برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

محنتی

یہ افراد فطری طور پر محنت و مشقت کے قائل ہوتے ہیں۔ یہ پہلے کسی مقصد کے لئے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرتے ہیں، اس کے بعد اس کی تکمیل کے لئے محنت شروع کر دیتے ہیں۔ اس دوران یہ دن رات کی تمیز نہیں کرتے، بس ان کی نگاہیں اپنے ٹارگٹ پر ہوتی ہیں اور یہ اس کی جانب بڑھے چلے جا رہے ہوتے ہیں۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ زیادہ محنت سے ان کا جسم تھکن کا شکار ہو جاتا ہے۔ ایسے میں کچھ آرام کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایسے اوقات میں بھی ان کا ذہن آرام نہیں کر رہا ہوتا۔ یہ اپنے کام کے بارے میں سوچ رہے ہوتے ہیں۔
زیادہ محنت اور مشقت سے یہ اکثر بیمار ہو جاتے ہیں لیکن اگر کسی مقصد کے حصول میں مصروف ہیں تو یہ اپنی بیماری کو بھی زیادہ خاطر میں نہیں لاتے، یہ خود ہی بیماری کا علاج کرنے لگتے ہیں۔ کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اگر یہ ڈاکٹر کے پاس جائیں گے تو وہ نہ صرف انہیں ڈھیر ساری دوائیں دے سکتا ہے بلکہ انہیں آرام کا مشورہ بھی دے گا اور آرام انہیں کسی صورت قبول نہیں ہوتا۔
ان کی زندگی میں فارغ اوقات کم ہی آتے ہیں کیونکہ جب یہ ایک کام سے فارغ ہو جاتے ہیں تو دوسرے کام میں خود کو مصروف کر لیتے ہیں۔