برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

تخلیقی صلاحیتیں

ان لوگوں میں تخلیقی صلاحیتیں پیدائشی طور پر موجود ہوتی ہیں۔ بچپن ہی سے ان کے رنگ ڈھنگ دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔
اسد بچے مقرری، گلوکاری، اداکاری اور دیگر فنکارانہ کاموں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ اب یہ بڑوں کا کام ہوتا ہے کہ انہیں کوئی صحیح لائن دیں، اگرایسا ہو جائے تو بچے جیسے جیسے بڑے ہوتے ہیں، ان کی یہ صلاحیت درست سمت میں سامنے آتی ہے اور اگر یہ کسی استاد کی سرپرستی میں ہوں تو یہ بالکل درست کام کر رہے ہوتے ہیں۔
ان کی تخلیقی صلاحیتیں صرف فنکارانہ کاموں تک ہی محدود نہیں ہوتیں بلکہ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی ان کا یہی رویہ ہوتا ہے۔ مثلاً اگر یہ کوئی کام کر رہے ہیں تو یہ سوچتے ہیں کہ اسے کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اکثر ایجادات کے بارے میں بھی یہ لوگ غور و فکر کرتے رہتے ہیں کہ یہ چیز کس نے ایجاد کی اور اس میں کیا کیا تبدیلیاں کر کے اسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اکثر بہت زیادہ فنکارانہ کاموں میں ہاتھ ڈال دینے کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں ضائع ہوتی رہتی ہیں، اس کی اصل وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ کسی ایک کام پر مکمل توجہ نہیں دیتے، مثلاً اگر یہ مصوری کر رہے ہیں تو یہ ساتھ ساتھ گلوکاری، اداکاری اور شاعری بھی کر رہے ہوتے ہیں، اسی طرح یہ یکسوئی سے کوئی ایک کام نہیں کر پاتے۔ ان لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ ایک وقت میں کسی ایک شعبے کا انتخاب کریں۔