برج اسد سے تعلق رکھنے والے مردوں کی خصوصیات

جابرانہ رویہ

ان لوگوں کی فطرت کے بارے میں ہم خاصی وضاحت کر چکے ہیں کہ یہ ذہین، جدت پسند، شہرت و مقبولیت کے خواہاں اور حاکمانہ ذہنیت کے حامل ہوتے ہیں ان کی بے شمار خوبیاں اور خامیاں ہیں۔ ایک خامی یہ بھی ہے کہ کبھی کبھاران کا رویہ جابرانہ اور نہایت سفاک بھی ہو جاتا ہے۔ ایسا عام طور پر تو نہیں ہوتا لیکن جب ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ آ جائے یا کوئی انہیں زیر کرنے کی کوشش کرے تو غصے کی وجہ سے یہ بہت پر جوش ہو جاتے ہیں۔ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ایسے حالات میں یہ اندھے ہو جاتے ہیں۔ اور انہیں اپنے دشمن کے علاوہ کوئی نظر نہیں آتا، یہ اس سے اس حد تک جابرانہ اور سفاک رویہ اختیار کر سکتے ہیں کہ جس کی کوئی توقع نہیں کر سکتا۔
ان لوگوں کے لئے بہتر ہے کہ کسی بھی قسم کے انتہا پسندانہ اقدام سے گریز کریں ان کے لئے ضروری ہے کہ یہ اپنے غصے پر قابو پائیں کیونکہ ایسے حالات میں ان سے کوئی بھی غلط قدم اٹھ سکتا ہے جس کی وجہ سے بعد میں پچھتاوا ہو سکتا ہے۔
انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ ان کی مخالفت بھی ہو سکتی ہے اور کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد موجود ہیں جو انہی کی طرح کا مزاج رکھتے ہیں، وہ بھی اپنی مخالفت برداشت نہیں کر سکتے اور دشمنی میں کسی طرح پیچھے نہیں رہتے، ایسے میں سوچنے کی بات یہ ہے کہ ان لوگوں سے دشمنی کا نتیجہ صرف بربادی کے اور کچھ نہیں نکل سکتا اس لئے ان لوگوں کے لئے خود پر قابو پانا بہتر ہے۔