) نقصان (2) مضرت (3) غم و اندوہ (4) عیال کا فساد