برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

دوہری شخصیت

ان لوگوں کی دوہری شخصیت ہوتی ہے۔ ان کی شخصیت کا ایک پہلو تو وہو ہوتا ہے جو یہ دوسروں کے سامنے رکھتے ہیں لیکن ایک پہلو یہ لوگوں سے چھپا کر رکھتے ہیں۔ اس پہلو میں ان کے اصل جذبات و احساسات ہوتے ہیں جو یہ دوسروں کے سامنے نہیں لاتے۔ یہ لوگ اگر کسی وجہ سے دل شکستہ ہوں تو دوسروں کے سامنے کبھی یہ ظاہر نہیں کریں گے کہ ان کا دل ٹوٹا ہوا ہے یا وہ غم زدہ ہیں، ان کے چہرے پر روایتی مسکراہٹ اور جوش نظر آئے گا لیکن یہ سب کچھ اس وقت تک ہو گا جب تک کہ دوسرے ان کے ساتھ رہیں گے جونہی تنہائی میسر آئے گی ان کے چہرے بجھ جائیں گے اور ان کا ذہن اپنے غم کی طرف چلا جائے گا۔
ان کی یہ عادت اس لحاظ سے تو درست ہے کہ یہ اپنی انا کو مجروح نہیں ہونے دیتے، کسی کو اپنی اصل کیفیت نہیں بتاتے، اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ انہوں نے دوسروں کے سامنے اپنا ایک اچھا امیج بنا رکھا ہوتا ہے۔ یہ کسی کو اپنی تکلیف اس لئے نہیں بتاتے کہ اس طرح وہ ان سے ہمدردی کرے گا اور ان کی کسی بھی طرح مدد کرنے کی کوشش کرے گا اور یہ بات انہیں کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہوتی کہ کوئی ان کی مدد کرے۔ یہ حاکمیت پسند ہوتے ہیں اور دوسروں کی مدد کرنا جانتے ہیں اس لئے کسی کی مدد حاصل کرنا ان کے لئے بڑا مشکل ہوتا ہے۔ انہیں اپنی اس خامی پر قابو پانا چاہئے۔