برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

فراخ دل

فراخ دلی میں ان لوگوں کا کوئی ثانی نہیں ہوتا بلا شبہ ان افراد کو ہر دور کا حاتم طائی کہا جا سکتا ہے۔ یہ لوگ چونکہ بہت ذہین، باعمل اور محنتی ہوتے ہیں اس لئے خوب دولت کماتے ہیں لیکن دولت کو جمع کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ یہ نہ صرف اپنے معاملات میں خوب رقم خرچ کرتے ہیں بلکہ دوسرے لوگ بھی ان سے خوب فیضیاب ہوتے رہتے ہیں۔ ان کے دوستوں کو ان سے بطور قرض رقم مانگ کر کبھی مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا بلکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ یہ ان کی توقع سے زیادہ رقم انہیں دے دیتے ہیں، دوست تو ان سے وعدہ کر لیتے ہیں کہ فلاں وقت پر انہیں یہ رقم واپس کر دیں گے لیکن اگر انہیں وقت مقررہ پر رقم واپس نہ ملے تو یہ تقاضا نہیں کرتے بلکہ یہ بھی ہوتا ہے کہ جب انہیں رقم واپس کی جائے تو اُسے لینے سے انکار کر دیتے ہیں۔ ان کا فلسفہ یہ ہوتا ہے کہ دوستوں سے کوئی حساب کتاب نہیں ہوتا۔
ان لوگوں کے اہل خانہ بھی ان کی فراخ دلی اور فیاضی سے خوب مستفیض ہوتے ہیں۔ انہیں کبھی کسی چیز کی پریشانی نہٰں ہوتی ہے۔ ان کے گھر میں ضرورت کی چیزیں ہر وقت موجود رہتی ہیں۔ یہ لوگ اپنی اس عادت کی وجہ سے اکثر مالی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں اس لئے انہیں رقم سوچ سمجھ کر خرچ کرنا چاہئے۔