برج میزان کے موافق پتھروں کے خواص

مشہور و معروف نیلم

(1) سفیر انگریزی نے آوا (برہما کا ایک مشہور شہر) میں ایک نیلم 951 قیراط وزنی عمدہ خوش رنگ و بے عیب دیکھا۔
(2) پیرس کے شاہی خزانہ میں ایک بڑا خوشنما بے عیب بادامی شکل 122-1/16 قیراط وزنی نیلم ہے۔ جس کو ایک ڈولیاں بیچنے والی بنگالی نے حاصل کیا۔ اس لئے اس کا نام ڈون سپون سیلری پڑا۔ بعدہ یہ نیلم ریسپولی (House of Rospali) کے گھرانے (یہ گھر شہر روم میں ہے) میں آنے سے بنام ریسپولی مشہور ہوا۔ پھر یہ ایک جرمنی کے شہزادہ کے پاس فروخت ہوا۔ جس نے اسے ایک فرانسیسی جوہر پیرٹ نامی کے پاس 28 ہزار روپے میں بیچ ڈالا۔
(3) آج کل یورپ میں نہایت مشہور دو نیلم ہیں۔جو 1863ء کی نمائش گاہ لندن میں دکھلائے گئے۔ ایک سیاہ بادامی شکل بے عیب اور تقریباً 252 قیراط وزنی ہے۔ دوسرا اس سے کچھ کم وزن تھا جو 1856ء میں 225 قیراط وزنی ہندوستان سے وہاں کا کاٹا ہوا آیا تھا۔ اس میں ایک بڑا عیب زردی مائل تھا۔ دوبارہ کٹوائے جانے سے یہ 165 قیراط رہ گیا اور پیرس میں 7 یا 8 ہزار پونڈ پر فروخت ہوا۔
(4) ملکہ کے تاج میں ایک بہت بڑا نیلم مارویلک (Marveilex) نامی دیکھا گیا۔ جس کا رنگ دن میں نیلگوں اور رات کے وقت زمرد سا دکھلائی دیتا تھا۔
چونکہ نیلم بہت سخت ہے اس لئے اس پر کھدائی کا کام نہیں ہوتا ہے۔ صرف چند ہی نیلم ایسے ہیں جن پر کھدائی کا کام دیکھا گیا ہے۔ (1) چنانچہ روم میں ایک نیلم ہے جس پر ہر کولیس (Hercules) کی تصویر بنقش ہے۔ (2) فرمانروائے لیکسینسی کے پاس ایک نیلم 53قیراط وزنی ہے جس پر ایک شکار کا نظارہ کھدا ہوا ہے اور ساتھ الفاظ کانٹس آگ (Constentius Aug) کندہ ہیں۔ یہ نظارہ اس طرح ہے کہ ایک بادشاہ ایک جنگلی سور پر جو ایک حسین عورت کے روبر کھڑا ہے برچھی لگا رہا ہے۔ (3) ایک عمدہ 3/4 انچ مربع نیلم پر پوپ پال (Pop Paul) سوم کی تصویر کندہ ہے۔ (4) ایک زرد رنگ پانچ پہلو دار نیلم دیکھا گیا جس پر ہنری چہارم کی تصویر بنقش تھی اور ساتھ الفاظ سی ،ڈی ، ایف ( C.D.F) کندہ تھے۔ (5) ایک نیلم 3/4 انچ طول، 11/2 انچ عرض میں دیکھا گیا جس پر کیرا کلا کے چہرے کا نقش کندہ تھا۔ (6) ایک پرانے نیلم پر کارڈیہ نل ولسی (Caridinel Wolsey) کی کلغی اور باروؤں کا نقش کندہ ہے۔ علی ہذا القیاس