برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

ہر دلعزیز

ان میں سے اکثر ایسے لوگ ہوتے ہیں جو ہر دلعزیز ہوتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے دلچسپ گفتگو کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ ا س کے علاوہ یہ ہمدرد اور مخلص بھی ہوتے ہیں۔ ان کے چاہنے والوں میں زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہوتی ہے جن سے یہ ہمدردی کر چکے ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان لوگوں میں ماحول کو دلچسپ اور خوش گوار بنانے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے۔ یہ جہاں موجود ہوتے ہیں وہاں کے لوگوں کا جائزہ لیتے ہیں اور یہ جان لیتے ہیں کہ وہ کس مزاج کے ہیں۔ پھر یہ ان سے ان کے مزاج کے مطابق بات چیت شروع کر دیتے ہیں۔ یہ ایک عام سی بات ہے کہ جب کسی سے کوئی اس کی دلچسپی کی بات کرے گا تو وہ اس کی طرف متوجہ ہو گا، یعنی یہ دوسروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت سے مالامال ہوتے ہیں۔
انہیں بہت سے لطائف اور مزاحیہ باتیں یاد ہوتی ہیں۔ اگر یہ سفر میں ہیں تو اپنے ہم سفروں کو وہ لطائف اور باتیں سنانا شروع کر دیتے ہیں۔ اس طرح یہ محفل کو زعفران زار بنا دیتے ہیں۔
اپنی اسی صلاحیت کی وجہ سے یہ لوگ اچھے اداکار، مقرر یا وکیل، سوشل ورکر اور سیاست دان ثابت ہوتے ہیں۔