برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

دہری شخصیت

ان لوگوں کے بارے میں یہ مشہور ہوتا ہے کہ یہ دہری شخصیت کے مالک ہیں۔ اکثر لوگ ان سے اس لئے حسد اور نفرت کرتے ہیں کہ وہ ان میں دو رویے پاتے ہیں۔ لیکن یہ جوزا افراد کی فطرت کا حصہ ہے۔ یہ خود کو وقت اور حالات کے مطابق ڈھال لیتے ہیں۔ اگر یہ ابھی کسی ایک بات کے حق میں دلائل دے رہے ہوتے ہیں تو جونہی انہیں ماحول اور حالات بدلتے محسوس ہوں گے۔ دوسری بات کے حق میں دلائل دینے لگیں گے۔ یہ ان کی دہری شخصیت کہلاتی ہے لیکن اس طرح یہ کسی کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ اس طرح کے رویے سے ان کا مقصد صرف اور صرف محفل میں دلچسپی قائم رکھنا ہوتا ہے۔
ان میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ یہ کوئی بھی کام بڑی تیزی سے کر سکتے ہیں، یہ بات دوسروں کے لئے حیران کن تو ہوتی ہے لیکن بہت سے لوگ ان کی اسی صلاحیت کی وجہ سے ان کے حسد میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور ان پر مختلف الزامات عائد کرتے ہیں جن میں ایک الزام دوغلے پن کا بھی ہوتا ہے۔
ان کے دہرے پن کی ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ ان کے اندر ایک ہی وقت میں کسی بھی معاملے پر مثبت اور منفی خیالات جنم لیتے رہتے ہیں اور جب یہ ان خیالات کی زد میں آتے ہیں تو ان کی رائے بدلتی رہتی ہے۔ ویسے یہ ان کی خامی ہے، اس سے انہیں بڑا نقصان ہو سکتا ہے اس لئے ان کے لئے ضروری ہے کہ اپنی اس خامی پر قابو پائیں۔