اسد افراد کی اپنے اور دوسرے برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں

اسد عورت اور جوزا مرد

جوزا مرد بہت ذہین اور خوبصورت ہوتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر، بیوی اور بچوں سے بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ یہ پورے طور پر گھریلو ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ یہ سیرو تفریح اور تقریبات وغیرہ کو زیادہ پسند نہیں کرتے، انہیں اپنے گھر ہی میں سکون ملتا ہے۔ اس معاملے میں اسد بیوی کو ان سے سمجھوتہ کرنا ضروری ہے ورنہ اختلاف ہو سکتا ہے۔ یہ مرد تبدیلی اور جدت پسند ہوتے ہیں۔ ممکن ہے یہ کسی وقت بیوی سے کہہ دیں گھر کی ترتیب بدل دی جائے حالانکہ گزشتہ ہفتے ہی یہ ترتیب بدلی گئی تھی۔
    یہ مرد فالتو نہیں بیٹھ سکتے اس لئے گھر کے کسی نہ کسی کام میں مشغول رہتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ گھر میں ان کا حکم چلے لیکن اگر بیوی کو ئی اچھا مشورہ دے تو یہ اس پر ہنسی خوشی عمل کر لیتے ہیں۔ جوزا مردوں میں ایک خوبی یہ ہوتی ہے کہ اگر ان کی غلطیوں اور کوتاہیوں سے انہیں آگاہ کیا جائے تو یہ انہیں کھلے دل سے تسلیم کر کے اپنی اصلاح کر لیتے ہیں۔ جوزا مرد اپنے بچوں کی پرورش اچھے انداز میں کرتے ہیں۔ ان پر گہری نظر رکھتے ہیں لیکن ان کی سرگرمیوں پر زیادہ روک ٹوک نہیں کرتے۔ مختلف معاملات میں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔