برج سنبلہ

خوابوں کی دنیا

برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے خواب منفرد ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ برج سنبلہ انفرادیت کی ترجمانی کرتاہے۔ لہٰذا یہ انفرادیت سنبلہ افراد کے خوابوں میں بھی پائی جاتی ہے۔
یہ برج تغیر پذیری کی صفت رکھتا ہے اس وجہ سے اس سے متعلق افراد کے مزاج میں چمک پائی جاتی ہے۔ حالات خواہ جیسے بھی آ جائیں سنبلہ افراد خود کو ان کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر دولت کی فراوانی ہو تو ایسے حالات میں تو بہت ہی مطئن ہوتے ہیں لیکن اگر تنگ دستی کا دور آ جائے تو تب بھی یہ لوگ ذہنی دباؤ کا شکار کم ہی ہوتے ہیں اور حالات کے مطابق زندگی گزارنے لگتے ہیں، ہاں یہ ضرورہے کہ یہ اچھے حالات کے لئے تگ و دو کرتے رہتے ہیں۔
یہ لوگ خیالی دنیا میں رہنے والے نہیں ہوتے۔ ٹھوس دلائل پر یقین رکھتے ہیں۔ کسی غیبی امداد کے آنے کی توقع کم ہی کرتے ہیں بلکہ ان کا نقطہ نظر یہ ہوتا ہے کہ :

عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
عملی کام کرتے ہیں اور نہایت ذہانت کے ساتھ، اس لئے اس کے اثرات بھی مثبت ہوتے ہیں۔
در اصل ان لوگوں کے اوپر عطارد کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہ سیارہ ذہنی طاقتوں کا مظہر ہے اور ساتھ ہی مختلف قسم کے کاموں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس سے متعلق لوگ درس و تدریس، رائٹنگ، کاروبار، اداکاری اور تقاریر وغیرہ سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ برج سنبلہ کے لئے کہا جاتا ہے کہ یہ خدمت کا برج ہے اس لئے جو لوگ اس برج سے وابستہ ہیں وہ انسانیت کی خدمت اور انسانوں کے علاوہ دیگر خلق خدا سے ہمدردی کرتے ہیں۔ اس رجحان کی وجہ سے یہ لوگ ڈاکٹری، حکمت، نرسنگ، معلم، سماجی خدمات جیسے شعبوں کی طرف مائل ہوتے ہیں۔
اپنی خدمت گار طبیعت کی وجہ سے یہ لوگ اپنے گھروں، محفلوں اور خاندانوں میں بہت پسندیدہ ہوتے ہیں۔
ان کے برج میں چونکہ مٹی کا عنصر موجود ہوتاہے اس لئے یہ لوگ مادی قدروں کو اہمیت دیتے ہیں، حقائق پسند ہوتے ہیں اور معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔
چونکہ ان افراد کی زندگی منفرد ہوتی ہے اس لئے ان کے خواب بھی انفرادیت کے حامل ہوتے ہیں۔ روحانیت میں دلچسپی اور اس جانب جھکاؤ کی وجہ سے یہ لوگ اکثر جو خواب دیکھتے ہیں اسے حقیقت سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں