برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

قول کے پکے

اسد افراد کے لئے اپنی بات پوری کرنا بہت اہم معاملہ ہوتاہے۔ یہ لوگ قول کے پکے ہوتے ہیں۔ اگر یہ کسی سے کوئی وعدہ کر لیں تو اسے ہر حال میں پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی یہ عادت انہیں لوگوں میں مقبول اور معتبر بنائے رکھتی ہے۔
اگر یہ کسی سے کوئی عہد کر لیں تو دوسروں کو پوری طرح اعتماد ہو جاتا ہے کہ اب یہ بات ہر حال میں پوری ہو گی۔ کوئی ایسا خدشہ نہیں رہتا کہ یہ بات پوری نہیں ہو گی۔
قول کے ساتھ ساتھ یہ لوگ وفاداری میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ یہ جب کسی سے دوستی کرتے ہیں یا اچھے تعلقات بنا لیتے ہیں تو اُس کے ساتھ پوری طرح مخلص اور وفادار ہو جاتے ہیں۔ ایسے اوقات میں اگر کوئی ان کے ساتھ بے وفائی کرے یا انہیں دھوکا دے تو انہیں بڑا دھچکا لگتا ہے۔ یہ اس فرد سے قطع تعلق کرنا بہتر سمجھتے ہیں۔
بات اگر زیادہ سنجیدہ ہو تو یہ انتقام لینے سے بھی نہیں چوکتے۔ یہ چونکہ خود بے وفائی نہیں کرتے اس لئے کسی دوسرے سے بھی ایسی توقع نہیں رکھتے۔
اپنے مندرجہ بالا اوصاف کی وجہ سے یہ لوگوں میں چونکہ بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ اس لئے اکثر لوگ اپنے مختلف معاملات میں بطور گواہ یا بطور ثالث لانا پسند کرتے ہیں۔ انہیں یہ یقین ہوتا ہے کہ یہ لوگ جو فیصلہ بھی کریں گے وہ درست ہو گا۔ یہ لوگ نہ صرف ایسے معاملات میں درست فیصلے کرتے ہیں بلکہ اگر کوئی فریق اس پر عمل نہ کرے تو اس سے سختی سے نمٹتے ہیں۔