تعبیرخواب

منارہ

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں منارہ ایسا شخص ہے جو لوگوں کو راہ دین کی طرف دعوت دیتا ہے۔ اگر خواب میں دیکھے کہ اس نے منارہ بنایا ہے۔ دلیل ہے کہ نیک کام کرے گا اور اہل اسلام کی جماعت کو جمع کرے گا اور اگر دیکھے کہ اس نے منارہ اکھاڑا ہے اور خراب کیا ہے۔ دلیل ہے کہ مسلمان متفرق ہوں گے۔ اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ اس منارے کا مؤذن دنیا سے رحلت کرے گا۔ حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں منارہ بادشاہ یا کوئی بڑا آدمی ہے۔ اگر کسی کوچے میں منارہ دیکھے۔ دلیل ہے کہ کوئی بڑا آدمی اس کوچے میں آئے گا۔ اور اگر منارہ چونے اور اینٹ کا دیکھے۔ دلیل ہے کہ شاہی سردار ہو گا اور اگر کچی اینٹ کا منارہ دیکھے۔ دلیل ہے کہ وہ بڑا آدمی رعایا میں سے ہے اور دیندار اور متواضع ہے۔ اور اگرمنارہ پتھر اور چونے کا دیکھے۔ دلیل ہے کہ وہ بادشاہ ظالم کا سردار ہو گا۔ اور اگر لکڑی کا منارہ دیکھے۔ دلیل ہے کہ وہ سردار کمینہ اور کم ہمت ہو گا اور اگر منارہ مسجد کے دروازے پر دیکھے۔ دلیل ہے کہ وہ سردار عالم اور فاضل ہو گا اور لوگوں کو شریعت کے کاموں کی طرف بلائے گا اور اگر دیکھے کہ مسجد کا منارہ گرا ہے۔ دلیل ہے کہ دین کے بزرگوں میں سے کوئی مرے گا اور لوگوں میں تشویش اور پریشانی ہو گی اور اگر دیکھے کہ شہر کے درمیان منارہ ہے تو بادشاہ پر دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ منارے کا کلس تانبے یا بھرت کا ہے۔دلیل ہے کہ بادشاہ ظالم اور جابر ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ منارے کی چوٹی سونے یا چاندی کی ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ جھوٹا غدار اور بے وفا ہو گا۔ اگر منارہ پکی اینٹ کا ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ گردن کش اور متکبر ہو گا۔ اور اگر اپنے آپ کو منارہ کی چوٹی پر دیکھے دلیل ہے کہ بادشاہ کا مقرب ہو گا اور اس کا کام انتظام سے ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ منارہ پر کھانا رکھا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ اس ملک میں کوئی بادشاہ ظاہر ہو گا۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ منارے میں ہے اور نماز کی اذان کہی ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ خلقت سے نیک وعدہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے جامع مسجد کی منارے پر نماز کے لئے اذان کہی ہے۔ دلیل ہے کہ حج و عمرہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ منارے نے حرکت کی ہے۔ دلیل ہے کہ بادشاہ بیمار ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ بادشاہ نے منارے کو گرا یا ہے دلیل ہے کہ بادشاہی پائے گا اور اس بادشاہ کو مغلوب کرے گا اور اس سے ولایت لے گا۔ حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں منارے کو دیکھنا چار وجہ پر ہے: (1) بادشاہ (2) کوئی بڑا آدمی (3) امام (4) مؤذن