تعبیرخواب

ہمائے(ہما۔ ایک جانور کا نام مشہور ہے)

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ ہما خواب میں کوئی دولت اور عزت اور بزرگی اور ظفر ہوتا ہے۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کے پاس کوئی ہما جانور تھا تو دلیل یہ ہے کہ وہ بموجب قدر اس جانور کے کوئی عزت اور دولت پائے اور اگر دیکھے کہ ہما جانور اس کے ہاتھ سے اڑ گیا تو دلیل ہے کہ اس کی جاہ و منزلت اور عزت و حرمت میں نقصان آئے۔
کرمانی رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ ہما جانور خواب میں کوئی بادشاہ ہوتا ہے یا کوئی رئیس یا کوئی مرد بزرگوار۔اور اگر کوئی دیکھے کہ اس نے کسی ہما جانور کو مار ڈالا اور اس کا گوشت کھایا تو دلیل یہ ہے کہ وہ کسی مرد بزرگوار رئیس پر قہر و غلبہ حاصل کرے اور مال اس کا لے لیوے اور اس کو کھا جائے۔ اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کے پاس کوئی ہما جانور تھا تو دلیل یہ ہے کہ وہ ان لوگوں سے جو بیان کئے گئے ہیں کوئی خیر اور منفعت پائے۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے کسی ہما جانور کو تیر سے یا کسی پتھر سے مارا تو دلیل ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو پس پشت کوئی سخن بد کہے۔ اور اگر دیکھے کہ کسی ہما جانور نے اس کو کوئی خراش یا زخم پہنچا دیا تو دلیل ہے کہ اس کو ان لوگوں کی طرف سے کوئی مضرت پہنچے۔
امام جعفر صادق رضی عنہ فرماتے ہیں کہ دیکھنا ہما جانور کا خواب میں سات وجوہات پر ہوتا ہے:
(1) بادشاہ
(2) رئیس
(3) کوئی مرد بزرگوار
(4) دولت
(5) بزرگی
(6) فرماں روائی
(7) عزت و اقبال۔