برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

حاضر جواب

یہ ان کی ذہانت کا بڑا ثبوت ہے کہ یہ لوگ حاضر جواب ہوتے ہیں، جب کوئی ان پر طنزیہ جملہ کستا ہے تو یہ ذہنی طور پر خود کو اس مقابلے کے لئے تیار کر لیتے ہیں اور دماغ تیزی سے چلنے لگتا ہے اور پھر سامنے والے کو اس طرح جملوں میں گھیر لیتے ہیں کہ اس کے لئے بچ کر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ان کی یہ عادت اور خوبی زندگی کے مختلف مواقع پر ان کے لئے بڑی فائدہ مند ہوتی ہے۔ مثلاً اگر یہ کہیں تقریر کر رہے ہی اور پبلک میں سے کسی نے ان پر جملہ کس دیا تو اس سے بالکل نروس نہیں ہوتے بلکہ نہایت اطمینان کے ساتھ اپنی تقریر جاری رکھ کر اس جملے کے اثر کو زائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اگر باربار ان پر جملہ بازی کی جائے تو ایسا جواب دیتے ہیں کہ جملہ کسنے والا بغلیں جھانکنے پر مجبور ہو جاتا ہے اور اس میں مزید جملے بازی کی ہمت نہیں رہتی۔
اسی طرح جب امتحانات میں جب زبانی سوالات ہو رہے ہوتے ہیں تو ان کی یہ صلاحیت اس وقت بھی بڑی کام آتی ہے۔ یہ بغیر گھبرائے اور پریشان ہوئے اطمینان کے ساتھ تمام سوالوں کے جوابات دیتے ہیں۔
زندگی کے عام معاملات میں بھی ان کی حاضر جوابی قائم رہتی ہے اور لوگ ان کی اس صلاحیت کے معترف رہتے ہیں۔