سنبلہ مرد کی خصوصیات

عزت کا خیال رکھنے والے

یہ لوگ اپنی اور دوسروں کی عزت کو بڑا مقدم رکھتے ہیں۔ بلا وجہ یہ کسی کی بے عزتی کرنا پسند نہیں کرتے، یہ الگ بات ہے کہ انتقامی طور پر یہ کسی کو بے عزت کرنے پر تل جائیں تو پھر ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ عام حالات میں یہ لوگ ایک با عزت زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں اور اکثر اوقات اپنی عزت قائم رکھنے کے لئے بڑے سے بڑا قدم اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتے، یہاں تک کہ اپنی جان تک دینے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔
ان لوگوں کو اپنے آباؤ اجداد، اپنی رسومات اور اپنی ثقافت سے بہت محبت ہوتی ہے۔ اس وجہ سے انہیں اکثر دقیانوسی خیالات کے مالک جیسے الفاظ بھی سننے کو ملتے ہیں جن کو یہ برا نہیں مانتے اور ہنس کر ٹال دیتے ہیں لیکن اپنی راہ سے ہٹتے نہیں ہیں، اس حوالے سے یہ دوسرے لوگوں کے لئے موضوع بحث بھی بنے رہتے ہیں۔
یہ لوگ ہر معاملے میں نفاست پسند ہوتے ہیں۔ فیشن ہو یا گھر کی آرائش، ان کی نفاست پسندی واضح طور پر نظر آتی ہے اور ان کی یہ نفاست پسندی صرف اپنی حد تک نہیں ہوتی بلکہ اس حوالے سے یہ دوسروں پر بھی نکتہ چینی کرتے ہیں اور اگر ممکن ہو تو دوسروں سے عمل کروا لیتے ہیں۔