برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

قائدانہ صلاحیت

یہ قائدانہ صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں جیسا کہ ہم نے گزشتہ صفحات میں لکھا کہ پیدائشی طور پر ان کے ذہن میں یہ بات ہوتی ہے کہ یہ دوسروں پر حکم چلانے کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ اس خیال کی وجہ سے قدرتی طور پر ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ جب یہ اسکول میں ہوتے ہیں تو اکثر اپنی کلاس میں مانیٹر بن جاتے ہیں اور اسکول کی دیگر سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ کھیلوں کی طرف ان کا رجحان ہوتا ہے اس لئے نہ صرف یہ اسکول کی کسی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں بلکہ اس کے کیپٹن بھی بن جاتے ہیں۔
یہ ایسے شعبوں کا انتخاب کرتے ہیں جہاں انہیں اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملے۔ مثلاً یہ آرمی، ائیر فورس، نیوی یا پولیس وغیرہ میں جانا پسند کرتے ہیں۔ اگر انہیں کسی بھی شعبے میں لیڈر بنا دیا جائے تو انہیں اپنی فطرت کی وجہ سے بڑی تسکین ملتی ہے اور یہ صرف اس تسکین پر ہی اکتفا نہیں کرتے بلکہ اپنے ماتحتوں سے بڑا اچھا کام بھی لیتے ہیں۔ یہ جہاں کہیں بھی ہوں آہستہ آہستہ وہاں کی لیڈر شپ اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں چونکہ یہ خاصے ذہین ہوتے ہیں اس لئے نہایت ذہانت سے اپنا یہ مقصد حاصل کر لیتے ہیں۔