برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

آزاد طبع

یہ لوگ آزاد طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ کسی کا حکم ماننا ان کے لئے بے حد تکلیف دہ ہوتا ہے،یہ اگر کہیں ملازمت بھی کرتے ہیں تو افسران کی صرف اُن باتوں کی تعمیل کرتے ہیں جنہیں یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے فرائض میں شامل ہیں، اس کے علاوہ اگر افسران بلا وجہ انہیں مرعوب کرنے کی کوشش کریں تو تلخ رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اپنی آزاد طبیعت کی وجہ سے یہ کسی بھی شعبے میں یکسانیت کو پسند نہیں کرتے۔ یہ اکثر ملازمتیں بدلتے رہتے ہیں اور اگر ان کا اپنا کاروبار ہو تو اس میں بھی وقتاً فوقتاً تبدیلیاں کرتے رہتے ہیں۔
ان لوگوں کے ذہن میں پیدائشی طور پر یہ بات سمائی ہوتی ہے کہ یہ دوسروں پر حکم چلانے کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ ان کی یہ عادت جہاں انہیں کئی مواقع پر فائدے دیتی ہے وہیں یہ نقصان بھی اٹھاتے ہیں۔ مثلاً اکثر ایسا ہوتا ہے کہ یہ کسی شعبے کے بارے میں تھوڑی بہت شُد بُدھ حاصل کر لیتے ہیں اور پھر یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ اب یہ اُس شعبے کے ماہر ہو گئے ہیں، لوگ حقیقت حال سے واقف ہوتے ہیں اس لئے یا تو انہیں مذاق کا نشانہ بناتے ہیں یا پھر ان سے قطع تعلق کر لیتے ہیں۔