سنبلہ مرد کی خصوصیات

کاروبار

یہ لوگ بڑے اچھے کاروباری ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ غور و فکر کے ماہر ہوتے ہیں۔ اس لئے تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔ دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ جلد بازی ان کی سرشت میں شامل نہیں ہوتی اور کسی بھی کاروبار کو جمانے اور اسے وسعت دینے کے لئے صبر و تحمل بے حد ضروری ہوتا ہے۔
کاروبار میں یہ دوسروں کے اچھے شراکت دار ثابت ہوتے ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ ان کی ایمانداری کی عادت ہوتی ہے۔ اپنے شرمیلے پن کی وجہ سے یہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کا پارٹنر لوگوں کا سامنا کرے اور اکثر اوقات ان کے پارٹنر ان کی اس کمزوری کی وجہ سے انہیں دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں جس کا انجام کاروبار کا خاتمہ ہوتا ہے کیونکہ یہ لوگ نہ تو دھوکا دیتے ہیں اور نہ ہی دھوکا بازوں کو پسند کرتے ہیں۔
کاروباری امور میں دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اگر سنبلہ لوگوں سے بڑے فوائد حاصل کرنے ہیں تو وہ خود ان سے پوچھ لیں کہ وہ کون سی ذمہ داریاں سنبھالنا پسند کریں گے۔ اس طرح سنبلہ افراد اپنے من کی بات بتا دیں گے۔ پارٹنر کو چاہئے کہ جن شعبوں کو سنبلہ افراد پسند نہیں کرتے وہ ان پر ٹھونسنے کی کوشش نہ کریں ورنہ ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک اور مناسب طریقہ یہ ہے کہ سنبلہ افراد اپنے پارٹنر کو پہلے ہی بتا دیں کہ وہ کیا ذمہ داریاں پسند کریں گے۔
سنبلہ افراد کے پارٹنر کو ایک بات کا اور خیال رکھنا چاہئے کہ وہ ان افراد کی تنقید کو فراخ دلی سے قبول کر یں، ان کی کہی ہوئی باتوں پر ٹھنڈے دل و دماغ سے غور کریں۔ کیونکہ سنبلہ افراد کی تنقید صرف تنقید نہیں ہوتی بلکہ یہ لوگ برائے اصلاح کے اصول پر گامزن ہوتے ہیں۔
سنبلہ افراد میں چونکہ غرور نہیں ہوتا بلکہ انکساری اور محبت ان کی شخصیت کا حصہ ہوتی ہے اس لئے زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح کاروباری معاملات میں بھی اکثر یہ لوگ ایسی حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں جو دوسروں کے لئے حیرت و استعجاب کا باعث ہوتی ہیں۔ مثلاً اگر کسی دن چپڑاسی نہ آئے تو یہ سارے اسٹاف کے لئے چائے بھی بنا سکتے ہیں۔ کسی میز، کرسی، کمپیوٹر، ٹائپ رائٹر، کھڑکی وغیرہ پر گرد دیکھ کر خود اسے صاف کر سکتے ہیں۔ دیگر لوگوں کو چاہئے کہ سنبلہ افراد کی ان عادتوں کا غلط مطلب لے کر ان سے کوئی ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں ورنہ یہ لوگ اپنی عزت نفس مجروح ہوتے دیکھ کر اشتعال میں آ سکتے ہیں۔
ان افراد کے پارٹنر ان سے یہ فائدہ ضرور اٹھا سکتے ہیں کہ ان میں لین دین کے معالات سنبھالنے کی بڑی صلاحیت ہوتی ہے، اس لئے کسی پارٹی سے بارگیننگ کے دوران سنبلہ افراد کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آسانی سے مشکل سے مشکل کاروباری معاملے کو سنبھال سکتے ہیں۔ خاص طور پر حوت اور جوزا فراد ان لوگوں کے ساتھ ذرا سنبھل کر چلیں کیونکہ حوت اور جوزا لوگ ان افراد کی حرکتوں سے جلد بیزار ہو سکتے ہیں