برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

اپنے آپ میں مگن

یہ لوگ اکثر اپنے آپ میں مگن رہتے ہیں۔ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ اس طرح یہ اپنے خیالات سے محفوظ ہوتے ہیں کیونکہ اگر ایسا ہو تو ان کے چہرے مطۂن اور ہشاش بشاش رہیں جبکہ اکثر ایسی کیفیت میں ان کے چہرے بجھے بجھے سے ہوتے ہیں کیونکہ یہ متفکر ہوتے ہیں۔ یہ عام طور پر اس حد تک اپنے خیالوں میں غرق ہو جاتے ہیں کہ انہیں آس پاس کا خیال ہی نہیں رہتا۔ اگر یہ کہیں بیٹھتے ہیں تو کسی کی اچانک آمد یا آواز انہیں چونکا دیتی ہے۔
ان میں سے کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی اس خامی کو سمجھ جاتے ہیں اور اس پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ باوجود کوشش کے یہ پورے طور پر اس پر قابو نہیں پا سکتے کیونکہ یہ ان کی فطرت کا حصہ ہے اور فطرت کو تبدیل کرنا بڑا مشکل ہو جاتا ہے۔
ان کی یہ عادت اکثر انہیں شرمندہ بھی کروا دیتی ہے۔جب یہ دوسرے سے باتیں کرتے کرتے اپنے خیالوں میں چلے جاتے ہیں اور اس کے کسی سوال پر درست جواب نہ دے کر یہ ثابت کر دیتے ہیں کہ یہ اس کی طرف متوجہ نہیں تھے یا پھر یہ کہ یہ اپنے آفس میں بیٹھے بیٹھے خیالوں میں اتنی دور چلے جاتے ہیں کہ اپنے افسر کی آواز پر چونکتے ہیں۔ ان لوگوں کو چاہئے کہ اپنی اس عادت پر زیادہ سے زیادہ قابو پانے کی کوشش کریں۔