تعبیرخواب

واشہ (ایک پرندہ) باشہ

باشہ ایک شکاری پرندہ ہے۔ حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر باشے کو اپنا مطیع اور تابعدار دیکھے کہ ہاتھ پر سے اڑتا ہے اور آواز پر آتا ہے اور اس کو اس طرح آزمایا ہے۔ تو مال حلال اور صاحب کے مرتبے پر دلیل ہے۔ اگر دیکھے کہ باشہ سفید اور پاکیزہ ہے اور اس کے ہاتھ پر بیٹھا ہوا تابعدار ہے۔ دلیل ہے کہ کسی بڑے آدمی سے قدر اور مرتبہ اور عزت پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ باشہ اڑا ہے اور دھاگہ اس کے ہاتھ میں رہا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کاقدر اور مرتبہ زائل ہو گا۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ باشہ خواب میں بادشاہوں کے لئے ملک اور بزرگی اور دولت مندوں کے لئے مال ہے اور درویشوں کے لئے فرزند ہے اور اگر دیکھے کہ باشہ اس کے ہاتھ سے گرا ہے اور مرا ہے۔ اگر صاحب خواب بادشاہ ہے۔ دلیل ہے کہ ملک سے جدا ہو گا۔ اور اگر امیر یا سردار ہے۔ دلیل ہے کہ مرتبے اور عزت سے گرے گا۔ اور اگر تونگر ہے تو درویش ہو گا اور اگر درویش ہے تو اس کا فرزند مرے گا۔ اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیاہے کہ باشہ بے شرم مرد ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے باشے کا گوشت کھایا ہے۔ دلیل ہے کہ اسی قدر دشمن کا مال کھائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ کسی جگہ پر بہت سے باشے جمع ہوئے ہیں۔ دلیل ہے کہ عیار لوگ اس جگہ جمع ہوں گے۔
حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں باشہ دیکھنا چار وجہ پر ہے:
(1) قدر اور مرتبہ 
(2) حکومت 
(3) مال 
(4) منفعت