برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

روایات سے محبت

ان لوگوں کو اپنی روایات سے بڑی محبت ہوتی ہے۔ یہ خاندان اقدار اور وقار کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ یہ اپنے خاندان سے ان لوگوں کے کارنامے لوگوں کو سنانا پسند کرتے ہیں جو کسی بھی طرح نمایاں رہے ہوں۔ اس طرح یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ان کا تعلق بڑے اعلیٰ خاندان سے ہے یعنی دوسرے معنوں میں یہ سامنے والے کو کم تر ظاہر کرتے ہیں، اس کی وجہ ان کی حاکمیت پسند ہی ہوتی ہے۔
یہ اپنے خاندان کے ان لوگوں کو پسند نہیں کرتے جو روایات سے بغاوت کریں۔ انہیں ایسا کرنے سے منع کرتے ہیں اور اگر وہ باز نہ آئیں تو ان سے سخت رویہ اختیار کرتے ہیں اور اگر مجبوراً ان سے قطع تعلق کرنا پڑے تو تب بھی ان کے دشمن بنے رہتے ہیں۔ یہ اپنی روایات کو پوری طرح تو اپنا نہیں سکتے کیونکہ حالات میں تبدیلی آتی رہتی ہے لیکن ہر طرح کے حالات کے باوجود یہ کسی ایک روایات کو اپنائے رکھتے ہیں، اس طرح انہیں دلی تسکین ہوتی ہے۔
یہ لوگ اپنے خاندان والوں سے بھی بڑی محبت کرتے ہیں۔ یہ اکثر ایسے لوگوں سے بھی ملتے جلتے رہتے ہیں جو بڑی دور کے رشتہ دار ہوتے ہیں۔ درس گاہ ہو یا محلہ یا پھر کوئی اور جگہ یہ اپنی روایات اور اپنے خاندان کو رعب جھاڑتے نظر آتے ہیں۔ اس حوالے سے بہت سے لوگ ان کا مذاق بھی اڑاتے نظر آتے ہیں لیکن یہ ان کا زیادہ برا نہیں مانتے ہاں کبھی کبھی بات بگڑ بھی جاتی ہے۔