میزان افراد کی اپنے اور دوسرے برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں

میزان عورت اور سرطان مرد

سرطان مردبہت سخت مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔ میزان عورت کا ان کے ساتھ گزارا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ یہ مرد گھر پر مکمل طور پر اپنی حاکمیت چاہتے ہیں۔ اگر ان کی مرضی کے خلاف ذرا سی بھی بات ہوجائے تو یہ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیوی پر اکثر طنز اور تنقید کرتے رہتے ہیں۔
یہ لوگ اس لحاظ سے بہترین ہوتے ہیں کہ گھر پر پوری اور گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ تمام ضروریات کا پورا پورا خیال رکھتے ہیں اور اہل خانہ کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دیتے۔
یہ اپنی بیوی سے محبت کرتے ہیں لیکن اس کا اظہار کھل کر یا جذباتی انداز میں نہیں کرتے۔ یہ بیوی سے وفاداری کرتے ہیں۔
ان کے بارے میں اکثر بیوی کو یہ رائے قائم کرنا پڑتی ہے کہ یہ کنجوس ہیں لیکن در حقیقت یہ کنجوس نہیں ہوتے بلکہ یہ بہت سوچ سمجھ کر رقم خرچ کرتے ہیں۔ یہ مہنگی چیزیں خریدنے کے قائل نہیں ہوتے بلکہ مناسب چیزیں خریدتے ہیں جن سے کام بھی پوری طرح نکل جائے اور پیسے بھی بچ جائیں۔
ان مردوں کی ایک خامی یہ ہے کہ یہ خود کو دنیا کا سب سے ذہین انسان سمجھتے ہیں، اس لئے اگر ان کے فیصلوں پر تنقید یا بحث کی جائے تو یہ مشتعل ہو جاتے ہیں اور جب تک ان سے معافی نہ مانگ لی جائے تب تک یہ جان چھوڑنے پر راضی نہیں ہوتے۔
یہ اکثر گھر سے باہر رہنا پسند کرتے ہیں۔ یہ دوستوں اور دیگر مشاغل کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ یہ اپنی مرضی سے گھر آتے ہیں اور اگر خاتون خانہ کبھی شکایت کر دے تو اس کی شامت آ جاتی ہے۔
یہ مالی طور پر خود کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں ا س لئے خوب محنت کر کے دولت کماتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مستقبل کی بھی بڑی فکر ہوتی ہے اس لئے یہ دولت کو دانتوں سے پکڑے رہتے ہیں۔
یہ بہت ذہین ہوتے ہیں اور ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ گہرا مشاہدہ کرنے کی وجہ سے ان کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں۔ یہ بہت دور اندیش ہوتے ہیں اس لئے آنے والے خطرات کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔
اپنے دوستوں میں یہ مرد خوب ہنستے کھیلتے ہیں ۔ ساتھ ہی اکثر منفی سرگرمیوں مثلاً جوے سٹے کی طرف راغب ہو جاتے ہیں۔
یہ کسی کو اپنے گھریلو معاملات میں گھسنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اگر کوئی ایسا کرنے کی کوشش کرے تو اس سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں۔ انہیں اپنی ماں سے بہت محبت ہوتی ہے۔ اس کی ہر بات مانتے ہیں۔ اپنے بچوں سے بھی بہت محبت کرتے ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں لیکن انہیں زیادہ وقت نہیں دیتے ۔