برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

مضبوط قوت ارادی

یہ مضبوط قوت ارادی کے مالک ہوتے ہیں یہ جو ارادہ کر لیتے ہیں اس سے انہیں ہٹانا نا ممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہوتا ہے۔
انسان کی زندگی میں اکثر ناکامیاں آتی رہتی ہیں، ایسے حالات میں بہت سے لوگ دل برداشتہ ہو جاتے ہیں۔ ایسے بے شمار واقعات ہمارے ارد گرد پھیلے ہوئے جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ناکامی کو برداشت کرنا بہت مشکل ہے، کئی لوگوں نے کسی کام میں ناکام ہو جانے پر خود کشی تک کی ہے۔ اسد افراد کی زندگی میں بھی بہت سی ناکامیاں آتی ہیں جو چھوٹی بھی ہوتی ہیں اور بڑی بھی لیکن ان لوگوں میں بڑا حوصلہ ہوتا ہے، یہ ان ناکامیوں سے گھبراتے نہیں ہیں، ان کے اعصاب پر ایسی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا ہے یہ حوصلے سے ان باتوں کو سہہ جاتے ہیں اور تحمل سے ان امور کا جائزہ لیتے ہیں جن کی وجہ سے یہ ناکام ہوئے ہوتے ہیں۔ یہ ایک بار پھر کمر باندھتے ہیں اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش شروع کر دیتے ہیں اور اکثرا یسا ہوتا ہے کہ کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ یہ افراد اپنی اس عادت کی وجہ سے بڑے خطرناک کاموں میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں جبکہ بیشتر لوگ ایسے کاموں سے بہت گھبراتے ہیں۔ یہ لوگ جو کام کرنے کی ٹھان لیں، اس کی تکمیل میں جتنی مشکلات آئیں یہ اسے پایۂ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں۔