برج جوزا سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

وقت کے ساتھ چلنے والے

یہ لوگ وقت کے ساتھ چلنے والے ہوتے ہیں۔ یہ اپنے گردو پیش پر بڑی گہری نظر رکھتے ہیں، عالمی حالات سے انہیں گہری دلچسپی ہوتی ہے، کہاں کیا ہو رہا ہے یہ جاننے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
یہ تیز رفتار لوگ ہیں، دقیانوسی اور روایات سے بہت زیادہ چمٹے رہنے والے لوگ ان کے دوست نہیں ہو سکتے۔ یہ بات نہیں ہے کہ انہیں روایات اور اجداد سے کوئی لگاؤ نہیں ہوتا بلکہ یہ ان باتوں کا بھی خیال رکھتے ہیں لیکن صرف انہیں سامنے رکھ کر زندگی نہیں گزارتے بلکہ ان کا فلسفہ ہوتا ہے کہ وقت کے ساتھ چلو۔ اپنے اس فلسفے کی وجہ سے یہ لوگ بہت ترقی بھی کرتے ہیں۔
ان لوگوں کو نئے ڈیزائن کے کپڑے او رجوتے پسند ہوتے ہیں۔ نئے ڈیکوریشن پیس ان کے گھروں میں نظر آتے ہیں اور ان کی کھڑکیوں پر جدید ڈیزائن کے کپڑے لٹکتے نظر آتے ہیں ۔
اگر یہ صاحب حیثیت ہیں تو آئے دن انکے پاس نئے ڈیزائن کی گاڑی نظر آئے گی اور ان کی خواہش ہو گی کہ انکے گھر میں ٹی وی بھی نئے ڈیزائن کا ہو۔
اس حوالے سے یہ لوگ فضول خرچی کے مرتکب نہیں ہوتے بلکہ پرانی چیزوں کو فروخت کر کے کچھ رقم ملا کر نئی چیز خریدتے ہیں۔