اسد افراد کی اپنے اور دوسرے برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں

اسد مرد اور ثور عورت

اس طرح کا جوڑا اچھی زندگی گزارتا ہے کیونکہ ثور عورت بہت وفادار اور سمجھدار ہوتی ہے۔ثور عورتوں کی یہ خوبی ہوتی ہے کہ یہ ہر طرح کے حالات میں خود کو ڈھال لیتی ہیں۔ شوہر کی آمدنی اگر کم بھی ہو تو اس میں ہنسی خوشی گزارا کر لیتی ہیں اور شوہر پر اخراجات کے دباﺅ نہیں ڈالتیں۔
    یہ خواتین امور خانہ داری بخوبی انجام دیتی ہیں۔ انہیں اپنے گھر، شوہر اور بچوں سے بڑا لگاﺅ ہوتا ہے۔ ان کی خاطر یہ بڑی سے بڑی قربانی کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتیں۔ یہ عورتیں ذہانت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان کی یہ عادت ہوتی ہے کہ یہ ہر معاملے کا جائزہ بڑے گہرے انداز سے لیتی ہیں۔
    ان میں ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ انہیں غصہ زیادہ نہیں آتا ہے اور جس قدر بھی آئے یہ اس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اس لئے ان کے گھر میں تلخی اور لڑائی جھگڑے کم ہی ہوتے ہیں۔ اگر ایسی عورتوں کے ساتھ وفا کی جائے اور انہیں اہمیت دی جائے تو یہ بہت وفادار اور جان چھڑکنے والی ثابت ہوتی ہیں۔ یہ بے وفائی برداشت نہیں کر سکتیں۔ بچوں کی نگہداشت اچھے طریقے سے کرتی ہیں۔