برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

زندہ دل اور خوش مزاج

یہ لوگ زندہ دل اور خوش مزاج ہوتے ہیں۔ ہر وقت ہنستے مسکراتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جہاں بھی ہوں وہاں کا ماحول خوشگوار رہے۔ یہ ان لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو ہنستے مسکراتے ہیں۔ کیونکہ دنیا میں انسان کو ہر طرح کے حالات سے گزرنا پڑتا ہے۔ اسد افراد بھی ایسے حالات سے گزرتے ہیں انہیں جب کوئی نقصان ہو جائے یا کسی بھی وجہ سے دل برداشتہ ہو جائیں تو زیادہ دیر مایوس نہیں رہتے۔ یہ اپنی اس کیفیت پر جلد از جلد قابو پا لیتے ہیں، ناکام و مایوس ہونے کی صورت میں ان لوگوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ آ جاتا ہے۔ در اصل یہ حاکمیت پسند ہوتے ہیں لہٰذا یہ کسی بھی ناکامی کا تصور بھی نہیں کرتے۔ ناکامی کی صورت میں یہ جھنجھلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا یہ ہوتا ہے کہ ناکامیاں ان کے لئے نہیں ہیں۔ یہ صرف کامیاب رہنے کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ ایسے ہی خیالات انہیں مایوسی کی دلدل میں دھنسنے نہیں دیتے ہیں اور یہ تمام ناکامیوں کو کچل کر بالآخر کامیاب ہو جاتے ہیں۔
عام حالات میں یہ بہت خوش مزاج ہوتے ہیں ماحول کو خوش گوار رکھتے ہیں لیکن جب انہیں کوئی طیش دلا دے یا ان کی مخالفت کرے تو انہیں بہت غصہ آتا ہے ایسے میں یہ اپنی ساری خوش مزاجی بھول جاتے ہیں اور یہ کہنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے کہ اس وقت یہ سب سے بڑے بد اخلاق ہوتے ہیں۔