برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

شہرت و مقبولیت کے خواہش مند

یہ لوگ شہرت و مقبولیت کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ جیسا کہ ہم گزشتہ صفحات میں لکھ چکے ہیں کہ یہ دوسروں کی نفسیات کو سمجھ کر اُن سے بات چیت کرتے ہیں، جب یہ شہرت و مقبولیت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس وقت بھی انکا یہی رویہ ہوتا ہے۔ ان کے سامنے اگر ایک فرد ہو تو یہ اس کے سامنے بھی خود ک ممتاز رکھنا چاہتے ہیں۔ ایسے میں یہ پہلے اس کی نفسیات کا جائزہ لے لیتے ہیں اور اس کے بعد کوئی نہ کوئی ایسا پہلو نکال لیتے ہیں کہ اُس شخص کو مرعوب کر لیتے ہیں، یہ تو تھی ایک فرد کی بات، اگر زیادہ لوگ ہوں یا کوئی مجمع ہو تو تب بھی ان لوگوں کا ایسا ہی رویہ ہوتا ہے، یہ تمام لوگوں کی نفسیات کا جائزہ لینے کے بعد اپنا کام کر ڈالتے ہیں۔
ان لوگوں کے پاس شہرت و مقبولیت حاصل کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے بھی اپنا یہ مقصد حاصل کر لیتے ہیں مثلاً یہ اگر مصوری کی طرف آئیں تو پہلے دور حاضر اور سابقہ دور کے مصوروں کا جائزہ لیتے ہیں اور پھر کوشش کرتے ہیں کہ اُن سے ذرا مختلف اور اچھوتی چیز دیں جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکے۔ اس طرح اگر یہ اداکاری کا شعبہ اپناتے ہیں تو اس شعبے میں بھی یہ ایسا ہی رویہ رکھتے ہیں اور دوسروں سے مختلف اداکاری پیش کرتے ہیں۔ ان لوگوں کے لئے بہتر یہ ہے کہ شہرت و مقبولیت کے حصول کے لئے غلط راستوں کا انتخاب نہ کریں۔