برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

گہرا مشاہدہ

زندگی کے تمام معاملات کا گہرا مشاہدہ کرنا ان لوگوں کی فطرت ہے۔ یہ ہر معاملے میں بڑی گہرائی سے سوچتے ہیں۔ یہ ہر بات کی تہہ میں اتر جانے کے خواہش مندہوتے ہیں، یہ کسی بات کو نظر اندازنہیں کرتے، انہیں تمام باتوں اور جزئیات کی تفصیل معلوم کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔
اگر کبھی یہ باغ میں چلے جائیں تو وہاں یہ صرف خوشگوار ماحول سے لطف اندوز نہیں ہوں گے بلکہ ان کی نظر اگر کسی پھول پر پڑ جائے گی تو یہ اس کے بارے میں سوچنا شروع کر دیں گے کہ:
* اس کی پتیاں اتنی خوبصورت کیوں ہیں؟
* اس کی رنگت گلابی ہی کیوں ہے نیلی کیوں نہیں ہے؟
* اس میں سے کوئی اور خوشبو کیوں نہیں آتی؟
* اس پھول کی کتنی زندگی ہے؟
اس طرح کے بے شمار سوالات ان کے ذہن میں گردش کرنے لگتے ہیں اور یہ ان کا جواب تلاش کرتے ہیں۔ ان کی یہ عادت انہیں بظاہر دوسروں سے لاتعلقی تو ظاہر کرتی ہے لیکن جب یہ کسی معاملے پر بات کرتے ہیں تو دوسرے یہ جان کر حیران رہ جاتے ہیں کہ انہیں کتنی زیادہ معلومات ہیں۔
گہرے مشاہدے کی وجہ سے ان کی باتوں میں بڑی پختگی اور اعتماد ہوتا ہے۔ یہ مدلل گفتگو کرتے ہیں۔